ملک بھر میں شدید گرمی کی لہر جاری ہے۔
گرمی کے توڑ اور دن میں ترو تازہ رہنے کیلئے فرحت بخش مشروبات جو آپ گھر پرباآسانی بنائیں۔
لسی یا چھاچھ
گرمی کے موسم میں دہی کا استعمال نہایت مفید ہوتا ہے۔ ٹھنڈی ٹھنڈی اور مزے دار لسی سے نہ صرف ہاضمہ درست رہتا ہے بلکہ لسی گرم ہوا سے بھی محفوظ رکھتی ہے۔
اجزا: آدھا لیٹر دودھ، دہی ایک کلو ، پانی آدھا لیٹر، چینی حسب ضرورت، برف کے کیوب چند عدد، گلاب اور دارچینی کا عرق چند قطرے….
ترکیب: برف کے علاوہ سب چیزوں کو بلینڈ کر لیں اور بعد میں برف کے کیوب ڈال کر پیش کریں، نمکین لسی بنانے کے لیے چینی کی بجائے نمک لے لیں۔
گرمیوں میں کئی اقسام کی لسی رغبت سے پی جاتی ہے۔ لسی کی انہی اقسام میں سے ایک قسم سادہ،جھٹ پٹ بننے والی‘‘کچی لسی’’ کی ہے۔کڑکتی گرمی میں پینے سے گرمی دور ہوتی ہے،نمکیات کی کمی پوری ہے اور کم بلڈ پریشر یا گرمی کے مارے آنے والی نیند کو دور بھگاتی ہے۔تاہم یاد رکھیے ہر چیز کی زیادتی نقصان دیتی ہے، لہٰذا لسی بھی اعتدال سے استعمال کریں۔ ایک گلاس دودھ میں قریبا 3 سے چار گلاس (حسبِ پسند پانی کی مقدار کم زیادہ کی جاسکتی ہے)سادہ پانی ڈالیں اورحسب ذائقہ نمک اور کُٹی برف شامل کر لیں۔
تخم بالنگا
تخم بلنگا کئی فوائد سے مالامال ہے۔ اس میں دودھ کےمقابلے میں پانچ گنا زیادہ کیلشیئم ، نارنجی کے مقابلے میں سات گنازیادہ وٹامن سی ہوتا ہے۔ یہ پوٹاشیئم اور اومیگا 3سے بھرپورہے۔ آرتھرائیٹس کےدرد میں بھی آرام دیتا ہے۔ نیند کو بہتر بنانے میں معاون ہے۔یہ خون میں شوگر کی سطح کو اعتدال میں لاتا ہے۔آنتوں کی صفائی میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔نظام ہاضمہ کو بہتر بنانے میں مدد دیتا ہے۔
آپ تخم بالنگا کا استعمال دودھ کے ساتھ کرسکتے ہیں
،ایک گلاس دودھ میں تخم بالنگا شامل کریں اور پی لیں ۔ یہ مشروب آپ کو انرجی فراہم کرنے میں مددگار ہوسکتا ہے۔
لیموں پانی یا سکنجبین
لیموں کی سکنجبین موسمِ گرما کے لیے بہترین مشروب ہے، لیموں کی سکنجبین پینے سے معدہ کی تلخی ،پسینہ کی کثرت اور نقاہت جیسے مسائل پیدا نہیں ہوتے اور پہلا ہی گھونٹ جسم میں سکون کی لہر دوڑا دیتا ہے۔
اجزا: لیموں 2 عدد، چینی حسب ضرورت، پانی حسب ضرورت….
