رشتوں کے انتظار میں عمر گزرتی جارہی ہے
سوال: میری عمر پچاس سال ہے۔ میری تین بیٹیاں اور ایک بیٹا ہے۔ دس سال پہلے شوہر کا ایکسیڈنٹ میں انتقال ہوگیا ۔
ان کے انتقال کے پانچ سال بعد اکلوتا بیٹا کینسر کے مرض میں مبتلا ہو کر وفات پا گیا۔
تین جوان گھر بیٹھی بیٹیوں کی شادی کا کوئی سبب نہیں بن رہا۔ اول تو کوئی رشتہ آتا ہی نہیں ہے۔ رشتہ والی کوئی رشتہ لے کر بھی آتی ہے تو ان کی پہلی شرط یہ ہوتی ہے کہ آپ یہ فلیٹ لڑکے کے نام کردیں۔
اگر میں اپنا واحد فلیٹ ان کے نام کردوں گی تو خود کہاں رہوں گی اور باقی دو بچیوں کی شادی کیسے کروں گی۔
جوں جوں وقت گزرتا جارہا ہے۔ میرا ڈپریشن بڑھتا جارہا ہے۔ مجھے یہ فکر کھائے جارہی ہے کہ میرے بعد میری بیٹیوں کا کیا ہوگا۔
محترم وقار بھائی جان ….! بتائیے میں کیا کروں؟ …. مجھے کوئی دعا بھی بتائیں جن کی برکت سے میری بیٹیاں جلد از جلد عزت کے ساتھ اپنے گھر کی ہوجائیں۔
جواب: رشتوں کے ذریعے مالی مفادات اور مراعات حاصل کرنے کے خواہش مند لڑکوں اور ان کے والدین کو اللہ تعالیٰ ہدایت عطا فرمائے۔ اپنا کیریئر بنانے کےلیے خود محنت و جدوجہد کرنے کے بجائے داماد بن کر اپنے سسرال والوں پر انحصار کرنا سخت ناپسندیدہ عمل ہے۔ ایسے لوگ رشتوں کی اہمیت اور رشتوں کے تقدس و احترام سے ناواقف اور باہمی تعلق و اپنائیت کی مٹھاس اور طمانت سے محروم ہوتے ہیں۔ ایسے لوگوں کی فکر کی اصلاح کے لیے سب کو دعا کرنی چاہیے۔
محترم بہن میری دعا ہے کہ آپ کی صاحبزادیوں کے لیے بہت اچھے رشتے ملیں اور انہیں اپنے اپنے سسرال میں عزت و احترام کے ساتھ ازدواجی زندگہ کی خوشیاں نصیب ہوں۔ اس ماہ کے شمارے میں صفحہ نمبر191 پر بتائی گئی دعا پڑھ لیں۔
دوران تعمیر مکان کی دیواریں گر جاتی ہیں
سوال: ہم جس مکان میں رہتے ہیں اس میں تین کمرے ہیں۔ ایک ساس سسر کے پاس، دوسرا جیٹھ کے پاس تیسرے کمرے میں ہم میاں بیوی اپنے بچوں کے ساتھ رہتے ہیں۔
جگہ کم پڑ رہی تھی تو میرے سسر نے اپنی زمین کا کچھ حصہ بیچ کر ایک پرانا مکان خرید لیا۔
یہ مکان کافی عرصے سے بند تھا اور اس کے چاروں طرف بڑی بڑی جھاڑیاں تھیں۔ سسر نے جھاڑیاں صاف کراکے اور بوسیدہ مکان گرا کر نئے مکان کی تعمیر کا کام شروع کردیا۔
جب سے یہ مکان بننا شروع ہوا ہے وہاں عجیب عجیب سے واقعات ہورہے ہیں۔ مکان کی بنیادیں تو پڑ گئی ہیں لیکن اس کی دیواریں اور چھت نہیں ڈل سکیں۔وجہ یہ ہوئی کہ اکثر مکان کی دیوار ایک جھٹکے کے ساتھ گر جاتی۔ تعمیر کے دوران کئی مزدور زخمی ہوچکے ہیں۔ اس مکان میں کوئی ایسی بات ہے جو تعمیر نہیں ہوپارہا ہے۔سسر کے پاس جتنا پیسہ تھا وہ اس مکان کی تعمیر میں خرچ ہوچکا ہے۔ وہ اب بہت پریشان ہیں۔ کہتے ہیں کہ میں نے زمین بھی بیچ دی اور مکان بھی نہیں بن پایا۔
جیٹھ نے کچھ لوگوں کومکان دکھایا تو وہ کہتے ہیں کہ اس مکان میں سایہ ہے۔ وہ آپ کو گھر نہیں بنانے دےگا۔
سسر یہ زمین بیچنا چاہتے ہیں لیکن اب یہ بک بھی نہیں رہی۔
جواب: اگر کسی زمین پر آسیب یا جنات کاشبہ ہو تووہاں تعمیر شروع کرنے سے پہلے یا تعمیراتی کاموں کے دوران مسلسل سات روزتک صبح سویرے جاکر فجر کی نماز اداکی جائے اورپو پھٹنے کے بعد قبلہ رُخ بیٹھ کر تین مرتبہ سورہ فاتحہ، پانچ مرتبہ آیت الکرسی اورگیارہ مرتبہ سورہ جن (72)کی ابتدائی پانچ آیات کی تلاوت کرکے تقریباً ایک بالٹی پانی پر دم کردیں۔
یہ دم کیا ہوا پانی کسی لوٹے یا ڈونگے سے اس جگہ کے چاروں طرف ڈالتے جائیں۔
پانی ڈالنا اس طرح شروع کیا جائے کہ جس جگہ آپ قبلہ رُخ بیٹھے ہوں، اس کے دائیں جانب یعنی شمال کی سمت والے کونے سے پانی ڈالنا شر وع کیا جائے۔ شمال کی سمت سے پانی ڈالتے ہوئے مشرق کی طرف آئیں، پھر یہاں سے دائیں ہاتھ مڑ جائیں، مشرقی کونے سے جنوب کی سمت جائیں۔ اب پھر دائیں طرف مُڑجائیں، جنوبی کونے سے مغرب کی طرف جائیں۔ اب پھر دائیں طرف مُڑجائیں اورمغربی کونے سے شمال کی طرف جائیں۔
پلاٹ کےچاروں طرف یہ دَم کیا ہوا پانی ڈالنے کے بعد پلاٹ کے درمیان میں یہ دَم کیا ہوا پانی ڈالتے ہوئے ایک کونے سے دوسرے کونے کی طرف جائیں۔ پہلے شمال مغربی کونے سے جنوب مشرقی کونے کی طرف پانی ڈالیں۔ اب مشرق سے مغرب کی طرف آئیں اور جنوب مغربی کونے سے پانی ڈالتے ہوئے شمال مشرقی کونے کی طرف آئیں۔
