شوہر کی طرف سے ازدواجی حقوق سے محروم عورت کیا کرے…..؟
سوال: میری شادی 2017 ء میں ہوئی۔ میرے والدین متوسط طبقے سے تعلق رکھتے ہیں، جب ان کا رشتہ آیا تو میرے والدین ان لوگوں کے بنگلے ، گاڑی کی چکاچوند اور روپے پیسے کی ریل پیل سے اتنے متاثر ہوئے کہ انہوں نے لڑکے کی تھوڑی سی بھی جانچ پڑتال کرنا مناسب نہ سمجھا اور چند ہی ماہ میں میری شادی یہاں کردی گئی۔
شادی کے کچھ دن بعد تک میرے شوہر یہ بہانہ کرتے رہے کہ ان کی طبیعت شدید خراب ہے اس وجہ سے ان کا ذہن میری طرف مائل نہیں ہورہا۔ اسی دوران مجھے پتہ چلا کہ چند سال پہلے بھی میرے شوہر کی ایک شادی ہوچکی ہے جو چند ماہ بعد ختم ہوگئی تھی۔
مجھ سے شادی کے بعد چند دن تک وہ طبیعت کی خرابی کا بہانہ کرتے رہے ، پھر چند ہفتوں کے لیے بیرون ملک چلے گئے ، واپس آنے پر بھی ان کے رویے میں کوئی تبدیلی رونما نہ ہوئی۔
کچھ دن بعد مجھ پر یہ واضح ہوگیا کہ میرے شوہر شادی شدہ زندگی گزارنے کے قابل نہیں ہیں، مجھ سے شادی انہوں نے صرف اس لیے کی کہ انہیں سوشل سرکل میں اپنے گرتے ہوئے امیج کو بحال کرنے کی ضرورت تھی۔ لوگ کہتے ہیں کہ میں بہت خوبصورت ہوں لیکن اپنے شوہر کی اس بے التفاتی کی وجہ سے میں مرجھا کر رہ گئی ہوں۔
میرے شوہر مجھ پر کسی قسم کی کوئی پابندی نہیں لگاتے، جتنے پیسے مانگتی ہوں فوراً دے دیتے ہیں۔ میں نے اپنے ماں باپ اور بھائیوں سے اس بارے میں کئی بار بات کی لیکن اُن کا کہنا ہے کہ تمہیں اس سے اچھا رشتہ نہیں مل سکتا تھا اور مجھے اپنے شوہر کو علاج کی جانب مائل کرنا چاہیے۔
شوہر سے جب بھی اس موضوع پر بات کروں تو وہ بات پلٹ دیتے ہیں ، زیادہ زور دینے پر ناراض ہوجاتے ہیں۔ میرے سسرال میں تقریباً تمام لوگ ہی شوہر کے اس نقص سے واقف ہیں، لیکن سب خاموش رہتے ہیں۔
آج میں ایک عجیب دوراہے پر کھڑی ہوں میرے اہل خانہ میرا مسئلہ سمجھنے کو تیار نہیں اور میرے شوہر اپنا مسئلہ سننے کو تیار نہیں۔ اپنی ایک سہیلی کے کہنے پر آپ سے رابطہ کررہی ہوں ۔
مجھے سمجھ نہیں آتا کہ شوہر کی طرف سے ازدواجی حقوق سے محروم ایک جوان عورت آخرکیاکرے….؟ ؟
<!….AD>
جواب: آپ کے شوہر کو طبی اور نفسیاتی علاج کی ضرورت ہے۔ آپ کے والدین کو یہ معاملہ آپ کے ساس سسر کے سامنے رکھنا چاہیے اور انہیں آپ کے شوہر کے مناسب ڈاکٹری، حکیمی یا ہومیو پیتھک علاج کے ساتھ ساتھ نفسیاتی علاج پر قائل کرنے کی کوشش کرنا چاہیے۔
بعض لوگ حسد، نظربد، سحر کی وجہ سے بھی ازدواجی تعلقات کے قیام سے معذور ہوجاتے ہیں۔ ازدواجی تعلقات پر حسد یا سحر کے اثرات سے نجات کے لیے اللہ کے کلام سے مدد لی جائے۔
صبح اور شام گیارہ گیارہ مرتبہ سورۂ فلق اور سورۂ الناس اور سات مرتبہ سورہ الاعراف (7) کی آیت 189 میں سے :
هُوَ الَّـذِىْ خَلَقَكُمْ مِّنْ نَّفْسٍ وَّاحِدَةٍ وَّجَعَلَ مِنْـهَا زَوْجَهَا لِـيَسْكُنَ اِلَيْـهَا ۖ
تین تین مرتبہ درود شریف کے ساتھ پڑھ کر پانی پر دم کرکے میاں بیوی دونوں پی لیں۔ رات سونے سے پہلے اکتالیس مرتبہ سورۂ روم (30) کی آیت 21 میں سے :
وَمِنْ اٰيَاتِهٓ ٖ اَنْ خَلَقَ لَكُمْ مِّنْ اَنْفُسِكُمْ اَزْوَاجًا لِّتَسْكُنُـوٓا اِلَيْـهَا وَجَعَلَ بَيْنَكُمْ مَّوَدَّةً وَّّرَحْـمَةً
گیارہ گیارہ مرتبہ درود شریف کے ساتھ پڑھ شوہر کا تصور کرکے دم کردیں اور دعا کریں کہ ان کی حفاظت ہو اور انہیں صحت عطا ہو۔