Connect with:




یا پھر بذریعہ ای میل ایڈریس کیجیے


Arabic Arabic English English Hindi Hindi Russian Russian Thai Thai Turkish Turkish Urdu Urdu

لیموں ۔ بے شمار خوبیوں سے بھرپور کھٹاکھٹا رسیلا پھل!


بے شمار خوبیوں سے بھرپور کھٹاکھٹا رسیلا پھل! لیموں

گرمیوں میں لیموں کے تازے تازے رس سے سکنجبین ، اسکوائش، کاک ٹیل و دیگر فرحت بخش مشروبات تیار کرکے استعمال کریں اور شدید گرمی میں بھی رہیں ہشاش بشاش، فٹ و توانا….! حسن و صحت کے لئے بے شمار خوبیوں کے باعث لیموں کو استعمال کرنے کی ریت صدیوں پرانی ہے۔

یہ کھٹا کھٹا رسیلہ فرحت بخش پھل وٹامن سی سے بھرپور ہونے اور منفرد فرحت بخش کھٹاس رکھنےکی وجہ سے ترش یا سائٹرس (Citrus) پھلوں کی فہرست میں ممتاز مقام کا حامل ہے۔ اپنی ہمہ جہت خوبیوں کے باعث اس رسیلے پھل کو گرم مرطوب خطے کے باسی بالخصوص وسط ایشیائی ممالک بشمول انڈیا پاکستان میں بسنے والے افراد ایک امرت پھل قرار دیتے ہیں۔ لیموں میں شامل اسکاربک ایسڈ (وٹامن سی) اور سٹرک ایسڈ اس مختصر سے پھل کو بے شمار خوبیوں سے بھرپور بناتے ہیں۔ یہ ہر موسم میں اپنی بہار دکھانے کے لیے دستیاب ہوتا ہے ۔
برصغیر پاک و ہند میں اس کی کاشت سال میں دو مرتبہ جولائی تا اگست اور فروری تا مارچ ہوتی ہے۔
لیموں کی صحت بخش خوبیوں کا ادراک ہونے کے باعث یہاں کے باشندے لیموں کو اپنی یومیہ خوراک کا خاص حصہ بنائے ہوئے ہیں۔ جبکہ برصغیر پاک و ہند کے باشندے بارش بوندی یعنی ساون بھادوں یا مون سون کے موسم میں لیموں کا استعمال دیگر موسموں میں استعمال کی نسبت زیادہ کرتے ہیں۔ اس کی وجہ اس نم آلود موسم میں فری ریڈیکلز (Free Radicals) سے جسم کے مدافعتی نظام (Immune System) کا متاثر ہو اور اسہال، قے دوستوں و دیگر بظاہر معمولی محسوس ہونے والی جسمانی خرابیوں بشمول نظامِ انہضام کی جملہ خرابیوں کی درستگی کے لیے دیگر موسمی اثرات سے جسم انسانی کو محفوظ رکھنے کے لیے لیموں مفید ثابت ہوا ہے۔ لیموں ایک رسیلے پھل، ایک بہترین دوا اور ایک کرشماتی حسن افزاء نیچرل پروڈکٹ کی حیثیت سے خاص شہرت کا حامل پھل ہے اور اس حوالے سے لیموں کے رس کو بڑی مقدار میں استعمال کیا جاتا ہے۔ لیموں کے استعمال کا سب سے بہترین و کارآمد طریقہ اس کے رس میں پانی ملاکر اس کی تیزی میں معمولی کمی کرکے استعمال کرنا یا پھر اسے پروسس شدہ غذا یا مشروب جیسے شربت، اچار اور اسکوائش وغیرہ کے طور پر استعمال کرنا ہے۔ اس کے علاوہ یہ ذائقہ بڑھانے والے ایک قدرتی ٹیسٹ میکر کی حیثیت بھی رکھتا ہے۔ کچے پھلوں و سبزیوں کی کٹی ہوئی پھانکوں پہ اس کا رس نچوڑیں یا فروٹ سلاد وغیرہ پہ اس کا رس چھڑکیں ۔ یہ پھل سبزیوں کے ناصرف رنگ خراب ہونے سے بچاتا ہے بلکہ ان کے ذائقے میں خوشگواریت پیدا کرتا ہے۔ اس کے علاوہ پکے ہوئے کھانوں یا بالخصوص پکی ہوئی سبزیوں گوشت اور دالوں کی ڈش پہ لیموں کا رس نچوڑیں ساسز، سوپس اور گریوی پر بھی اور ناصرف کھانے کی لذت میں بے حد اضافہ کریں بلکہ ان ڈشز کو غذائیت سے بھرپور خوراک کی فہرست میں بھی شامل کریں۔