یہ طریقہ میری کتاب ‘‘نظر بد اور شر سے حفاظت ’’میں درج ہے ۔ دلچسپی رکھنے والے قارئین کے لیے اس کتاب کا مطالعہ بھی مفید رہےگا۔
رات بھر دوسری عورتوں کےساتھ چیٹنگ
سوال: میری شادی کو چار سال ہوگئے ہیں۔ میری ایک دو سال کی بیٹی ہے۔ میرے شوہر خاندان بھر میں بہت رنگین مزاج مشہور ہیں۔ میرے شوہر میرا اور بیٹی کا بہت خیال رکھتے ہیں لیکن اکثر موبائل فون پر عورتوں سے باتیں کرتے ہیں اور میسج کرتے رہتے ہیں۔ میں رات کو جلد سو جانے کی عادی ہوں۔ میرے سونے کے بعد سے صبح چار یا پانچ بجے تک وہ موبائل فون پر عورتوں سے چیٹنگ کرتے رہتےہیں۔
میں کئی بار انہیں منع کر چکی ہوں۔ دو تین مرتبہ میری اس بات پر ان سے تو تو میں میں بھی ہو چکی ہے لیکن ان کے کان پر جوں تک نہیں رینگتی۔ وہ اپنی اس بری عادت کو بدلنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔
رات کو دیر تک جاگنے اور دن میں دیر سے اٹھنے کی وجہ سے ان کا کاروبار بھی متاثر ہورہا ہے لیکن انہیں اس کی کوئی فکر نہیں ہے۔
میں چاہتی ہوں کہ ان کی اس بری عادت سے جان چھوٹ جائے۔
جواب: رات سونے سے پہلے 101 مرتبہ سورۂ الانشقاق (84) کی آیت 4
وَأَلْقَتْ مَا فِيهَا وَتَخَلَّتْ
گیارہ گیارہ مرتبہ درود شریف کے ساتھ پڑھ کر اپنے شوہر کا تصور کرکے دم کردیں اور دعا کریں کہ انہیں اپنی کمزوریوں پر قابو پانے اور اپنے فرائض پر یکسوئی کے ساتھ توجہ دینے کی توفیق ملے۔
یہ عمل کم از کم چالیس روز تک جاری رکھیں۔
U.K جانے کے شوق میں لاکھوں ڈوب گئے
سوال: ہمارے محلے میں ایک صاحب لوگوں سے پیسے لے کر انہیں باہر بھجواتے ہیں۔ دو سال پہلے میرے بیٹے نے ان سے U.K جانے کی بات کی۔ میرے بیٹے نے MBA کیا ہوا ہے۔ وہ ایک پرائیویٹ کمپنی میں اچھی جاب کرتا ہے۔
ان صاحب نے کہا کہ بیس لاکھ روپے لگیں گے۔ بیٹے نے کہا کہ یہ بہت زیادہ پیسے ہیں، میں اتنی رقم نہیں دے سکتا۔ انہوں نے کہا کہ دس لاکھ ابھی دے دو اور دس لاکھ U.K جانے کے بعد وہاں میرے آدمی کو دے دینا۔
بیٹے نے ان سے بات پکی کرکے کچھ پیسے مجھ سے لے کر اور کچھ ادھر ادھر سے قرض ادھار کرکے دس لاکھ روپے دے دیے۔ انہوں نے کہا کہ تین چار ماہ میں تمہارے جانے کا بندوبست ہوجائے گا۔
انہیں دس لاکھ روپے دیے ہوئے آج دو سال ہوگئے ہیں۔
وہ صاحب نہ تو میرے بیٹے کو U.K بھیجتے ہیں اور نہ ہی ایڈوانس لی ہوئی رقم واپس کرتے ہیں۔ ہمیشہ یہی کہتے ہیں کہ تمہارا کام پراسس میں ہے۔
بیٹا پریشان ہوگیا ہے اور غصہ میں کہتا ہے کہ میں ان صاحب کو نہیں چھوڑوں گا۔
میں اس بات سے ڈرتی ہوں کہ جوان خون ہے کہیں غصہ میں آکر کوئی غلط حرکت نہ کر بیٹھے۔
میں کیا کروں میری سمجھ میں کچھ نہیں آرہا….
جواب: کئی پاکستانی اپنی آنکھوں میں شان دار مستقبل کے سہانے سپنے سجائے مشرق وسطیٰ، یورپ، برطانیہ، آسٹریلیا، جاپان یا دیگر ممالک جانا چاہتے ہیں۔
تعلیم یا روزگار کے لیے، معیار زندگی کو بہتر بنانے کے لیے، اپنے وطن سے کسی دوسرے ملک جانا صدیوں سے انسانوں کا معمول رہا ہے۔ یہ سلسلہ آج بھی جاری ہے۔ تاہم اپنے ملک سے کسی دوسرے ملک جانا ہمیشہ قانونی تقاضوں کی تکمیل کے ساتھ ہوناچاہیے۔غیر قانونی ذرائع اختیار کرکے باہر جانے کی کوشش جان مال اور عزت کے نقصان کا سبب بن سکتی ہے۔
عشاء کی نماز کے بعد 101 مرتبہ سورہ الاعراف(7) کی آیت 23
رَبَّنَا ظَلَمْنَـآ اَنْفُسَنَاۜ وَاِنْ لَّمْ تَغْفِرْ لَنَا وَتَـرْحَـمْنَا لَنَكُـوْنَنَّ مِنَ الْخَاسِرِيْنَ
گیارہ گیارہ مرتبہ درود شریف کے ساتھ پڑھ کر اللہ تعالیٰ کے حضور اپنے مقصد کے حصول کے لیے دعاکریں۔
یہ عمل کم از کم نوے روز تک جاری رکھیں۔
اپنے بیٹے سے کہیں کہ وہ وضو بےوضو کثرت سے اللہ تعالیٰ کے اسماء یاعزیز یاکریم کا ورد کرتارہے۔۔
کاروبار پر بندش
سوال: میری عمر پچیس سال ہے۔ میرے دادا کے انتقال کے بعد دس سال پہلے ان کا فرنیچر کا کارخانہ میرے والد صاحب نے سنبھال لیا۔
کام اچھا چل رہا تھا اسے مزید پھیلانے کے لیے میرے والد نے اپنے ایک اپنے دوست کو کاروبار میں شامل کرلیا۔ ان صاحب کی شمولیت کے بعد دوسرے مہینے ہی کاروبار میں پریشانیاں آنے لگیں۔ کبھی مشینیں خراب ہوجاتیں، کبھی آگ لگ جاتی اور کبھی کاریگر تنگ کرنے لگتے، کبھی بغیر اطلاع دیے کاریگر کام چھوڑدیتے۔
والد صاحب جب بہت پریشان ہوگئے تو انہوں نے دو تین عالموں سے حساب کرایا۔ پتہ چلا کہ کسی نے کاروبار میں بندش کروادی ہے۔
