Monday , 9 September 2024

اسماء الحسنیٰ سے مشکلات کا حل ۔ المؤمن المھیمن

اسماء الحسنیٰ سے مشکلات کا حل ۔ المؤمن المھیمن

خوف اور نقصان سے حفاظت، خاوند یابیوی کے رویہ میں درستی، ظاہری وباطنی اسرار کے انکشاف اور استخارہ کے لیے ‘‘الْمُؤْمِنُ الْمُهَيْمِنُ ’’ کا ورد…. 

الْمُؤْمِنُ 

الْمُؤْمِنُ کے لغوی معنی امن بخشنے والا کے ہیں۔ اللہ رب العزت “الْمُؤْمِنُ” ہے جس کے معنی ہیں ایمان کی حفاظت کرنے والا، امان دینے والا، امن دینے والا یا The Guardian of faith ۔اﷲ تعالیٰ نے دنیا میں امن قائم کرنے کے لیے انبیاء مبعوث فرمائے اور کتب نازل فرمائیں۔ ابن عباس کے مطابق مومن کے معنی ہیں امن دینے والا، کافروں کو ظلم سے اور مؤمنوں کو عذاب سے، اس تفسیر پر الْمُؤْمِنُ امان سے مشتق ہوگا اور امان کا مفہوم خوف کی ضد ہے ، اﷲ کی ہستی امن وسلامتی قائم کرنے والی ہے۔

الَّذِیۡۤ اَطۡعَمَہُمۡ مِّنۡ جُوۡعٍ ۬ ۙ وَّ اٰمَنَہُمۡ مِّنۡ خَوۡفٍ
 ترجمہ:‘‘وہی ہے جس نے انہیں بھوک میں کھانا دیا اور ڈر (و خوف )میں امن (و امان ) دیا ’’۔[سورۂ قریش:4]
وَ لَیُبَدِّلَنَّہُمۡ مِّنۡۢ بَعۡدِ خَوۡفِہِمۡ اَمۡنًا
ترجمہ:’’ اور وہ (اللہ ) ان کے اس خوف و خطر کو امن امان سے بدل دے گا ’’۔
[سورۂ نور: 55] اللہ تعالی الْمُؤْمِنُ ہمیں امان فراہم کرتا ہے، اللہ ہمارے ایمان کا بھی نگہبان ہے ، ایک انسان اللہ تعالی کی بندگی اختیار کرتا ہے، اللہ کے آگے سر جھکاتا اور اللہ ہی کی مانتا ہے، تو وہ بھی مومن ہے۔ کچھ الفاظ مختلف مقامات پر مختلف معنی میں استعمال ہوتے ہیں۔
اللہ تعالی کے اسم مومن کا مطلب ہے جو امان دیتا ہے، جو امن فراہم کرتا ہے، اللہ المومن کے معنی امان دینے والا ہے، امن دینے والا اور بندہ مومن کے معنی ہیں ایمان کی حفاظت کرنے والا تصدیق کرنے والا۔
بعض اہل علم نے الْمُؤْمِنُ کا ترجمہ کیا ہے تصدیق کرنے والا۔ آیت کریمہ وَ مَاۤ اَنۡتَ بِمُؤۡمِنٍ لَّنَا وَ لَوۡ کُنَّا صٰدِقِیۡنَ (سورۂ یوسف
(12): آیت 17) ترجمہ: اور آپ ہماری بات کا یقین نہیں کریں گے چاہے ہم کتنے ہی سچے ہوں۔ میں مُؤْمِن بمعنی مصدق ہے، ایمان اس تصدیق کو کہتے ہیں جس میں اطمینان قلب ہوجائے اور تردد جاتا رہے ۔
وَمَنْ يَّعْمَلْ مِنَ الصَّالِحَاتِ وَهُوَ مُؤْمِنٌ
فَلَا يَخَافُ ظُلْمًا وَّلَا هَضْمًا
 ترجمہ:‘‘اور جو نیک اعمال کرے اور ایمان والا بھی ہو تو نہ اسے کسی زیادتی کا کھٹکا ہوگا نہ حق تلفی کا’’۔[سورۂ طہ (20): آیت 112]
فَمَنْ يَّعْمَلْ مِنَ الصَّالِحَاتِ وَهُوَ مُؤْمِنٌ
فَلَا كُفْرَانَ لِسَعْيِهٖ
ترجمہ:‘‘پھر جو بھی نیک عمل کرے اور وہ مومن ( بھی ) ہو تو اسکی کوشش کی بے قدری نہیں کی جائیگی۔ ’’[سورۂ انبیاء (21) : آیت 94] قرآن میں اﷲ کے لیے یہ اسمِ صفت الْمُؤْمِنُ صرف ایک بار سورۂ حشر (59)آیت23میں آیا ہے۔
هُوَ اللهُ الَّـذِىْ لَآ اِلٰـهَ اِلَّا هُوَۚ الْمَلِكُ الْقُدُّوْسُ السَّلَامُ الْمُؤْمِنُ الْمُهَيْمِنُ

