جولائی 2020ء –
برج اسد …. 24 جولائی تا 23 اگست
رنگ شخصیت کے عکاس ہوتے ہیں ، ہر رنگ کچھ کہتا ہے ، ہر رنگ کی اپنی ایک الگ پہچان ہے ، ہر رنگ اپنا اثر چھوڑتا ہے ۔
رنگوں کا ہماری صحت، ماحول، انسانی مزاج، شخصیت اور نفسیات پر گہرا اثر ہوتا ہے۔ ہم روز مرّہ کے واقعات میں ، اپنے اطراف میں، اسکول، کالج، دفتر اورکاروبار میں، حتی ٰ کہ ہر شعبہ زندگی میں مختلف مزاج کے لوگ دیکھتے ہیں۔ کچھ تحمل والے، صبر والے، کچھ کا مزاج جارحانہ،غصہ سے بھرپور، کچھ معاف کرنے والے، برائی کا بدلہ بھلائی سے دینے والے، کچھ چاق و چوبند، کچھ سست و کاہل، بعض افراد خوش مزاج، بعض کے چہرے پر ہمہ وقت پریشانی کے تاثرات دکھائی دیتے ہیں۔ غرض یہ کہ جتنے افراد دنیا میں موجود ہیں سب کے سب منفرد کردار و مزاج کےحامل ہیں ۔ لوگوں کا یہ کردار اور مزاج ہی ان کی شخصیت، ماحول، تعلیم، کیرئیر، صحت اور ان کی روزمرہ زندگی کے دیگر معمولات ، پر اثر انداز ہوتا ہے۔
بعض ماہرین بتاتے ہیں کہ انسان کا یہ کردار و مزاج اُن رنگوں سے تشکیل پاتا ہے، جو انسان کے باطن میں موجود روشنیوں کے جسم Auraکا حصہ ہوتے ہیں ، اور ان رنگوں سے بھی جو ارد گرد کے ماحول سے اور اطراف کے لوگوں کی شخصیت اور مزاج سے شامل ہوتے ہیں۔
کسی انسان کے لیے کون سے رنگ اچھے ہیں اور کون سےغیر مناسب …. کن رنگوں سے وہ خوش ہوتا ہے اور کن سے نا خوش ….کن سے توانائی بڑھتی ہے او ر کن رنگوں سے ذہن بوجھل ہوتا ہے۔ کن رنگوں سے کوئی شخص خود کو مستعد محسوس کرتا ہیں اور کن سے سست؟ …. اگر یہ بات اچھی طرح جان لی جائے تو اپنے اردگرد کے ماحول میں رنگوں میں مناسب رد و بدل سے انسان کے مزاج، کردار، شخصیت کو مزید نکھار اور ذہنی و جسمانی صحت پر اچھے اثرات ہوسکتے ہیں اور روزمرہ زندگی میں کامیابی، خوشی اور ذہنی سکون حاصل ہوسکتا ہے ۔
زیر نظر مضمون میں ہم آپ کو بتائیں گے کہ مختلف رنگ، انسانی شخصیت ، تعلیم ، روزگار اور صحت پر کیا کیا اثرات مرتب کرتے ہیں ۔
آپ کی تاریخ پیدائش اور بروج کی مناسبت سے کون سا رنگ آپ کے مزاج اور نفسیات کے لیے بہتر رہے گا۔
♌ Leo
برج اسد (24 جولائی تا 23 اگست)
24 جولائی تا23 اگست کے درمیان پیدا ہونے والے افراد کا برج ‘‘اسد ’’ Leo ہے۔ اس برج کی علامت شیر اور عنصر آگ ہے۔ علم نجوم کی ترتیب میں یہ پانچواں برج ہے۔ برج اسد میں کل 16 ستارے ہیں جن کو یونانیوں نے لائنیں کھینچ کر ایک شبیہ دی اور کہا کہ یہ ببر شیر ہے جو آسمانوں پر دوسرے جانوروں کا بادشاہ ہے، اسی لئے یونانیوں کے نزدیک برج اسد سارے برجوں کا بادشاہ تسلیم کیا جاتا ہے۔ برج اسد کا نشان شیر ان کی طاقت ، توانائی اور چستی کی عکاسی کرتا ہے ۔ یہ لوگ ہمیشہ ہی پرعزم اور طاقت ور ہوتے ہیں۔ اکثر اسد افراد مضبوط اور آزاد شخصیت کے مالک ہوتے ہیں ۔ حالات کو اپنی مرضی کے مطابق ڈھالنے کے ساتھ لوگوں کو اپنا ماتحت بنانے کی خواہش بھی رکھتے ہیں ۔اسد افراد نہایت مضبوط اعصابی کیفیت کے مالک ہوتے ہیں اور کامیابیوں کی طرف رواں دواں رہتے ہیں۔ یہ کبھی ہار نہیں مانتے اور کامیابی کے لیے لڑتے رہتے ہیں۔ یہ لوگ نا انصافی برداشت نہیں کرسکتے اور انصاف قائم کرنے کے لیے انتھک کوشش کرتے ہیں۔ اپنی ہمت اور طاقت کے بل بوتے پر یہ اپنا مقصد حاصل کرنے میں کامیاب بھی ہوجاتے ہیں۔