صحت کے رنگ بکھیرتی ترشی :

لیموں بہترین غذائی اجزاء بشمول وٹامن سی(اسکاربک ایسڈ) سٹرک ایسڈ، کیلشیم اور فارسفورس سے بھرپور پھل ہے۔

ہضم کی خرابیاں :

نظامِ انہضام (Digestive System) کی جملہ خرابیوں کی درستگی کے لیے لیموں کا استعمال برسوں سے ایک ادویاتی پھل کی حیثیت سے کیا جارہا ہے۔ منہ میں تھوک زیادہ پیدا ہونے لگے، بد ہضمی، اُلٹی، قے، سر چکرانے اور معدے میں تیزابیت کے خاتمے کے لیے ایک چائے کا چمچ لیموں کے رس میں شہد ملاکر چاٹتے رہنے سے طبیعت کی بحالی میں فوری مدد ملے گی۔ اس کے علاوہ ایک گلاس پانی میں ایک چائے کا چمچ لیموں کا رس اور ایک چٹکی کھانے کا سوڈا (سوڈیم بائی کاربونیٹ) ملاکر پینے سے معدے کی تیزابیت میں فوری آرام ملتا ہے۔
دائمی قبض (Constipation) کے مریض اگر نہار منہ گرم پانی میں ایک لیموں کا رس نچوڑ کر استعمال کریں تو اس پریشان کن مرض سےجلد چھٹکارہ ملجائےگا۔
جبکہ کچھ دائمی یا پیچیدہ امراض کے خاتمے کے سلسلے میں بھی لیموں کا استعمال موثر ثابت ہوتا ہے۔

موسمی اثرات سے تحفظ:

گرمی ہو یا سردی لیموں کا استعمال دونوں موسموں کے برے اثراتِ سے جسمِ انسانی کو تحفظ فراہم کرتا ہے۔ وٹامن سی کی کثیر مقدار کے سبب یہ جسم کے معدافعتی نظام کو قوت بخشتا ہے۔ لیموں کی وجہ سے گرم و سرد موسم میں بکثرت پائے جانے والے (Free Radicals) جو سردرد، بخار، نزلہ زکام، کھانسی، ٹانسلز، گھبراہٹ، متلی، بے چینی، دست و چڑچڑاہٹ کا سبب بنتے ہیں، وہ جسمِ انسانی کو گزن پہچانے سے قاصر رہتے ہیں۔
سردیوں میں نیم گرم پانی میں لیموں کا رس اور شہد ملاکر استعمال کریں اور گرمیوں میں لیموں کے تازے تازے رس سے سکنجبین ، اسکوائش یا کاک ٹیل مشروبات تیار کرکے استعمال کریں اس طرح موسمی شدت سے بآسانی محفوظ رہا جاسکتا ہے۔

دیگر امراض میں مفید:

