قسط نمبر 4
فینگ شوئی ایک قدیم سائنس ہے اس کا تعلق چین سے ہے۔ فینگ شوئی کے ذریعے آپ اپنے گھر کی تزئین و آرائش میں معمولی تبدیلی سے فطرت کے اصول آپ کے گھر میں روبہ عمل ہوجائیں گے۔ذہنی یکسوئی میں اضافہ ہوسکتا ہے رزق میں آسانی اور آمدنی میں نمایاں اضافہ ہوسکتا ہے۔
روحانی ڈائجسٹ کے قارئین کے لیے ان صفحات پر چین کے معروف متبادل طریقہ علاج فینگ شوئی پرسلسلہ شروع کیاجارہا ہے۔
لو شو چارٹ LO-SHU CHART
پچھلے باب میں ہم نے پاکوآ چارٹ اور اور فینگ شوئی بذریعہ نقش اور قطب نما کے طریقہ استعمال پر معلومات فراہم کیں۔ یہ بات یاد رکھنے کی ہے کہ چینی سمتوں کا تعین عام روایت کے برخلاف شمال کے بجائے کے برخلاف جنوب سے ہوتا ہے اس لئے چارٹ میں جنوب کو اوپر رکھا جاتا ہے۔ اس کا سادہ سا حل یہ ہے کہ آپ عام قطب نما استعمال کیجئے اور سمتوں کا تعین بھی عمومی طریقے یعنی شمال اوپر رکھ کر کیجئے مگر اعداد و شمار کا حساب کتاب ،جنوب سے ہی شروع کیجئے۔
گھریلو تزئین و آرائش پر بات کرنے سے پہلے ہم ضروری سمجھتے ہیں کہ کچھ معلومات لوشو چارٹ کے حوالے سے بھی آ پ کو فراہم کی جائے۔ یہ فینگ شوئی کے بنیادی آلات میں سے ایک ہے ۔اگر یہ کہا جائے کہ پاکوآ چارٹ کی بنیادی شکل لوشو چارٹ ہے تو غلط نہ ہوگا۔
مورخین لکھتے ہیں کہ یہی وہ چارٹ تھا جو توانائی کی سمتوں اورعناصر کے مطابق تقسیم کا باعث بنا۔ پاکوآ چارٹ کی ابتدائی شکل لوشو چارٹ ہے۔لو اس دریا کا نام ہے جہاں یہ تشکیل پایا اور شو کا مطلب ہے کتاب۔ یعنی دریائے لو کے کنارے تشکیل پائی جانے والی کتاب۔ xaun kong نے 2283قبل از مسیح اس کی ترتیب ایک کچھوئے کے خول پر بنے خانوں پر کی۔ جیسا کہ تصویر میں واضح ہے۔
اس چارٹ میں ایک بڑا چوکور ہے جو نوبرابر خانوں میں منقسم ہوتا ہے۔ ہر خانے میں ایک نمبر لکھا ہوتا ہے ۔ ان نمبروں کی ترتیب کچھ ا س طرح ہیں کہ آپ اوپر نیچے یا دائیں بائیں جس طرح بھی نمبروں کو جمع کریں ان کا حاصل جمع 15 ہی آتا ہے۔ 15 کا عدد چینی تہذیب میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔جو سب سے پہلا چارٹ وجود میں آیا اس میں مرکزی عدد میں5 کو رکھا گیا ہے۔ ترتیب تصویر میں واضح ہے ۔ آئیے اس کو آسان الفاظ میں سمجھنے کی کوشش کرتے ہیں۔ آپ ایک کاغذ پر ایک چوکور بنائیے اور اسے نو برابر خانوں میں تقسیم کر دیجئے جیسا کہ تصویر میں ہے ۔ اب لوشو کے اصول کے مطابق بنیادی چارٹ بناتے ہوئے 5کا عدد درمیانی خانہ میں رکھیے۔اس کے بعد جفت اعداد یعنی2، 4،6،اور8 کو دائیں سے بائیں چاروں بیرونی کونوں میں لکھ دیجئے۔ مرکز کے آس پاس کے افقی اور عمودی خانے طاق اعداد یعنی1،3،7،9 کے لیے متعین ہیں۔ ان کو اسی ترتیب سے لکھ دیجئے۔اب دیئے گئے چارٹ سے موازنہ کر کے دیکھ لیجئے۔ آپ نے اسی ترتیب کا چارٹ تشکیل دے دیا ہے .آپ چاہیں تو اسے پچھلے باب میں دئیے گئے پاکوآ چارٹ پر رکھ کر دیکھیئے۔تمام تفصیل واضح ہو جائے گی۔