ہمارے والد صاحب محنت پر یقین رکھتے ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ ایسا کچھ نہیں ہے۔ والدہ صاحبہ کہتی ہیں کہ جب سے وہ شخص کاروبار میں شامل ہوا ہے حالات خراب ہونا شروع ہوئے ہیں۔ وہ کہتی ہیں کہ یہ سب اس آدمی کا کیا دھرا ہے۔
جواب: آپ کے والد کے پارٹنر پر کیا جانے والا شک تو صحیح نہیں ہے یعنی کاروبار مندا ہونے میں ان کی بدنیتی یا ان کی جانب سے کوئی برا عمل کروا دینے کا خدشہ درست نہیں ہے۔ اس بدگمانی سے رجوع کیا جاناچاہیے۔
اب اس سے ہٹ کر ایک بات یہ ہے کہ کسی کاروبار میں لوگوں کا پارٹنر شپ وغیرہ کی صورت میں اشتراک بعض اوقات مناسب نہیں ہوتا چاہے وہ انتہائی قریبی اور مخلص دوست ہی کیوں نہ ہوں۔ اس صورت حال کو بعض لوگ ستارے نہ ملنا وغیرہ بھی کہتے ہیں۔
اندازہ ہے کہ آپ کے والد اور ان صاحب کے درمیان کاروباری شراکت موزوں نہیں ہے۔ انہیں چاہیے کہ اپنے دوستانہ تعلقات برقرار رکھتے ہوئے پہلے کی طرح الگ الگ کاروبار کی طرف توجہ دیں۔
یاد کچھ نہیں رہتا
سوال: میری عمر بتیس سال ہے۔ چار سال پہلے MBBS کرنے کے بعد میری شادی میرے ایک کزن سے ہوگئی۔
میرے شوہر آئی اسپیشلسٹ ہیں۔ شادی کے بعد میں نے اپنی توجہ گھرداری پر مرکوزکردی ۔
ایک سال پہلے شوہر نے مجھ ے کہا کہ تم اپنی تعلیم بھی جاری رکھو۔ انہوں نے FCPS کرنے کے لیے میری رجسٹریشن بھی کرادی۔ میں نے پڑھائی شروع کردی۔ میں سارا سارا دن پڑھتی ہوں۔ دوسرے دن میرا ذہن بالکل صاف ہوتا ہے۔
شوہر نے مجھ سے بہت سی امیدیں وابستہ کر رکھی ہیں۔ اگر میں آئندہ ماہ ہونے والے امتحانات میں فیل ہوگئی تو ان کی نظروں میں گر جاؤں گی۔
جوں جوں وقت گزرتا جارہا ہے میری پریشانی بڑھتی جارہی ہے۔ کوئی دعا بتائیں کہ میں جو یاد کروں وہ ذہن میں رہے۔
جواب: رات کے وقت سات عدد بادام چھلکوں سمیت پانی میں بھگو دیں۔ صبح باداموں سے چھلکا اتار کر اکیس مرتبہ
رَبِّ يَسِّرْ ولا تُعَسِّرْ
تین تین مرتبہ درود شریف کے ساتھ پڑھ کر ان باداموں پر دم کردیں اور انہیں خوب اچھی طرح چبا کر کھائیں۔
صبح کےو قت سات عدد بادام پانی میں بھگو دیں۔ اور مغرب کے بعد اسی طرح پڑھ کر دم کرکے یہ بادام خوب اچھی طرح چبا کر کھائیں۔
نیلی شعاعوں سے تیار کردہ پانی صبح اور شام ایک ایک پیالی پئیں۔
ہماری رقم واپس مل جائے
سوال: میرے شوہر سے میری ایک کزن کے شوہر نے کاروبار کے لیے تین لاکھ روپے ادھار لیے تھے اور یہ کہا تھا کہ میں یہ رقم ایک سال میں واپس کردوں گا۔ کزن کے شوہر کا کاروبار اچھا ہے۔
ایک سال بعد شوہر نے اپنی رقم کا تقاضہ کیا تو کہنے لگے کہ میں ایک دو ماہ میں دے دوں گا۔ اس بات کو بھی تین سال ہوگئےہیں۔ وہ ہماری رقم ہمیں واپس نہیں کر رہے۔ ہر بار کوئی نہ کوئی بہانہ کردیتے ہیں۔
ماشاء اللہ سے ان کا کاروبار بہت اچھا چل رہا ہے۔ گھر میں پیسے کی ریل پیل ہے لیکن ہماری رقم دینے کے لیے حیلے بہانے کرتے رہتے ہیں۔ میں کزن کو فون کرتی ہوں تو وہ کبھی ادھر ادھر کی باتیں کرنے لگتی ہے اور کبھی فون ریسیو نہیں کرتی۔
جواب: بعض لوگ ضرورت نہ ہونے پر یا محض ہلکی سی ضرورت میں ہی عادتاً قرض لے لیتے ہیں۔ عام طور پر ایسے لوگوں کی نیت رقم واپس کرنے کی نہیں ہوتی۔ ایسی بری طرز فکر سے اللہ سب کو محفوظ رکھے۔ قرض لے کر واپس نہ کرنا یا کسی رقم کی ادائی کا وعدہ کرکے اس وعدے سے مکر جانا بہت برے کاموں میں سے ہے۔ جو لوگ شوقیہ قرض لیتے ہیں یا وعدے کے مطابق یا حالات بہتر ہوجانے کے بعد بھی قرض واپس نہیں کرتے انہیں اللہ کی پکڑ سے ڈرنا چاہیے۔
خوش حال لوگوں کو خاص طور پر اس بات کا خیال رکھنا چاہیے کہ وہ قرض واپسی کے وسائل پاس ہونے کے باوجود قرض ادا نہ کرنے پر آنے والے وقتوں میں اپنے لیے مصیبتیں کھڑی کر رہے ہیں۔
عشاء کی نماز کے بعد 101 مرتبہ سورہ بقرہ (2) کی آیت 96
وَاللّـٰهُ بَصِيْـرٌ بِمَا يَعْمَلُوْنَ
گیارہ گیارہ مرتبہ درود شریف کے ساتھ پڑھ کر اللہ تعالیٰ کے حضور دعا کریں۔
یہ عمل کم از کم چالیس یا نوے روز تک جاری رکھیں۔
وضو بےوضو کثرت سے اللہ تعالیٰ کے اسماء یاحی یاقیوم کا ورد کرتے رہیں۔
کرائے دار گھر پر قبضہ کرنا چاہتا ہے
سوال: میں ایک بیوہ عورت ہوں۔ چار سال پہلے شوہر کا انتقال ہوا تھا۔ میری تین بیٹیاں ہیں۔ گھر کا خرچہ چلانے کے لیے میں نے گھر میں دو دکانیں بنائیں۔ ایک دوکان ٹیلر کو دی اور دوسری ہیئر ڈریسر کو۔ اوپر دو کمرے تھے کچن اور باتھ روم بنا کر کرائے پر دے دیا۔
