اسماء الحسنیٰ سے مشکلات کا حل ۔ الفتاح العلیم
الۡفَتَّاحُ :
الفتاح کے لغوی معنی کھولنے والے Opener کے ہیں۔ شرح اسماء الحسنٰی کے مصنف علامہ قاضی سلیمان منصور پوری فرماتے ہیں ….
الفتاح وہی ہے جو مشکلات، مہمات(کی گرہوں) کو کھول دیتا ہے۔ فتاح وہی ہے جو دل کو حق کے لیے کھول دیتا ہے۔ فتاح وہی ہے جو زبان پر علوم کو جاری فرما دیتا ہے۔ فتاح وہی ہے جو اہل حق اور باطل کے درمیان فیصلہ فرماتا ہے۔ فتاح وہی ہے جو صادقین کے صدق کو ظاہر کرتا ہے۔ کاذبین کی اصلیت سب پر کھول دیتا ہے۔
اہل ایمان کو اس ذات مقدس سے کشائش ظاہری و باطنی کی اُمید رکھنی چاہیے۔
اﷲ تعالی فرماتا ہے کہ:
اﷲ اپنی جتنی رحمت لوگوں کے لیے کھول دے اسے کوئی بند کرنے والا نہیں اور جس کے لیے بند کردے ۔ بس اس کے بعد اس کو کوئی جاری کرنے والا نہیں اور وہی غالب حکمت والا ہے ۔[سورۂ فاطر:آیت2]
الفتاح مشکل کشا کو بھی کہتے ہیں اور فاتح کو بھی۔ یعنی اپنی مہربانی سے بند چیز کو کھول دے اور رہنمائی و نشاندہی سے مشکل کو حل کر دے۔ انبیاء علیہم السلام کو فتح عطا فرمائے۔ فرمایا:
إِنَّا فَتَحْنَا لَكَ فَتْحًا مُّبِينًا
ترجمہ: (اے نبی) ہم نے آپ کو واضح فتح دی۔ [سورۂ الفتح] قرآن میں ایک دعا ان الفاظ میں ہے۔
رَبَّنَا افۡتَحۡ بَیۡنَنَا وَ بَیۡنَ قَوۡمِنَا بِالۡحَقِّ وَ اَنۡتَ خَیۡرُ الۡفٰتِحِیۡنَ
[سورۂ اعراف: آیت89] اسمِ مبارک ‘‘الفتاح’’ قرآن میں صرف ایک مرتبہ آیا ہے۔
قُلۡ یَجۡمَعُ بَیۡنَنَا رَبُّنَا ثُمَّ یَفۡتَحُ بَیۡنَنَا بِالۡحَقِّ ؕ وَ ھُوَ الۡفَتَّاحُ الۡعَلِیۡمُO
[سورۂ سبا:آیت26]
اسمِ مبارک الفتاح کے اعداد 489ہیں۔
حضرت اشرف علی تھانویؒ ، اعلیٰ حضرت احمد رضا خان بریلویؒ اور کئی بزرگوں کی کتب میں اسم ِ مبارک ‘‘الفتاح’’کو قلب میں طہارت ونورانیت اور رزق میں آسانی کے لیے تجویز کیاگیاہے۔
حضرت اشرف علی تھانویؒ فرماتے ہیں کہ بعد نمازِ فجر سینے پر ہاتھ رکھ کر 71مرتبہ اس اسمِ مبارک کو پڑھنے سے کاموں میں آسانی پیدا ہوتی ہے۔ [اعمالِ قرآنی]
اعلیٰ حضرت احمد رضا خان بریلویؒ فرماتے ہیں کہ مشکل کام جن کا حل دشوار ہو اس اسم مبارک کی برکت سے آسانی سے حل ہوجاتے ہیں۔
کتاب ظفر جلیل (شرح حصن حصین) میں ہے کہ جو کوئی بعد نماز فجر اپنے دونوں ہاتھ سینے پر رکھ کر ستر مرتبہ یا فتاح کا ورد کرلے۔ اس کے آئینہ دل سے زنگ و میل دور ہوگا اور صفائی قلب و نورانیت ہوگی۔
یہ اسم امتحان دینے والوں، وکیلوں، نئی نئی دریافتیں کرنے والوں، مفکروں، مبلغوں اور مقرروں کے لیے شمع شبستان کا کام دیتا ہے۔
شیخ بونی ؒ فرماتے ہیں کہ یہ اسم سالکوں کے لیے مناسب ہے جو کثرت سے اس کا ورد کرے تو پروردگار ابوابِ فتح و نصرت کشادہ فرمادے۔ نیز جو شخص دو رکعت نماز ادا کرے اور رکعت اول میں بعد فاتحہ یسین شریف اور دوسری رکعت میں بعد فاتحہ سورہ تبارک الذی پڑھے بعد نماز 489 مرتبہ یافتاح پڑھے تو مشکلات آسان ہوں اور حاجت برآئے۔ [شمع شبستان رضا]
