جنات، آسیب، شر، سحر،حسد، نظربد اور خوف سے نجات کے لیے دعائیں اور وظائف
جنات، آسیب، سحر، حسد، نظر بد، شر، ناگہانی آفات سے حفاظت، ڈر و خوف سے نجات ، مصائب و مشکلات سے نجات ، مختلف مسائل کے حل اور قلبی و روحانی سکون کے لئے انبیاء ، اولیاء، صوفیاء ، بزرگانِ دین اورعلمائے کرام نے دعائیں اور وظائف تجویز فرمائے ہیں۔ ان صفحات پر چند وظائف اور دعائیں دی جارہی ہیں۔
دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی رحمتیں، نعمتیں اور برکتیں ہمیشہ ہمارے اوپر رہیں، شیطان کی چالوں، حاسدوں کے شر، مخالفوں کی شرارتوں سے، ہر طرح کے مکرو فریب سے ہماری حفاظت ہو۔ آمین ثم آمین
ابن عباس ؓسے روایت ہے کہ تم میں سے کوئی شخص کسی سے خوف کھائےتو رحمۃ للعالمین حضرت محمد مصطفیﷺ کی عطا کردہ یہ دعا تین مرتبہ کہے:
اللهُ أكْبَرُ، اللهُ أعَزُّ مِنْ خَلْقِه جَمِيعاً، اللهُ أعَزُّ مِـمَّا أخَافُ وأحْذَرُ، أعُوذُ باللـهِ الذِي لَا إِلَهَ إلاَّ هُوَ، الـمُمْسِكِ السَّـمَواتِ السَّبْعِ أنْ يَقَعْنَ عَلَى الأرْضِ إِلاَّ بإذْنِهِ، مِنْ شَرِّ عَبْدِكَ فُلانٍ، وُجُنُودِهِ وَأتْبَاعِهِ وأشْيَاعِهِ، مِنَ الجِنِّ والإنْسِ، اللَّهُمَّ كُنْ لِي جَاراً مِنْ شَرِّهِمْ، جَلَّ ثَنَاؤُكَ، وَعَزَّ جَارُكَ، وتَبَارَكَ اسْمُكَ: وَلَا إِلَهَ غَيْرُكَ[ ادب المفرد، بخاری]
اگر کسی قوم، حکمران یا طاقتو رشخص سے خوف ہو تو اس دعا کا بکثرت سے ورد کیا جائے۔
اَللّهُمَّ إِنَّا نَجْعَلُكَ فِيْ نُحُوْرِهِمْ وَنَعُوْذُ بِک مِنْ شُرُوْرِهِمْ [ ابی داؤد ]
دہشت اور گھبراہٹ کے دوران ، ظالم لوگوں اور فساد پھیلانے والوں کے شر سے بچنے کے لیے اس دعاکاوردکریں۔
أعُوذُ بِكَلِماتِ اللَّهِ التَّامَّةِ مِنْ غَضَبهِ وَشَرِّ عِبادِهِ، وَمِنْ هَمَزَاتِ الشَّياطِينِ وأنْ يَحْضُرُونِ [ترمذی ]
رسول اللہ ﷺ سے ایک صحابی نے عرض کیا کہ میں جب سے مسلمان ہوا ہوں مجھے ایک درد محسوس ہوتا ہے۔
آپ ﷺنے فرمایا اپنا سیدھا ہاتھ اُس جگہ پر رکھو جہاں درد ہوتا ہے ، پھر تین مرتبہ بسم اللہ کہو اور سات مرتبہ یہ کہتے ہوئے ہاتھ پھیرو کہ
اَعُوْذُ بِاللہِ وَ قُدْرَتِہِ مِنْ شَرِّ مَآ اَجِدُ وَ اُحَاذِرُ
‘‘میں اللہ اور اس کی قدرت کی پناہ مانگتا ہوں اُس چیز کے شر سے جس کو میں محسوس کرتا ہوں اور جس کے لاحق ہونے کا مجھے خوف ہے’’۔
عثمانؓ بن ابی العاص نے کہا کہ اس دعا کے بعد میرا وہ درد جاتا رہا ، اور اِسی دعا کی تعلیم میں اپنے گھر والوں کو بھی دیتا ہوں۔