ترکیب: لیموں کو نچوڑ کر رس نکال لیں پھر اس میں چینی اور پانی ملا کر اچھی طرح مکس کریں اور آئس کیوب ڈال کر پیش کریں، مزیدار سکنجبینتیار ہے۔
ستو کا شربت
موسم گرما ستو کے شربت سے ناصرف پیاس ختم ہو جاتی ہے بلکہ غذائی کمی ہوتی ہے رفع ہو جاتی ہے اور جسم میں پانی کی کمی بھی نہیں ہوتی۔ ستو کا شربت پیاس کو تسکین دیتا ہے۔ طبیعت کو فرحت بخشتا ہے۔
ستو ایک قسم کا آٹا ہے جو مختلف قسم کی گندم اور جو سے تیار کیا جاتا ہے۔ اس آٹے میں شکر ملا کر شربت کی صورت پی لیا جاتا ہے۔ جب شدت کی گرمی ہوتی ہے اور لو چلتی ہے تو شکر ملا شربت ستو ملا کر پیا جاتا اور موسمی اثرات سے محفوظ رہا جاتا۔ یہ لذیذ ہونے کے ساتھ ساتھ شدت گرمی کا توڑ اور علاج ہوتا ہے۔ شہد کے شربت میں دو چمچ ستو ملا کر پینا کھوئی ہوئی توانائی کو فوراً بحال کرتا ہے۔ جو کے آٹے کو ہلکی آنچ پر بھون کر بھی ستو تیار کیا جاسکتا ہے۔ گرمی کے دنوں میں یہ مشروب راحت جان ہے۔
املی اور آلو بخارے کا شربت
گرمی کے دنوں میں گھر سے باہر نکلنے والے افراد کے لیے جھلستی گرمی کا مقابلہ کرنا اتنا آسان نہیں ہوتا۔ اس موسم میں جسم میں آسانی سے پانی کی کمی ہوسکتی ہے مگر اس حیرت انگیز مشروب کا صرف ایک گلاس منٹوں میں فائدہ پہنچاتا ہے۔ اسے نہایت آسانی سے گھر میں ہی تیار کیا جاسکتاہے۔
ہم وزن املی اور خشک آلو بخارے کو رات بھر پانی میں بھگوئے رکھیں ، صبح گودا نچوڑ کر گٹھلیاں الگ کر لیں۔ کڑاہی میں یہ پانی اور گودا ڈالیں اورحسب پسند چینی ڈال کر پکا لیں اور چھان لیں۔ جگ میں حسب ضرورت شربت ، پانی اور برف ڈالیں، آپ کا فرحت بخش مشروب تیار ہے۔
گڑ کا شربت
گڑ کا شربت ناصرف ٹھنڈک کا احساس پیدا کرتا ہے، بلکہ صحت کے لیے بھی مفید ہے۔ گرمی کو بھگانا ہو یا پیا س بجھانا ہو تو گڑ کا مشروب پینا چاہیے۔ گڑ کا شربت پینے سے جسم کی تپش کم ہو جاتی ہے اور لو لگنے کا خطرہ بھی ٹل جاتا ہے۔
گڑ شربت میں لیموں کا رس ملانے سے اس کی ٹھنڈی تاثیر میں اضافہ ہو تا ہے۔ گڑ شربت میں خشخاش، بادام، کشمش، چار مغز اورتخم ریحان بھی ملا لینے سے اس کا مزہ دوبالا ہو جاتا ہے۔
تربوز کا شربت
تربوز کا شربت موسم گرما میں جسم میں پانی کی کمی پوری کرنے کے لیے تربوز بہترین پھل ہے، تربوز کے شربت کا ایک گلاس آپ کو فوری توانائی فراہم کرتا ہے۔
اجزا: تربوز کے ٹکڑے، دو کپ ،پانی، حسبِ ضرورت، لیموں کا رس ایک کھانے کا چمچ، لال شربت ایک چائے کا چمچ، چینی حسبِ ضرورت، برف کے ٹکڑے حسبِ ضرورت ، لیموں اور پودینے کے پتے گارنشنگ کے لئے….
ترکیب: تربوز کاٹ کر بیج الگ کر لیں، بلینڈر میں تربوز شامل کرکے تھوڑے سے پانی کے ساتھ بلینڈ کرلیں، پھر اسے کسی برتن میں نکال کر چھان لیں اور لیموں کا رس، شربت اور چینی شامل آخر میں لیموں، پودینے کے پتے اور برف کے ٹکڑوں کے ساتھ گلاس میں ٹھنڈا ہونے کے لئے رکھ دیں۔ تربوز کا شربت تیار ہے۔
لیموں اور پودینے کا شربت
اجزاء: سوڈا واٹر ایک بوتل، کٹی ہوئی کالی مرچ ایک چٹکی، برف ایک پیالی، پودینے کی پتیاں ایک پیالی، براؤن چینی ایک کھانے کا چمچ، کالا نمک آدھا چائے کا چمچ، لیموں کا رس چار کھانے کے چمچ، پودینے کے پتے گارنشنگ کے لیے….