جولائی اور اگست کی ان تاریخوں میں پیدا ہونے والے افراد بڑے دل والے اور گرم جوش شخصیت کے حامل ہوتے ہیں۔یہ لوگ اپنی خود اعتمادی ، مقصدیت اور مثبت سوچ کی بناء پر پہچانے جاتے ہیں۔ خود اعتماد، امن پسند، ہمدرد، محبت کرنے والے، محنتی، رحم دل ، صاف گو اور زندگی میں استحکام کے خواہشمند ہوتے ہیں۔
برج سرطان کے زیر اثر پیدا ہونے والے افراد کا موافق سیارہ شمس یعنی سورج ہے، اسی لئے یہ توانائی سے بھرے ہوئے ہوتے ہیں۔ اپنے جوش و جذبات کے ذریعے یہ دوسروں کو اپنے مقاصد میں شریک کرلیتے ہیں۔ یہ عموماً مثبت تاثر لیتے ہیں اور کبھی ہمت نہیں ہارتے۔ جو حاصل ہوتا ہے اس میں خوش ہوتے ہیں اور جو ناحاصل ہو اس پر شکوہ نہیں کرتے ۔
یہ لوگ باہمت اور پر اعتماد ہوتے ہیں۔ یہ صرف اپنی ذات کے بارے میں نہیں سوچتے۔ دوسروں کے ساتھ رہنے اور ان کو سمجھنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اس لیے مل کر اچھی کار کردگی دکھاتے ہیں ۔ دوسروں کے ساتھ اچھا برتاؤ انھیں لوگوں میں مقبول بنادیتا ہے۔
یہ افراد دوسروں کی توجہ کا مرکز بننا چاہتے ہیں اس لیے ان میں سے اکثر فنون لطیفہ کا شعبہ اختیار کرتے ہیں۔ اسد لوگ تصنیف و تالیف کے کاموں میں بھی بڑے جوش و خروش سے حصہ لیتے ہیں، اس کے علاوہ یہ ہر اس پیشے میں نظر آتے ہیں جس میں تخلیقی سوچ کی ضرورت ہوتی ہے۔
اسد افراد کو اکثر ان کی ہمدردیا مددگار طبیعت کی وجہ سے جانا جاتا ہے ۔ انھیں دوسروں سے ہمدردی کرنے میں کوئی مسئلہ نہیں ہوتا ۔ وہ دنیا کو ایک اچھی جگہ بنانے کی فکر میں لگے رہتے ہیں اور لوگوں کے لیے اچھا کام کرنا چاہتے ہیں۔ یہ لوگ لمبے عرصے تک لوگوں اور حالات سے منسلک رہتے ہیں اور پارٹنرشپ میں بھی ایمانداری پسند کرتے ہیں۔ اسد افراد عام طور پر فراخ دل ، مخلص اور محبت بکھیرنے والے ہوتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ یہ لوگ ہمیشہ دوستی کا ساتھ دیتے ہیں اور اچھے دوست ثابت ہوتے ہیں۔
اس برج سے تعلق رکھنے والی خواتین میں مہمان نوازی کی وصف خصوصی طور پر قابل ذکر ہے۔ نیز شوہر کا خیال رکھنا، شوہر کو خوش کرنے کے لیے کچھ بھی کر گزرنا ان کے مزاج میں شامل ہوتا ہے۔
اسد افرادسے تعلق رکھنے والے افراد بہت سی چیزوں میں دلچسپی رکھتے ہیں خاص طور پر دوسرے لوگوں کے ساتھ گفتگو و بحث کرنا اور ان کے خیالات جاننا پسند کرتے ہیں ۔
