Pazar , 8 Eylül 2024

بلوچستان کے ایک پُرعزم نوجوان کی قابلِ تقلید داستان

بلوچستان کے پس ماندہ علاقے صلع کیچ کے گاؤں بلیدہ سے کراچی کے علاقے لیاری ، اس کے بعد برطانیہ کے شہر کیمبرج جاکر سب سے کم عمر ریسرچ سائنسدان بننے والے ڈاکٹر یار جان عبدالصمد کی نشیب و فراز ے سے پُر حیرت انگیز داستان۔   (بشکریہ ، بی بی سی ۔ محمد زبیر خان ;ARY نیوز)

ڈاکٹر یار جان عبدالصمد
Image captionڈاکٹر یار جان عبدالصمد کو کیمبرج یونیورسٹی میں اپنے ڈیپارٹمنٹ کا سب سے کم عمر سینیئر ریسرچ سائنسدان ہونے کا اعزاز حاصل ہے

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے پسماندہ ضلع کیچ کے دور دراز گاؤں بلیدہ کے رہائشیوں نے کبھی سوچا بھی نہیں ہو گا کہ ان کے علاقے کے ایک متوسط طبقے کے زمیندار کا بیٹا خلائی ٹیکنالوجی پر کام کرنے والا سائنسدان اور برطانیہ کی کیمبرج یونیورسٹی میں اپنے ڈیپارٹمنٹ کا سب سے کم عمر سینیئر ریسرچ سائنسدان اور فیلو ہونے کا اعزاز حاصل کرنے والا ہے۔

ڈاکٹر یار جان عبدالصمد نے صحافی محمد زبیر خان کو اس منزل تک پہنچنے کی کہانی سنائی ہے جو ان ہی کی زبانی پیش خدمت ہے۔

میرا تعلق ایک ایسے علاقے سے ہے جہاں پر تعلیم کا کوئی زیادہ رواج نہیں تھا بلکہ پورے علاقے میں گنتی ہی کے چند لوگ ہوں گے جو خط وغیرہ پڑھ سکتے ہوں گے۔

میرے والد اور والدہ نے کبھی سکول کا منہ نہیں دیکھا تھا، مگر بچپن ہی سے ان کی خواہش تھی کہ ہم پڑھ لکھ جائیں۔ ہم زمیندار ضرور ہیں اور زمینیں بھی کافی ہیں مگر ہماری زمینوں پر وہ پیدوار نہیں ہوتی جو ہونی چاہیے۔

چنانچہ والدہ میری ضرورتیں پوری کرنے کے لیے کیا کیا کرتی تھیں، بیان نہیں کرسکتا۔ اس سے بڑھ کر یہ کہ والد صاحب کو اقبال کے کچھ اشعار یاد تھے جو وہ مجھے اور میرے بھائیوں کو ہر وقت سنایا کرتے تھے جس سے ہمت بندھ جاتی تھی۔

پڑھائی میں میری دلچسپی کو دیکھتے ہوئے والد صاحب ہمیں ساتھ لے کر کراچی کے علاقے لیاری پہنچ گئے۔

ڈاکٹر یار جان عبدالصمد
Image captionڈاکٹر یار جان عبدالصمد کو بچپن سے ہی پڑھنے لکھنے کا شوق تھا

جب میں پہلی مرتبہ کراچی گیا تو یقین کریں کہ مجھے ایسے لگا کہ یہ کوئی اور ہی دنیا ہے۔ لوگ، گاڑیاں، ٹریفک اور روشنیاں دیکھ کر حیرت زدہ رہ گیا تھا۔ رات کے وقت جلتی لائٹیں دیکھ کر مجھے ایسے لگا کہ جیسے میں کسی روشنیوں کے شہر میں پہنچ گیا ہوں۔

جاؤ اپنے والد کے ساتھ زمینوں پر کام کرو

لیاری میں ایک اردو میڈیم سکول میں داخلہ لیا مگر جلد ہی اندازہ ہوگیا کہ جب تک انگریزی اچھی نہیں ہوگی اس وقت تک ترقی کرنا ممکن نہیں ہے۔