شروع شروع میں تو کرائے داروں نے وقت پر کرایہ دیا لیکن کچھ عرصے بعد کبھی ایک مہینے لیٹ اور کبھی دو مہینے لیٹ کرنے لگے۔
میں بیٹیوں کے ساتھ رہتی ہوں اور گھر کا خرچہ کرایہ سے بمشکل پورا ہوتا ہے۔ میں نے چھ ماہ پہلے گھر کے کرائے دار سے سختی سے کہا کہ آپ ہر ماہ کرایہ دے دیا کریں۔ اس کے بعد سے اس نے مجھے کرایہ نہیں دیا۔ میری کئی بار کرائے پر لڑائی ہو چکی ہے۔ وہ کہتا ہے کہ میرے حالات صحیح نہیں ہیں۔
میرے گھر میں کوئی مرد نہیں ہے۔ میں بچیوں کی طرف سے فکر مند رہتی ہوں کہ کہیں کرائے دار ان کو کئی نقصان نہپہنچائے۔میں چاہتی ہوں کہ کرائے دار لڑائی جھگڑے کے بغیر گھر خالی کر دے۔
جواب: عشاء کی نماز کے بعد 101 مرتبہ سورہ الانبیاء (21) کی آیت 87 میں سے
لَّآ اِلٰـهَ اِلَّآ اَنْتَ سُبْحَانَكَۖ اِنِّـىْ كُنْتُ مِنَ الظَّالِمِيْنَ
گیارہ گیارہ مرتبہ درود شریف کے ساتھ پڑھ کر اللہ تعالیٰ کے حضور دعا کیجیے۔
یہ عمل کم از کم چالیس یا نوے روز تک جاری رکھئیے۔
کاروباری پارٹنرز کےرویوں میں تبدیلی
سوال: میرے شوہر نے دس سال پہلے دو پارٹنر کے ساتھ مل کر لیدر جیکٹ کا کاروبار شروع کیا، یہ لیدر جیکٹ ایکسپورٹ کی جاتی تھیں۔
دن رات کی محنت کے بعد کاروبار اچھا چلنے لگا۔ ایک پارٹنر بیرون ملک سے آرڈر لے کر آتا تھا۔ دوسرے پارٹنر کے پاس آفس اور شپ منٹ کے معاملات تھے۔ کارخانے کے انتظامات میرے شوہر کے ذمے تھے۔
دو سال سے میرے شوہر محسوس کر رہے ہیں کہ ان کے پارٹنر کے رویے میں تبدیلی آرہی ہے۔ کمپنی کے جو قوانین بنائے تھے ان میں ایک یہ بھی تھا کہ جب بھی کوئی آرڈر بیرون ملک سے آئے گا تو تینوں پارٹنر مل کر اس آرڈر کے بارے میں طے کریں گے لیکن اب یہ دونوں پارٹنر اکثر خود ہی سیٹنگ کرلیتے ہیں ۔ میرے شوہر کو اعتماد میں لینے کا کوئی نہ کوئی بہانہ بنا لیتے ہیں۔
یہ دونوں مختلف حیلے بہانوں سے میرے شوہر کو تنگ کر رہے ہیں۔ شوہر ان پارٹنر کے رویوں کی وجہ سے بہت پریشان ہیں اور بہت ٹینشن میں رہنے لگے ہیں۔ اکثر رات بھر جاگتے رہتے ہیں جس کی وجہ سے کارخاے میں کام کے اوقات میں چڑچڑے ہوجاتے ہیں۔ شوہر نے اپنی زندگی کی ساری جمع پونجی اس کاروبار میں لگا رکھی ہے۔
میری سمجھ میں نہیں آرہا کہ اب کیا ہوگا….؟
جواب: آپ کے شوہر کے دونوں پارٹنر کے دلوں میں تنگی آرہی ہے۔ منافع کا ایک تہائی حصہ آپ کے شوہر کو دینا اب انہیں کھل رہا ہے۔ اس حصے کو وہ اپنے اپنے منافع میں کمی سمجھنے لگے ہیں۔ شاید وہ یہ چاہتے ہیں کہ ان دونوں کو ایک تہائی کے بجائے آدھا آدھا منافع ملے۔ یہ دونوں پارٹنر کام میں اضافے کے ذریعے منافع کی رقم میں اضافہ کے بجائے موجودہ طے شدہ پرسنٹیج کے ذریعہ ملنے والی رقم پر دل گرفتہ ہورہے ہیں۔
آپ کے شوہر کو اس پارٹنر شپ سے علیحدہ ہونے کے بارے میں سوچنا چاہیے۔ ان لوگوں کے ساتھ مزید رہنا اپنا وقت، اپنے وسائل خراب کرنے کے مترادف ہوگا۔ اس دوران ان کی ذہنی و جسمانی صحت بھی متاثر ہوتی رہے گی۔
دماغ کمزور ہے
سوال: میری عمر پینتالیس سال ہے۔ چار بچے ہیں۔ تین بیٹے اور ایک بیٹی۔ میرے دوسرے اور تیسرے نمبر کے بیٹے بچپن سے ہی ذہنی طور پر کمزور رہے۔ یہ اکثر کھیلتے ہوئے گر جاتے تھے۔ حالانکہ میں ان کی غذا کا بہت خیال رکھتی تھی۔ پڑھائی میں بہت کمزور ہیں۔ انہیں کچھ یاد نہیں رہتا۔ ایک بڑے نیورولوجسٹ سے چیک اپ کرایا، انہوں نے بتایا کہ ان بچوں کا جسم تو بڑھ رہا ہے لیکن دماغ نہیں بڑھ رہا۔
اب میرے بیٹے 18 اور 20 سال کے ہیں لیکن ان کا دماغ 10 اور 12 سال کے بچے کے برابر ہے۔ دونوں بچوں کو پڑھنے کا بہت شوق ہے لیکن وہ یاد نہیں رکھ پاتے جس کی وجہ سے وہ صفر ہوجاتےہیں۔
محترم وقار صاحب….! مجھے کسی نے آپ کے بارے میں بتایا ہے کہ آپ کے بتائے ہوئے روحانی اور رنگ و روشنی کے علاج سے ذہنی امراض ٹھیک ہوجاتے ہیں۔ ہمارے بچوں کا ڈاکٹری علاج چل رہا ہے لیکن میں چاہتی ہوں کہ ڈاکٹری علاج کے ساتھ ساتھ آپ بچوں کے لیے کوئی روحانی علاج بھی تجویز کریں۔
جواب: ڈاکٹری علاج کے ساتھ میرے والد محترم خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب کی کتاب ‘‘روحانی علاج’’ سے دماغی کمزوری کا علاج کرلیں۔ ساتھ میں نیلی شعاعوں سے تیار کردہ پانی ایک ایک پیالی صبح اور شام پلائیں۔