وہی اللہ ہے جس کے سوا کوئی معبود نہیں۔ وہ بادشاہ، پاک ذات، سلامتی والا، امن دینے والا، نگہبان ہے۔[سورۂ حشر(59):آیت23] علم الاعداد کی رو سے المومن کے اعداد 136 ہیں۔ الْمُؤْمِنُ کے ذکر کے فوائد وثمرات کا تذکرہ مختلف کتب میں یوں مذکور ہے:
جو شخص کسی خوف کے وقت 136مرتبہ اسم مبارک ’’یامومن‘‘ پڑھے گا ان شاء اﷲ ہر طرح کے خوف اور نقصان سے محفوظ رہے گا۔
جوشخص ایک ہزار مرتبہ اس اسمِ مبارک کو لکھ کر تعویذ بناکر اپنے پاس رکھے گا۔ ان شاء اﷲ شیطان کے وسوسوں سے محفوظ رہے گا اور دشمن کے شر سے امان میں رہے گا۔
اس اسم مبارک کو ہر روز ایک ہزار مرتبہ پڑھنے والا دوسرے کی حسد و برائی سے محفوظ رہے گا۔
ہر نماز کے بعد باوضو حالت میں تین سو مرتبہ اسمِ مبارکہ المومن کو پڑھنے سے لوگوں کے دلوں میں عزت اور احترام بڑھ جاتاہے۔
دشمن پر غلبہ حاصل کرنے کے لیے اور جائز مقصد میں کامیابی پانے کے لیے ہر روز صبح کی نماز کے بعد گیارہ سو مرتبہ اس اسمِ مبارک کا ورد کرنے سے جائز مقصد حاصل ہوجاتاہے۔
بکثرت اسمِ المومن کے ورد کی برکت سے امراض خبیثہ سے محفوظ ومامون رہے گا۔
جو شخص یا مومن کا بکثرت ورد کرے گا اس کی طبیعت میں امن پسند اور دنگافساد سے اجتناب کرنے والی صفات میں اضافہ ہوگا اور ایسا شخص بری صحبتوں اور برے ساتھیوں سے بھی بچنے کی کوشش کرے گا۔
شیطان سے تحفظ اور امان میں رہنے کے لیے یامومن کا ورد کرنا ایک بہترین وظیفہ ہے۔
شوہر کی بداخلاقی دور کرنے کے لیے اس اسمِ مبارک کا روزانہ 6ہزار مرتبہ ورد اکیس روز تک بیوی پڑھے ان شاء اﷲ خاوند کا رویہ درست ہوجائے گا۔
خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب فرماتے ہیں:
‘‘عشاء کی نمازکے بعد گیارہ سو مرتبہ یا مومن پڑھ کر آنکھیں بند کرکے بیٹھ جائیں اور یہ تصور کریں کہ میں عرش کے سائے میں ہوں۔ جب یہ تصور قائم ہوجائے تو شوہر کے اوپر پھونک ماردیں۔ اور بات کیے بغیر بستر میں چلی جائیں اور شوہر کا تصور کرتے کرتے سوجائیں۔ ان شاء اﷲ خاوند کی طرف سے بد اخلاقی، برائی ، زیادتی کا اظہار نہیں ہوگا۔ اس عمل کی برکت سے شوہر بیوی کا گرویدہ ہوجائے گا۔ اگر کسی شوہر کے ساتھ بیوی کا سلوک اچھا نہ ہو تو یہ عمل شوہر بھی کرسکتاہے۔ نتائج دونوں صورتوں میں ایک ہی مرتب ہوں گے۔ [روحانی نماز۔ صفحہ178]

 

الْمُهَيْمِنُ :

الْمُهَيْمِنُ ’’کے لغوی معنی محافظ اور نگہبان کے ہیں۔ یعنی وہ ذات باری جو اپنی مخلوق کے تمام امور پر نگہبانہو۔
علم الاعداد کے حساب سے اسم الٰہیہ الْمُهَيْمِنُ کے اعداد 145ہیں۔
سورۂ مائدہ میں اس صفت کو قرآن سے منسوب کیا گیا ہے:

وَ اَنۡزَلۡنَاۤ اِلَیۡکَ الۡکِتٰبَ بِالۡحَقِّ مُصَدِّقًا لِّمَا بَیۡنَ یَدَیۡہِ مِنَ الۡکِتٰبِ وَ مُہَیۡمِنًا عَلَیۡہِ 

