วันจันทร์ , 9 กันยายน 2024

اُبٹن! چہرے پر لائے نکھار….

 

ابٹن کا شمار چہرے پر دلکشی لانے والی اشیاء میں کیا جاتا ہے۔ اس کا استعمال صدیوں سے چلا آرہا ہے۔
شادی بیاہ کے موقع پر باقاعدہ ابٹن کی رسوم ہوتی ہیں جس میں دلہن کو ابٹن لگایا جاتا ہے۔ کچھ عرصہ پہلے تک صرف دلہنیں ہی شادی سے مہینہ بھر پہلے خوب صورتی کو بڑھانے کے لیے ابٹن کا مساج کیا کرتی تھیں لیکن اب روزمرہ زندگی میں حسن کی حفاظت کے لیے اس کے استعمال کا مشورہ دیا جاتا ہے۔
ابٹن کے فوائد
ابٹن جلد سے مردہ خلیات کو ختم کرنے میں مفید ہے۔ خون کی گردش کو بڑھاتا ہے جس سے نئے خلیات بن کر جلد کو تروتازہ کرتے ہیں۔ جلد میں کھنچاؤ پیدا کرتا ہے جس سے جلد ڈھلکتی نہیں۔ جلد کے ساتھ جمی گرد کو صاف کرتا ہے۔ خاص طور پر بازو اور ٹانگوں کے جوڑوں سے سیاہی کی تہہ ہٹاتا ہے۔ اس کے مسلسل استعمال سے جلد کے روئیں کمزور ہوکر آہستہ آہستہ جھڑنے لگتے ہیں۔
اُبٹن لگانے کا طریقہ
خشک جلد پر ابٹن لگانے سے پہلے کسی تیل سے مساج کرلیں اور پھر ابٹن لگائیں۔ یاد رہے کہ موسم سرما میں ابٹن میں تیل یا چکنے اجزاء کی آمیزش زیادہ کرنی چاہیے اور موسم گرما میں کم۔ ابٹن کا آمیزہ نہ زیادہ سخت اور نہ پتلا بلکہ ہموار پیسٹ ہو جو آسانی سے لگ جائے اور اتر جائے۔ ابٹن نہانے سے پہلے استعمال کرنا مفید بتایا جاتا ہے۔
ابٹن کی تیاری
اس کی کئی اقسام ہیں جن کو ضرورت کے مطابق استعمال کیا جاسکتا ہے۔
فیشل ابٹن فارمولا
ایک کھانے کا چمچ بادام کا پیسٹ، ایک کھانے کا چمچ کاجو کا پیسٹ، ڈیڑھ چائے کا چمچ پستہ پیسٹ، ایک کھانے کا چمچ بالائی، ایک کھانے کا چمچ سرسوں یا بادام کا تیل، ایک کھانے کا چمچ عرق گلاب، ایک چوتھائی کپ سرخ مسور کی دال کا پیسٹ، ان سب کو مکس کرکے چہرے اور گردن پر لگائیں جب تھوڑا سا گیلا ہو تو رگڑ کر اتار دیں۔ (بادام، کاجو، پستہ اور دال مسور کا پیسٹ بنانے کے لیے ان کو پیس کر پانی کے ساتھ مکس کریں)۔
بادام کا ابٹن
بادام ہر قسم کی جلد کے لیے فائدہ مند ہے۔ اس سے جلد نکھر جاتی ہے۔
بادام کو لیموں کے رس میں باریک پیس لیں پھر اس میں انڈے کی سفیدی پھینٹ کر ملالیں اور اتنا بیسن شامل کریں کہ ہموار پیسٹ بن جائے۔
اس پیسٹ کو چہرے، بازو اور گرن پر ملیں، پندرہ منٹ بعد نیم گرم پانی سے دھولیں۔
اس ابٹن کو ہفتہ میں دو دن استعمال کریں اور ہر بار تازہ بنائیں۔
جلد کی صفائی اور چہرے کے بال کم کرنے کےلیے
ایک کپ چنبیلی کی کلی میں ایک کپ بیسن، دو کھانے کے چمچ ہلدی، ان اشیاء کو اچھی طرح مکس کرلیں۔ اس پاؤڈر کا ایک بڑا چمچ لیں اور اس میں چند قطرے لیموں کا رس اور پانی ملا کر استعمال کریں، چند دن استعمال سے چہرے کی رنگت صاف ہوجاتی ہے اور چہرے کے روئیں بھی کم ہوجاتےہیں۔
کیل مہاسوں سے نجات
چہرے کے کیل مہاسے اور دانوں کے لیے ابٹن مفید ہے۔ تین چائے کے چمچ بیسن، ایک چوتھائی چائے کا چمچ ہلدی، دو چائے کے چمچ صندل پاؤڈر، ایک چائے کا چمچ نیم پاؤڈر، دو چائے کے چمچ پسا ہوا کھیرا۔ ان سب اجزاء کو مکس کرکے چہرے پر دس سے پندرہ منٹ لگائیں اور کچھ دیر گولائی میں مساج کریں۔
اس سے جلد کو سکون ملتا ہے اور آہستہ آہستہ چہرے سے کیل، مہاسے اور دانے ختم ہوجاتے ہیں۔ اسے ہفتہ میں دو بار لگائیں۔
اسکن نرم و ملائم کرنے اور مردہ خلیات ختم کرنے کے لیے
تین چائے کے چمچ دال مونگ، ایک چائے کا چمچ سوکھی میتھی، ایک چائے کا چمچ مالٹے کی خشک چھال، ایک چائے کا چمچ نیم پاؤڈر، ان سب کو پیس کر روغن زیتون، روغن بادام یا عرق گلاب کے ساتھ ملا کر پیسٹ بنالیں اور اس ابٹن کو چہرے، بازو اور گردن پر دس منٹ لگا رہنے دیں۔ یہ ابٹن جلد سے مردہ خلیات ختم کرکے نرم و ملائم بنانے میں مدد کرتا ہے۔
موئسچرائزنگ ابٹن
خشک جلد کو موئسچرائز کرنے کے لیے یہ ابٹن مفید ہے۔
چھ عدد بادام کی گریاں رات بھر آدھا کپ کریم میں بھگو کر رکھ دیں اور صبح چوپر مشین میں پیس لیں، اس پیسٹ میں دو چائے کے چمچ تل کا تیل اور ایک چائے کا چمچ تلسی پاؤڈر مکس کرکے چہرے پر دس منٹ لگا کر گولائی میں مساج کریں۔ تھوڑی دیر بعد ٹھنڈے پانی سے دھولیں۔
میڈیکیٹڈ ابٹن
آدھا کپ بیسن، ایک چائے کا چمچ ہلدی، ایک چائے کا چمچ لیموں کا رس، ایک چائےے کا چمچ دودھ ایک چائے کا چمچ ناریل یا بادام کا تیل، ان اجزاء کو پانی یا دودھ کے ساتھ مکس کرکے سارے جسم پرلگائیں۔ پانچ منٹ بعد رگڑتے ہوئے اتار دیں اور غسل کرلیں۔

یہ بھی دیکھیں

خشک اور سرد موسم میں رہیے ترو تازہ!

  موسم کی …

لیموں سے حسن کی حفاظت کیجیے

صحت اور خوب صور …

ใส่ความเห็น

อีเมลของคุณจะไม่แสดงให้คนอื่นเห็น ช่องข้อมูลจำเป็นถูกทำเครื่องหมาย *