لیموں نقرس ( Gout) سوجے ہوئے مسوڑھوں، ہڈیوں و جوڑوں کی سوجن کو رفع کرنے کے ساتھ ارتھرائیٹس (Arthritis) جیسے مرض سے شفایابی بخشنے والے بہترین پھل کی حیثیت رکھتا ہے۔ وٹامن سی کی کثیر مقدار جوڑوں و پٹھوں کے ٹشوز (Connective Tissues) کو طاقتور بناتی ہے۔
ایک گلاس نیم گرم پانی میں ایک عدد لیموں کا رس اور چار چائے کے چمچ شہد ملاکر ایک چٹکی لاہوری نمک (پسا ہوا) ڈال کر مکس کریں اور آہستہ آہستہ نوش فرمائیں۔
یہ مشروب ناصرف ٹشوز کی مضبوطی کے لیے مفید ہے بلکہ زائد وزن سےپریشان افراد کے جسم میں جمی ہوئی غیر ضروری چکنائی کو تیزی سے تحلیل کرکے جسم سے خارج کرنے اور اعصابی ٹشوز Nerve Tissue پر بھی سکون بخش اثرات مرتب کرتا ہے۔ اس مقصد کے لیے نیم گرم پانی میں لیموں کا رس ملاکر نہار منہ دو سے تین ماہ تک باقاعدگی کے ساتھ استعمال کریں۔ اس دوران چکنائی سے پُر غذائی کے بجائے ہلکی پھلکی غذا، تازے پھل و سلاد کو اپنی عمومی خوراک کا حصہ بنائیں سوئیٹ ڈشز، جنک فوڈ و سوڈا مشروبات سے پرہیز بھی ضروری ہے۔

حسن افزاء پھل:

یہ کھٹا کھٹا رسیلا مزیدار پھل ناصرف فرحت بخش مشروبات تیار کرنے اور کھانوں کو منفرد ذائقہ عطا کرنے کے سلسلے میں بکثرت استعمال کیا جاتا ہے ،بلکہ رنگ و روپ نکھارنے اور بہترین حسن افزاء خوبیوں سے بھرپور ہونے کی وجہ سے بھی اسے ایک ممتاز مقام حاصل ہے۔
ذیل میں لیموں کے ذریعے آرائشِ حسن کے حوالے سے چندمفید نسخے درج کیے جارہے ہیں۔

  •  گوری رنگت کے حصول کے لیے چکنی جلد کی حامل خواتین لیموں کے ٹکڑے آہستہ آہستہ جلد پر ملیں۔ اس سے جلد پر جمی یا ہر وقت پھیلی رہنے والی چکنائی کا خاتمہ ہوگا لیموں ملنے کے پندرہ منٹ بعد ٹھنڈے پانی سے چہرہ دھوئیں۔
  •  شاداب و جواں جلد کے لیے آدھا چائے کا چمچ دودھ میں آدھا چائے کا چمچ گاجر کا رس یا کھیرے کا رس اور چند قطرے لیموں کا رس ملاکر روئی کے پھائے کی مدد سے جلد پر لگائیں پندرہ سے بیس منٹ تک لگا رہنے دیں اس کے بعد ٹھنڈے پانی سے چہرہ دھوکر صاف کرلیں۔  
  • اگر سورج کی تمازت سے جلد کی رنگت سیاہی مائل ہوگئی ہے تو ملائی والے دودھ میں لیموں کا رس ملائیں۔ دو کپ گاڑھے ملائی دار دودھ میں دو لیموں کا رس ملائیں اور جلد پر خوب اچھی طرح لگا کر آدھا گھنٹہ تک ٹھنڈی جگہ پرلیٹ جائیں۔ اس کے بعد سادے پانی سے جلد دھوکر صاف کرلیں ہفتے میں دو مرتبہ یہ عمل کریں ۔
  •  بالوں کی صحت ، مضبوطی و بہترین نشوونما کے لیے آملے کے تیل میں لیموں کا رس ملاکر رات میں روزانہ مساج کریں۔ ناصرف بال جھڑنا رک جائیں گے بلکہ ان کی سیاہی و چمک میں بھی خوب ہو گا۔

یہ بھی دیکھیں

بچوں کا قد بڑھانا ہے….؟

  مناسب خوراک لینے کے بعد بھی اپنی عمر کے لحاظ سے بچو ں کا ...

ڈی ٹاکس واٹر ۔ اب گھر میں بنائیں

ڈی ٹاکس واٹر ۔ اب گھر میں بنائیں ڈبوں کے مشروبات کو بائے بائے کہئے ...

Bir cevap yazın

E-posta hesabınız yayımlanmayacak. Gerekli alanlar * ile işaretlenmişlerdir