اب بات بہت واضح ہے ۔یہ اعداد بھی انہی عناصر اور توانائیوں کے خواص کی نمائیندگی کرتے ہیں جو اس سمت میں گردش کرتی ہیں یا غالب ہوتی ہیں ۔اسی لحاظ سے ان تمام اعداد کے اپنے مخصوص رنگ بھی ہیں۔
☯ | سمت | لوشو نمبر | رنگ | اشکال |
---|---|---|---|---|
|
|
|
|
|
چینی ماہرین ان اعداد کو ستارہ بھی خیال کرتے ہیں اور انہیں flying starsکہا جاتا ہے۔یہاںلفظ ستارے سے مراد آسمانی لہریں ، فضاء میں دور کرتی مثبت اور منفی توانائیاں اور ان کی وجہ سے پیدا ہونے والی تبدیلیاں ہیں ۔ فینگ شوئی کے ماہرین کے مطابق یہ ناصرف ہمارے گھروں ، آفس اور آس پاس کے ماحول پر اثرانداز ہوتی ہیں بلکہ ہماری ذاتی زندگی بھی ان کے زیرِ اثر رہتی ہے۔ اس کا براہِ راست تعلق ماحول سے تو ہے ہی،اس کے ساتھ ہماری تاریخ ِپیدائش اور اس کے لحاظ سے حاصل ہونے والے انفرادی عدد جس کو آپ اپنا ذاتی پاکوا نمبر کہہ سکتے ہیں سے بھی ہے۔ یوں سمجھ لیجئے کہ لو شو چارٹ چینی فینگ شوئی آسٹرولوجی کا بنیادی جزو ہے جس کے ذریعے آپ اپنی شخصیت اور ذاتی زندگی کی معلومات بھی حاصل کرسکتے ہیں ۔
اب یہ کیسے نکالا جائے گا….؟اس کے اعداد و شمار اصول و ضوابط اور اثرات پر ہم اگلے ابواب میں بات کریں گے ۔اسے سمجھنے کے لیے ضروری ہے کہ آپ پہلے دی گئی معلومات کو اچھی طرح سمجھ لیں ۔
فی الوقت ہم بات کرتے ہیں گھریلو تزیئن و آرائش کی جس کے لئے فینگ شوئی کے فطری اصولوں پر مبنی پاکوا آ چارٹ مدد گار ثابت ہوتا ہے۔ جب کہ زیادہ بہتر نتائج کے لیے انفرادی پاکوا آ چارٹ استعمال کر سکتے ہیں۔
پہلے ہم یہاں ہم جنرل پاکوا آ چارٹ کے تناظر میں گھر کی ڈیزائنگ پر بات کریں گے۔
اگر آپ اپنے گھر اور کمروں کو پسندیدہ شکل میں اس لیے نہیں لا سکتے کہ آپ کا بجٹ اس کی اجازت نہیں دیتا تو گھر کی ڈیزائنگ اورآرائشی سامان کی جگہوں میں مناسب تبدیلی سے آپ اپنے کسی بھی نوعیت کے مکان میں فینگ شوئی اصولوں سے فیض یاب ہو سکتے ہیں۔ اس مقصد کے لیے پہلے سادہ کاغذ پر اپنے گھر کا نقشہ بنائیں اس کے اوپر پاکواآ چارٹ رکھ کر سمتوں کا تعین کریں۔ پاکواآ چارٹ کا جنوبی حصہ نقشہ پر گھر کے جنوبی حصے پر رکھیں اس طرح باقی سمتیں بھی درست ہوجائیں گی۔
فینگ شوئی اور آپ کا گھر
داخلی دروازہ:
کسی بھی عمارت کا سب سے اہم مقام اس کا داخلی دروازہ ہوتا ہے ۔ چاہے آپ فلیٹ میں رہتے ہوں یا کسی بنگلے میں۔ فینگ شوئی میں داخلی دروازوں کو سب سے زیادہ اہمیت دی جاتی ہے۔اس کے مطابق دروازوں کی حیثیت ایسی ہی ہے جیسے انسانی جسم میں منہ کی۔ آپ کے جسم میں کیا چیز داخل ہو رہی ہے۔ اسی طرح گھروں کے د روازے پہلا مرحلہ ہیں جہاں پتہ چلتا ہے کہ آپ کے گھر میں کیسی چی توانائی د اخل ہورہی ہے۔پہلے بات کرتے ہیں دروازوں کے رخوں کی ۔
وہ گھر جن کے داخلی دروازے جنوب مشرق،شمال مشرق ،جنوب مغرب یا مشرق کی جانب کھلتے ہیں ۔ایسٹ ہاؤسEast House کہلاتے ہیں جبکہ شمال،جنوب،مغرب اور شمال مغرب کی سمت کھلنے والے دروازوں کے گھر ویسٹ ہاؤسWest house کہلاتے ہیں۔
