Connect with:




یا پھر بذریعہ ای میل ایڈریس کیجیے


Arabic Arabic English English Hindi Hindi Russian Russian Thai Thai Turkish Turkish Urdu Urdu

مائنڈ فُلنیس – 6

 قسط نمبر 6

 ایکسپرٹ اپنے مریضوں کو مائینڈفلنیس کے بارے میں سمجھاتے ہوئے ایک چارٹ بناتے ہیں….اس کی وضاحت کچھ اس طرح سے ہوتی ہے۔
آئیے اس بات کو مزید آسان الفاظ میں سمجھنے کی کوشش کرتے ہیں ۔

 

 

مائینڈ فلنیس ایک سائنس ہے اور یہ ایک ایسا آرٹ بھی ہے جو آپ کوآپ سے ملاتا ہے ۔ روزمرہ کے کاموں کے دوران ہمارا دھیان اس کام سے زیادہ دیگر خیالات اور سوچوں میں الجھا ہوا ہوتا ہے۔ مثال کے طور پر آپ کسی دعوت سے رات میں دیر سے گھر واپس آئے ،صبح دیر سے آنکھ کھلی۔ آپ کو آفس پہنچنے میں دیر ہوگئی ۔نتیجے میں سارا دن آپ کا موڈ آف رہا آپ سارادن ایک مشین کی طرح کام تو کرتے رہے مگر صبح صبح ہونے والی زرا سی بھگدڑ کے بارے سارادن سوچتے رہے ۔ ایسا تقریباً سب کے ساتھ ہوتا ہے ۔ آپ کھانا پکا رہے ہیں مگر آپ کا دھیان گھڑی کی سوئیوں کی جانب ہے ۔یا پھر اس بات پر کہ آج شام میں فلاں جگہ جانا ہے، کہیں دیر نہ ہوجائے ،پتا نہیں بل جمع ہوا ہوگاکہ نہیں ہوا، یا پھر یہ کہ لنچ تو بنالیا ۔ اب ڈنر میں کیا بنایا جائے، کل سالن تو کسی کو پسند نہیں آیا تھا ۔آج شا م کے لئے کیا بناؤں ۔

مائنڈ فلنیس ایک ایسا آرٹ بھی ہے جو آپ کو آپ سے ملاتا ہے۔


کہنے کو تو یہ روزمرہ کی پلاننگ ہے ۔مگر اس کا بھی ایک وقت بنائیے۔ ا س طرح مسلسل کسی سوچ میں ڈوبے رہنا محض ،تھکاوٹ اور منتشر خیالی کا باعث بنتا ہے۔یہ بہت ضروری ہے کہ آپ جس وقت جو کام کررہے ہیں اس کے ساتھ انصاف کرتے ہوئے مکمل وقت اور توجہ اس کام پر ہی مرکوز کیجئے۔ اس سے آپ خود نوٹس کریں گے کہ آپ کا وقت بھی بچے گا اور آپ کو تھکاوٹ بھی کم ہوگی۔


آج بات کرتے ہیں اپنے ان دوستوں کی جو ہروقت مصروف رہتے ہیں ۔یا وقت کی کمی کا شدت سے گلہ کرتے ہیں۔ ایسے دوست عموما یہ کہتے نظر آتے ہیں کہ یاربہت بزی ہوں سر کھجانے کی بھی فرصت نہیں ملتی۔ اور آپ ایسے لوگوں کو فورا پہچان بھی لیں گے۔ ان کی اڑی اڑی رنگت، ماتھے پر شکنیں، چہرے پر تھکاوٹ۔ جب صبح سو کر اٹھتے ہیں تو آنکھیں اتنی سوجھی ہوئی ہوتی ہیں جیسے اب سونے جارہے ہیں یعنی صبح کی تازگی سے بالکل عاری۔ ہر وقت کسی ٹرین میں سوار محسوس ہوتے ہیں۔ کہیں بیٹھے بھی ہوں تو سیل فون پر مسلسل اپنے کاروباری معاملات ڈیل کرتے نظر آتے ہیں۔اور تو اور خواتین جو ہمہ وقت خود کو گھر کے چھوٹے چھوٹے کاموں میں الجھائے رکھتی ہیں اکثر محفل میں اپنی مصروفیت پر ہی تذکرہ کرتی نظر آتی ہے۔ کبھی ماسی کے نہ آنے کا موضوع تو کبھی بچوں کی شرارتیں اور پھر ان کی گرم مزاجی سے آگے بات بڑھ ہی نہیں پاتی۔لو جی زندگی تمام ہوئی ۔اتنا وقت ہی نہیں ملا کہ کبھی اپنی زات سے ملتے اور قدرت کی خوبصورتی کے گن گاتے ۔

مائینڈ فلنیس ایکٹویٹی 

مصرُوفـ لوگوں کے لئے  

  1. ۔آپ اپنے انتہائی مصروف ترین دن میں سے اپنے آپ کو صرف پانچ منٹ دیجئے۔
  2. ۔آپ کا سارا دن بہت مصروف ہے بس کسی بھی ایک کام کا انتخاب کرلیجئے جسے آپ مائینڈ فلنیس کے ساتھ کریں گے۔یہ کوئی بھی کام ہوسکتا ہے ،مثال کے طور پر صبح یا شام کی چائے، تھوڑی دیر کی چہل قدمی کرلیجئے ، یا پھربرتن یا کپڑے دھونے کا کام۔اگر آفس میں ہیں توچائے ٹائم، یا پھر آفس سے کینٹین تک کی واک ، جو ہوسکتا ہے کہ محض دو سے تین منٹ کی ہو ، آپ مائینڈ فلنیس سے کیجئے ۔
  3. ۔اب جو بھی اس پانچ منٹ کے لئے آپ کریں اس پر اپنا پورا فوکس رکھئے ۔آپ کیا کررہے ہیں ۔اس کام کو دیکھئے ، سنئے ، محسوس کیجئے ، سانس لییجئے ، ماحول میں رچی مہک کوسونگھئے ،چھوکر محسوس کیجئے۔
  4. ۔یہاں ہم وضاحت کے لئے ایک مثا ل برتن دھونے کی لے لیتے ہیں۔ فرض کریں آج آپ کی ماسی نہیں آئی اب آپ کو برتن خود ہی دھونے ہیں۔کام بھی زیادہ ہے مگر سب کچھ تھوڑی دیر کے لئے بھول کر صرف پانچ منٹ کے لئے خود کو ترجیح دیجئے ۔
  5. ۔خود کو اس ایکٹوٹی کے لئے تیار کیجئے
  6. ۔اب جب آپ برتن دھونا شروع کررہی ہیں ۔تو آپ کا دھیان صرف آپ کے ہر عمل پر ہے ۔
  7. ۔بہتے پانی کی آواز پر دھیان دیجئے ۔
  8. ۔جو واشنگ ڈٹرجنٹ آپ استعمال کرتی ہیں۔اسے اپنے ہاتھوں کی کھال پر محسوس کیجئے ۔کیا اس کا احسا س سلکی یا ریشمی سا ہے؟ ۔یا پھر تھوڑا دانے دار ہے یا پھر کوئی اور احسا س ہے۔
  9. ۔اس کی خوشبو کیسی ہے ۔ عموما واشنگ ڈٹرجنٹ کی خوشبو بہت اچھی ہوتی ہے۔ اسے انجوائے کیجئے ۔
  10. ۔اس دوران دیکھئے کہ پانی میں بلبلے بنتے ہیں۔ انھیں نوٹس کیجئے ۔جب وہ پھٹتے ہیں تو ان کی آواز کو سنئے ۔
  11. ۔اس دوران آپ کا دھیان جیسے ہی بٹنے لگے خود کو واپس اپنے ٹاسک پر لائیے ۔
  12. ۔اپنے ہر سٹیپ پر غور کیجئے ۔آپ نے برتن دھوئے انہیں اسٹینڈ میں رکھا۔
  13. ۔آپ کے برتنوں میں کیسی چمک آئی ہے۔ اسےدیکھئے
  14. ۔آپ کے ہاتھوں کی کھال پر اس کا کیا احسا س ہوا۔محسوس کیجئے
  15. ۔آپ نے کوئی موئسچرائز استعمال کیا اس کی خوشبو، آپ کے ہاتھوں پر اس کا احساس کیسا لگ رہا ہے ۔
  16. ۔آپ کا برتن دھونے کا یہ تجربہ کیسا رہا ،اچھا یا برا، آپ نے کیسا محسوس کیا۔ بغیر کسی وضاحت کے اسے جاننے کی کوشش کیجئے ۔
  17. ۔ اچھا لگا تو اچھا اور اگر برا لگا تو برا۔ اس کی کوئی صفائی پیش مت کیجئے۔
  18. ۔اور بس آپ کی یہ مائینڈ فلنیس ایکٹویٹی مکمل ہوگئی۔
  19. ۔اب آپ پھر سے مصروف ہونے کئے تیار ہیں ۔
  20. یہاں سہلیوں سے درخواست ہے کہ برتن دھونے کا پڑھ کر گھبرا مت جائیے گا ۔یہ ایک مثال ہے۔ آپ کوئی اور ایکٹویٹی بھی لے سکتی ہیں جو بھی چاہے ۔ مگر کیجئے گا اسے پوری ایمانداری یعنی مائینڈفلنیس کے ساتھ ۔

 