اسد افراد خود کو دوسروں کی توجہ کا مرکز بنانا چاہتے ہیں اور دوسروں سے پسندیدگی اور تعریف کی خواہش رکھتے ہیں۔ یہ خود بھی سب سے بہتر بننا چاہتے ہیں اور اپنے لیے بہترین چیز ہی پسند کرتے ہیں۔اسد افراد میں خود پسندی جب حد سے گزر جائے تو منفی رخ اختیار کرلیتی ہے۔
اسد کا عنصر آگ ہے اور اس کے اثرات اسد افراد کے رویوں میں دیکھے جا سکتے ہیں۔ اسد افراد جو کچھ بھی کرتے رہتے ہیں ان میں متکبرانہ اور جارحانہ روش پائی جاتی ہے۔یہ لوگ ہر کامیابی کا تاج اپنے سر پر سجانے کے عادی ہوتے ہیں۔ اسد افراد خوشامد پسند بھی ہوتے ہیں۔اسد افراد جلد باز واقع ہوئے ہیں جس کی وجہ سے انہیں اکثر نقصان ہی اٹھانا پڑتا ہے۔
اسد افراد ضدی ہوتے ہیں جو ایک بار فیصلہ کرلیں اس پر وہ قائم رہتے ہیں چاہے اس چیز سے انہیں نقصان ہی کیوں نہ ہوجائے۔ اگر ان کی اناء مجروح ہو جائے تو یہ آپے سے باہر ہوجاتے ہیں۔ اسد افراد کبھی کبھی انتہاپسند واقع ہوئے ہیں وہ اپنی توانائی اور فطری صلاحیتوں میں دھماکہ خیزی پیدا کر کے اپنا وقت اور قیمتی سرمایا ضائع کردیتے ہیں۔
اسد کا رنگ….نارنجی /سنہرا
جوش اور طاقت کا رنگ
برج اسد کے زیر اثر یعنی ماہِ جولائی کی 24 تاریخ تا 23 اگست کے درمیان پیدا ہونے والے افراد کے لیے کون سا رنگ موافق ہوتاہے….؟
ماہرین فلکیات کا کہنا ہےکہ اسد کا موافق سیارہ سورج اور موافق عنصر آگ ہے اور اسی مناسبت سے اسد افراد کے لیے نارنجی Orange اور مالٹا رنگ کے ساتھ سنہرا Golden بھی مفید ہیں ۔
نارنجی رنگ کی بات کی جائے تو عموما خوش رنگ کینو نظروں کے سامنے آجاتا ہے۔ اس تصور کے ساتھ ہی کٹھا میٹھا سا ذائقہ بھی منہ میں محسوس ہوتاہے۔
نارنجی رنگ جسے ہم انگریزی میں اورنج کہتے ہیں۔ زندگی سے بھرپور ایک انتہائی خوب صورت چلبلاتا سا رنگ ہے۔ سرخ اور پیلے کے درمیان ایک مقام جہاں دونوں رنگوں کا امتزاج نارنجی رنگ کی صورت میں ابھرتا ہے ۔
سرخ رنگ کی طاقت اور پیلے رنگ کی ذہنی صلاحیتیں مل کر ایک ایسا رنگ تخلیق کرتی ہیں جس میں معصوم بچوں کی سی چہل پہل ہوتی ہے۔ بذلہ سنجی ہوتی ہے۔ جہاں موج مستی ہے غل غپاڑہ ہے۔ یوں کہیے کہ جہاں میلہ ہے وہاں نارنجی رنگ ہے ۔ نارنجی رنگ خالصتا ً خوشی رنگینی کی علامت ہے ۔
اگر آپ کسی ایسی بے باک شخصیت کو جانتے ہیں جس کے آنے سے محفل گل و گلزار ہوجاتی ہے۔ جن کے چٹکلے ،رنگیلے لباس سے کبھی کبھار آنکھیں چندھیا جاتی ہیں۔ تو سمجھ لیجئے کہ اس شخصیت میں نارنجی رنگ غالب ہے۔ یہ خوش وخرم موج و مستی کا رنگ ہے۔ جذبات کے اظہار کا رنگ ہے۔ ایک ایسا رنگ جس کی حامل شخصیات بے باک،نڈر، چلبلی اور موج مستی کی دل دادہ ہوتی ہیں ۔ ان کی حاضر جوابی محفل کو زعفران زار کردیتی ہے۔
ایسے افراد ہر پل کچھ نیا چاہتے ہیں ۔اپنی زندگی کو بھرپور طریقے سے جینا چاہتے ہیں ۔