بچے جب رات کو سو جائیں تو ان کے سرہانے اتنی آواز میں کہ ان کی آنکھ نہ کھلے سات مرتبہ سورہ فاتحہ، تین تین مرتبہ درود شریف کے ساتھ پڑھ کر دم کردیں۔
سورہ فاتحہ پڑھ کر دم کرنے سے پرانے امراض میں مبتلا کئی مریضوں کو الحمد للہ شفا ملی ہے۔
بیٹا بدتمیزی کرتا ہے
سوال: میرے دو بیٹے ہیں۔ ایک کی عمر تیس سال اور دوسرے کی عمر چوبیس سال ہے۔ دونوں بیٹے ماشاء اللہ محنتی، نیک، فرمانبردار اور اپنے کام سے کام رکھنے والے تھے۔ دونوں بیٹے ہوزری فیکٹری میں کام کرتے ہیں۔
کچھ عرصے سے میں اپنے چھوٹے بیٹے کے رویے میں تبدیلی محسوس کر رہی ہوں۔ وہ بات بے بات گھر میں اپنے بڑے بھائی سے الجھ جاتا ہے اور برا بھلا کہنے لگتا ہے۔ ایک دن وہ رات بھر گھر نہیں آیا۔
میں نے بڑے بیٹے سے پوچھا تو اس نے بتایا کہ اس کی دوستی فیکٹری کے کچھ آوارہ لڑکوں سے ہوگئی ہے۔ وہ انہی لڑکوں کے ساتھ گھومنے لگا ہے۔
صبح جب بیٹا گھر آیا اور میں نے اس سے پوچھا کہ تم رات بھر کہاں رہے ہو تو اس نے بہت بدتمیزی سے میری بات کا جواب دیا اور اپنے کمرے کا دروازہ بند کرکے سو گیا۔
میں کبھی سوچ بھی نہیں سکتی تھی کہ میرا بیٹا میرے ساتھ اتنی بدتمیزی سے بات کرے گا۔ اس کے بعد سے بیٹے نے گھر میں خرچہ دینا بند کردیا ہے۔ اپنے بڑے بھائی اور مجھ سے بات نہیں کرتا۔ اپنی تمام ضروریات زبردستی ہم سے پوری کراتا ہے۔
میں اپنے بیٹے کی وجہ سے بہت پریشان ہوں۔
جواب: رات سونے سے پہلے اکتالیس مرتبہ سورہ بروج کی آیات21 تا 22
بَلْ هُوَ قُرْاٰنٌ مَّجِيْدٌ O فِىْ لَوْحٍ مَّحْفُوْظٍ O
گیارہ گیارہ مرتبہ درود شریف کے ساتھ پڑھ کر اپنے بیٹے کا تصور کرکے دم کردیں اور دعا کریں کہ اسے بری صحبت سے نجات ملے اور آپ کے اور اپنے بھائی کے ساتھ ادب و احترام کے ساتھ بات کرنے کی توفیق عطا ہو۔
یہ عمل کم از کم چالیس روز تک جاری رکھیں۔
چلے پھرتے وضو بےوضو کثرت سے اللہ تعالیٰ کے اسماء یاھادی یارشید کا ورد کرتی رہیں۔
بچوں کے سر میں درد رہتا ہے
سوال: میری شادی کو بارہ سال ہوگئے ہیں۔ میرے دو بیٹے ہیں۔ ہم نے خاندانی روایت کے مطابق دونوں بچوں کو مدرسے میں داخل کرادیا ہے تاکہ وہ پہلے قرآن حفظ کرلیں اس کے بعد دنیاوی تعلیم حاصل کریں۔
میرے دونوں بیٹے ماشاء اللہ ہونہار اور ذہین ہیں۔ لیکن کچھ عرصے سے بیٹے سر میں درد کی شکایت کر رہے ہیں۔ ہم نے ان کی آنکھیں بھی چیک کرائی ہیں۔ وہ بالکل ٹھیک ہیں۔ ڈاکٹر کہتے ہیں کہ سر میں درد کی وجہ ذہنی کمزوری ہوسکتی ہے۔ آپ میرے بیٹوں کے لیے روحانی علاج اور دوا جو مناسب سمجھیں تجویز فرمادیں۔
جواب : سر میں درد کی وجہ خون اور کیلشیم کی کمی بھی ہوسکتی ہے۔ آپ ڈاکٹر کے مشورے سے اپنے بچوں کے بلڈ ٹیسٹ کروائیں۔ ان بچوں کو صبح اور شام آدھا آدھا چمچ یونانی مرکب خمیرہ گاؤ زبان عنبری کا استعمال مفید رہے گا۔ بچوں کی صحت کا بھی خیال رکھیں۔
وطیفے کی مدت پوری ہونے سے پہلے رشتہ طے ہوگیا….
سوال:محترم وقار عظیمی صاحب السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہٗ
ہم تین بہنیں ہیں۔ بڑی اور چھوٹی بہن کی شادی ہوچکی ہیں۔ منجھلی بہن کے رشتوں میں بہت رُکاوٹیں رہیں۔ لوگ دیکھنے کے لیے آتے تھے لیکن بات آگے نہیں بڑھتی تھی ۔ چھوٹی بہن کے لیے کئی رشتے آئے۔
منجھلی بہن نے والدین سے بہت اصرار کیا کہ میری خاطر چھوٹی کے رشتے میں تاخیر نہ کریں۔ گو کہ چھوٹی بہن کی شادی ان کے اصرار پر ہوئی لیکن اس کے بعد سے وہ بہت خاموش ہوگئیں۔ وہ کسی سے کہتی تو کچھ نہیں تھیں لیکن ہم سب گھر والوں کو ان کے احساس محرومی کا پورا پورا اندازہ تھا۔ ان کی عمر اٹھائیس سال ہوچکی تھی۔
امی اور وہ خود بھی کئی وظائف پڑھ چکی تھیں لیکن لاحاصل….
ایک دن سلسلۂ عظیمیہ کے زیرِ اہتمام ہونے والی ایک محفل میلاد میں ہماری امی کو ایک وظیفہ بتایا گیا۔ ساتھ میں آپ کی طرف سے یہ بھی کہا گیا کہ ہر ماہ اپنے گھر میں محفل میلاد کا اہتمام بھی کیا جائے۔
امی ہماری اسی بہن کے لیے کئی سال سے وظائف پڑھ رہی تھیں لیکن گھر پر محفل میلاد اور اسی وظیفے کی برکت سے چالیس دنوں کے اندر اندر ہی ہماری بہن کا رشتہ بہت اچھے گھرانے میں طے ہوگیا ہے۔ الحمد للہ نومبر کے مہینے میں شادی کی تاریخ بھی طے ہوگئی ہے۔
جواب: وظیفہ یہ ہے:
درود شریف :
اللّٰهُـمَّ صَـلِّ عَلَى مُـحَمَّد وَعَلَى آلِ مُـحَمَّد بِـعَدَدِ كُلِّ ذَرَّة مِائَةَ أَلْف أَلْف مَـرَّةوَباَرِكْ وَسَلِّمْ…..
