Connect with:




یا پھر بذریعہ ای میل ایڈریس کیجیے


Arabic Arabic English English Hindi Hindi Russian Russian Thai Thai Turkish Turkish Urdu Urdu

اسماء الحسنیٰ سے مشکلات کا حل ۔ العزیز الجبار

اسماء الحسنیٰ سے مشکلات کا حل ۔ العزیز الجبار

رزق کی تنگی اورمفلسی دور کرنے، عہدے میں ترقی یا ملازمت کی بحالی، دشمن پر غلبہ پانے، ہردل عزیز بننے ، جادو اور طلسم سے حفاظت، عظمت وعزتّ میں اضافہ اور لاغر و کمزور بچوں کی نشوونما کے لیے ‘‘الْعَزِيزُ الْجَبَّارُ’’ کا ورد…. 

الْعَزِيزُ   

 

لفظ عزیز عربی زبان کے لفظ عزت سے متفق ہے۔ الْعَزِيزُ کے لغوی معنی غالب، قابلِ عزت و صاحبِ مرتبہ AllMighty اورUnconquerable کے ہیں۔ اﷲتعالیٰ کائنات کی ہر شئے پر غالب ہے۔
قرآن میں ارشاد ہوتا ہے کہ :

فَاِنَّ الۡعِزَّۃَ لِلّٰہِ جَمِیۡعًا
ترجمہ: ‘‘بے شک تمام عزت اﷲ ہی کے لیے ہے’’۔[سورۂ النساء (4): 139]
‘‘العزیز’’ لفظ قرآن پاک میں کل 99 مرتبہ آیا ہے جبکہ 47 مقامات پر عزیز الحکیم، 13 مقامات پر عزیز الرحیم، 7مرتبہ قوی العزیز، 4 مرتبہ عزیز العلیم،4 مرتبہ عزیز ذو انتقام 4 مرتبہ عزیز العلیم،3 مقامات پر عزیز الغفار، 3 مرتبہ عزیز الحمید ، 2مقامات پر عزیز الغفور، اس کے علاوہ عزیز المتقدر، عزیز الکریم، عزیز الوہاب، نصراً عزیز اور عزیز الجبار ایک ایک مرتبہ آیا ہے۔
اِنَّكَ اَنۡتَ الۡعَزِیۡزُ الۡحَکِیۡمُ
ترجمہ:‘‘ بے شک تو غلبہ والا اور حکمت والا ہے’’۔[سورۂ بقرہ(2): 129]
 وَ اللّٰہُ عَزِیۡزٌ ذُو انۡتِقَامٍ
ترجمہ:‘‘ اور اﷲ غالب ہے ، بدلہ لینے والا ہے۔[سورۂ آلِ عمران (3):4]
 اِنَّ رَبَّكَ ھُوَ الۡقَوِیُّ الۡعَزِیۡزُ
ترجمہ:‘‘یقینا تمہارا رب نہایت توانا اور غالب ہے’’۔ [سورۂ ہود(11):66]
 بِاِذۡنِ رَبِّہِمۡ اِلٰی صِرَاطِ الۡعَزِیۡزِ الۡحَمِیۡدِO
ترجمہ:‘‘ان کے پروردگار کے حکم سے زبردست اور تعریف کرنے والے اﷲ کی طرف’’۔ [سورۂ ابراہیم(14):1]
وَ تَوَکَّلۡ عَلَی الۡعَزِیۡزِ الرَّحِیۡمِ
ترجمہ:‘‘اپنا پورا بھروسہ غالب اور مہربان اﷲ پر رکھ’’۔ [سورۂ شعراء (26):217]
یہ اسم مبارک مناسک حج کے دوران پڑھی جانے والی دعاؤں میں شامل آیا ہے،
رَبَّنَا اٰتِنَا فِی الدُّنْيَا حَسَنَةً وَّفِی الْآخِرَةِ حَسَنَةً، وَّقِنَا عَذَابَ النَّارِ. وَأَدْخِلْنَا الْجَنَّةَ مَعَ الْأَبْرَارِ يَا عَزِيْزُ، يَا غَفَّارُ، يَا رَبَّ الْعَالَمِيْنَ.
ترجمہ: ‘‘اے ہمارے پروردگار ہمیں دنیا میں بھی بھلائی دے اور آخرت میں بھی اور ہم کو دوزخ کے عذاب سے بچا اور ہمیں نیک لوگوں کے ساتھ جنت میں داخل فرما۔ اے بڑی عزت والے، اے بڑی بخشش والے ، اے سب جہانوں کے پالنے والے’’۔
علم الاعداد کے رو سے اسم مبارک الْعَزِيزُ کے اعداد 94ہیں۔ اس اسمِ مبارک کے خواص ، فوائد اور اثرات کے متعلق مولانا اشرف علی تھانوی ؒ کتاب اعمالِ قرآنی میں تحریر کرتے ہیں کہ
‘‘ جو شخص چالیس روز تک اکتالیس بار اس اسمِ مبارک کو پڑھے تو غنائے ظاہری وباطنی نصیب ہوگی۔ تنگی ومحتاجی دور ہوگی ۔ اﷲ اس کی مفلسی کو تونگری میں تبدیل کردے گا’’۔
امام احمد رضا خان بریلویؒ تحریر فرماتے ہیں کہ ‘‘پنج گنج قادریہ ’’ کا ورد سلاسل قادریہ کا معمول رہا ہے، اس کی برکات بے شمار ہیں ، طریقہ یہ ہے کہ پنج وقتہ نمازوں کی سنن ونوافل سے فراغت کے بعد ذیل کے اوراد پڑھ لیجئے ،
بعدنمازفجر : یَاعَزِیْزُ یَااَللہُ
بعد نمازظہر : یَاکَریْمُ یَا اَللہُ
بعدنمازعصر : یَاجَبَّارُ یَا اَللہُ
بعدنمازمغرب : یَاسَتَّارُ یَا اَللہُ
اور بعدنمازعشاء : یَاغَفَّارُیَااَللہُ