جو شخص اس اسم کا بکثرت ورد کرتا ہے اس کا قلب روشن ہوجاتا ہے اور اس کو اپنے مقاصد میں کامیابی ہوتی ہے۔ جو لوگ مقرر لیکچرار یا ادیب ہوں وہ اس اسمِ مبارک کا ورد نمازِ فجر کے بعد کریں۔ وکیل اگر نمازِ فجر کے بعد 101مرتبہ اس اسم کا ورد کریں تو ان شاء اﷲ مقدمہ میں کامیابی پائیں گے۔
جو شخص کسی مقدمہ یا قید میں بے گناہ پھنس گیا ہے تو وہ خود یا اس کے عزیز ورشتہ دار اکیس ہزار مرتبہ سا ت دن تک برابر اس اسم کا ورد کریں۔ ان شاء اﷲ جلد ہی اس مصیبت سے چھٹکارا ملے گا۔
کوئی طالب علم اسمِ مبارک ‘‘الفتاح’’ کا اس کے اعداد کے مطابق 489مرتبہ روزانہ ورد کرے تو ان شاء اﷲ اس کو امتحان میں کامیابی نصیب ہوگی۔
کوئی شخص پریشانی اور سخت ضرورت میں مبتلا ہو تو بعد نمازِ عشاء سو مرتبہ الفتاح اول آخر گیارہ گیارہ مرتبہ درود شریف کے ساتھ ورد کرے انشاء اﷲ العزیز ضرورت پوری ہوگی اور پریشانی دور ہوجائے گی۔
نمازِ فجر کے بعد اوّل وآخر تین مرتبہ درود پاک پڑھے اور درمیان میں 121مرتبہ اسمِ مبارک ’’الفتاح‘‘ کا ورد کرے تو اﷲ اس کے رزق میں فراوانی عطا فرمائے گا اور اسے کشائش نصیب ہوگی۔
نسیان اور بھول جانے کی شکایت میں مبتلا افراد نمازِ فجر کے بعد 99مرتبہ اس اسمِ مبارک کو پڑھ کر سینے پر پھونک ماریں ان شاء اللہ چند یوم میں بھول جانے کی عادت میں رفتہ رفتہ کمی آئے گی اور حافظہ قوی ہوگا۔
یا فتاح اور یا رزاق دونوں اسماء ملا کر وظیفہ کی طرح پڑھنا بھی فیوض وبرکات کے لحاظ سے بہت مؤ ثر ہے۔ حصولِ دولت کے لیے یہ وظیفہ 303مرتبہ روزانہ صبح پڑھنا بہت مفید ہے۔ اگر کوئی آثار نظر نہ آئے تو وظیفہ کی تعداد بڑھا کر 2100مرتبہ روزانہ کرلینی چاہیے ان شاء اﷲ مقصد حل ہوگا۔ عام طور پر روزانہ چند بار پڑھ لینے سے بھی مال ودولت میں خیر وبرکت رہتی ہے۔
جوشخص قرضو ں میں جکڑا ہوا ہو اور اداءٔ قرض کے اسباب نظر نہ آرہے ہوں اسے چاہیے کہ چالیس روز الفتاح الرزاق بعد نمازِعشا گیارہ ہزار مرتبہ روزانہ پڑھے ان شاء اﷲ قرض سے خلاصی ملےگی۔
الۡعَلِیۡمُ:
علیم کے معنی سب جاننے والے All Knowingکے ہیں۔ علیم وہ ذات ہے جو ہر شے سے واقف ہو جس کے علم کی وسعت ہر شے پر محیط ہو۔ بقول امام غزالی اس کے علم کا کمال یہ ہے کہ ہر شے پر اس کا علم محیط ہے۔ ظاہر ہو یا پوشیدہ، چھوٹی ہو یا بڑی، اول ہو یا آخر۔ الغرض اس کا علم اتنا کامل ہے کہ کسی اور علم والے کے لیے تصور بھی ممکن نہیں۔
علیم کا مادہ علم ہے اس سے علیم ، عالم اور علام بھی ہیں۔ رحمٰن اور رحیم کی شرح میں بتایاجاچکا ہے کہ فَعلَانْ اورفَعِیل مبالغے کے صیغے ہیں۔
عربی زبان و ادب میں اس مبالغے کا مطلب ہے کسی صفت کا بہت زیادہ ہونا۔فَعلَانْ کے وزن پر جو اسم ہوگا وہ اپنی صفت میں بہت زیادہ ہونے کے ساتھ ساتھ جوش و خروش کو بھی ظاہر کرے گا۔
فَعِیل کےو زن پر جو اسم ہوگا وہ اپنی صفت میں بہت زیادہ ہونے کے ساتھ ساتھ استقلال اور پائیداری کو بھی ظاہر کرے گا۔
علیم فعیل کے وزن پر مبالغہ کا صیغہ ہے یعنی بہت زیادہ اور ہربات جاننے والا۔
قرآن میں ارشادہوتا ہے کہ
اِنَّ اللّٰہَ عَلِیۡمٌۢ بِذَاتِ الصُّدُوۡرِ (اﷲ سینے کی باتوں کو جانتا ہے [سورۂ آل عمران: آیت 119])
