Connect with:




یا پھر بذریعہ ای میل ایڈریس کیجیے


Arabic Arabic English English Hindi Hindi Russian Russian Thai Thai Turkish Turkish Urdu Urdu

ڈی ٹاکس واٹر ۔ اب گھر میں بنائیں

ڈی ٹاکس واٹر ۔ اب گھر میں بنائیں

ڈبوں کے مشروبات کو بائے بائے کہئے

 کئی برس پہلے ہوا کچھ یوں کہ والدہ کی طبیعت بہت زیادہ ناساز رہنے لگی ۔ذیابیطس اور بلڈ پریشر نے جیسے ان کی جان ہی نچوڑ لی ۔ایک طرف  کمزوری  تودوسری جانب ہاضمہ خراب۔ایسے موقع پر جب مرشدِ کریم  حضرت خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب سے رہنمائی چاہی تو انھوں نے والدہ کو  پانی میں کھیرا پودینہ اور لیموں ڈال کر سارا دن ا س کا پانی پلانے کا مشورہ دیا۔جس سے قابل ِذکر نتائج حاصل ہو ئے ۔

یہ ترکیب صرف ہمارے لئے ہی نہیں آس پاس کھڑے دوسرے لوگوں کے لئے بھی بالکل نئی تھی۔ عظیمی صاحب  کے تشریف لے جانے کے بعد کسی نے کہا کھیر انہیں زیرہ ہوگا۔ کسی نے کہا محترمہ آپ نے ٹھیک سے سنا نہیں ادرک ہوگی ۔غرض جتنے ذہن اتنے قیاس ۔مگر شکر ہے اللہ کا ہم ایک سوچ اور ایک آواز پر گھر پہنچے اور اس پانی کاا ستعمال شرو ع کیا۔ 

جب آج کئی سالوں بعد  دنیا بھر میں ڈی ٹاکس واٹر کے نام سے ایک نئی آوازگونجی تو ہمارا دل چاہا کہ یہ وقعہ ہم روحانی ڈائجسٹ کے قارئین  کے ساتھ شئیر کریں ۔ عظیمی صاحب  جیسے شفیق استاد اور رہنما کے لئے  رب کے حضور شکرانہ بھیجیں۔ 

Detox Water

ڈی ٹاکس واٹر 

ڈی ٹاکس واٹر Detox Waterہے کیا اور اس کی ضرورت ہمیں کیوں پیش آئی ۔اس کے لئے پہلے ہم یہ جاننے کی کوشش کرتے ہیں کہ ڈی ٹاکسی فیکیشکن سے کیا مراد ہے ۔

ڈی ٹاکسی فیکیشن Detoxificationسے مراد جسم سے فاسد مادوں کا اخراج ہے۔  قدرت نے انسانی جسم میں قدرتی طور سے ڈی ٹاکس نظام  بنایا ہے۔   اس نظام کو سر انجام  دینے کے لیے ہمارے جسم میں  جگر، گردے اور گیسٹرو انٹسٹنل ٹریکٹ(GIT) gastrointestinal tract یعنی  چھوٹی اور بڑی آنت  کے پائپ  نصب ہیں۔جو جسم کی صفائی کے ذمہ دار ہیں ۔

ذرا غور کیجیے تو آپ یہ با آسانی سمجھ جائیں گے کہ ہمارے جسم میں فاسد مادوں کا اخراج کیوں ضروری ہے  اور ہمارے جسم میں  یہ فاسد مادے  کن صورتوں میں جمع ہوتے ہیں ۔

آج کے اس مشینی دور میں ہماررے جسم کی وہ حرکت نہیں رہی جو جسم کے نظام کو فعال رکھنے کے لئے ضروری ہوتی ہے ۔ورزش کی کمی ،آرام طلبی اور باقی کسر  فاسٹ فوڈ اور  مرغن غذاؤں نے پوری کر دی ہے ۔ہم پانی کی جگہ کولڈ ڈرنک یا کوئی بازاری مشروب پینا پسند کرتے ہیں۔  جس میں پڑے پریزرویٹو  الگ نقصان کے حامل ہوتے ہیں ۔ نتیجے میں ڈی ٹاکسی فکیشن کا نظام سست پڑ جاتا ہے۔  آپ کا جسم نقصان دہ  فاسد مادوں اور ٹاکسن  (زہریلے مادوں )سے پاک رہے ، اس کام کے لئے قدرت نے پانی تخلیق کیا ہے ۔ پانی وہ قدرتی نعمت ہے جس کا مناسب مقدار میں استعمال آپ کے جسم کو نقصان دہ ٹاکسنز سے محفوظ رکھتا ہے۔روزانہ 6سے 8 گلاس پانی  پینے کا مقصد اپنے جسم میں موجود قدرتی ڈیٹاکس نظام کو فعال رکھتا ہے۔   