101 مرتبہ اسم الٰہی یا وہاب ، اکیس مرتبہ سورہ ٔ بقرہ کی آیت 163،
اکیس مرتبہ سورۂ حشر کی آیت 24 پھر 101 مرتبہ اسم الٰہی یا وہاب اور آخر میں درود شریف پڑھ کر
حضرت محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے وسیلے سے بارگاہ رب العزت میں دعا کی جائے۔
یہ عمل کم از کم چالیس روز یا نوے روز کیا جائے۔
تین ماہ تک ہر جمعرات حسب استطاعت صدقہ کرتے رہیں۔
اللہ آپ سے راضی ہو ں اور آپ کو دین و دنیا کی خوشی اور کامیابیاں عطا فرمائیں۔ آمین۔
بھائیوں نے وراثت سےبےدخل کردیا
سوال:میری عمر چالیس سال ہے۔ ہم تین بھائی اور تین بہنیں ہیں۔ سب شادی شدہ اور بچوں والے ہیں۔
والد صاحب کی وفات کے بعد ہمارے بھائیوں نے کاروبار آپس میں تقسیم کرلیا تھا۔ والد صاحب کے تعمیر کردہ بنگلے کے بارے میں انہوں نے یہ کہا کہ وہ بعد میں تقسیم کر لیں گے۔
تینوں بھائی ماشاء اللہ سے خوش حال ہیں۔ ہم تینوں بہنوں میں ایک بہن خوش حال ہے اور ہم دو بہنیں مالی مشکلات میں زندگی گزار رہی ہیں۔
میں نے ایک دن بھائیوں سے کہا کہ وہ آبائی مکان فروخت کرکے بہنوں کو ان کا حصہ دیں۔ تینوں بھائیوں نے نظر پھیر لی اور اب کہتے ہیں کہ کون سا حصہ….؟ یہ مکان ہمارا ہے اور ہم ہی اس کے وارث ہیں۔ تم تینوں کو کچھ نہیں ملے گا۔
ہمیں امید نہیں تھی کہ ہمارے بھائی ہمارے ساتھ ایسا کریں گے۔ لوگ کہتے ہیں کہ ان پر مقدمہ کرو تمہیں تمہارا حق مل جائے گا۔
ہم مقدمہ کیسے کریں….! مقدمہ بازی ہمارے بس میں نہیں ہے۔
ہماری ایک جاننے والی نے آپ کو خط لکھنے کا کہا تو بڑی امید سے خط لکھ رہی ہوں۔
جواب: رات سونے سے پہلے 101 مرتبہ سورہ مریم کی آیت
كٓـهٰـيٰـعٓـصٓ
گیارہ گیارہ مرتبہ درود شریف کے ساتھ پڑھ کر اپنے بھائیوں کا تصور کرکے دم کردیں اور دعا کریں کہ بھائیوں کو وراثت کے معاملے میں اللہ کے حکم پر عمل کرنے کی توفیق عطا ہو۔
یہ عمل کم از کم چالیس روز یا نوے روز تک جاری رکھیں۔
گھر کا سکون برباد….شوہر میں غصہ
سوال:میرے شوہر بہت عبادت گزار آدمی ہیں لیکن گھر میں ان کی زبان تلخ ہے۔ غصے کی گرمی نے ہم سب کی زندگی اجیرن کردی ہے۔ عمر میں اضافے کے ساتھ ساتھ ان میں غصہ بڑھتا جارہا ہے۔ غصے کے عالم میں وہ ہوش و حواس کھو بیٹھتے ہیں۔ چھوٹے بڑے کی تمیز ختم ہو جاتی ہے۔
میں نے جس گھرانے میں آنکھ کھولی وہاں ادب و آداب، وضعداری، لحاظ اور مروت کو اولیت دی جاتی ہے۔ میرے والد گھر اور باہر یکساں مزاج کے حامل ہیں۔ وہ سب کے ساتھ نرم لہجے اور احترام کے ساتھ بات کرتے ہیں۔
میں اپنے گھر میں اپنے والدین کے گھر کی طرح سکون رکھنا چاہتی ہوں لیکن میرے شوہر کی چیخ و پکار اور ڈانٹ ڈپٹ کی وجہ سے گھر کا ماحول پورا دن تلخ رہتا ہے۔ میرے بچے ڈرے سہمے رہتے ہیں۔ اس ماحول کی وجہ سے بچوں کی شخصیتیں متاثر ہو رہی ہیں۔
آپ ہی بتائیں کہ میں کیا کروں کہ میرے گھر میں سکون آجائے….؟
جواب: صبح اور شام اکیس اکیس مرتبہ سورہ آل عمران کی آیت 134 کا آخری حصہ،
وَالْكَاظِمِيْنَ الْغَيْظَ وَالْعَافِيْنَ عَنِ النَّاسِ ۗ وَاللّـٰهُ يُحِبُّ الْمُحْسِنِيْنَ
تین تین مرتبہ درود شریف کے ساتھ پڑھ کر پانی یا چائے پر دم کرکے اپنے شوہر کو پلائیں۔
یہ عمل کم از کم چالیس روز تک جاری رکھیں۔
چلتے پھرتے وضو بےوضو کثرت سے اللہ تعالیٰ کے اسماء یارؤف، یارحیم، یاودود ، یا کریم کا ورد کرتی رہیں۔
بیٹی کو ناپاکی کا وہم
سوال:میری بیٹی کی عمر بائیس سال ہے۔ وہ گزشتہ دو سال سے اذیت میں ہے۔ اسے ناپاکی کا وہم ہوگیا ہے۔ بار بار ہاتھ دھوتی ہے، اپنی کسی بھی چیز کو ہاتھ نہیں لگانے دیتی۔ اگر غلطی سے بھی کسی کا ہاتھ لگ گیا تو بار بار اس چیز کو دھوتی رہتی ہے۔ مسلسل ہاتھ دھونے سے بیٹی کے ہاتھوں کی جلد سفید ہوگئی اور جگہ جگہ سے پھٹ گئی ہے۔
بیٹی کو بہت سمجھایا۔ وہ کہتی ہے کہ یہ میرے بس میں نہیں ہے۔ جب میں پانی دیکھ لیتی ہوں تو وہاں سے ہٹ نہیں سکتی۔
نفسیاتی ڈاکٹر کو دکھایا انہوں نے کئی دوائیں لکھ دیں لیکن بیٹی وہ دوائیں بھی نہیں کھاتی۔
اس بیماری کی وجہ سے وہ گھر کا کوئی کام نہیں کرسکتی۔ ہر وقت اپنے کمرے میں بند رہتی ہے اور روتی رہتی ہے۔
لڑکی ذات ہے اس کی شادی کرنی ہے۔ ایسی صورت میں کون اسے قبول کرے گا….؟ یہی فکر مجھے کھائے جارہی ہے۔ میں کیا کروں کہ جس سے بیٹی کا وہم ختم ہوجائے….؟
جواب: صبح اور شام اکیس اکیس مرتبہ سورہ آل عمران کی آیت
اَللَّـهُ لَا اِلٰـهَ اِلَّا هُوَ الْحَىُّ الْقَيُّوْمُ
تین تین مرتبہ درود شریف کے ساتھ پڑھ کر ایک ایک ٹیبل اسپون شہد پر دم کرکے بیٹی کو پلائیں اور اس پر دم بھی کردیں۔
کلر تھراپی کے اصولوں کے مطابق نیلی شعاعوں سے تیار کردہ پانی ایک ایک پیالی صبح اور شام پلائیں۔
ہلکی اور زود ہضم غذائیں دیں ، گوشت کا استعمال چند ہفتوں کے لیے بند کردیں۔ کھانوں میں سبزیاں، دال، چاول زیادہ دیں۔ دودھ اور پھلوں کا استعمال بھی روزانہ ہونا چاہیے۔
گھر کا واحد کفیل اور نشہ کی لت
سوال:ہم دو بہنیں اور ایک بھائی ہیں۔ بھائی گھر میں سب سے بڑے ہیں۔ والدین حیات نہیں ہیں۔ بڑے بھائی نے بہت محنت سے کام کے ساتھ ساتھ اپنی تعلیم بھی جاری رکھی اور ہمیں بھی تعلیم دلوائی۔
ایک سال پہلے بھائی کو اچھی ملازمت کی آفر آئی۔ کچھ ہی عرصے بعد بھائی کے مزاج میں تبدیلی آنا شروع ہوگئی۔ ہم بہنیں یہ سمجھیں کہ کام کی زیادتی کی وجہ سے وہ چڑچڑے ہو رہے ہیں۔ بعد میں پتہ چلا کہ ہمارے گھر کا واحد کفیل بری صحبت کی وجہ سے بگڑ گیا ہے اور اس نے نشہ شروع کردیا ہے۔جب نشہ پورا نہیں ہوتا تو وہ غصہ میں آجاتا ہے اور گھر میں بات بات پر گالیاں دینا شروع کردیتا ہے۔ اگر ہم سمجھائیں تو ہمیں مارنے لگتا ہے۔
جواب: رات کو جب آپ کے بھائی گہری نیند میں ہوں تو ان کے سرہانے بیٹھ کر اتنی آواز سے کہ ان کی آنکھ نہ کھلے اکیس مرتبہ سورۂ طور(52) کی آیات 28-29
اِنَّا كُنَّا مِنْ قَبْلُ نَدْعُوْهُ ۖ اِنَّهٝ هُوَ الْبَـرُّ الرَّحِيْـمُ O فَذَكِّرْ فَمَآ اَنْتَ بِنِعْمَتِ رَبِّكَ بِكَاهِنٍ وَّلَا مَجْنُـوْنٍ O
تین تین مرتبہ درود شریف کے ساتھ پڑھ کر ان پر دم کردیں اور نشہ سے نجات ملنے کی دعا کریں ۔
یہ عمل کم از کم چالیس روز یا نوے روز تک جاری رکھیں۔
اولاد کی نعمت سےمحروم ہوں
سوال:میری عمر اٹھائیس سال ہے۔ میری شادی کو چار سال ہوگئے ہیں۔ شوہر اور سب سسرال والے بہت اچھے ہیں لیکن ہم میاں بیوی اب تک اولاد کی نعمت سے محروم ہیں۔
شوہر مجھ سے بہت محبت کرتے ہیں۔ وہ لوگوں کی باتوں کو اہمیت نہیں دیتے لیکن میں لوگوں کی جلی کٹی باتوں سے مایوس ہوجاتی ہوں اور اکثر روتی رہتیہوں۔ میرے دل میں انجانہ سا خوف رہنے لگا ہے کہ اولاد نہ ہونے کی وجہ سے کہیں اپنے شوہر سے محروم نہ ہو جاؤں….