آسیب و جنات سے بچاؤ
حضرت بابا فرید ؒ فرماتے ہیں کہ جنات ، آسیب کے شر اور ظالموں کے ظلم سے محفوظ رہنے کے لئے یہ آیت پڑھی جائے۔
رَبِّ اجْعَلْ هَـٰذَا الْبَلَدَ آمِنًا وَاجْنُبْنِي وَبَنِيَّ أَن نَّعْبُدَ الْأَصْنَامَ
[سورۂ ابراہیم (14): آیت 35]
قرآنی اوراو وظائف کی کتب میں تحریر ہے کہ سورۂ نوح (سورہ نمبر 71) پڑھی جائے تو ان شاء اللہ وہاں آسیب ، جنات ، دیو ، پری وغیرہ نہیں رہے گے اور وہ جگہ ہر قسم کی آفات و بلیات سے محفوظ رہے گی۔
اگرکسی شخص پر آسیب یا جنات کااثر ہو تو سورہ ٔالطارق (سورہ نمبر 86) کو گیارہ روز تک ایک سو گیارہ مرتبہ پڑھ کر دم کیا جائے اور وہ پانی آسیب زدہ فرد کو پلا دیا جائے ۔
آدمی کی کسی جنگل، بیابان یا کسی ویرانے میں ہو اور کسی بھوت پریت کا خوف ہو تو تیز آواز سے آیت الکرسی پڑھے۔
سحر سے حفاظت
شیح عبدلقادر جیلانی سحر سے حفاظت کے لیے فرماتے ہیں کہ نماز تہجد کے بعد دو رکعت نفل پڑھے اور پھر رسول اﷲﷺ پر گیارہ مرتبہ درود پڑھ کر یہ کلمات کہے جائیں۔
اللّٰهُمَّ إِنِّي أَسْأَلُكَ عِلْمًا نَافِعًا وَرِزْقًا وَاسِعًا وَعَمَلا مُتَقَبَّلا وَشِفَاءً مِنْ كُلِّ دَاءٍ
پڑھ کر سجدہ میں جا کر دعا کریں ۔ ان شاء اللہ سحر سے حفاظت ہوگی۔
نظر بد اور حسد سے حفاظت
ایک مرتبہ حضور پاک ﷺ کی خدمتِ اقدس میں ایسی لڑکی کو لایا گیا جس کا چہرہ نقاہت سے زرد پڑچکا تھا۔ بظاہر بیماری کی کوئی وجہ نہیں تھی۔ حضور ﷺ نے مریضہ کو دیکھ کر فرمایا ‘‘اس پر دَم کراؤ کیونکہ اس کو نظر لگ گئی ہے’’۔
حضرت عبداللہ بن عباس ؓ سے روایت ہے کہ حضور ﷺ اپنے نواسوں حضرت حسن ؓاور حضرت حسین ؓ کے لیے یہ دُعا فرمایا کرتے تھے ، اور فرماتے کہ تم دونوں کے باپ ابراہیم ؑ اسمعٰیل اور اسحق ؑ کے لیے یوں ہی کیا کرتے تھے۔
أَعُوذُ بِكَلِمَاتِ اللَّهِ التَّامَّةِ مِنْ كُلِّ شَيْطَانٍ وَهَامَّةٍ وَمِنْ كُلِّ عَيْنٍ لَامَّةٍ
[صحیح بخاری : کتاب احادیث الانبیاء؛ ترمذی ]
مسلم میں ابو سعیدؓ خُدری کی روایت ہے کہ ایک مرتبہ نبی ﷺ بیمار ہوئے تو جبریل نے آکر پوچھا ”اے محمدﷺ، کیا آپ بیمار ہوگئے“؟آپ نے فرمایا ہاں۔ اس موقع پر حضرت جبریل ؑ نے یہ دعا پڑھی۔
بِاسْمِ اللہِ اَرْقِیْکَ مِنْ کُلِّ شَیٍْ
یُّؤْذِیْکَ مِنْ شَرِّ کُلِّ نَفْسٍ اَوْعِیْنٍ حَا سِدٍ، اَللہُ یَشْفِیْکَ بِاسْمِ اللہِ اَرْقِیْکَ
حضرت عائشہ فرماتی ہیں کہ جب ہم میں سے کوئی آدمی بیمار ہوتا تو رسول اللہﷺ اُس پر اپنا داہنا ہاتھ پھیرتے اور یہ کلمات پڑھ کر دم فرماتے….
