Connect with:




یا پھر بذریعہ ای میل ایڈریس کیجیے


Arabic Arabic English English Hindi Hindi Russian Russian Thai Thai Turkish Turkish Urdu Urdu

فالسہ ۔ معدے کے امراض میں مفید

آگ برساتے سورج کے ساتھ موسم گرما کی شدت ہر گزرتے دن بڑھ رہی ہے مگر یہ موسم اپنے ساتھ چند مزیدار پھلوں کو بھی لے کر آتا ہے۔  لاتعداد افراد ایسے ہوں گے جو یہ کہیں گے کہ فالسہ ان کے پسندیدہ پھلوں میں سے ایک ہے۔ اس کا جوس بنائیں یا ویسے ہی کھائیں، کچھ دنوں کے لیے آنے والا یہ پھل کئی طرح منہ کا ذائقہ بہتر بنانے کا کام کرتا ہے۔

فالسہ مقوی دل، جگر، اختلاج قلب، قے اور ہچکی کے لئے مفید ہے۔ اس کے علاوہ یہ صفراوی مریضوں کے لئے ایک نعمت ہے۔ ہمارے لئے قدرت نے اس میں وٹامن کا خزانہ محفوظ کر رکھا ہے۔ اس کو ذیابیطس کے مریض بھی استعمال کر سکتے ہیں۔

فالسے کا جوس نظام ہاضمہ کے لیے بہترین ہے، انسائیکلو پیڈیا آف ورلڈ  Medicinal پلانٹس کے مطابق فالسہ  ناصرف نظام ہاضمہ کے افعال کو کنٹرول میں رکھتا ہے بلکہ یہ جسم کو ٹھنڈک پہنچانے کے ساتھ جسم میں پانی کی کمی کو دور بھی کرتا ہے۔

گرمیوں میں بعض افراد صفراوی دستوں کی شکایت کرتے ہیں۔ شدید گرمی میں بعض افراد کو قے ہونے لگتی ہے اور شدت سے پیاس محسوس ہوتی ہے۔  ان شکایات کے لیے فالسہ مفید ہے۔  یہ صفراوی دستوں کو روکتا ہے، معدے کو طاقت دیتا ہے اور پیاس کو تسکین دیتا ہے۔   پیشاب میں سوزش میں بھی فالسہ استعمالکرناچاہیے۔

فالسہ کی سردائی، اچار اور چٹنی بھی بنائی جاتی ہے۔ فالسہ کا مربہ بھی بنایا جاتا ہے، اس کے شربت اور سردائی کے استعمال سے پیاس کی شدت کم ہو تی ہے اور ٹھنڈک و فرحت کا احساس ہوتا ہے۔  فالسہ کا شربت اور سردائی پیشاب آور ہے۔ توانائی بحال کرتا ہے اور جسم میں پانی کی کمی پوری کرتا ہے، جسم کے فاسد مادوں کا اخراج کرتاہے۔

معدے کے امراض کے علاوہ یہ درج ذیل امراض میں بھی مفید پایا گیا ہے۔

دل کے لیے مفید

فالسے کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ یہ ورم میں کمی لاتا ہے جو اسے دل کی صحت کے لیے مفید پھل بناتا ہے، چٹکی بھر کالی مرچ اور نمک کو ایک گلاس فالسے کے جوس میں ملائیں اور پی لیں۔

موسم گرما میں دل دھڑکنے اور گھبراہٹ کا عارضہ اکثر افراد کو ہوجاتا ہے۔ یہ شکایت فالسے کے استعمال سے دور ہوجاتی ہے۔ یہ شربت دماغ میں تراوٹ اور دل میں سکون کا احساس پیدا کرتاہے۔

کینسر کے خلاف مفید

یہ اینٹی آکسائیڈنٹس سے بھرپور پھل ہے جس سے کینسر کے خطرے کو کم کیا جاسکتا ہے۔

فالسہ اور ذیابیطس

فالسے میں مٹھاس عام طور پر نہ ہونے کے برابر ہوتی ہے، پاکستان جرنل آف فارماسیوٹیکل سائنز کے مطابق فالسہ کم شکر والا پھل ہے، جس کا مطلب ہے کہ ذیابیطس اور خون کی شریانوں سے متعلق امراض میں مبتلا  افراد اس سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق  ذیابیطس میں فالسہ شکری کے پیڑ کی اندرونی چھال (گابھایا انتر چھال) فائدے مند ہے۔ یہ چھال پچاس سے ساٹھ گرام کی مقدار میں لے کر موٹا موٹا کوٹ لیں اور رات کو پانی میں بھگو دیں۔ صبح پانی نتھار کر پی لیں۔ چند دنوں میں فائدہ محسوس ہوگا۔

جوان رہئیے

اس پھل کی قدرتی رنگت یعنی جامنی رنگ درحقیقت ایک اینٹی آکسیڈنٹ کی وجہ سے ہے جو اینتھوسیان سے بھرپور ہوتا ہے۔ یہ کیمیکل ایک ہارمون کولیگن (جو جلد کی لچک اور نرمی کو بہتر بنانے میں مدد دیتا ہے)کو تحفظ فراہم کرتا ہے اور جلد کی جوانی کو بحال کرتا ہے۔ فالسے کا استعمال خون کو بھی صاف کرتا ہے جس سے جلد بھی شفاف ہوتی ہے اور وہ جگمگانے لگتی ہے۔

فالسے کا شربت بنانے کا طریقہ درج ذیل ہے۔

اشیاء: فالسہ آدھا کلو، چینی ایک کلو۔

ترکیب : ایک کھلے برتن میں فالسہ ڈال کر اسے خوب اچھی طرح سے مسل لیں(یا بلینڈر سے بلینڈ کرلیں) اور پھر پانی ڈال کر باریک کپڑے میں چھان لیں۔ اس کے بعد اس میں چینی ڈال کر پکائیں اور جب ایک تار بن جائے تو اتار لیں۔ ٹھنڈا ہونے پر شیشے کی صاف بوتل میں محفوظ کر لیں اور بوقت ضرورت استعمال کر تے رہیں۔

فالسے کا شربت جگر کے لئے مفید بتایا جاتا ہے اور دل و دماغ کو تاز گی و فرحت عطا کر تا ہے۔ یہ ذائقے سے بھر پور شر بت  ہے۔ یہ شربت مقوی معدہ و دل ہے، جگر کی حرارت کو تسکین دیتا ہے، قے ، دستوں اور پیاس کو فائدہ دیتا ہے۔ معدہ بوجھل رہتا ہو طبیعت متلاتی ہو اور کھانے کی نالی میں جلن محسوس ہوتی ہوتویہی شربت تین بڑے چمچ ہر کھانے کے بعد استعمال کرنا فائدہ مند ہے۔

شربت فالسہ میں اگر عرق گلاب ڈال کر پیا جائے تو اس کے فوائد دگنے ہو جاتےہیں۔

 

یہ بھی دیکھیں

بچوں کا قد بڑھانا ہے….؟

  مناسب خوراک لینے کے بعد بھی اپنی عمر کے لحاظ سے بچو ں کا ...

ڈی ٹاکس واٹر ۔ اب گھر میں بنائیں

ڈی ٹاکس واٹر ۔ اب گھر میں بنائیں ڈبوں کے مشروبات کو بائے بائے کہئے ...

Добавить комментарий

Ваш адрес email не будет опубликован. Обязательные поля помечены *