یہ تذکرہ پہلے بھی ہوچکا ہے کہ ہر عنصر، ہرسمت،ہر عدد یہاں تک کہ مختلف اشکال کا تعلق بھی دراصل چی توانائی کے مثبت بہاؤ اورہم آہنگی سے ہے۔ یہاں اعداد ، سمت کے علاوہ اشکال یا علامت کا تذکرہ بھی دلچسپی سے خالی نہیں ہےکیونکہ چینی تعلیمات میں ان عناصر کو مختلف اشکال یا علامات سے بھی ظاہر کیا جاتا ہے جیسے دائروں کی صورت میں دھات ،چوکور کی صورت میں مٹی،مثلث کی صورت میں آگ ،مستطیل کی صورت میں لکڑی اور لہرئیے دار اشکال پانی کے عنصر کی نمائندگی کرتے ہیں ۔وہ یہ بھی مانتے ہیں کہ متعلقہ عنصر کی توانائی کی گردش دراصل انہی صورتوں میں دور کرتی ہے اسی لئے ان دروازوں کے مختلف اشکال اور ڈیزائین کی مدد سے بھی مثبت توانائی کے بہاؤ بہتر بنا کر اس سے استفادہ کیا جا سکتا ہے۔
اگر آپ کے گھر کے داخلی دروازے کا مٹیریل، ڈیزائین یا شکل سمت کے لحاظ سے مطابقت نہیں رکھتا تو اسے فینگ شوئی کے اصولوں کے مطابق کرنے کے لیے ضروری نہیں کہ آپ پورا دروازاہ اکھاڑ کر پھینک دیں ۔نہیں جناب ایسا ہرگز نہیں،آپ اس مقصد کے لئے دروازوں پر اس عنصر سے متعلقہ کوئی ڈیزائین ،پیٹرن بنوا سکتے ہیں اور اسی مطابقت سے رنگ یا گرافکس شیڈ نگ کرواسکتے ہیں ۔
داخلی دروازے مندرجہ زیل طرح کے ہوسکتے ہیں ۔
ایسٹ ہاؤس کا غالب عنصر چونکہ لکڑی ہے اس لیے چوکور (مٹی) اور مستطیل (لکڑی) ڈیزائین والے دروازے زیاہ موافق ہوتے ہیں۔ جب کہ رنگوں میں ہرا اور براؤن کے کوئی بھی شیڈز سودمند ثابتہوتے ہیں ۔
ویسٹ ہاؤس کی سمت کا غالب عنصر دھات ہے۔جس کے لحاظ سے آپ دروازوں کو سفید یا سرمئی یعنی گرے شیڈز میں رنگ سکتے ہیں ۔اس کے علاوہ اس عنصر سے مطابقت کے لحاظ سے دروازے کا ڈیزائین دائروی شکل میں ہو تو زیادہ بہتر ہے ۔ اس کے لئے آپ دروازوں کے اوپری حصے کو جہاں سے دروازے کی شکل بنتی ہے محرابی شکل دے سکتے ہیں ۔ ایسا بھی ممکن ہے کہ دروازے پر دائروی شکل کا کوئی آرائشی سامان استعمال کرلیا جائے۔ ویسٹ ہاؤس دروازوں پر سیاہ ، لال،جامنی اور گہرے گلابی رنگ سے اجتناب ضروری ہے کیونکہ یہ آگ عنصر کے رنگ ہیں جو دھات کے لئے سخت ناموافق ہے۔
یہ تو بات کی ہم نے سمتوں کے لحاظ سے اس کے علاوہ جن باتوں کا خیال رکھنا ضروری ہے وہ یہ کہ ہر قسم کے داخلی دروازے باالخصوص بیرونی چھوٹے سائز کے دروازے جن کی چوڑائی زیادہ نہیںہوتی ،مثبت توانائی کے داخلے میں رکاوٹ پیدا کرتے ہیں ۔ اس کا ساد ہ اور آسان سا حل یہ ہے کہ دروازے کے دونوں ببیرونی جانب اور دروازے سے اندر کوریڈور میں اطراف پر شیشوں کا کسی بھی آرائشی صورت میں استعمال جائے۔اس کے علاوہ تازہ پھولوں اور پودوں کی سجاوٹ بھی چی توانائی کے بہاؤ میں اضافے کا باعث ہیں۔
اگر آپ کا دو منزلہ گھر ہے تو مرکزی داخلی دروازوں کے اوپرباتھ رومز ،ٹوائلٹ کا ہونا، کسی شہتیر یا بیم یا کسی نوکیلی چیز کا لٹکنا،منفی توانائی کا باعث ہوسکتا ہے۔
(جاری ہے)