ہم دونوں میاں بیوی کی رپورٹ صحیح ہیں۔ ڈاکٹرز کہتے ہیں کہ جسمانی طور پر آپ دونوں فٹ ہیں۔
محترم سائیں….! دعا فرمائیں کہ اللہ تعالیٰ میری گود اولاد کی نعمت سے بھر دے اور مجھے بھی کوئی روحانی علاج تجویز فرمائیں۔
جواب:اللہ سے دعا کرتا ہوں کہ آپ کو جلد ہی صحت مند، خوش نصیب اور صالح اولاد عطا ہو آمین۔ آپ یا آپ کے شوہر رات سونے سے پہلے 101 مرتبہ
اِقْرَاْ بِاسْمِ رَبِّكَ الَّـذِىْ خَلَقَ O خَلَقَ الْاِنْسَانَ مِنْ عَلَقٍ O حم O الر ۚ تِلْكَ آيَاتُ الْكِتَابِ الْمُبِينِ O
پڑھ کر پانی پر دم کرکے خود بھی پئیں اور اپنے شوہر کو بھی پلائیں۔
یہ عمل کم از کم نوے روز تک جاری رکھیں۔
احساس کمتری اور شادی سے گھبراہٹ
سوال:میری عمر تیس سال ہے۔ میں نے بی کام کیا ہوا ہے۔
عملی زندگی میں میں ایک ناکام شخص ہوں۔ مجھ میں اعتماد کی کمی ہے۔ احساس کمتری میں مبتلا ہوں۔ اعتماد میں کمی کی وجہ سے آفس میں اسٹاف میرے ساتھ تعاون نہیں کرتا۔ اکثر لوگ مجھ سے دور دور اور ناراض رہتے ہیں۔ میں لوگوں میں گھل مل کر نہ باتیں کرسکتا ہوں اور نا ہی کسی کی بات کا جواب دے سکتا ہوں۔ محفل میں کوئی مذاق کرلے تو میں بہت پریشان ہوجاتا ہوں۔
والدین میری شادی کرنا چاہتےہیں۔ میں شادی کی بات سن کر پریشان ہوگیا ہوں سمجھ میں نہیں آتا کہ کیا کروں….؟ برائے مہربانی آپ میری راہنمائی فرمائیں۔
جواب: رات سونے سے پہلے وضو کرلیں۔ اگر آسانی ہو تو غسل کرلیں اور سفید لباس پہن کر آرامدہ نشست میں بیٹھ جائیں اور اکیس مرتبہ درود خضری
صل اللہ تعالیٰ علی حبیبہ محمد وآلہ وسلم
پڑھ کر 101 مرتبہ اللہ اللہ اللہ اللہ
کا ورد کریں۔ اس کے بعد اکیس مرتبہ درود خضری پڑھ کر دونوں ہاتھوں پر دم کرکے ہاتھ تین بار چہرے پر پھیر لیں۔ اس کے بعد بات کیے بغیر سوجائیں۔
صبح جلدی اٹھیں۔ فجر کی نماز باجماعت اداکریں۔ نماز کے بعد اللہ تعالیٰ کے اسماء یاحی یاقیوم کا ورد کرتے ہوئے کم از کم آدھا گھنٹہ کسی باغ یا کسی کھلے میدان میں سیرکریں۔
دن بھر وضو بےوضو کثرت سے اللہ تعالیٰ کے اسماء یاحی یاقیوم یاعزیز یاسلام کا ورد کرتےرہیں۔
وطیفے کی برکت سے قرضہ اتر گیا….
سوال:ہمارے والد کو کاروبار میں بہت بڑا نقصان ہوا۔ ان پر تقریباً ساٹھ لاکھ روپے کا قرض ہوگیا۔ آمدنی بہت کم تھی ، دوسری طرف قرض خواہ مسلسل تقاضے کررہے تھے۔ والد صاحب سخت پریشان تھے۔ شوگر کے مریض تو وہ پہلے سے تھے اب ان کا بلڈ پریشر بھی مسلسل ہائی رہنے لگا تھا۔ پابندی سے دوائیں لے رہے تھے لیکن انہیں کوئی افاقہ نہیں ہورہا تھا۔ امی قرض کی ادائی کے لیے کئی وظائف پڑھ رہی تھیں لیکن کہیں سے بہتری کی کوئی صورت نظر نہیں آرہی تھی۔
ان حالات میں ابوکے ایک جاننے والے نے بتایا کہ انہیں ایک وظیفہ بتایا گیا ہے لیکن اس کے ساتھ پابندی یہ ہے کہ اسے انتہائی مشکل حالات میں ہی پڑھا جائے۔ وظیفہ پڑھنے کے دوران ہفتے میں تین دن سلسلۂ عظیمیہ کے امام قلندر بابا اولیاء ؒ کے لیے ایصال ثواب کا اہتمام کیا جائے۔ ان صاحب نے ابو کو یہ وظیفہ پڑھنے کی اجازت دے دی۔
وظیفہ یہ ہے:
گیارہ مرتبہ درودِ خضری ، 101 مرتبہ اللہ تعالی کا اسم یا فتاح اس کے بعد
اکیس مرتبہ سورۂ الطلاق کی دوسری آیت کا آخری حصہ اور تیسری آیت
اس کے بعد دوبارہ 101 مرتبہ یا فتاح اور آخر میں گیارہ مرتبہ درود خضری پڑھ کر
حضرت محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے وسیلے سے اللہ تعالیٰ کے حضور دعا کی جائے۔
الحمد للہ وظیفہ پڑھتے ہوئے دوسرا مہینہ تھا کہ والد کے کاروبار میں نمایاں بہتری آگئی۔ تیسرا مہینہ آتے آتے تقریباً آدھا قرضہ اُترگیا۔ وہ لوگ جو اپنی رقوم کی فوری واپسی کے تقاضے کررہے تھے اب ان کے ساتھ چھ سے آٹھ ماہ میں قرض واپسی کے شیڈول طے ہوگئے ہیں۔
محترم ڈاکٹر وقار عظیمی صاحب ! آپ مناسب سمجھیں تو اس وظیفے کو روحانی ڈائجسٹ میں شائع فرمادیں۔ جن ضرورت مندوں کا بھلاہوگا ان کی دلی دعائیں آپ کو ملیں گی ۔۔