سب سو سو بار(اوّل وآخِر تین تین بار دُرود شریف) کے ساتھ پڑھئے ۔ ہر اسم پیش ( ُ)کے ساتھ پڑھنا ہے ۔ اِسے پڑھنے سے اِن شاءاللہ دین ودنیا کی بے شمار برکتیں ظاہر ہوں گی ۔
اس اسم مبار کو نماز فجر کی سنتوں اور فرض کے درمیان 211 مرتبہ اس طرح پڑھیں
یَا عَزِیْزُ عَزِّزْنِیْ تُعَزَّزْتُ بِعِزَّتِكَ یَا مُعِزُّ
تو عوام و خواض حکام و رعایا سب کے دل مسخر ہوجائیں گے۔ [شمع شبستانِ رضا]
ہر روز نماز فجر کے بعد 101مرتبہ اور نمازِ عشاء کے بعد 7مرتبہ اس اسم ِ مبارک کو پڑھنے سے ان شاء اﷲرزق کی تنگی دور ہوجائے گی۔
اگر کوئی شخص کسی عہدے یا منصب سے معزو ل ہوگیا ہے تو وہ سات دن تک ہر روز غسل کرے اور دو رکعت نفل اداکرے ، ان دو رکعت میں الحمد شریف اور قل ہو اﷲ احد ایک ایک مرتبہ پڑھ کر نماز کو ختم کردے ، تین روز تک کھڑے ہویا عزیز تین ہزار مرتبہ پڑھے اور چوتھے دن سے بیٹھ کر پانچ ہزا ر مرتبہ پڑھے اور دعا کرے تو ان شاء اﷲ اسے کھویا ہوا عہدہ عزت وآبرو کے ساتھ مل جائے گا۔
جو کوئی فجر کی نماز کے بعد اس اسم کو اکتالیس مرتبہ پڑھے گا تو کسی کا محتاج نہ ہوگا اور ان شاء اﷲ عزت ومرتبہ والا ہوگا۔
اس اسم کا بکثرت ورد کرنے والا دل کا غنی ہوتاہے اور کنجوسی کی عادت ختم ہوجاتی ہے۔ ملازمت پیشہ افراد اس کا باقاعدہ ورد کریں تو ترقی کے دروازے ان پر کھل جائیں گے۔
اﷲ کے دو صفاتی ناموں کو ملانے سے تاثیر میں تقویت پیدا ہوتی ہے اور کام بھی جلدی ہوجاتاہے ۔
یا عزیز یا مغنی محتاجی سے بچنے کے لیے ، یاقوی یا عزیز غلبہ اور قوت کے لیے اور یاعزیز یا غفار غلبہ اور مغفرت کےلیے ۔
دشمن پر غلبہ پانے کے لیے نماز فجر کے بعد ایک ہزار مرتبہ یا قوی یا عزیز کا وظیفہ اکیس دن تک پڑھیں ان شاء اﷲ بہت جلد دشمن سے جلد چھٹکارا ملے گا، اس کے علاوہ ہر نما ز کے بعد گیارہ مرتبہ روزانہ بھی پڑھنا دشمنوں سے محفوظ رکھنے کا موجب بنتاہے۔ گناہوں سے بخشش کے لیے روزانہ سوتے وقت 101مرتبہ یا عزیز یا غفار پڑھنے کا معمول بنالیں۔ تنگی ٔ روزی اور پریشانی کے لیے بھی یہ وظیفہ موثر ہے۔
جو شخص اسم ِ مبارک ‘‘ یا عزیز کا بکثرت ورد کرے گا۔ اس اسمِ مبارک کی برکت سے وہ ان شاء اﷲ تمام آفات وبلیّات سے محفوظ ومامون رہے گا۔
اس اسم مبارک کا بکثرت ورد کرنے والا خود اپنی اور دوسروں کی عزت وآبرو کا خیال رکھنے والا بنے گا۔ اور اس کی اہمیت ہمیشہ بلند رہے گی اور حقیر وذلیل بات سے دور رہے گا۔
شوہر کی نظروں میں عزت اور محبت کے لیے۔ سات روزتک غسل کرکے دو رکعت نماز نفل اداکریں ہر رکعت میں الحمد شریف اور سورۂ اخلاص ایک ایک بار پڑھیں۔ اس نماز کے بعد پہلے تین دن کھڑے ہوکر یاعزیزتین ہزار مرتبہ پڑھیں۔ چوتھے دن بیٹھ کر پانچ ہزار مرتبہ اور پانچویں، چھٹے اور ساتویں دن سجدہ میں جاکر ایک ایک سو مرتبہ یا عزیز کا ورد کریں۔ تو ان شاء اﷲ اسے کامیابی حاصل ہوگی۔ منصب پر بحالی کے لیے بھی یہ عمل مفید وموثر ہے۔
حضرت خواجہ شمس الدین عظیمی اس اسم مبارک کے متعلق فرماتے ہیں کہ :
‘‘کسی شخص کو ملازمت نہ ملتی ہو، نوکری سے برخاست ہوگیا ہو یا ترقی کے بجائے عہدہ یا منصب سے گرادیا ہو اور ہر طرح کی کوشش کرنے کے باوجود کامیابی نہ ہوئی ہو ایسی صورت میں آدھی رات گزرنے کے بعد باوضو دونفل اداکرنے کے بعد ننگے سر، قبلہ رخ کھڑے ہوکر تین سومرتبہ یا عزیز پڑھ کر اﷲ تعالیٰ کے حضور نہایت خشوع وخضوع کے ساتھ مقصد پورا ہونے کی دعا کی جائے۔ ان شاء اﷲ عمل کرنے والا شخص اپنے عہدہ پر دوبارہ فائز ہوجائے گا اور اسے مزید ترقی نصیب ہوگی’’۔(روحانی نماز:صفحہ 179)