أَذْهِبِ الْبَأْسَ رَبَّ النَّاسِ ، وَاشْفِ أَنْتَ الشَّافِي ، لا شِفَاءَ إِلا شِفَاؤُكَ شِفَاءً لا يُغَادِرُ سَقَمًا
[صحیح بخاری؛ صحیح مسلم؛ مسند ابویعلی]
بچوں کو نظر کالگ جانا
اسم مبارک یَا مَانِع ُ کسی تانبے کے پترے پر سات بار کھدواکر اسے بطور تعویذ بچے کے گلے میں ڈال دیں ۔ان شاء اﷲ نظر سے حفاظت ہوگی۔ ایک کاغذ پر اسم مبارک یَا مُمِیْتُ اس طرح لکھا جائے
یَا مُمِیْتُ
یَا مُمِیْتُ یَا مُمِیْتُ
یَا مُمِیْتُ یَا مُمِیْتُ
لکھ کر تعویذ بناکر بچے کے گلے میں پہنا دیا جائے تو ان شاء اﷲ بچے کو نظر نہیں لگے گی۔
نظر بددورکرنے کا عمل
اگرکسی بچے کونظر لگ جائے تو سورۂ قلم
(68)کی آیت 51 آیت تین مرتبہ پڑھ کر دم کردیں یالکھ کر بچے کے گلے میں ڈال دیں۔ انشاء اﷲ تعالیٰ نظرِ بد سے نجات مل جائے گی۔
جو بچے ماشاء اللہ تندرست ، ہنس مکھ یا ذہین ہوتے ہیں ان کو اکثر بڑوں کی نظرلگ جاتی ہے۔ گو یہ بات تعجب خیز ہے لیکن مشاہدہ میں آئی ہے کہ ماں باپ اور بہن بھائی کی بھی نظر لگ جاتی ہے۔ نظر لگنے سے بچہ بے چین ہو جاتا ہے۔ دودھ پینا چھوڑ دیتا ہے ۔ روتا ہے۔ بخار بھی ہو جاتا ہے۔ روز بروز چڑ چڑا اور کمزور ہو تا چلا جاتا ہے۔
ایسی صورت میں بسم اللہ شریف کے بعد سورۂ کوثر پڑھ کر بچے کے منہ پر پھونک ماریں۔
خواب یا اندھیرے میں ڈرنا
اگر کوئی سوتے میں ڈرجائے یا نیند کے بعد گھبراہٹ اور پریشانی محسوس ہو جس سے نیند اچٹ جائے تو یہ تعوذ چند مرتبہ پڑھیں
أعُوذُ بِكَلِماتِ اللَّهِ التَّامَّةِ مِنْ غَضَبهِ وَشَرِّ عِبادِهِ، وَمِنْ هَمَزَاتِ الشَّياطِينِ وأنْ يَحْضُرُونِ
سورہ قریش (سورہ نمبر 106) کو سات دن تک روزانہ اکتالیس مرتبہ پڑھ کر پانی پر دم کرکے بچےکوپلائیں۔
حاسد یا دشمن کا شر
فجر کی نماز کے بعد یا رات کو سونے سے پہلے اول آخر گیارہ گیارہ مرتبہ درودِ شریف کے ساتھ
بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمْ
نَصْرٌ مِّنَ اللَّهِ وَفَتْحٌ قَرِيبٌ
سومرتبہ پڑھ کر سینہ پرپھونک ماریں۔ انشاءاللہ حاسد اور دشمنوں کے شر سے محفوظ رہیں گے۔
وضو کرکے فجر کی نماز کے بعد سو مرتبہ درود شریف پڑھ کر سورہ قریش ایک ہزار مرتبہ پڑھے پھر سو مرتبہ درود شریف پڑھے اور ہاتھ اٹھا کر نہایت عجز و انکساری کے ساتھ دعا کریں۔ان شاء اﷲ دشمنوں کے خوف ،شر سے محفوظ رہے گا۔