اس صورتحال کا اندازہ ہونے کے بعد والد صاحب کو بتایا کہ مجھے انگلش میڈیم سکول میں داخلہ لینا ہے، جس پر والد صاحب مجھے کلفٹن کراچی میں واقع شہرت یافتہ سکول لے گئے جو کہ ان کی استطاعت سے بڑھ کر تھا لیکن انھوں نے میرے شوق کی خاطر مجھے وہاں پڑھانے کی ٹھان لی تھی۔

میں ایک دیہاتی بچہ تھا جو شہری طریقے تو زیادہ نہیں جانتا تھا، مگر میرے پاس والدین کا دیا ہوا اعتماد اور کچھ کر گزرنے کا حوصلہ تھا۔ اس موقع پر پرنسپل صاحبہ نے اپنے دفتر میں والد صاحب کی موجودگی میں میرا انٹرویو لیا اور انگریزی ہی میں مجھ سے بات چیت شروع کردی، حالانکہ والد صاحب نے پرنسپل کو پہلے بتایا تھا کہ یہ یہاں داخلہ لینا ہی اس لیے چاہتا ہے کہ اس کی انگریزی بہتر ہوسکے۔ صورتحال یہ تھی کہ انگریزی تو مجھے آتی نہیں تھی مگر سمجھ لیتا تھا۔

سب سے پہلے انگریزی میں میرا نام پوچھا جس کا میں نے اردو میں جواب دیا۔ اس کے بعد انھوں نے پوچھا کہ والد صاحب کیا کرتے ہیں۔ میں نے بتایا کہ زمینوں پر کام کرتے ہیں۔ اس طرح انھوں نے کچھ اور سوال پوچھے جس میں سے کچھ سمجھ میں آئے اور کچھ نہیں۔

ڈاکٹر یار جان عبدالصمد

شاید ان کو اردو میں میرے جواب ناگوار گزرے حالانکہ میں نے ان کو یہ بتانے کی بھی کوشش کی تھی کہ اگر مجھے داخلہ مل گیا تو میں بہت محنت کروں گا۔ مگر اس کے باوجود انھوں نے آخر میں مجھے کہا ’بہتر یہ ہوگا کہ تم گاؤں جاؤ اور اپنے والد صاحب کے ساتھ زمینوں پر مدد کرو۔‘

یہ ایسے الفاظ تھے جن کو سن کر میری آنکھوں میں آنسو آگئے تھے جبکہ والد صاحب مجھ سے نظریں چرا رہے تھے۔ میں اس وقت ساتویں کلاس کا طالب علم تھا۔ میرا دل ٹوٹ سا گیا۔ مگر میری تو تربیت ہی کچھ اور طرح ہوئی تھی۔ مجھے تو حوصلے اور عزم کا سبق سکھایا گیا تھا۔

یہ بات تو ذہن نشین ہوگئی تھی کہ انگریزی سیکھنا لازم ہے۔ لیاری ہی میں ایک انگلش میڈیم سکول کے بینرز اور پوسٹرز لگے ہوئے تھے۔ میں نے والد صاحب سے کہا کہ مجھے اس سکول میں داخل کروا دیں۔

انگریزی سیکھنے کے لیے میں نے خود ہی کوشش کر دی، کبھی انگریزی اخبار مل جاتا تو وہ پڑھتا، کبھی گرامر کی کوئی کتاب پڑھ لیتا۔ ساتھ میں سکول کے اساتذہ سے جو مدد مل جاتی اس سے پڑھائی بھی کرلیتا تھا۔ گو کہ یہ ایک چھوٹا اسکول تھا لیکن کچھ اساتذہ انتہائی محنت سے پڑھایا کرتے تھے۔

جب میٹرک کے امتحان تھے تو لوگوں نے مجھے بھی نقل کرنے کی ترغیب دی مگر میں نے انکار کردیا کہ مجھے اپنی محنت کا پھل چاہیے اور محنت کا پھل ضائع نہیں ہوتا۔ یہی میری والدہ کی بھی مجھ کو نصیحت تھی اور ہوا بھی یہی۔ میٹرک کا جب نتیجہ آیا تو میرا اے ون گریڈ آیا تھا۔

