Connect with:




یا پھر بذریعہ ای میل ایڈریس کیجیے


Arabic Arabic English English Hindi Hindi Russian Russian Thai Thai Turkish Turkish Urdu Urdu

دعاؤں سے علاج – ماورائی مخلوقات، جنّات اور سائے

 

Image Map

دعاؤں سے علاج – ماورائی مخلوقات، جنّات اور سائے


***

گھر میں سائے نظر آتے ہیں:

سوال:ہمیں اس مکان میں آئے ہوئے چھ سال ہوگئے ہیں۔ ہم میاں بیوی اپنے پانچ بچوں کے ساتھ یہاں آرام سے رہ رہے تھے۔ ڈیڑھ سال پہلے ہمارے برابر والے مکان میں تنہا رہنے والے دو ادھیڑ عمر میاں بیوی پراسرار انداز میں قتل کردیئے گئے ۔ قتل کے دودن بعد اس واردات کا پتہ چلا۔
اس دوران ان دونوں کی لاشیں ان کے بیڈ روم میں پڑی رہیں۔ محلے والوں کے ساتھ پولیس اندر پہنچی تو پنکھا چل رہاتھا۔ A.CبھیONتھا۔ ایک لاش بیڈ پر اور ایک فرش پر پڑی ہوئی تھی۔
پولیس نے ایمبولینس بلواکردودن پرانی لاشیں ہسپتال بھجوائیں۔وہاں سے ایدھی سرد خانے اوروہیں سے براہ راست مسجد لاکر نماز جناہ ہوئی یعنی ان کی میتیں دوبارہ اس مکان میں نہیں لائی گئیں۔
دہرے قتل کے اس اندوناک واقعےسے سارے محلے میں لوگ بہت خوف زدہ ہوگئے۔
ہمار ا گھر مقتولین کے گھر سے بالکل ملاہواہے۔ مجھے اورمیرے بچوں کو بہت زیادہ ڈرلگنے لگا۔
میرے میاں نے ہمیں کئی بار سمجھایا۔رفتہ رفتہ ڈر وخوف ہمارے دلوں سے کم ہوتا گیا اورہم زندگی کی گہماگہمیوں میں مصروف ہوگئے۔
چھ ماہ پہلے کی بات ہے ۔رات تقریباً تین بجے میری آنکھ کھل گئی۔مجھے سخت پیاس لگ رہی تھی۔میرے شوہر گہری نیند میں تھے۔ ان کی نیند خراب نہ ہو اس لیے میں نے بیڈ کے سرہانے رکھے جگ سے گلاس میں پانی بھرنے کےبجائے کچن میں جاکر پانی پینے کا سوچا۔کچن میں ابھی میں پانی پی ہی رہی تھی کہ میری نظر باہر صحن میں پڑی۔ ڈرکے مارے میری چیخ نکل گئی اورپانی کا گلاس میرے ہاتھ سے چھوٹ کر زمین پرگرگیا۔
میں نے دیکھا کہ میرے گھر کے صحن میں دوہیولے ادھر سے اُدھر گھوم رہے ہیں۔یہ ہیولے روشنی کے بنے ہوئے تھے۔میں نے دیکھا کہ ایک جگہ روشنی کوندتی ہے اورہر اگلے ہی لمحے یہ روشنی صحن کے دوسرے کونے میں نظر آئی۔
میرے چیخنے سے میرے شوہر کی آنکھ کھل گئی اوروہ کچن میں آگئے۔میں نے شدید گھبراہٹ کے عالم میں شوہرکو بتانے کے لیے صحن کی طرف اشارہ کیا اوراس کے بعد مجھے یاد نہیں کیا ہوا۔میرے شوہر بتاتے ہیں کہ وہ دیکھیں ….وہ دیکھیں کہتے ہوئے تم بے ہوش ہوگئی تھیں۔
صبح میں نے ساری بات اپنے شوہر بتائی۔انہوں نے میری بات ہنس کر ٹال دی اورکہا تمہیں وہم ہواہے۔
اس واقعہ کے تین چاردن بعد میرے بچوں کو رات کے وقت صحن میں سائے سے محسوس ہوئے۔ انہیں بھی دوسائے صحن میں ادھر اُدھر جاتے نظرآئے۔ بعد میں میں نے بھی کئی بار یہ سائے دیکھے۔خاص بات یہ ہے کہ یہ سائے مجھے اوربچوں کو نظر آتے ہیں۔میرے شوہر کو کبھی نظر نہیں آئے۔
اپنے گھر میں سائے نظر آنے سے میں اورمیرے بچے بہت ڈرگئے ہیں۔ میرے شوہر نے ایک دوعالم حضرات سے بات کی۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ مقتولین کی روحیں ہوسکتی ہیں۔
انہوں نے ہمیں جوکچھ پڑھنے کو بتایا ہم نے پڑھا لیکن مجھے اوربچوں کو سائے نظر آنا بند نہیں ہورہے ہیں۔واضح رہے کہ ہمارا صحن مقتولین کے صحن سےملاہوا ہے۔ درمیان میں صرف ایک دیوار ہے۔