 الْجَبَّارُ:

الْجَبَّارُ کے ایک معنی زور آور ، زبردست کے ہیں اور دوسرے کمزور ٹوٹے ہوئے کو جوڑ ے اور ناتمام کو کامل کرنے والا اور بگڑے کاموں کو درست کرنے والے جبر ، قہر اور بلندی کے ہیں۔ قرآن میں یہ اسمِ صفت اﷲ کے لیے صرف ایک مرتبہ سورۂ حشر میں آیا ہے ۔
هُوَ اللهُ الَّـذِىْ لَآ اِلٰـهَ اِلَّا هُوَۚ الْمَلِكُ الْقُدُّوْسُ السَّلَامُ الْمُؤْمِنُ الْمُهَيْمِنُ الۡعَزِیۡزُ الۡجَبَّارُ الۡمُتَکَبِّرُ ؕ سُبۡحٰنَ اللّٰہِ عَمَّا یُشۡرِکُوۡنَO
وہی اللہ ہے جس کے سوا کوئی معبود نہیں۔ وہ بادشاہ، پاک ذات، سلامتی والا، امن دینے والا، نگہبان ہے، غالب زور آور اور بڑائی والا پاک ہے اﷲ تعالیٰ ان چیزوں سے جنہیں یہ اس کا شریک بتاتے ہیں۔[سورۂ حشر(59):آیت23]