ڈاکٹر یار جان عبدالصمد
Image captionپرنسپل نے کہا ‘تم گاؤں جا کر اپنے والد کے ساتھ زمینوں پر مدد کرو’

مسائل کا دور ختم،کامیابیوں کا سفر شروع

میں نے میٹرک سنہ 2003 میں کیا تھا جبکہ اسی سال کے آخر میں ڈی جی سائنس کالج کراچی میں داخلہ لینے میں کوئی دقت پیش نہیں آئی۔ مایہ ناز سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان بھی اس کالج کے طالب علم رہے تھے۔

ایف ایس سی کے دوران میں ٹیوشن بھی پڑھاتا رہا کیونکہ ظاہر ہے والدین پر اتنا بوجھ نہیں ڈال سکتا تھا لیکن اس کی دوسری وجہ یہ بھی تھی کہ مجھے درس و تدریس اور تحقیق سے دلچسپی تھی۔ مجھے لگا تھا کہ اگر میں پڑھاؤں گا تو زیادہ سیکھوں گا اور ہوا بھی یوں ہی۔

ایف ایس سی کا سلسلہ اسی طرح چلتا رہا اور جب نتیجہ آیا تو یہاں پر بھی میں نے اے ون گریڈ حاصل کیا۔

ایف ایس سی کے بعد خیبر پختونخوا کے شہر صوابی میں غلام اسحاق خان انسٹیٹوٹ آف انجینیئرنگ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں داخلے کے لیے انٹری ٹیسٹ دیا۔ تیاری پوری تھی، چنانچہ انٹری ٹیسٹ شاندار طریقے سے پاس کیا اور 100 فیصد اسکالر شپ ملی۔

میرے بھائیوں نے تعلیم کو عملاً خیرباد کہہ دیا تھا۔ وہ چھوٹے موٹے کاروبار کررہے تھے جس سے وہ ہر ماہ مجھے معقول سی رقم بھج دیتے تھے۔ یہ رقم مجھ جیسے طالب علم جس کی ساری توجہ تعلیم پر تھی کافی تھی جبکہ یونیورسٹی کی تعلیم تو تھی ہی اسکالر شپ پر۔

مطلب یہ کہ ساتویں کلاس میں کراچی آنے کے بعد جو مسائل شروع ہوئے تھے وہ ایف ایس سی کرنے اور یونیورسٹی میں داخلہ لینے کے بعد ختم ہوچکے تھے اور کامیابیوں کا سفر شروع ہوگیا تھا۔

ڈاکٹر یار جان عبدالصمد

آج اگر میں تحقیق سے وابستہ ہوں تو درحقیقت یہ مجھے غلام اسحٰق خان انسٹیوٹ میں پروفیسر فضل احمد خالد (ستارہ امتیاز) کی ترغیب اور حوصلہ افزائی تھی کہ میں نے یونیورسٹی ہی میں فیصلہ کرلیا تھا کہ مجھے تحقیق سے وابستہ ہونا ہے۔

یونیورسٹی سے میں 2009 میں فارغ ہوا اور اسی سال اینگرو پولیمر اینڈ کمیکل کراچی میں ملازمت شروع کردی۔ ایک سال تک ملازمت کرتا رہا۔ اس دوران تحقیق اور اعلیٰ تعلیم کے مختلف اسکالر شپ پروگرامز اور اداروں سے رابطے کرتا رہا، جس کے بعد مجھے جاپان، کوریا، کینیڈا، جرمنی، امریکہ اور ابوظہبی سے اسکالر شپ کی آفر ہوئی۔

ایم فل اور ریسرچ کرنے کے لیے سب سے بہترین آفر خلیفہ یونیورسٹی ابوظہبی سے ملی کیونکہ اس کے ساتھ امریکہ کی ایم آئی ٹی یونیورسٹی کا بھی تعاون تھا۔ دوسری بات یہ کہ ریسرچ کے دوران ان کا اعزازیہ ایک اچھی تنخواہ جتنا تھا، جس کی وجہ سے میں نے اس کو قبول کرلیا تھا۔

اس کے بعد اسکالر شپ ہی پر یونیورسٹی آف ٹوکیو سمیت بہت سے عالمی اداروں میں ریسرچ کی اور پی ایچ ڈی مکمل کی۔