جواب: پڑوس میں رہنے والے مقتولین کے لیے ایصال ثواب کا اہتمام کیجئے۔ روزانہ رات کے وقت قرآن پاک پڑھ کر انہیں بخشئے اوران کی مغفرت اورسکون کے لیے دعا کیجئے۔
اپنے صحن میں پھول پھلواری کا اہتمام کیجئے۔ہوسکے تو ایک یا دودرخت لگالیں۔ مغرب کے بعد صحن میں لوبان کی دھونی دیں۔
صبح اوررات اکیس اکیس مرتبہ سورہ بقرہ کی آیت 29-28

کَیۡفَ تَکۡفُرُوۡنَ بِاللّٰہِ وَ کُنۡتُمۡ اَمۡوَاتًا فَاَحۡیَاکُمۡ ۚ ثُمَّ یُمِیۡتُکُمۡ ثُمَّ یُحۡیِیۡکُمۡ ثُمَّ اِلَیۡہِ تُرۡجَعُوۡنَ O
ہُوَ الَّذِیۡ خَلَقَ لَکُمۡ مَّا فِی الۡاَرۡضِ جَمِیۡعًا ٭ ثُمَّ اسۡتَوٰۤی اِلَی السَّمَآءِ فَسَوّٰىہُنَّ سَبۡعَ سَمٰوٰتٍ ؕ وَ ہُوَ بِکُلِّ شَیۡءٍ عَلِیۡمٌ O

تین تین مرتبہ درودشریف کے ساتھ پڑھ کر پانی پر دم کرکے پئیں اوراپنے اوپر دم کرلیں۔یہ دم کیا ہوا پانی اپنے بچوں کو بھی پلادیں اوران پر دم کردیں۔
صبح اورشام ایک ایک ٹیبل اسپون شہد پئیں اور بچوں کو بھی پلائیں۔ رات کے وقت صحن میں لائٹ آن رکھیں۔


***

انجان وجود کا احساس:

سوال: میری شادی دو سال پہلے ہوئی ہے۔ ہم جوائنٹ فیملی میں رہتے ہیں۔ ہم میاں بیوی کا الگ پورشن ہے۔ میں جب سے اس گھر میں آئی ہوں مجھے اپنے کمرے اور اس سے ملحقہ حصے میں کسی انجانے وجود کا احساس ہوتا ہے۔ میں نے اپنی ساس سے بات کی تو انہوں نے اس بات کو کوئی اہمیت نہ دی۔ میں نے اپنے شوہر کو بتایا تو انہوں نے کہا کہ یہ تمہارا وہم ہے۔
پہلے تو مجھے صرف چیزیں گرنے کے آوازیں اور چیزوں کی حرکت محسوس ہوتی تھی مگر اب تو میں نے اُس وجود کو دو تین بار دیکھ بھی لیا ہے۔
میں کیا کروں میری کچھ سمجھ نہیں آرہا ۔ میری بات پر کوئی یقین نہیں کرتا۔ میں اپنے ہی گھر میں دن رات ڈر ڈر کر زندگی گزار رہی ہوں۔