 پانی کے بعد انسانی جسم کی ڈی ٹاکسی فکیشن میں اہم رول سبزیوں اور پھلوں کا ہوتا ہے۔ان میں ایک نام ناریل پانی کا بھی آتا ہے۔ ناریل پانی قدرتی ڈی ٹاکس  ایجنٹ ہے۔   اپنے قدرتی ڈی ٹاکس نظام کی کارکردگی کو  بہتر رکھنے کے لیے  اپنے مقامی پھلوں اور سبزیوں کو ضرور استعمال میں لائیں۔

سادے پانی کو  مختلف انداز سے ذائقے دار  بناکر پینے کا یہ طریقہ  بہت مقبول ہو رہا ہے ۔ اوردن بدن ان کی مانگ میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔ اگر آپ بھی ا س کے ان گنت فوائد سے مستفیذ ہونا چاہتے ہیں تو  ہم آپ کو  کچھ ایسے مزیدار اور مفید  ترکیبیں بتاتے ہیں جن کی مدد سے آپ باآسانی انتہائی ذائقے دار ڈی ٹاکس واٹر گھر بیٹھے بنا سکتے ہیں۔اور پانی کے مختلف ذائقوں کا لطف اٹھا سکتے ہیں ۔

Slim Down Detox Water

اپنا وزن کم کیجئے 

یہ ڈی ٹاکس پانی نہ صرف آپ کے جسم سے نقصان دہ ٹاکسنز بلکہ  جسم کی فالتو چربی کو بھی فلش کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔ 

کھیرا ایک ایسی نعمت ہے جو گرمیوں کے موسم میں وافر مقدار میں دستیاب ہوتا ہے، کھیرے کا مناسب استعمال  جسم میں پانی کی کمی ہونے نہیں دیتا۔ 

لیموں کا رس اور lime  (سبز  لیموں ) ا ستعمال گیسٹر و انٹسٹینل ٹریکٹ کی صفائی میں اہم کردار ادا کرتا ہے، جبکہ گریپ فروٹ کا جوس جسم سے فالتو چربی گھلانے میں مفید ہوتا ہے۔ 

اس ڈی ٹاکس پانی بنانے کے لیے آدھے لیٹر پانی میں آدھا سلائسڈ گریپ فروٹ، آدھا سلائسڈ کھیرا، آدھا لیموں اور آدھا lime(سبز لیموں) اور تازے پودینے کی کچھ پتیاں، شامل کر کے کچھ گھنٹوں کے لیے فرج میں رکھ دیں۔ اچھے نتائج کے لیے روزانہ آدھا لیٹر پانی ضرور استعمال کریں۔

Fruity Detox Water

فروٹی ڈی ٹاکس واٹر

شدید گرمی کے موسم میں ایک  زائقے دار فروٹی  ڈی ٹاکس پانی بنانے کے لیے 2لیٹر پانی میں 2عدد کچلے ہوئے باریک اسٹرابیری، 2 عددکچلے ہوئے باریک کیویز  شامل کر کے فرج میں کچھ گھنٹوں کے لیے رکھ دیں۔

کیوی میں موجود وٹامن A اور وٹامن  E آنتوں سے نقصان دہ ٹاکسنز کو فلش کرنے میں مدد دیتے ہیں۔ اسٹرابیری  جلد کے لیے فائدہ مند ہے۔ اس میں موجود اینٹی ایجنگ صلاحیت carcinogens سے لڑائی میں مدد دیتے ہیں۔ 

اس پانی میں اسٹرابیری اور کیوی کی مقدار آپ اپنے ذائقے کے حساب سے بڑھا اور گھٹا سکتے ہیں، نیز اس کے ساتھ پودینے کی تازہ پتیاں بھی شامل کرسکتے ہیں۔ 

Day Spa Apple Cinnamon 

سیب اور دارچینی کا ڈی ٹاکس واٹر

سیب  اور دارچینی کا ڈی ٹاکس پانی جسم سے نقصان دہ ٹاکسنز کو فلش کرنے میں سرِ فہرست ہے۔ یہ پانی  میٹابولزم  کو بڑھانے میں بھی اہم کردار اداکرتاہے۔

اس پانی کو بنانے کے لیے ایک بڑے سائز کا پانی سے بھرا گیلن، سیب اور دارچینی کی ڈنڈیاں درکار ہونگی۔ گیلن ایسا ہونا چاہیے جس میں صرف پانی کو 3سے 4 بار  پہلے سے ڈلے ہوئے سیب اور دار چینی میں تبدیل کیا جا سکے۔ پانی شامل کرنے سے پہلے تقریبا آدھے گیلن کو برف سے بھر دیا جائے۔ اور فریج میں کچھ یا پھر کم از کم ایک گھنٹے کے لیے ضرور رکھا جائے۔آپ اپنے ذائقے کے حساب سے سیب اور دار چینی کی مقدار  بھی بڑھا سکتے ہیں۔