جس کو کسی دشمن کا خوف ہو یا کسی طرح کی بلا و مصیبت درپیش ہو وہ کثرت سے پڑھا کرے۔
فَاللّـٰهُ خَيْـرٌ حَافِظًا ؕ وَهُوَ اَرْحَمُ الرَّاحِـمِيْنَ
انشااﷲ تعالیٰ دشواری دور ہوجائے گی۔
اگر خوف گھیرلے اور آدمی خود کو مجبور و محصور محسوس کرنے لگے تو ہر نماز کے بعد طاق اعداد میں یہ دعا پڑھ کر اپنے اوپر دم کرلے
اَللّهُمَّ اسْتُرْ عَوْرَاتِنَا وَآمِنْ رَوْعَاتِنَا
کاروبار میں بندش سے نجات
دشمنوں کے شر سے حفاظت، حسد کے منفی اثرات سے بچاؤ اور روزی پر بندش سے نجات کے لیے اللہ تعالیٰ کے کلام سے مدد اور تحفظ لیجیے۔ صبح کاروبار پر جانے کے لیے گھر سے نکلتے وقت وضو کرلیجیے۔ راستے بھر اللہ تعالیٰ کے اسماء یاحفیظ یامومن یارزاق یاسلام کا ورد کرتے رہیں۔ دکان پر پہنچ کر سات مرتبہ سورہ تغابن (سورہ نمبر 64) کی تلاوت کیجیے۔ گیارہ گیارہ مرتبہ درود شریف کے ساتھ تلاوت کے بعد اپنے اوپر دم کرلیں اور دکان کے چاروں کونوں پر دم کردیں۔ عشاء کی نماز کے بعد اکتالیس مرتبہ آیت الکرسی، گیارہ گیارہ مرتبہ درود شریف کے ساتھ پڑھ کر آمدنی میں اضافے اور روزگار میں برکت کے لیےدعا کیجیے۔ حسب استطاعت صدقہ کرتے رہیں اور ہر جمعرات کم از کم پانچ مستحق افراد کو کھانا کھلا دیا کریں۔
وسوسوں سے چھٹکارا
بابافرید ؒ فرماتے ہیں کہ جب شیطان دل میں کوئی وسوسہ یا خیال ڈالے تو چاہئے کہ سانس کو ناف سے کھینچ کر دل میں حبس کرے اور لا الہ اﷲ کی ضربیں دل پر لگائے۔سورہ عنکبوت دس مرتبہ پڑھنا بھی شیطانی وسوسوں سے محفو ظ رکھتا ہے ۔
اگر کسی شخص کو شیطان بہت تنگ کرتا ہے یا وسواس ِ شیطانی بکثرت آتے ہوں تو اس کو چاہے کہ یہ کلمات تعویذبناکردائیں بازو پر باندھ لے۔ان شاء اﷲ تعالیٰ ان کلمات کی برکت سے شیطان دور ہو جائے گا۔ وہ کلمات یہ ہیں ۔
أَعُوذُ بِكَلِمَاتِ اللَّهِ التَّامَّةِ مِنْ كُلِّ شَيْطَانٍ وَهَامَّةٍ وَمِنْ كُلِّ عَيْنٍ لامَّةٍ
مرگی، جنون و نفسیاتی مسائل
حضرت بابافرید ؒ فرماتے ہیں
‘‘مرگی اورجنون کے مریضوں پر سورہ ٔ حج دم کرنے سے ان شاء اللہ شفاء ہوتی ہے۔’’
شمع شبستان ِ رضا امام احمد رضا خان بریلوی ؒ اور دیگر اکابر اہل سنت کے مجموعہ عملیات کا مجموعہ ہے، اس کتاب کے مطابق امام احمد رضا بریلوی ؒ فرماتے ہیں کہ جس شخص پر آسیب کا شبہ ہو ،ا س کے بائیں کان میں سورۂ ص (38) کی 34 ویں آیت سات بار پڑھ کر دم کریں۔