جواب:رات سونے سے پہلے اکتالیس مرتبہ :

لاالہ الا اللہ وحدہ لاشریک لہ، لہ الملک ولہ الحمد وھو علی کل شئی قدیر

گیارہ گیارہ مرتبہ درود شریف کے ساتھ پڑھ کر اپنے اوپر دم کرلیں۔ سوتےوقت دائیں کروٹلیٹیں۔
صبح شام ایک ایک ٹیبل اسپون شہد پر اکیس اکیس مرتبہ :

یا شافی یا سلام

پڑھ کر دم کرکے پیئیں۔

 


***

جسم پر دباؤ محسوس ہوتاہے:

سوال: میری عمر پینتیس سال ہے۔شادی کو چودہ سال ہوگئے ہیں۔ چھ بچے ہیں۔ شوہر ملازمت کے لیےدوسرے شہر میں رہتے ہیں۔ ہفتے میں ایک دن کے لیے گھر آتے ہیں۔
ہم جوائنٹ فیملی میں تین منزلہ مکان میں رہتے ہیں۔ گراؤنڈ فلور پر میرے ساس سسر اورجیٹھ ،پہلی منزل پر ہم اوردوسری منزل پر دیور اپنی فیملی کے ساتھ رہتے ہیں۔
محلے کے بعض لوگ ہمارے مکان کے بارے میں کہتے ہیں کہ اس مکان پر اثرات ہیں۔
گزشتہ تقریباً ایک ڈیڑھ سال سے اپنے گھر میں مجھے اکثر کسی غیر مرئی مخلوق کا احساس ہوتاہے۔مہینے میں پانچ چھ بار مجھے ڈراؤنے خواب بھی نظر آتے ہیں۔ خواب میں مجھے لگتاہے کہ کوئی جانور میرے پیچھے لگا ہواہے اور میں اس سے بچنے کے لیے تیزی سے بھاگ رہی ہوں۔
کبھی مجھے دکھائی دیتاہے کہ کوئی آدمی میرا پیچھا کررہاہے اور میں اس سے بچنے کے لیے چھپنے کی کوشش کررہی ہوں۔
چند ماہ سے ڈراؤنے خوابوں کے ساتھ ساتھ ایک نئی مصیبت آن پڑی ہے۔ مجھے رات کو سوتے ہوئے اپنے جسم پر دباؤ محسوس ہوتاہے ۔اس دباؤ سے میری آنکھ کھل جاتی ہے۔ مجھے محسوس ہوتاہے کہ کسی وجود نے مجھے اپنے بازوؤں میں جکڑا ہوا ہے۔کبھی تویہ دباؤاتنا شدید ہوتاہے کہ میرا سانس رکنے لگتاہے۔میں بڑی مشکلوں سے اس کیفیت سے سنبھلتی ہوں لیکن میری حالت بہتر ہونے میں بہت وقت لگ جاتاہے۔میری نیند اڑ جاتی ہے اور میں صبح تک جاگتی رہتی ہوں۔
میں یہ سب باتیں اپنے شوہر ،والدہ اور اپنی ساس کو بتاتی رہتی ہوں۔ اپنی والدہ اورساس کے ساتھ روحانی علاج کے لیے مختلف حضرات کے پاس بھی گئی ہوں۔ نفسیاتی ڈاکٹر کو بھی دکھایا ہے لیکن نہ تومجھے ڈراؤنے خوابوں سے چھٹکارا ملا اورنہ ہی جسم پر دباؤ سے نجات ملی۔
روحانی ڈائجسٹ میں دعاؤں سے علاج میں مسائل اوران کے جوابات پڑھ کر مجھے امید بندھی ہے کہ شاید میرا مسئلہ یہاں سےحل ہوجائے۔