New Year Detox Water 

کھِلا کھِلا تروتازہ شاداب چہرہ 

نیوا ائیر  ڈی ٹاکس پانی اپنے نام کی طرح آپ کو بھی ایک نیا روپ دینے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔  

موسم بہار میں اس پانی کو بنانے کیے لیے ایک پانی کا گیلن اور منجمد چکوترا، کھیرے اور ناشپاتیاں تازہ پودینہ کی ایک ٹہنی کے ساتھ ساتھ  چند راسپبیری کی ضرورت ہے ۔اگرآپ چاہیں تو اس میں بلوبیریز، کرین بیریز، لیموں اور لائم کا اضافہ بھی کر سکتے ہیں۔

 تمام اجزاء کو  پانی میں شامل کر کے ۱ یک سے دو گھنٹوں کے لیے رکھ دیں تاکہ تمام اجزاء اچھی طرح شامل ہو جائیں۔  

روزانہ ایک نیا گیلن تیار کریں تاکہ آپ روز تازہ پانی  انجوائے کر سکیں۔یہ ڈی ٹاکس پانی ناصرف جسم  کی زائد چربی کو گھلانے میں مدد گار ثابت ہوگا بلکہ یہ میٹابولک ریٹ بھی بڑھائے گا اور نقصان دہ ٹاکسنسز بھی  باآسانی فلش کرے گا۔

Strawberry Vitamin Water

آپ کی جلد کو خوبصورت بنائے 

یہ ڈی ٹاکس  پانی  نا صرف  ہائیڈریٹ کرتا رہتا ہے  بلکہ جلد  میں نکھار بھی لاتا ہے۔   یہ پانی بنانے کے لیے  ایک کپ اسٹرابیریز، دو کپ کیوبڈ تربوز، تازہ روز میری، فلٹر پانی اور  حسب زائقہ نمک درکار ہوگا۔ ایک پیالے میں پہلے  اسٹرابیز اور روز میری کو  مکس کرلیں پھر اس میں تربوز شامل کردیں۔ اوپر سے فلٹر پانی شامل کر کے ہلکا سا مکس کریں اور کچھ گھنٹوں کے لیے فر یج میں ر کھ دیں۔ استعمال کرتے وقت حسب ضرورت نمک شامل کرلیں۔یہ   ڈی ٹاکس  پانی وٹامن  اور اینٹی انفلامنٹری سے بھر پورہونے کی وجہ سے آپکی  جلد کو بھی  مزید خوبصورت بنا دے گا۔

 Fat Burning Detox Water

جسم کی چربی گھٹائیں

اس ڈی ٹاکس پانی کے استعمال سے  ناصرف جسم سے نقصان دہ ٹاکسنز فلش ہو جائیں گے بلکہ وزن کے کچھ پونڈ کم بھی ہو جائیں گے۔ اس پانی کو بنانے میں سرِفہرست جزو سرکہ ہے ۔ دوسرے اجزاء میں شامل ہیں سیب جو کہ فائیبر سے بھر پور ہوتے ہیں،  لیمن جو کہ کلئنزنگ کی خاصیت سے مالا مال ہے اور دار چینی جو آپ کے وزن کو کنٹرول کرنے میں مفید ثابت ہوگی۔ 

یہ پانی تیار کرنے کے لیے 2اونس فلٹر شدہ پانی،  2کھانے کے چمچے سیب کا  سرکہ،1کھانے کا چمچہ تازہ لیموں کا رس،1کھانے کا چمچہ دارچینی اور سلائس کیا ہوا آدھا سیب درکار ہوگا۔سیب کے علاوہ تمام اجزاء کو بلینڈر میں ڈال کر تقریبا 10 منٹ تک بلینڈ کریں،  اوپر سے سیب کے سلائس ڈال کر ایک  مزیدار اور صحت سے بھر پورڈرنک انجوئے کریں۔ اس میں حسب ضرورت چینی بھی شامل کی جاسکتی ہے۔ 

Cucumber Mint Lemon Detox

کھیرا، لیموں اور پودینہ 

 

یہ پانی تیار کرنے کے لیے 8 کپ پانی ، ایک عدد درمیانے سائز کا کھیرا سلائس کیا ہوا، سلایس کیا ہوا ایک عدد لیمن اور 10 عدد پودینے کے تازہ پتے درکار ہوں گے۔ان سب اجزاء کو مکس کر کے پوری رات کے لیے فریج میں رکھ دیں۔یہ پانی پینے میں نہایت عمدہ اور حیرت انگیز  فوائد  سامنے لاتا ہے۔