ترکیب: بلینڈر میں تمام اجزاﺀ یکجان کرلیں، اسے گلاسوں میں ڈالیں اور پودینے کے پتوں سے سجا کر پیش کریں۔
کیری کا شربت
اجزاء:کیری ایک کلو، چینی تین پاؤ، فوڈ کلرپیلا رنگ ایک چٹکی، مینگو ایسنس دو سے تین قطرے….
ترکیب: کیری دھو کر چھلکے سمیت ابال لیں، اب چھلکا اتار کر گودا نکال لیں۔ پھر چینی اور پیلا رنگ ڈال کر پکائیں، گاڑھا ہونے پر مینگو ایسنس شامل کرکے اتاریں اور پیش کریں۔کچے آم کا شربت گرمیوں میں خاصا فرحت بخش ہوتا ہے۔
فالسے کا شربت
اجزا: فالسہ 1 پاؤ، چینی حسب پسند، نمک حسبذائقہ۔
ترکیب: فالسے کو دھو کر ایک گلاس پانی کے ساتھ بلینڈر میں بلینڈ کر لیں، پھر اسے چھلنی یا باریک رومال کی مدد سے اچھی طرح چھان لیں ایک کپ پانی میں حسب پسندچینی اور نمک حل کریں ۔ چھنےہوئے فالسے کے رس میں حسب ضرورت ٹھندا پانی اور چینی والا پانی شامل کر لیں، پسند کریں تو ذرا سی کالی مرچ بھی شامل کر لیں۔
فالسے کو پانی کے ساتھ بلینڈ کر نے کے بعد چھان کر آئس کیوبز ڈالیں، ٹھنڈا ٹھنڈا فالسے کا شربت تیار ہے۔کٹھے میٹھےفالسے گرمیوں میں فرحت بخشتے ہیں اور گرمی دور کرتے ہیں۔
کھجور کا شیک
اجزاء: کھجور پانچ عدد نرم، دودھ ایک گلاس، الائچی ایک عدد، شہد ایک چمچ:
ترکیب: کھجور اگر سخت ہو تو اس کو آدھ گھنٹہ پانی میں بھگو دیں، اس کے بعد گٹھلی نکال دیں اور چھلکا اگر سخت ہے تو اتار دیں۔ الائچی کے دانے نکال کر باریک کوٹ لیں۔ اب کھجور،شہد اور دودھ کو بلینڈر میں ڈال کر دو منٹ تک مکس کریں، گلاس میں نکال کر الائچی کا سفوف شامل کریں اور ٹھنڈا کر کے پیش کریں۔
بادام کا شربت
شربت بادام پیاس بھجانے کے ساتھ ساتھ آپ کی غذائی ضروریات کو بھی پورا کرتا ہے۔ اسے بنانا بھی نہایت آسان ہے۔
اجزاء: پسے ہوئے بادام ایک کپ، دودھ دو کپ، کریم دو کھانے کے چمچ، چینی آدھا کپ، عرق گلاب دو کھانے کے چمچ، آئس کیوب ایک کپ
ترکیب: شربت بادامی بنانے کےلئے سب سے پہلے بلینڈر میں تمام اجزاءڈال کر اچھی طرح بلینڈ کر لیں اور گلاس میں نکال کر آئس کیوب ڈال کر ٹھنڈا ٹھنڈا سرو کریں۔چٹکی بھرزعفران اور سبز الائچی کے دانے ڈال کر اس شربت کو مزید ذائقہ دار بنایا جاسکتا ہے۔
پائن ایپل بنانا شیک
اجزاء: کیلے دو عدد، پائن ایپل آدھا کپ، دودھ دو کپ، چینی دو کھانے کے چمچے، برف حسب ضرورت
ترکیب: بلینڈر میں کیلے، پائن ایپل چٹکس، دودھ، چینی اور برف ڈال کر اچھی طرح بلینڈر کریں، گلاس میں نکالیں اور ٹھنڈا سرو کریں۔
تربوز کا سوڈا
اجزاء: انناس کا جوس آدھی پیالی، تربوز(چوکور ٹکڑے) دو پیالی، سوڈا ایک پیالی، کٹی ہوئی برف ایک پیالی ، عرق گلاب ایک کھانے کا چمچہ، تربوز کے چھلکوں سمیت ٹکڑے سجانے کے لئے
ترکیب: بلینڈر میں تمام اجزاء ڈال کر یکجان کر لیں، مزیدار مشروب گلاسوں میں نکالیں اور تربوز کے ٹکڑوں سے سجا کر پیش کریں۔