اسم مبارک الجبار کے متعلق حدیثِ مبارکہ میں ہے ، رسول اللہ ﷺنے فرمایا کہ قیامت کے دن اللہ رب العزت آسمانوں کو لپیٹ لے گا پھر انہیں اپنے دائیں ہاتھ میں لے کر فرمائے گا
أَنَا الْجَبَّارُ أَنَا الْمَلِکُ  أَيْنَ الْجَبَّارُونَ أَيْنَ الْمُتَکَبِّرُونَ
‘‘میں جبار (زور آور) ہوں، میں بادشاہ ہوں کہاں ہیں دوسرے جبار (جابر زور والے) بادشاہ اور تکبر والے ،جو اپنے آپ کو جبارسمجھتے تھے۔[سنن ابن ماجہ] علم الاعداد کی رو سے اس اسم مبارک کے اعداد 206ہیں۔
جو شخص روزانہ صبح شام 226مرتبہ اس اسم کی تلاوت کرے گا ان شاء اﷲ ظالموں کے قہر سے محفوظ رہے گا۔ دشمن کے شر سے محفوظ رہنے کے لیے نمازِ فجر اور نمازِ عشا کے بعد 121مرتبہ اس اسم کو پڑھیں۔ ان شاء اﷲ دشمن کسی قسم کا ضرر نہ پہنچاسکے گا۔ ملازمت میں ترقی کے لیے ہر نماز کے بعد 111مرتبہ اس اسم کا ورد بھی انتہائی مفید ہے۔
مولانا اشرف علی تھانوی تحریر کرتے ہیں کہ جو کوئی یہ اسم صبح شام 212مرتبہ پڑھے تو ظالموں کے شر سے محفوظ رہے گا۔
جو شخص پنجگانہ نماز کے بعد سومرتبہ یا جبار کا ورد کرے تو لوگوں کی غیبت اور برے کلمات سے رنجیدہ اور دلبرداشتہ نہ ہوگا۔ بلکہ اس کا دل صابر ہوجائے گا۔ جس کے سر میں درد ہو تو اس کے ماتھے پر انگلی سے سات مرتبہ یا جبار لکھا جائے پھر تین مرتبہ ماتھا پکڑ کر یا جبار یا سلام سات سات مرتبہ پڑھ کر دم کریں ،ان شاء اﷲ درد جاتا رہے گا۔ اگر آدھے سر کا درد ہو تو سورج نکلنے سے پہلے یہ عمل کریں۔
اِس اسم مبارک کا بکثرت ورد کرنے والے کو اﷲ زبردست طاقت وقوت عطافرماتاہے اور اس کے بگڑے کاموں کو سنوارتاہے ۔ اگر کوئی شخص بڑا عہدہ حاصل کرنے کا خواہش مند ہو تو اسے چاہیے کہ ہر نماز کے بعد اول وآخر گیارہ گیارہ مرتبہ درود شریف پڑھے اور درمیان میں سات سو مرتبہ اس اسم مبارک کو پڑھے تو ان شاء اﷲ مطلوبہ عہدے کے حصول میں آسانی پیدا ہوگی۔
جادو اور کالے علم کے وار سے بچنے کے لیے اس اسم ِمبارک کا گیارہ روز تک 1150مرتبہ ورد بھی برے اثرات ختم کرتاہے۔
اسم ‘‘یاجبار’’ کا بکثرت ورد کرنے والے کو اﷲ اپنے فضل وکرم ، پاکیزگی ٔ نفس، نیک نیتی اور انکسار طبیعت کے اوصاف سے متصف فرمائے گا اور اس اسمِ مبارک کی برکت سے وہ بندوں میں جلیل المرتبت گردانا جائے گا۔ وہ فقیروں ، محتاجوں ، اپاہجوں ، معذوروں ، یتیموں اور مسکینوں کی امداد کرنے کا فکر مند اور حامل ہوگا۔
جس گھر میں آسیب کا خوف ہو یا وہاں رہتے ہوئے ڈر لگتاہو تو ایک کورے چراغ پر سات مرتبہ ‘‘یا جبار ’’ لکھ کر تیل سے بھر کر روشن کردیا جائے ۔ جس گھر میں یہ چراغ گیارہ دن تک روشن رہے گا۔ اﷲ کے فضل سے گھر آسیب اور مضر جانوروں سے محفوظ رہے گا۔ بشرطیکہ اس مکان میں کوئی مورت یا بت وغیرہ نہ ہو۔
خواجہ شمس الدین عظیمی اپنی کتاب ‘‘روحانی علاج ’’ میں ‘‘کام میں دل نہ لگنا’’کے عنوان سےتحریر کرتے ہیں کہ :
غیر مستقل مزاجی اور معاشی کاموں میں عدم دلچسپی ختم کرنے کے لئے ہر نماز کے بعد بسم اللہ شریف کے ساتھ سو100 مرتبہ
بِحَوْلِ وَقُوَّتِ لَآ اَلٰہَ اِلَّا اللہُ الْمُھَیْمِنُ الْعَزِیْزُ الْجَبَّارُ الْمُتَکَبِّرُ
پڑھکر دعا کریں ۔ا گر صاحب معاملہ بہت ہی کاہل ہو ں تو بیوی، یا کوئی قریبی عزیز یہ وظیفہ پڑھ کر صاحب معاملہ شخص کے لئے دُعا کرے۔ عمل کی مدت اکیس21 روز اور زیادہ سے زیادہ چالیس40روز ہے۔
اﷲ کے یہ دو نوں اسماء یا عزیز یا جبّار جلالی ہیں اور دشمن پر غلبہ پانے ، عظمت وعزتّ میں اضافہ اور ہر دل عزیز بننے کے لیے مجرب بتائے جاتے ہیں۔
امام احمد رضا خان بریلویؒ کے بیان کردہ اوراد و وظائف کے تحت کتاب ‘‘شمع شبستان رضا ’’میں تحریر ہےکہ اگر اسم مبارک یا عزیز کو روزانہ سنت و فرض فجر کے درمیان 41بار پڑھے تو محتاجی دور رہے اوراس اسم پاک کی نقش کو کندہ کراکے پہننا تسخیر اور جلب منافع کے لئے بہت مفید ہے۔

