مرکزی مراقبہ ہال میں مطالعہ قرآن کلاس کے طالب علموں اور دیگر اراکین سلسلہ عظیمیہ کے لیے آڈیو (سماعت) ٹیسٹ، میڈیکل چیک اپ اور خون کا عطیہ دینے کے لیے کیمپ لگائے گئے۔
آڈیو ٹیسٹ کے لیے پاکستان کے معروف آڈیولوجسٹ کنسلٹنٹ شاہد اختر راجپوت اور آڈیو لوجسٹ کنسلٹنٹ مسز نزہت شاہد نے تقریباً ساٹھ افراد کی سماعت کے ٹیسٹ لیے۔ ان ٹیسٹ سے حاصل ہونے والے نتائج کے پیش نظر بعض افراد کو نیورو فزیشن یا ای این ٹی فزیشن کو ریفر کیا گیا۔
میڈیکل چیک اپ کے لیے ڈاکٹر وقار صغیر، ڈاکٹر رضا عباس اور لیڈی ڈاکٹر عروج پر مشتمل ٹیم نے مطالعہ قرآن کلاس کے طالب علموں کی Lipid Profile, C.B.C اور S.G.P.Tکی رپورٹس ملاحظہ کیں۔ بلڈپریشر اور بلڈ شوگر جانچے گئے۔ جن افراد کو مزید ٹیسٹ یا کسی علاج کی ضرورت معلوم ہوئی انہیں متعلقہ ڈاکٹرز سے ملنے کے لیے کہا گیا۔
حسینی بلڈ بینک کے زیر اہتمام عطیہ خون (Blood Donation) کیمپ میں بڑی تعداد میں مرد و خواتین نے خون کے عطیہ کی پیشکش کی۔ عطیہ دینے کے لیے موزوں افراد سے خون کے عطیات لیے گئے۔
ڈاکٹر وقار یوسف عظیمی نے خدمات انجام دینے والے ڈاکٹرز، لیڈی ڈاکٹرز، آڈیولوجسٹ کنسلٹنٹ ، پیرا میڈیکل کارکنان اور اراکین کا شکریہ ادا کیا۔