دھک دھک، دھک….
جی ہاں، دل کی یہی دھڑکن انسان کے زندہ ہونے کا ثبوت ہے۔ یہ رُک جائے تو انسان کی سانسیں رک جاتی ہیں۔ انسانی جسم میں دل ودماغ، یہی دو عضو سب سے اہم سمجھے جاتے ہیں۔ دل و دماغ صحت مند رہیں تو جسم توانا رہتا ہے۔ لہٰذا ہر آدمی کا فرض ہے کہ وہ اپنے دل کی حفاظت کرے۔ ذیل میں قلب کی دیکھ بھال کرنے والے ایسے نسخے پیش خدمت ہیں جو ماہرین کی سینکڑوں برس پر محیط تحقیق و تجربات کا نچوڑ ہیں۔
سگریٹ کے دھوئیں سے محفوظ رہئیے
امریکی ڈاکٹروں نے دریافت کیا ہے کہ جو مرد و عورت ہفتے میں تین بار تیس منٹ تک سگریٹ کے دھوئیں کی زد میں رہیں، ان میں امراض قلب میں مبتلا ہونے کا خدشہ چھبیس فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔ لہٰذا سگریٹ کے دھوئیں والے ماحول میں بھی نہ بیٹھیں۔
دل کی دھڑکن کو Reset کرنا
ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ کھیل اور ورزش سمیت وہ کام جو دل کی دھڑکن کو بڑھا دیں، دل کی صحت کے لیے مفید ہیں۔ دراصل جب بھی دل کی دھڑکن تیز ہو، تو یہ اس کی دھڑکن کو ازسرنو شروع (Reset)کرنے کے مترادف ہے۔ یوں دل کی کارگردگی بہتر ہوجاتی ہے۔
آلودہ ماحول میں ورزش نہ کیجیے
آلودہ ماحول میں ورزش کرنے سے خون میں آکسیجن کم ہو جاتی ہے۔ ایسی حالت میں دل کی نالیوں میں لوتھڑے (کلاٹ)بننے کا امکان بڑھ جاتا ہے۔
تیراکی کیجیے
برطانوی ماہرین نے بعد از تجربات دریافت کیا ہے کہ جو مرد و زن شدید جسمانی سرگرمی مثلاً تیرنے یا پہاڑ پر چڑھنے (ہائکنگ) سے محض پچاس حرارے بھی جلائیں، ان میں امراض قلب کا خطرہ باسٹھ فیصد کم ہوجاتا ہے۔ تاہم ہلکی ورزش مثلاً چلنے یا گالف کھیلنے سے اتنا فائدہ نہیں ہوتا۔
کولیسٹرول کا مقابلہ میوے سے کیجیے
ایک تجربے میں آسٹریلوی ماہرین نے مرد و زن کو گری دار میوے کھلائے۔ چند ماہ بعد ان کامعائنہ ہوا، تو مرد و عورت میں تین تا پانچ فیصد کولیسٹرول کم پایا گیا۔ وجہ یہ ہے کہ گری دار میوے سیچوریٹڈ چکنائی کی کثیر مقدار رکھتےہیں۔
سائیکل چلا کر ڈپریشن بھگائیے
طبی سائنس دریافت کرچکی ہے کہ جو انسان ڈپریشن میں ہو، وہ دوسروں کی نسبت جلد امراضِ قلب کا نشانہ بن جاتے ہیں۔ کئی مرد و زن ادویہ کھا کر ڈپریشن بھگانے کی سعی کرتے ہیں۔ جدید تحقیق نے انکشاف کیا ہے کہ ڈپریشن سے نجات پانے کا ایک بہترین طریقہ کوئی بھی ورزش کرنا مثلاً سائیکل چلانا یا بیڈمنٹن کھیلنا ہے۔
روزانہ بیس منٹ مراقبہ کیجیے
امراضِ قلب میں مبتلا افراد روزانہ صرف بیس منٹ مراقبہ کرنے کے لیے نکالیں۔ یہ روحانی عمل گھبراہٹ اور بے چینی سے نجات دلا کر انسان کو پرسکون کرتا ہے۔
غصہ قلب کے لیے نقصان دہ ہے