دشمنوں کے شر سے نجات کے لئے بعد نماز جمعہ تین سو بار یَا جبّاَ رُ پڑھے اور اس کا نقش کندہ کراکے کے ہاتھ میں پہننا مخلوق کے اندر دبدبہ پیدا ہونے کے لئے مفید ہے۔
اگر کوئی اس اسم کو انگوٹھی میں نقش کرکے پہنے تو غالب اور صاحب عزت رہے گا۔

کتاب ‘‘شمع شبستان رضا ’’میں تحریر ہےکہ اسم مبارک یاعزیز کا نقش چاندکی کی انگوٹھی میں کندہ کرکے پہننے سے عزت و وقار میں اضافہ اور دشمن کے شر سے حفاظت اور غلبہ و تقویت حاصل ہوتا ہے۔
خواجہ شمس الدین عظیمی ‘‘روحانی نماز’’ میں تحریر کرتے ہیں کہ ‘‘چاندی کی انگوٹھی پر یاجبّار کندہ کراکے انگوٹھی پہننے سے معاشرہ میں عزت و توقیر حاصل ہوتی ہے۔ ’’
بچوں میں کمزوری اور دبلہ پن دور کرنے کے لیے
اسم الٰہیہ ’’یاجبآر‘‘ کی تسبیح
خواجہ شمس الدین عظیمی ‘‘روحانی نماز’’ میں تحریر کرتے ہیں کہ :
‘‘ایک سیر خالص سرسوں کے تیل پر ایک ہزار مرتبہ روزانہ یا جبار پڑھ کر دم کریں ۔ اب اس تیل کی ان بچوں کے جسم پر مالش کریں جو لاغر اور کمزور ہوں اور جن کی نشوونما پیدائشی طور پر پوری نہ ہوئی ہو۔ اﷲ کے فضل وکرم سے بچوں میں توانائی اور طاقت آجائے گی کمزوری اور دبلا پن ختم ہوجائے گا۔
[روحانی نماز: خواجہ شمس الدین عظیمی ؛ صفحہ180]

یہ بھی دیکھیں

اسماء الحسنیٰ سے مشکلات کا حل ۔ المؤمن المھیمن

اسماء الحسنیٰ س ...

ใส่ความเห็น

อีเมลของคุณจะไม่แสดงให้คนอื่นเห็น ช่องข้อมูลจำเป็นถูกทำเครื่องหมาย *