نارنجی رنگ کے حامل افراد خوبصورتی اور آرائش و زیبائش کے دلداہ ہوتے ہیں ، نا صرف خود کوسجاتے سنوارتے ہیں ۔بلکہ اپنے سے منسلک ہر انسان اور ہرشے کو خوبصورت دیکھنا چاہتےہیں اور نت نئے فیشن کے مطابق خود کوڈھا لتے رہتے ہیں ۔ دعوتوں کے شوقین اور چٹ پٹے اور لذیذ کھانوں کے رسیا ہوتے ہیں ۔ اپنی تعریف سننا پسند کرتے ہیں ۔ اسی لئے خوشامدی افراد انہیں با آسانی قابو کرلیتے ہیں۔
ان کی منفی خواص بھی ہیں ، بہت زیادہ شو آف اور خود پسندی کی عادت انہیں مغرور اور خود غرض بنادیتی ہے۔ من چاہی چیز کے حصول کے لئے جنونی ہوجاتےہیں ۔ شدت پسندی انھیں جارحیت پر اکساتی ہے ۔ایسے لوگ محفل میں سب سے نمایا ں نظر آنا پسند کرتے ہیں ۔اپنی بات منوانے کے لئے بغاوت پراتر آتے ہیں ۔
ان افراد کے لے بہترین پروفیشن کی بات کی جائے تو سماجی رابطے اور کاروباری تعلقات میں متحرک ہوتے ہے ۔ایسے افراد مارکیٹنگ میں کامیاب رہتے ہیں ۔ خوب صورت اندازِ گفتگو اور بذلہ سنجی کے باعث کسی بھی پراڈکٹ کے لئے با آسانی خریدار پیداکرلیتے ہیں ۔
نت نئے آئیڈیاز اور کمیونیکیشن اسکلز ان کو کامیاب بزنس پرسن بنا سکتی ہیں ۔ سماجی خدما ت میں پیش پیش رہتے ہیں ٹیم ورک میں بھی اپنی انفرادی حیثیت کو ہر صورت برقرا رکرکھتے ہیں ۔
نارنجی رنگ جوش و خروش میں اضافہ اور حوصلہ افزائی کرتا ہے اور توانائی سے بھرپور ہے۔ یہ جسم اورذہن کی توانائیوں کو بیلنس کرتا ہے اور انسانی جذبات کو پوری طرح باہر آنے میں مدد کرتا ہے۔
اگر کوئی شخص سستی ، اضمحلا ل، اکتاہٹ محسوس کر رہا ہو تو نارنجی رنگ اچھے اثرات مرتب کر تا ہے۔ اس رنگ سے طبیعت میں مسرت اور شوخی کا احساس پیدا ہوتا ہے ۔
گولڈن یا سنہرے رنگ کی بات کی جائے تو یہ مال و دولت ، عزت کا نشان تو دوسری جانب یہ روحانی قوت اور وجدان کارنگ ہے۔یہ رنگ اپنے سے منسوب ہر شئے کو قیمتی بنا دیتا ہے۔
کلر سائیکولوجی میں سنہرا رنگ ایک خاص روحانی مقام رکھتا ہے۔ اس رنگ کی ایک وجدانی حیثیت ہے۔ انسانی اورا Aura میں سنہرے رنگ کا مطلب ہے کہ ایسے لوگ اپنی ذات میں بے حدپر سکون ، خود انحصاری اورخوداعتمادی کے مالک ہوتے ہیں۔ یہ عطا کرنے والے سخی ، شفیق اور دوسروں کے ساتھ علم و دانش اور دولت شئیر کرنے والے ، محسن اور سرپرست کا رنگ ہے ۔ ایسے لوگوں کی ذات محبت اور شفقت سے بھر پور ہوتی ہے۔
اس رنگ کے حامل افراد انتہائی مثبت سوچ کے مالک ہوتے ہیں، ان کی سمجھ داری، پریکٹیکل سوچ، ایمان داری ان کی کامیاب زندگی کی ضمانت ہوتی ہے۔
نفسیاتی اعتبار سے سنہرا رنگ حکمت، دولت اور بلند معیار کے طور پہ دیکھا جاتا ہے۔اس کو پسند کرنے والے افراد میں روشن خیال ،روشن ضمیر لو گ ہوتےہیں ۔
سنہرے رنگ کے مثبت خواص میں کامیابی، فراوانی، بہتات،نرمی اور تحمل مزاجی ہے۔ جب یہ عدم توازن ہو کر منفی صورت میں ظاہر ہو تو بے اعتمادی ، شکی مزاج، خلل اندازی یا مزاحمت کا اظہار کرتے ہیں۔برہمی اور ترشی مزاج کا حصہ بن جاتی ہے۔خود کو دنیا سے الگ تھلگ اور سب میں بالکل مس فٹ سمجھتے ہیں ۔ ایسے افراد خود غرض طبیعت کے مالک بھی بن جاتے ہیں ۔
(جاری ہے)
جولائی 2020ء