جواب: اللہ تعالیٰ سے دعاہے کہ آپ کو مذکورہ تکالیف سے نجات ملے۔ غیر مرئی مخلوق کے ساتھ ساتھ انسانوں میں سے حاسدین کی بری نظروں اور شر سے آپ کی حفاظت ہو ، آپ ایک محفوظ اور آسودہ حال زندگی بسر کریں ۔
مذکورہ کیفیات سے نجات کے لیے آپ کو روحانی ونفسیاتی علاج کے ساتھ ساتھ کسی جنرل فزیشن یا کسی گائنا لوجسٹ کو بھی دکھانا چاہیے۔ آپ کے علاج کے لیے آپ کے شوہر کا بھرپورتعان بھی درکارہوگا۔
آپ کے شوہر کو اپنی بڑھی ہوئی شوگر کوکنٹرول میں رکھنے کا زیادہ سے زیادہ اہتمام کرنا چاہیے۔ شوگر کنٹرول کے ساتھ ساتھ انہیں شوگر کی وجہ سے لاحق ہونے والی کمزوری دورکرنے کے لیے معالج کے مشورے سے مناسب ادویات کا استعمال کرنا چاہیے۔
آپ صبح اورشام اکیس اکیس مرتبہ سورہ الااعراف(7) کی آیت54،

اِنَّ رَبَّکُمُ اللّٰہُ الَّذِیۡ خَلَقَ السَّمٰوٰتِ وَ الۡاَرۡضَ فِیۡ سِتَّۃِ اَیَّامٍ ثُمَّ اسۡتَوٰی عَلَی الۡعَرۡشِ ۟ یُغۡشِی الَّیۡلَ النَّہَارَ یَطۡلُبُہٗ حَثِیۡثًا ۙ وَّ الشَّمۡسَ وَ الۡقَمَرَ وَ النُّجُوۡمَ مُسَخَّرٰتٍۭ بِاَمۡرِہٖ ؕ اَلَا لَہُ الۡخَلۡقُ وَ الۡاَمۡرُ ؕ تَبٰرَکَ اللّٰہُ رَبُّ الۡعٰلَمِیۡنَ O

گیارہ گیارہ مرتبہ درود شریف کے ساتھ پڑھ کر ایک ایک ٹیبل اسپون شہد پر دم کرکے پئیں اوراپنے اوپر بھی دم کرلیں۔
رات سونے سے پہلے اکتالیس مرتبہ

اَعُوذُ بِکَلِمَا تِ اﷲِ التَّامَّةِ مِن غَضَبِہ وَشَرِّ عِبَا دِہ وِمِن ھَمَزَاتِ الشَّیٰطِینِ وَاَن یَحضُرُونِ 

گیارہ گیارہ مرتبہ درود شریف کے ساتھ پڑھ کر اپنے اوپر دم کرلیں اور تین بار دستک دےدیں۔
وضو بے وضو کثرت سے اللہ تعالیٰ کے اسماء

یَاحَفِیْظُ یَاسَلاَمْ 

کا ورد کرتی رہیں۔  سوتے وقت دائیں کروٹ لیٹیں۔
رات کاکھانا سونے سے تقریباً تین گھنٹے پہلے کھائیں۔ رات کا کھانا ہلکا لیں ،خواب پیٹ بھر کر نہ کھائیں،لیکوریا ہو تو اس کے علاج کے لیے مناسب ادویات لیں۔

 

 


***

مافوق الفطرت وجود اور کیڑے:

سوال: میں انجینئر ہوں۔ ایک الیکٹریکل سپلائی کمپنی سے منسلک ہوں۔ کچھ ماہ پہلے کمپنی نے میرا ٹرانسفر ایک ایسے گرڈ اسٹیشن پر کردیا جو کہ آبادی سے کافی دور واقع تھا۔ اس علاقے میں طرح طرح کے جانور اور حشرات پائے جاتے تھے۔ میں نے اور میرے دو ساتھیوں نے وہاں کافی مافوق الفطرت چیزیں بھی محسوس کیں۔
میں نے کافی جدوجہد کے بعد وہاں سے اپنا ٹرانسفر واپس اپنے شہر کروالیا ہے لیکن ڈاکٹر صاحب….! وہ جگہ میرے پیچھا نہیں چھوڑ رہی ہے۔ مجھے خواب میں وہی جگہ، اس سے جڑی چیزیں، کیڑے اور مافوق الفطرت وجود نظر آتے ہیں اور میں گھبراکر اُٹھ جاتا ہوں۔ اس کے بعد دماغ میں طرح طرح کی پریشانیاں سر اُٹھانے لگتی ہیں اور میں تمام رات سونہیں پاتا ہوں۔