اِنَّ اللّٰہَ عَلِیۡمٌۢ بِمَا کُنۡتُمۡ تَعۡمَلُوۡنَ (جو تم عمل کرتے ہو اﷲ ان کا علم رکھتا ہے – سورۂ نحل: آیت28)
اللّٰہَ بِکُلِّ شَیۡءٍ عَلِیۡمٌ اِنَّ اللّٰہَ عَلِیۡمٌۢ بِذَاتِ الصُّدُوۡرِ (اﷲ ہر شے کا جاننے والا ہے-سورۂ بقرہ : آیت231)
وَھُوَ بِکُلِّ خَلۡقٍ عَلِیۡمُ ( وہ ہر تخلیق سے واقف ہے سورۂ یس: آیت 79 )
حضرت خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب کتاب‘‘روحانی نماز’’ میں تحریر فرماتے ہیں کہ
’’ماں باپ کو اولاد کی طرف سے یہ شکایت رہتی ہے کہ بچے پڑھنے لکھنے میں دلچسپی نہیں لیتے، دلچسپی نہ ہونے کی بنا پر بچے کند ذہن ہوجاتے ہیں۔ اگر ان کو کچھ پڑھایا جائے تو بھول جاتے ہیں۔ بچوں کے اندر سے کند ذہنی ختم کرنے کے لیے اور علم کا شوق اُجاگر کرنے کے لیے چالیس دن صبح نہار منہ اکیس مرتبہ ‘‘یَاعَلیمُ ’’ پڑھ کر پانی پر دم کرکے پلایا جائے۔ ذہن تیز ، حافظہ روشن اور دماغ طاقت ور ہوجائے گا۔
[روحانی نماز:صفحہ 181]
اس اسم کے اعداد 150ہیں۔ اس کا ورد زیادہ سے زیادہ کیا جائے تو معرفت الٰہی نصیب ہوگی۔ صاحبِ کشف ہونے کے لیے ہر نماز کے بعد سو مرتبہ اس اسم کو پڑھا جائے۔
اگر استخارہ کے ذریعہ کسی چیز کا فائدہ یا نقصان معلوم کرنا ہو تو اس اسم کو رات کو سوتے وقت گیارہ مرتبہ گیارہ روز تک پڑھے اسے انشاء اللہ بذریعہ خواب اچھے یا بُرے انجام کا علم ہوجائے گا۔
اس اسم کے بکثرت ورد سے اﷲ علم کی دولت سے نوازتا ہے اور حافظہ کی کمزوری دور ہوتی ہے۔
اعلیٰ حضرت احمد رضا خان بریلویؒ فرماتے ہیں کہ ہر روز صبح نہار منہ اکیس مرتبہ یہ اسم مبارک پڑھ کر پانی پر دم کرکے پینے اور چالیس دنوں تک بلاناغہ یہ عمل کرنے سے حافظہ مضبوط ہوگا۔ جس کسی کی یادداشت کمزور ہو وہ یہ عمل کرے تو اﷲ کے فضل وکرم سے بھول جانے کی عادت ختم ہوجائے گی اور ذہن روشن ہوجائے گا۔ اس اسم کا بکثر ت ذکر طالب علموں کے لیے نافع ہے۔
رات سونے سے پہلے باوضو ہر روز 111مرتبہ اس اسم کے ورد کرنے سے اﷲ اسے کشف واسرارسے مطلع فرمائے گا۔
امتحان میں کامیابی کے لیے کمرہ امتحان میں جاتے ہوئے اس اسمِ مبارک کے بکثرت ورد سے ان شاء اﷲ اسے امتحان میں کامیابی ملے گی۔
استخارہ کا ایک عمل یہ ہے کہ جمعہ کی رات عشاء کے بعد، سجدہ میں جاکر سو مرتبہ یا علیم پڑھ کر بنا بات کیے سوجائیں۔ ان شاء اﷲ اسی رات کام کے صحیح اور غلط کا حال عیاں ہوجائے گا۔
اگر کسی شخص کو کوئی مشکل درپیش ہو اور کامیابی دشوار نظر آتی ہو تو اسم مبارک ‘‘ ‘یا حلیم یا علیم یا علی یا عظیم’’ تو کئی نشستوں میں ایک لاکھ اکیاون ہزار مرتبہ پڑھے۔ اﷲ کے فضل کرم سے اس کو جلد کامیابی حاصل ہوگی۔
سوال: میرا ذہن ہر وقت بے کار باتوں میں الجھا رہتا ہے۔ کچھ یاد کرنے بیٹھوں تو جمائیاں بہت آتی ہیں۔ہر وقت کاہلی اور سستی چھائی رہتی ہے۔ ذہن ہر وقت خیالی پلاؤ پکاتا رہتا ہے کہ یہ ہو جائے گا وہ ہو جائے گا۔ بعض اوقات تو ذہن میں اتنا انتشار پیدا ہو جاتا ہے کہ دل چاہتا ہے کہ سردیوار سے دے ماروں۔ اس خط کا جواب دے دیں کیونکہ اگر میرا یہی حال رہا تو کسی دن میرا سر پھٹ جائے گا۔ خدا کے واسطے میرے مستقبل کو تباہ ہونے سے بچا لیجئے۔