ایک عمل یہ بھی ملتا ہے کہ مریض کے کا ن میں 7 مر تبہ اذان پڑھیں ،اور سورۂ فا تحہ و معوذتین تین بار ،آیۃ الکرسی اور سورہ طٰہ اور آخر میں سورہ حشر اور پوری سورة الصافات پڑھیں ۔
پانی پر سورہ فاتحہ ، آیت الکر سی اور سورہ جن کی ابتدائی پانچ آیتیں پڑھ کر، پانی پر دم کرکے مریض کے منہ پر چھینٹے ماریں ۔ اور اگر کسی مکان میں جن کا شبہ ہو ، تو مکان کے چا رو ں کو نو ں میں یہ پڑھا ہوا پانی ڈال دیں
کاروبار پر آسیبی اثرات یا سفلی کا شبہ ہو تو اس کے لئے خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب کی کتاب ‘‘ روحانی نماز ’’ کا یہ عمل مفید ہے۔ ایک کاغذ پر اکیس مرتبہ اسم الٰہی یا قھار لکھ کر دکان کے سامنے یا قریب ہرے بھرے درخت کی شاخ میں باندھ دیں ۔ اللہ کے فضل وکرم سے دکان آسیب اور دوسری بلاؤں سے بالکل محفوظ رہے گی ۔ اثر ختم ہونے کے بعد آٹھ ہفتوں تک ایک غریب آدمی کو ہر جمعرات کو کھانا کھلائیں۔
آسیب کا تعویذ
یہ تعویذ کسی مومی کاغذ پر لکھ کر موم جامہ کر کے مریض کے گلے میں ڈال دیں، جمعرات کے روز عصر کے بعد سورج غروب ہونے سے پہلے تعویذ کو کپڑے کے خول سےنکالے بغیر لوبان کی دھونی دیں۔
[کتاب : روحانی علاج : خواجہ شمس الدّین عظیمی]
ناگاہی آفاتِ ارضی و سماوی
کسی ناگہانی مصیبت مثلاً وبا، قحط یا دشمنوں کے حملے کا خطرہ ہو تو خوف کی فضا قائم ہوجاتی ہے۔ خوف کے موقع پر فجر اور عشاء کی نماز کے بعد یہ دعا پڑھی جائے۔
اللَّهُمَّ اهْدِنِي فِيمَنْ هَدَيْتَ، وَعَافِنِي فِيمَنْ عَافَيْتَ، وَتَوَلَّنِي فِيمَنْ تَوَلَّيْتَ، وَبَارِكْ لِي فِيمَا أَعْطَيْتَ، وَقِنِي شَرَّمَا قْضَيْتَ، إِنَّهُ لا يَذِلُّ مَنْ وَالَيْتَ، تَبَارَكْتَ رَبَّنَا وَتَعَالَيْتَ نَسْتَغْفِرُك وَنَتُوب إِلَيْكَ وَصَلَّى اللهُ عَلَى النَّبِيِّ
آفات ارضی و سماوی سے محفوظ رہنے کے لئے 9 انچ چوڑے اور 12 انچ لمبے سفید آرٹ پیپر کے اوپر سیاہ چمکدار روشنائی سے بہت خوبصورت لکھ کر یا لکھوا کر یہ نقش گھر میں آویزاں کریں۔
اگر خدانخواستہ کوئی وبا پھیل گئی ہو تو یہی نقش سفید چینی کی تین پلیٹوں پر زعفران اور عرقِ گلاب سے لکھیں اور صبح ، شام اور رات کو پانی سے دھو کر سارے گھر والے پئیں۔
پینے میں پانی پکا کر استعمال کیا جائے۔ اگر زعفران دستیاب نہ ہو تو کھانے کا زرد رنگ استعمال کریں۔