جواب:

رات سونے سے پہلے گیارہ مرتبہ سورہ الناس، تین تین مرتبہ درود شریف کے ساتھ پڑھ کر اپنے اوپر دم کرلیا کریں۔ صبح اور شام اکیس اکیس مرتبہ اللہ تعالیٰ کے اسماء
یاحفیظ یاشافی یاسلام، تین تین مرتبہ درود شریف کے ساتھ پڑھ کر ایک ایک ٹیبل اسپون شہد پر دم کرکے پیئیں۔

 

 

 


***

سونے سے ڈر لگتا ہے:

سوال:میری بیٹی کی عمر آٹھ سال ہے۔ بہت خوش مزاج اور ذہین بچی ہے۔ مسئلہ یہ ہے کہ اُسے رات کو سوتے ہوئے بہت ڈر لگتا ہے۔ ڈر کے مارے وہ رات کو دیر تک جاگتی رہتی ہے۔ ہمیں بھی اُس کے ساتھ جاگنا پڑتا ہے۔
سونے کے بعد اگر بیچ رات میں اُس کی آنکھ کھل جائے اور ہم میاں بیوی سورہے ہوں تو چیخنا چلانا شروع کردیتی ہے۔

جواب:

مغرب کے بعد اکیس مرتبہ سورہ فلق پڑھ کر ایک چمچ شہد پردم کرکے بیٹی کو پلائیں اور اس پر دم بھی کردیں۔
رات سونے سے پہلے اکتالیس مرتبہ اسمِ الہی :
یا حفیظ
سات سات مرتبہ درود شریف کے ساتھ پڑھ کر اس پر دم کردیں۔

 


***

ازدواجی تعلق میں رکاوٹیں:

سوال: ہماری پسند کی شادی ہے۔ خاندان سے میرے لیے کئی رشتے آئے لیکن اپنی پسند کی وجہ سے میں نے کسی پر توجہ نہ دی۔ میرے شوہر سے بھی کئی گھرانے رشتہ کرنے کے خواہش مند تھے۔انہوں نے بھی اپنے والدین کو اپنی پسند بتادی تھی ۔
ہم دونوں اعلیٰ تعلیم یافتہ اوربڑے اداروں میں اچھے عہدوں پر کام کررہے ہیں۔
بہر حال دونوں گھرانوں کی رضامندی سے بہت خوشیوں کےساتھ ہماری شادی ہوئی۔ شادی کے پندرہ دن بعد ہم ہنی مون منانے ملائیشاگئے۔
شادی کے تین ماہ بعد ایک رات اپنےشوہر سے خوش گوار باتیں کرتے ہوئےا چانک میرے سر میں شدید درد اٹھا۔درد کی شدت سے میں کراہنے لگی۔میرے شوہر نے میرا سردبایا اور چائے بناکر مجھے درد دورکرنےو الی ٹیبلیٹ دیں۔
چائے پی کر اورٹیبلیٹ لے کر کچھ آرام محسوس ہوا لیکن مجھے کافی دیر تک نیند نہ آئی ۔اس رات کے بعد سے مجھے ایسا ہونے لگا کہ جب بھی ہم میاں بیوی قربت چاہتے ہیں تو یا میری طبیعت خراب ہوجاتی ہے یا میرے شوہر کو کمزوری محسوس ہونے لگتی ہے۔
ہم دونوں ایک دوسرے کو بہت چاہتے ہیں لیکن ہمارے درمیان ازدواجی تعلقات میں رکاوٹیں آرہی ہیں حالانکہ ہم دونوں ہر لحاظ سے صحتمندہیں۔
ہمارے گھر والوں کا خیال ہے کہ ایساکسی حاسد کی بری نظروں کی وجہ سے ہورہاہے۔