 Aloe Water 

انرجی بُوسٹر

 

آپ نے ایلو ویرہ کے انگنت فوائد کے بارے میں تو یقیناً سنا ہوگا لیکن کیا یہ بات آپ جانتے ہیں کہ ایلو ویرہ کے گودے کو آپ پانی میں بھی شامل کر سکتے ہیں۔ ایلوویرا کے گودے (جیل) کو پانی میں شامل کر کے آپ انتہائی بہترین ڈی ٹاکس پانی تیار کر سکتے ہیں۔  یہ آپ کے نظام تنفس، نظام ہاضمہ کی کارکردگی کو بہتر بناتا ہے، جسمانی تھکن کا خاتمہ کر کے آپ کی انرجی کو بڑھاتا ہے، یعنی یہ ایک بہترین انرجی بوسٹر کا کام بھی سر انجام دیتا ہے۔اس پانی کو بنانا نہایت آسان ہے۔ ایلو ویرہ کا ایک عدد پتہ بیچ میں سے کاٹ لیں اور کسی چمچے کی مدد سے اس کا جیل الگ کر لیں۔ اب 2 کپ پانی میں 2 ٹیبل اسپون لیموں کا رس اور 2 ٹیبل اسپون جیل شامل کر کے ایک منٹ تک بلینڈر میں چلائیں۔ اور اس کے ان گنت فوائد سے مستفید ہوں۔

Lemon and Ginger Detox

درد سے نجات

 

ادرک ایک قدرتیPain Relieverہے اور اگر اسے پانی میں شامل کر دیا جائے تو یہ ایک بہترین ڈی ٹاکس پانی بن جائے گا۔یہ پانی بنانے کے لیے 12اونس روم ٹمپریچر کا پانی،   ½  لیموں  کا رس اور ½ انچ knob ادرک کی تازہ جڑ کی ضرورت ہے ۔ صرف پانی میں لیموں کا رس شامل کریں اور پھر ادرک کو  کسی بھی cheese grater میں گریٹ کر کے پانی میں شامل کر لیں۔ صبح کے وقت اس ڈی ٹاکس پانی کا ایک گلاس آپ کو سارا دن جسمانی درد سے محفوظ رکھے گا۔  اور جسم  کے ناقص ٹاکسنز کو خارج کرنے میں بھی مدد گار ثابت ہوگا۔

Simple Morning Detox Water

آسان ڈی ٹاکس واٹر

 پانی میں سیب کے ٹکڑ ے  ایک بڑے جار میں کاٹ کر ڈالئے  پانی کے ایک بڑے جار میں سیب کے ٹکڑے اور ا سکے ساتھ ایک چٹکی دار چینی پاؤڈر ڈال کر ڈھانپ کر رکھ دیجئے ۔یہ پانی چند گھنٹوں بعد بھی استعمال کر سکتے ہیں ۔اسمیں موجود دار چینی آپ کے ڈی ٹاکس خود کار نظام کو متحرک رکھتی ہے اور سیب  کی افادیت سے کون واقف نہیں ۔

ایک اور نہایت ہی سادہ ڈی ٹاکس پانی ، صرف  آدھے لیموں کو پورے ایک گلاس پانی میں نچوڑ کر بنایا جاسکتا ہے۔روزانہ  صبح کے وقت 8اونس لیموں پانی پینے سے آپکے جسم سے نہ صرف ناقص ٹاکسنز با آسانی خارج ہو جاتے ہیں بلکہ اس پانی کا روازنہ باقائدگی سے استعمال ان ٹاکسنز کی تعداد کو بڑھنے سے روکنے میں بھی مدد فراہم کرتا ہے۔

ا سکے علاوہ   اور بھی ڈی ٹاکس واٹر  متعارف کروائے جارہے ہیں ۔ جن میں سے بہت چن کر یہ ڈی ٹاکس ہم نے آپ سے شیئر کئے ہیں ۔ ہماری رائے ہے کہ پہلے آپ ان میں سے کسی ایک کا انتخاب کیجئے اور گرمیوں  بالخصوص اب کے رمضان میں  افطار کے بعد  پانی کی کمی کوایک نئے انداز اور منفرد انداز سے پورا کیجئے ۔اور رمضان کا ایک اور لطف اٹھائے ۔

یہ بھی دیکھیں

ہربل ٹپس! آسان گھریلو نسخے….

ہم میں ہر کوئی کبھی نہ کبھی دانت کی تکالیف سے پریشان نظر آتا ہے۔ ...

ٹینشن سے دوری! صحت مند زندگی کے لیے ضروری….

                    ماہرین نفسیات کا کہنا ہے ...

प्रातिक्रिया दे

आपका ईमेल पता प्रकाशित नहीं किया जाएगा. आवश्यक फ़ील्ड चिह्नित हैं *