Mindfulness Day

 مائینڈ فلنیس ڈے 

مائینڈ فلنیس ایکسپرٹ کہتے ہیں کہ اگر ہفتے میں کوئی ایک دن بھی آپ مائینڈفلنیس کے ساتھ گزاریں تو اس کی افادیت جاننے میں آپ کو برس لگ جائیں گے۔ یہ ایسے افراد کے لئے انتہائی مفید ہے جو کسی بھی طور خود کو مصروفیت کے جال سے باہر نہیں نکال پاتے ۔جیسے جیسے وہ یہ ایک دن مائینڈ فلنیس کے ساتھ گزارتے ہیں۔ انھیں احساس ہوتاہے کہ وہ ایک خود ساختہ جال میں قید تھے۔ اس آگہی پر وہ قدرت کے شکرگزار بھی ہوتے ہیں ۔
اگر مائینڈ فلنیس کی یہ مشق آپ پابندی سے کرتے رہے تو بہت جلد آپ خود اپنے اندر ایک مثبت تبدیلی محسوس کریں گے۔یہ مشق آپ کی پورے ہفتے کی تھکاوٹ اور زائل شدہ توانائی کوپھر سے بحال کرے گی۔ سب سے بڑھ کر یہ کہ یہ عمل آپ کو اپنے موجودہ لمحے سے لطف اندوز ہونا سکھاتا ہے ۔ اب اس کا کیاطریقہ کار ہے۔ آئیے مرحلہ وار آپ کو بتاتے ہیں ۔

  1. ۔ آپ پورے ہفتے کا کوئی ایک دن منتخب کرلیجیئے۔ جس دن آپ خود کو دیگر مصروفیات سے آزاد رکھ سکیں۔
  2. ۔ اس دن کو مائینڈفلنیس ڈے نام دیجئے ۔کیونکہ اس دن آپ نے ہر کام مائینڈفلنیس سے کرنا ہے ۔
  3. ۔یہ ہفتہ بھی ہوسکتا ہے یا اتواریا کوئی اور دن ہوسکتاہے ۔
  4. ۔ اس دن کی صبح جب آپ کی آنکھ کھلے گی تو آپ جلدی سے بستر چھوڑ کر باتھ روم کی جانب نہیں دوڑیں گے اور نہ ہی دوسروں کو جاگنے کے لئے آوازیں لگائیںگے۔
  5. ۔آنکھ کھلنے کے بعد تھوری دیر لیٹے رہئے۔
  6. ۔اپنے چہرے پر ایک ہلکی سی مسکان لائیے اور بہت آرام سے پرسکون اندازمیں بستر چھوڑیئے۔
  7. ۔اب آج کے دن یہ ایک ہلکی سی مسکراہٹ آپ کی شخصیت کا حصہ ہے ۔
  8. ۔جب دانت برش کرنا شروع کریں تونوٹس کیجئے کہ جب برش آپ کے دانتوں کو چھوتے ہیں اس میں سختی ہے یا نرمی ، اس کو محسوس کیجئے ۔ٹوٹھ پیسٹ کونسا استعمال کررہے ہیں اس کا رنگ، اس کا زائقہ کیسا محسوس ہورہا ہے ۔
  9. ۔اب جب منہ دھونے کی باری آئی تو صابن کی مہک کیسی ہے؟ یہ آپ کی اسکن پر کیسا احساس دے رہا ہے ؟محسوس کیجئے کہ پانی ٹھنڈا ہے یا گرم ۔جب آپ پانی کے چھپکے منہ پر مارتے ہیں تو کیسا لگ رہا ہے ۔اس تازگی کے احساس سے لطف اندو زہوئیے۔
  10. ۔ٹھنڈے پانی کی بوندیں چہرے پر پھسلتی جاتی ہیں اور ایک ٹھنڈک کے ساتھ بڑی اچھی سی سینسیشن بھی ہوتی ہے ۔آپ اسے انجوائے کیجئے اور خدا کا شکراداکیجئے۔
  11. ۔تو جناب یہ ہیں آپ کے مائینڈ فلنیس ڈے کی شروعات ۔ اب آج کے دن کوئی بھی کام الجھن میں نہیں کرنا۔آج آپ جو بھی کام کریں اسے پورے دھیان اور انہماک سے کیجئے ۔
  12. ۔ہر مرحلہ پر اپنی پوری توجہ مرکوز رکھیئے ۔
  13. ۔ایکسپرٹ کہتے ہیں کہ آپ کی توجہ اپنے موجودہ لمحے پر اتنی زیادہ مضبوط ہونی چاہیئے کہ وہ لمحہ آپ کو یاد رہ جائے ۔
  14. ۔اس دوران آنے والے ہر خیال اور سوچ کو رد کرتے چلے جائیے ۔
  15. ۔آج کے دن آپ کی ڈیوٹی ہے کہ اپنے خیالات کو بھٹکنے نہیں دینا۔
  16. ۔اپنا پورا فوکس اسی کام اور لمحے پر رکھنا ہے جو آپ انجام دے رہے ہیں۔ چاہے وہ گھر کے کام ہوں ، لان یا صحن کی دھلائی ہو یا گاڑی کی مرمت ، اگر کچھ نہیں تو اپنے لئے چائے بنائیے ، اس دوران پانی میں جوش آنے سے پتی کے رنگ آنے تک اور پھر اس کی خوشبو، واہ…. گہری سانس لیجئے اور ہلکا سامسکرائیے۔
  17. ۔چائے کا کپ لے کر کسی آرام دہ جگہ بیٹھئے۔ اوروں کے لئے بھی چائے بنائیے اور ان لمحات کو، چائے کے ذائقے کو سب کے ساتھ انجوئے کیجئے ۔
  18. ۔اگر اس دوران کوئی آپ سے جلدی کرنے کو کہتا ہے تو خود کو ریلیکس رکھیئے کیونکہ آج تو آپ نے گھڑی بالکل بھی نہیںدیکھنی۔
  19. ۔اس کا مطلب یہ نہیں کہ آج آپ کسی سے ملیں گے نہیں یا کوئی سوشل ایکٹوٹی نہیں کرسکتے
  20. ۔بالکل کرسکتے ہیں مگر مائیند فلنیس کے ساتھ ۔پرسکون اور ہر لمحہ کو محسوس کرتے ہوئے ۔
  21. ۔ آج آپ جلدی میں نہیں ہیں ۔آج آپ اپنے ہر قدم کو، اپنے ہر عمل کو اور اپنے جسم کی ہر حرکت کو محسوس کریں گے ۔
  22. ۔اس دوران آنے والے ہر خیال کو رد بھی کرتے جائیں گے۔
  23. ۔رات ہو گئی اور آج کا دن بہت ریلیکس اور پرسکون گزرا ۔بستر پر نیم دراز ہوتے وقت اپنے جسم کے ہر حصے میں آرام کو محسوس کیجئے اور سوچئے کہ آج کا یہ مائینڈ فلنیس کا تجربہ کیسا رہا۔
  24. ۔یاد رہے آپ نے فیصلہ کن نہیں بننا۔یعنی غیرجانبدار رہنا ہے ۔اچھا ہو یا برا جیسا محسوس ہو اسے ویسا ہی کہنا ہے ۔
  25. ۔اپنی آ یانکھوں کے ڈیلوں پر نیند کی آمد کو محسوس کیجئے ۔اسے خوش آمدید کہیئے ۔
    اللہ کا شکر ادا کیجئے کہ ا سنے آپ کو کتنی نعمتوں سے نوازا ہے ۔
  26. ۔اب آپ پورا ایک ہفتہ مصروفیت میں گزارنے کے لئے ری چارج ہیں ۔