 

جواب:

رات سونے سے پہلے وضو تازہ کرلیں۔دن میں کسی وقت سونا ہو تو اس وقت بھی وضو تازہ کرلیا جائے یعنی سوتے وقت باوضو حالت میں ہوں۔
کوشش کیجیے کہ پانچ وقت کی نمازیں اپنے وقت پر ادا ہوں۔کوئی نماز قضا نہ کی جائے۔
صبح اورشام کے وقت 101مرتبہ سورہ حجر
(15)کی آیت نمبر17
وَ حَفِظۡنٰہَا مِنۡ کُلِّ شَیۡطٰنٍ رَّجِیۡمٍO

سورہ بروج (85)کی آیت نمبر20
وَّ اللّٰہُ مِنۡ وَّرَآئِہِمۡ مُّحِیۡطٌO
گیارہ گیارہ مرتبہ درود شریف کے ساتھ پڑھ کر پانی پر دم کرکے پئیں اور اپنے اوپر بھی دمکرلیں۔
کثرت سے اﷲ تعالیٰ کے اسماء
یَاحَفِیْظُ یَاسَلاَمْ
کا ورد کرتی رہیں۔
صبح اورشام ایک ایک ٹیبل اسپون شہدپئیں۔


***

مرے ہوئے لوگ خواب میں نظر آتے ہیں:

سوال: پچھلے کچھ دنوں سے میرے ساتھ یہ مسئلہ پیش آرہا ہے کہ مجھے روز خواب میں مرے ہوئے لوگ نظر آتے ہیں۔ کبھی مجھے اپنی ساس نظر آتی ہیں تو کبھی سسر تو کبھی اپنی والدہ جو کہ اب اس دنیا میں موجود نہیں ہیں۔ کبھی دوسرے رشتے دار جو اس دنیا سے رخصت ہوگئے ہیں۔ یہ سب مجھ سےباتیں کررہے ہوتے ہیں ۔ کبھی کسی خواب میں کوئی تقریب منعقد ہوتی ہے اور یہ سب افراد وہاں موجود ہوتے ہیں تو کبھی ہم اپنے گھر کے صحن میں بیٹھے باتیں کررہے ہوتے ہیں۔ ایسے خواب مجھے تواتر سے نظر آرہے ہیں ۔
ڈاکٹر صاحب! مجھے بہت ڈر لگ رہا ہے۔ ایسے خوابوں کے نظر آنے کا مطلب یہ تو نہیں کہ میری موت قریب ہے….؟

 

جواب:

رات سونے کے وقت سے تقریباً ایک گھنٹہ پہلے اکتیس مرتبہ :

اَعُوذُ بِکَلِمَا تِ اﷲِ التَّامَّةِ مِن غَضَبِہ وَشَرِّ عِبَا دِہ وِمِن ھَمَزَاتِ الشَّیٰطِینِ وَاَن یَحضُرُونِ 

سات سات مرتبہ درود شریف کے ساتھ پڑھ کر پانی پر دم کرکے پیئیں اور اپنے اوپر بھی دم کرلیں۔ اس کے بعد سونے کے لیے بستر پر جانے تک اللہ تعالیٰ کے اسماء یا مومن یا حفیظ کا وردکرتی رہیں۔

 

 

مارچ 2021ء پراسرار مخلوقات نمبر

یہ بھی دیکھیں

دعاؤں سے علاج – دفتر اور مکان پر اثرات سے نجات

دفتر اور مکان پ ...

دعاؤں سے علاج – خراب رویّے

خراب رویّے *** ...

ใส่ความเห็น

อีเมลของคุณจะไม่แสดงให้คนอื่นเห็น ช่องข้อมูลจำเป็นถูกทำเครื่องหมาย *