ہارورڈ یونیورسٹی کے ریسرچرز نے دریافت کیا ہے کہ جو لوگ اپنا غصہ باہر نکال دیں، امراضِقلب میں بہت کم مبتلا ہوتے ہیں۔ جبکہ دبا ہوا غصہ دل کے لیے نقصان دہ ہے۔
غذائیں جو دل کو طاقتور بنائیں
دنیا بھر میں امراضِ قلب سے اموات کی شرح بڑھتی جارہی ہے۔ غذائی تبدیل کرکے اور ورزش کو معمول بناکر دل کو صحت مند رکھا جاسکتا ہے۔ کئی برسوں کی تحقیق کے بعد ماہرین نے دل کے لیے مندرجہ ذیل اجزاء کو مفید قرار دیا ہے۔
لہسن: لہسن میں موجود کئی وٹامن اور اینٹی آکسیڈنٹس دل کے لیے مفید ہوتے ہیں۔ لہسن میں ایسے اجزاء ہیں جو نہ صرف دل کو مضبوط رکھتے ہیں بلکہ کولیسٹرول اور ہائی بلڈپریشر کو بھی قابو کرنے میں مدد دیتے ہیں۔ لہسن کے متعلق نیا انکشاف ہوا ہے کہ یہ کئی اقسام کے کینسر کو بھی روکتا ہے۔
ٹماٹر: ٹماٹر میں ایک طاقت ور اینٹی آکسیڈنٹ لائسوپین پایا جاتا ہے جو امراضِ قلب، بلڈ پریشر اور کولیسٹرول کو روکتا ہے۔ اس کے علاوہ خلیات کو خراب اور ٹوٹنے سے بچاتا ہے۔ ڈاکٹروں کے مطابق ٹماٹر میں موجود لائسوپین کو جسم میں بہتر طور پر جذب کرنے کے لیے ضروری ہے کہ اسے زیتون کے تیل میں تھوڑا نرم کرکے استعمال کیاجائے۔ماہرین ہر روز ٹماٹر کھانے کا مشورہ دیتےہیں اور اس کے بہت اچھے اثرات چند روز میں ظاہر ہوجاتے ہیں۔
دارچینی: دارچینی خون میں شکر کی مقدار کو بلند نہیں ہونے دیتی۔ یہ کولیسٹرول کو روکتی ہے اور بلڈپریشر کا سدِباب کرنے کے علاوہ کینسر اور الزائمر سے بھی بچاتی ہے۔
سبز چائے: گرین ٹی یا سبز چائے کے کئی فوائد ہیں۔ اس کی اہم بات یہ ہے کہ رگوں اور شریانوں کی دیواروں کے استر پر موجود خلیات کو یہ اچھی حالت میں رکھتی ہے۔ جاپان میں یہ چائے بہت پی جاتی ہے۔ تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ سبز چائے کا باقاعدہ استعمال جاپان میں31 فیصد خواتین اور 22 فیصد مردوں کو دل کے امراض سے بچاتا ہے۔
گریپ فروٹ: گریپ فروٹ کو چکوترا کہا جاتا ہے جس کا رس فائبر، وٹامن سی، کولائن اور لائسوپین سے بھرپور ہوتا ہے۔ یہ خون میں مضر صحت چکنائیوں کی مقدار کو قابو میں رکھتا ہے جن میں دل کی رگوں کو سخت کرنے والے ٹرائی گلیسرائیڈز شاملہیں۔
گریپ فروٹ میں پیکٹن نامی فائبر ہوتا ہے جو دل کی شریانوں کو صحت مند رکھتا ہے۔
گہری رنگت والی چاکلیٹ: گہری رنگت والی چاکلیٹ میں ‘‘فینی تھائلامائن’’ پایا جاتا ہے جو ایک اہم مرکب ہے۔ 85 فیصد کوکو والی 45 گرام چاکلیٹ ایک دن کے لیے کافی ہے۔ یہ تھکاوٹ، بے چینی کو کم کرکے توانائی بحال رکھتی ہے۔اس میں موجود اینٹی آکسیڈنٹس اور فلیوونولز دل اور دورانِ خون کو درست رکھتے ہیں۔