 

  نوٹـ:یاد رکھنے کی باتیں 

آج آپ کا مائینڈ فلنیس ڈے ہے۔ اس کی یاد دہانی کے لئے آپ یہ بھی کرسکتے ہیں چھوٹے کارڈز پر مسکراتے چہرے ذرا کرسکتے ہیں۔ ان کے درمیان مائینڈ فلنیس ڈے لکھ کر مختلف جگہوں پر سجا دیجئے ۔لان میں، یا بیڈکے سراہنے ، کچن کے کسی کونے پر ،لاوئنج میں کہیں بھی سجادیجئے ۔
دوستو….! یہ تو بات ہوئی مصروفیت میں مائیندفلنیس پریکٹس کی۔آنے والی قسط میں ہم بات کریں گے ان لوگوں کی جنہیں شکایت ہے کہ ان کی سوچ منجمد ہوگئی ہے یا انہیں لگتا ہے ان کی میں کوئی احساس باقی نہیں رہا۔ اور ہاں مون سون کی ابتداء ہوچکی ہے ۔ پاکستا ن کے بہت سے علاقوں میں لوگ ابرِ رحمت سے فیض یاب ہورہے ہیں۔اگلی قسط میں ہم بھی کچھ بات کریں گے مائینڈ فلنیس کے ساون کی ۔مائینڈ فلنیس کا یہ ساون آپ کو کس طرح سیراب کرے گا۔ اس کے لئے انتظار کیجئے اگلی قسط کا۔

 

                         (جاری ہے)

تحریر : شاہینہ جمیل

;

 

یہ بھی دیکھیں

مائنڈ فُلنیس – 17

   قسط نمبر 17       دوسروں کے ساتھ حسنِ سلوک آپ کی اچھی ...

مائنڈ فُلنیس – 16

   قسط نمبر 16       ایک سیانے کا قول ہے : ‘‘پریشانی اور ...

Bir cevap yazın

E-posta hesabınız yayımlanmayacak. Gerekli alanlar * ile işaretlenmişlerdir