جواب: الحمد للہ اس وظیفے کی برکت سے انتہائی سخت مشکلات میں کئی لوگوں کو غیر متوقع طور پر بہت مدد ملی ہے۔ بعض خواتین و حضرات نے مجھے بتایا ہےکہ اس وظیفے کے پڑھنے سے انہیں ایسا لگا جیسے کوئی غیبی مدد آگئی ہو۔
قارئین روحانی ڈائجسٹ کے لیے یہ وظیفہ شایع کیا جارہا ہے۔ تاہم خیال رہے کہ یہ وظیفہ انتہائی سخت ضرورت کے وقت ہی پڑھا جائے۔ اللہ تعالیٰ کے اورپر مکمل بھروسہ رکھا جائے ۔ ان شاء اللہ مشکل ترین حالات میں بھی راستے کھلنا اور مسئلے حل ہونا شروع ہوجائیں گے۔
بچے کی گردن نہیں ٹھہرتی
سوال:میری شادی کو چھ سال ہوگئے ہیں۔ میری دو بیٹیاں ہیں۔ ایک سال پہلے بیٹا پیدا ہوا تو سسرال میں بہت خوشیاں منائی گئیں، بیٹا بھی ماشاء اللہ سے بہت خوبصورت تھا جو بھی دیکھتا تو دیکھتا ہی رہ جاتا۔
جب بچہ چھ مہینے کا ہوا تو مجھے اندازہ ہوا کہ وہ اپنی گردن نہیں سنبھال سکتا، جب اسے گود میں اٹھاتی تو کبھی اس کی گردن دائیں اور کبھی بائیں مڑ جاتی۔ ہم نے بچے کا کافی علاج کرایا لیکن اس کی گردن نہیں ٹھہرتی۔
جواب: کتاب ‘‘روحانی علاج’’ سے ام الصبیان کا علاج کرلیں۔
اس کے علاوہ بچے کی گردن اور کمر پر ہلکے ہاتھ سے نیلی شعاعوں میں تیار کردہ تیل کی مالش کی جائے۔
نئے مکان میں آتے ہی پراسرار واقعات
سوال:ہمارے والد صاحب نے چند سال پہلے کریانے کی دکان کھولی جو ماشاء اللہ سے اچھی چلنے لگی۔ والد صاحب نے گھر بھی دکان کے قریب لے لیا۔
اس مکان میں آئے ہوئے ہمیں چھ ماہ ہوئے ہیں۔ ابھی یہاں ایک ہفتہ ہی ہوا تھا کہ ہمارے کپڑے پراسرار طور پر پھٹنے لگے۔ ایسا لگتا تھا کہ جیسے کسی نے آگ سے جلا کربڑے بڑے سوراخ کردیے ہیں۔ ایک دن والدہ صاحبہ نے دو پٹہ اوڑھا تو اس میں سے پیشاب کی شدید بُو آرہی تھی اور دوپٹے پر دھبے بھی تھے۔ اس کے بعد سے والدہ کے دونوں کانوں میں سائیں سائیں کی آوازیں مسلسل آرہی ہیں۔ اسی ہفتے والد صاحب کے بستر کی سفید چادر پر تین چار چھوٹے چھوٹے دھبےپڑے۔
میرا سر ایک دم بھاری ہوجاتا ہے ایسا لگتا ہے کہ کسی نے میرے سر پر منوں وزن رکھ دیا ہو۔ میں کبھی بہت بدمزاج اور چڑچڑی ہوجاتی ہوں اور مجھے غصہ آنے لگتا ہے۔ اس صورتحال سے سب گھر والے بہت پریشان ہوگئے ہیں۔ ہماری سمجھ میں نہیں آرہا ہے کہ ہمارے ساتھ کیا ہورہا ہے اور کیوں ہورہا ہے….؟
جواب: قرآن پاک کی سورۃ الزلزال ایک بڑے سفید کاغذ پر سیاہ روشنائی سے لکھواکر لکڑی کافریم کرواکر یا پلاسٹک کوٹنگ کرواکر مکان کے اندر دیوار پر لگا دیجیے۔
کم ازکم اکیس دن تک مغرب کے بعد اس مکان میں سورۂ رحمٰن اورسورہ مزمل کی تلاوت کا اہتمام کیجیے ۔ اہل خانہ میں سے کوئی صاحب یا صاحبہ بلند آواز سے تلاوت کرلیں یا پھر کسی اچھے قاری صاحب مثلاً قاری عبدالباسط عبدالصمد کی آواز میں تلاوت سن لیجائے۔
صبح شام سات مرتبہ سورہ فلق، سات مرتبہ سورہ الناس اور تین مرتبہ آیت الکرسی پڑھ کر پانی پر دم کرکے گھر کے چاروں کونوں میں چھڑک دیں۔
شام کے وقت گھر میں لوبان یا کسی اور مناسب لکڑی کی دھونی دیں۔
اولاد پیدا ہوتے ہی انتقال کر جاتی ہے
سوال:میری عمر تیس سال ہے۔ میری شادی چار سال پہلے میرے چچا زاد سے ہوئی تھی۔ شادی کے پہلے سال ہی بیٹے کی پیدائش ہوئی۔ وہ ایک ہفتہ زندہ رہنے کے بعد فوت ہوگیا۔ پھر تیسرے سال بیٹی کی پیدائش ہوئی لیکن وہ مری ہوئی پیدا ہوئی۔
ہم نے کئی لوگوں سے رجوع کیا سب یہی کہتے ہیں کہ اولاد کی بندش کی گئی ہے۔ ہم دونوں کی میڈیکل رپورٹ صحیح ہے۔ پھر پتہ نہیں کیوں ہماری اولاد زندہ نہیں رہتی۔
اب میں پھر اُمید سے ہوں۔ میرے ذہن میں یہ خوف ہے کہ اس بار بھی میرے ساتھ پہلے جیسےنہ ہو۔
جواب: صبح اور شام اکتالیس اکتالیس مرتبہ سورہ آل عمران (3) کی آیت 38 میں سے
رَبِّ هَبْ لِىْ مِنْ لَّـدُنْكَ ذُرِّيَّةً طَيِّبَةً ۖ اِنَّكَ سَـمِيْعُ الـدُّعَآءِ
گیارہ گیارہ مرتبہ درود شریف کے ساتھ پڑھ کر شہد پر دم کردیں۔یہ دم کیا ہوا شہد میاں بیوی دونوں پی لیں۔یہ عمل کم از کم نوے روز تک جاری رکھیں۔
شام کے وقت 101 مرتبہ اسم الٰہی یا قوی ، گیارہ گیارہ مرتبہ درود شریف کے ساتھ پڑھ کر پانی پر دم کرکے پئیں اور اپنے اوپر دم کرلیں۔