چیری کا شربت
اجزاء: لال شربت آدھی پیالی، سرخ چیری کا جوس 2کھانے کے چمچ، سرخ چیری 12 عدد، چینی، سرخ شربت یا شہد 4کھانے کے چمچ، پودینہ چند پتیاں، پانی 2گلاس، برف حسبِ ضرورت، لیموں کا رس ایک کھانے کا چمچ
ترکیب: بلینڈر میں 2 گلاس پانی میں 4 چمچے جام شیریں، شکر یا شہد اور سرخ چیریز ڈال کر بلینڈ کریں پھر ایک کپڑے میں ڈال کر اس کا رس نچوڑ لیں اور لیموں کا رس شامل کریں۔ مزیدار چیری کا شربت تیار ہے، برف کے ساتھ ٹھنڈا کر کے پیش کریں، بیریز، چیریز اور پودینے کے پتوں کے ساتھ گارنش کریں۔
کیلے کا شربت
جسم کو طاقت دینے کے لیے کیلے کا شیک بہترین ہے۔ گرمیوں میں یہ آپ کی توانائی بحال رکھتا ہے۔ بنانا شیک میں بھرپور وٹامنز،منرلزاور ضروری چکنائی پائی جاتی ہے۔ دودھ اور کیلے کا یہ مکسچر سستی بھگانے کے ساتھ ساتھ جسم کی کھوئی ہوئی توانائی بحال کرتا ہے۔
ہنی واٹرشیک
شہد کو پانی کے ساتھ ملا کر پینا توانائی کے علاوہ جسم کی اضافی چکنائی کو بھی ختم کرنے میں مدد دیتا ہے ۔ اسے تیار کرنا نہایت آسان ہے۔ نیم گرم پانی میں حسب پسند شہد ملائیں اور اچھی طرح مکس کر لیں پھر اس میں برف ملائیں۔ آپ کا ہنی شیک تیار ہے۔
سیب کا جوس
دوسیب دھو کر چار چار حصے کر لیں۔3 گلاس پانی(پانی حسب پسند کم،زیادہ کر لیں)میں کٹے سیب اور حسب پسند چینی ڈال کر بلینڈر میں بلنڈ کر لیں۔پھر اسے ململ کے صاف کپڑے یا چھلنی سے چھان لیں۔سیب کا جوس تیار ہے…. ! اسی ترکیب پر انگور،آڑو اور دیگرپھلوں کا جوس تیار کیا جاسکتا ہے۔
صوبیہ
یہ جو، باجرہ، خشک بریڈ یا کشمش سے تیار کیا جاتا ہے۔اسے مزید خوش ذائقہ بنانے کے لئے اس میں چینی،الائچی اور دارچینی بھی ڈالی جاتیہے۔
اجزاء: ایک کپ پسے ہوئے جو، ایک چمچ الائچی، پانچ لونگ، آدھ کپ چینی، پانچ کپ پانی، ایک چوتھائی بلیو بیری کا سرکہ ، پانچ گرام ادرک کٹا ہوا….
ترکیب: چینی کو پانی میں اچھی طرح حل کرلیں اور پھر جو، الائچی، ادرک، دارچینی، لونگ اور بلیو بیری کا سرکہ ڈال کر اچھی طرح حل کریں اور یکجا ہونے تک بلینڈ کریں۔۔اب اس مشروب کو تین گھنٹے تک کمرے کے درجہ حرارت پر رکھ دیں اور اس کے بعد 12گھنٹے تک فریج میں رکھنے کے بعد استعمال کریں۔
نبیذ
عربی نبیذ ایک بہترین توانائی بخش مشروب ہےـ۔ رات ایک پاؤ گیلے کھجور کو دوگلاس پانی میں بھگو دیں صبح کے وقت کھجور کے بیج نکال کر اس میں تازه گلاب کی پتیاں تھوڑی سی ڈال کر گرائینڈ کرلیں ـ پھر اس میں دودھ آور پانی ملاکر مزید گرائینڈ کرلیں برف ڈال کر نوش کیجئے ـ ۔
***
نوٹ: پھل سبزیوں، قدرتی اجزاء کے طبی افادیات پر مشتمل مضامین معلومات عامہ کے لیے شائع کیے جاتے ہیں۔ انہیں استعمال کرنے سے پہلے اپنے معالج سے مشورہ کرلیا جائے۔