پی ایچ ڈی کے دوران میری تحقیق زیادہ تر گرافین نام کے ایک مادے پر تھی جس کو استعمال کر کے مختلف آلات بنائے۔ یہ ریسرچ بہت سے بین الاقوامی جریدوں میں شائع ہوئی۔ جب میری ریسرچ شائع ہوئی تو مجھے امریکہ، ابوظہبی، برطانیہ اور ٹوکیو سے مختلف آفرز آئیں۔ میری ریسرچ کیمبرج یونیورسٹی کے ایک مایہ نازسائنسدان کو اچھی لگی جنھوں نے مجھے وہاں جاب آفر کی۔

ویسے تو تنخواہ اور مراعات کے حساب سے بہتر آفر ابوظہبی سے تھی مگر اب میرا مقصد تنخواہ نہیں بلکہ اگلی منزل تک پہنچنا تھا۔ چنانچہ میں نے کیمبرج یونیورسٹی سے آنے والی آفر کو قبول کیا کیونکہ مجھے تحقیق کے میدان میں کام کرنا تھا اور شاید دنیا بھر میں تحقیق کے حوالے سے سب سے بہتر سہولتیں اور ماحول کیمبرج یونیورسٹی ہی میں دستیاب ہے جہاں سے نیوٹن اور سٹیفن ہاکنگ جیسے سائنسدان بھی منسلک رہ چکے ہیں۔

دو سال تک کیمبرج میں ریسرچ سائنسدان کی حیثیت سے کام کرنے کے بعد مجھے سینیئر ریسرچ سائنسدان کی حیثیت سے کام کرنے کا موقع ملا ہے۔ مجھے پتا نہیں مگر کہا جاتا ہے کہ کیمبرج میں ریسرچ سائنسدان سے سنیئر سائنسدان کا درجہ حاصل کرنے کے لیے دو سال بہت ہی کم عرصہ ہے، اور مجھے بھی یہ لگتا ہے کہ میں وہاں پر سب سے کم عمر سینیئر سائنسدان ہوں۔

ڈاکٹر یار جان عبدالصمد

کیمبرج میں جانے کے بعد بہت سے یورپی کمپنیوں اور سپیس ایجنسیوں کے ساتھ مل کر سپیس ٹیکنالوجی سے منسلک آلات بنائے۔ ان آلات کو ٹیسٹ کرنے کیلیے وقتاً فوقتاً خلائی جہاز اور مصنوعی سیارے لانچ کرتے ہیں جن میں پیرابولک فلائٹ، ساؤنڈنگ راکٹ اور دیگر سپیس کرافٹ شامل ہیں۔ گرافین کو پہلی مرتبہ خلاء میں بھی لے جانے کا موقع ملا۔

مختلف تحقیقات بھی جاری ہیں جس میں سینسرز کے علاوہ خلاء میں اگر جسم پر زخم لگ جائے تو اس کو کس طرح بھرا جاسکتا ہے، اس پر بھی کام جاری ہے۔

اس کے علاوہ پاکستانی طالب علموں کے لیے برطانیہ کی کچھ تنظیموں کے ساتھ مل کر ایک پروجیکٹ شروع کررہے ہیں جس میں ان کو سیٹلائٹ کی سہولت فراہم کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ اگر مجھے موقع ملا تو اپنے ملک میں جا کر کام کرنے پر فخر محسوس ہو گا۔

Source

https://www.bbc.com/urdu/pakistan-49541594

یہ بھی دیکھیں

سورج گرہن ۔ کیا انسانی زندگی پر اثرانداز ہوتا ہے….؟؟

  انسان کے اندر تجسس کی صلاحیت اسے اپنے اور دیگر مخلوقات و کائنات کے …

بوعلی سینا اور البیرونی کی گفتگو اور کورونا وائرس

بوعلی سینا اور البیرونی درمیان ہوئی گفتگو  آج ہزار برس بعد بھی کورونا وائرس سے …

Bir yanıt yazın

E-posta adresiniz yayınlanmayacak. Gerekli alanlar * ile işaretlenmişlerdir