رشتوں کے انتظار میں عمر گزرتی جارہی ہے

سوال:

 میری عمر پچاس سال ہے۔ میری تین بیٹیاں اور ایک بیٹا ہے۔ دس سال پہلے شوہر کا ایکسیڈنٹ میں انتقال ہوگیا ۔
ان کے انتقال کے پانچ سال بعد اکلوتا بیٹا کینسر کے مرض میں مبتلا ہو کر وفات پا گیا۔
تین جوان گھر بیٹھی بیٹیوں کی شادی کا کوئی سبب نہیں بن رہا۔ اول تو کوئی رشتہ آتا ہی نہیں ہے۔ رشتہ والی کوئی رشتہ لے کر بھی آتی ہے تو ان کی پہلی شرط یہ ہوتی ہے کہ آپ یہ فلیٹ لڑکے کے نام کردیں۔
اگر میں اپنا واحد فلیٹ ان کے نام کردوں گی تو خود کہاں رہوں گی اور باقی دو بچیوں کی شادی کیسے کروں گی۔
جوں جوں وقت گزرتا جارہا ہے۔ میرا ڈپریشن بڑھتا جارہا ہے۔ مجھے یہ فکر کھائے جارہی ہے کہ میرے بعد میری بیٹیوں کا کیا ہوگا۔
محترم وقار بھائی جان ….! بتائیے میں کیا کروں؟ …. مجھے کوئی دعا بھی بتائیں جن کی برکت سے میری بیٹیاں جلد از جلد عزت کے ساتھ اپنے گھر کی ہوجائیں۔

جواب:

رشتوں کے ذریعے مالی مفادات اور مراعات حاصل کرنے کے خواہش مند لڑکوں اور ان کے والدین کو اللہ تعالیٰ ہدایت عطا فرمائے۔ اپنا کیریئر بنانے کےلیے خود محنت و جدوجہد کرنے کے بجائے داماد بن کر اپنے سسرال والوں پر انحصار کرنا سخت ناپسندیدہ عمل ہے۔ ایسے لوگ رشتوں کی اہمیت اور رشتوں کے تقدس و احترام سے ناواقف اور باہمی تعلق و اپنائیت کی مٹھاس اور طمانت سے محروم ہوتے ہیں۔ ایسے لوگوں کی فکر کی اصلاح کے لیے سب کو دعا کرنی چاہیے۔
محترم بہن میری دعا ہے کہ آپ کی صاحبزادیوں کے لیے بہت اچھے رشتے ملیں اور انہیں اپنے اپنے سسرال میں عزت و احترام کے ساتھ ازدواجی زندگہ کی خوشیاں نصیب ہوں۔ اس ماہ کے شمارے میں صفحہ نمبر191 پر بتائی گئی دعا پڑھ لیں۔ وظیفہ یہ ہے۔ 

درود شریف  :  

اللّٰهُـمَّ صَـلِّ عَلَى مُـحَمَّد وَعَلَى آلِ مُـحَمَّد بِـعَدَدِ كُلِّ ذَرَّة مِائَةَ أَلْف أَلْف مَـرَّةوَباَرِكْ وَسَلِّمْ…..

101 مرتبہ اسم الٰہی یا وہاب ، اکیس مرتبہ سورہ ٔ بقرہ کی آیت 163،

اکیس مرتبہ سورۂ حشر کی آیت 24 پھر   101 مرتبہ اسم الٰہی یا وہاب اور آخر میں درود شریف پڑھ کر

حضرت محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے وسیلے سے بارگاہ رب العزت میں دعا کی جائے۔

یہ عمل کم از کم چالیس روز یا نوے روز کیا جائے۔

تین ماہ تک ہر جمعرات حسب استطاعت صدقہ کرتے رہیں۔

 اللہ آپ سے راضی ہو ں اور آپ کو دین و دنیا کی خوشی اور کامیابیاں عطا فرمائیں۔ آمین