ترجمہ:‘‘اور ہم نے آپ کی طرف سچائی کے ساتھ کتاب نازل فرمائی ہے جو اپنے سے پہلے کی کتاب کی تصدیق کرنے والی ہے اور اس پر نگہبان ہے’’۔[سورۂمائدہ(5):آیت 48] اسم ِ مبارک الْمُهَيْمِنُ کے فوائد وثمرات کے متعلق حضرت خواجہ شمس الدین عظیمی فرماتے ہیں:
‘‘ تہجد کی نماز کے بعد ایک ہزار مرتبہ یا مھیمن پڑھ کر مراقبہ کرنے سے غیب کی دنیا سامنے آجاتی ہے اور گم شدہ چیزیں ارادہ کے ساتھ نظر کے سامنے آجاتی ہیں۔
اﷲ تعالیٰ کا یہ اسم تین روز تک ایک ہزار ایک سو مرتبہ پڑھنا استخارہ ہے۔ اﷲ کے فضل وکرم سے تین روز میں صحیح بات معلوم ہوجاتی ہے۔
رات کو سونے سے پہلے دو رکعت نماز نفل ادا کریں اور گیارہ سو مرتبہ یا مھیمن پڑھ کر جو بات معلوم کرنی ہے اس کو دل میں دہراتے دہراتےسوجائیں’’۔
[روحانی نماز:صفحہ179] جو شخص اسمِ مبارک یا مھیمن کا بکثرت ورد کرے گا پروردگار عالم ا پنے فیض وکرم سے اسے مخلوق کی نظروں میں وجاہت اور عظمت، رعبودبدبہ او ر قوت و ہیئت عطا فرمائے گا۔
جو شخص اس اسمِ مبارک کا بکثرت ورد کرکے گا ان شاء اﷲ اس کا جان ومال ہر آفت سے محفوظ رہے گا۔
ہر روز ایک ہزار ایک سو پندرہ مرتبہ اسمِ مبارک یامھیمن پڑھنے والا ان شاء اﷲ دنیاوی آفتوں اور بڑے بڑے خطرات کا سامنا ہونے پر بھی محفوظ رہے گا۔
سمندری یا فضائی سفر کرنے سے پہلے یامھیمن کا ورد کرنا حفاظت کا ذریعہ نتا ہے۔ کاروباری مشکلات میں بھی آسانیاں پیدا ہوں گی۔ یامھیمن کے بکثرت ورد کی برکت سے
ان شاء اﷲ تعالیٰ انسان کو غیر معمولی قوتِ برداشت حاصل ہوتی ہے۔ ان شاء اللہ اس اسمِ مبارک کی برکت سے سخت سے سخت کا م کرنے کی طاقت اور اہلیت پیدا ہوتی ہے۔
جو شخص غسل کرکے دو رکعت نماز کے بعدتنہائی میں خلوصِ قلب اور پوری توجہ کے ساتھ اسم‘‘یامھیمن’’ کا سو بار ورد کرے گا اﷲ تعالیٰ اس کے ظاہر وباطن کو صاف فرمائے گا۔ اس پر اسرارِ الٰہی منکشف ہونے لگیں گے۔
جو شخص بطور استخارہ کسی کام کا انجام معلوم کرنا چاہتاہے تو وہ غسل کرکے قبلہ رو بیٹھ جائے اور اسم مبارک یا مھیمن کا ایک ہزار ایک سوپندرہ مرتبہ ورد کرے اور تین روز تک پڑھے۔ انشاءاﷲ اس اسم کی برکت سے اس کام کا انجام اسے فوراً معلوم ہوجائے گا۔

 

اسماء الحسنیٰ المھیمن…. رشتے کے لیے استخارہ 

سوال: پہلے تو میرے رشتے نہیں آتے تھے آپ کی دعاؤں سے اور آپ کے بتلائے ہوئے عمل کرنے سے اب رشتے تو کئی آ رہے ہیں مگر ان میں سے تین رشتے ایسے ہیں جن میں سے سلیکشن کرنا مشکل ہو گیا ہے۔ بہت سوچ وبچار کے بعد دوبارہ آپ کو تکلیف دے رہی ہوں کہ آپ خود استخارہ کر کے بتلائیں کہ فلاں فلاں میں سے کس کے ساتھ رشتہ طے کرنا مناسب ہے یا پھر کوئی آسان سا استخارہ کا عمل بتلائیں۔
جواب: رات کو سوتے وقت گیارہ سو مرتبہ یَا مُھَیمِنُ پڑھ کر دائیں ہتھیلی پر دم کر کے داہنی کروٹ لیٹ کر ہاتھ کان کے نیچے رکھ کر سو جائیں۔ جب تک نیند نہ آئے یہ تصور کرتی رہیں کہ فلاں کے ساتھ شادی کرنا مناسب ہے کہ نہیں تین روز کے اس عمل سے آپ کو صحیح بات معلوم ہو جائے گی۔ ان شاء اللہ
[روحانی ڈاک (جلد اول): خواجہ شمس الدین عظیمی ]

یہ بھی دیکھیں

اسماء الحسنیٰ سے مشکلات کا حل ۔ القابض الباسط

اسماء الحسنیٰ سے مشکلات کا حل ۔ الفتاح العلیم رزق میں کشادگی، گناہوں سے بے …

اسماء الحسنیٰ سے مشکلات کا حل ۔ الفتاح العلیم

اسماء الحسنیٰ سے مشکلات کا حل ۔ الفتاح العلیم امتحان میں کامیابی، یادداشت میں اضافے، …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *