دوران تعمیر مکان کی دیواریں گر جاتی ہیں

دوران تعمیر مکان کی دیواریں گر جاتی ہیں

سوال:

ہم جس مکان میں رہتے ہیں اس میں تین کمرے ہیں۔ ایک ساس سسر کے پاس، دوسرا جیٹھ کے پاس تیسرے کمرے میں ہم میاں بیوی اپنے بچوں کے ساتھ رہتے ہیں۔
جگہ کم پڑ رہی تھی تو میرے سسر نے اپنی زمین کا کچھ حصہ بیچ کر ایک پرانا مکان خرید لیا۔
یہ مکان کافی عرصے سے بند تھا اور اس کے چاروں طرف بڑی بڑی جھاڑیاں تھیں۔ سسر نے جھاڑیاں صاف کراکے اور بوسیدہ مکان گرا کر نئے مکان کی تعمیر کا کام شروع کردیا۔
جب سے یہ مکان بننا شروع ہوا ہے وہاں عجیب عجیب سے واقعات ہورہے ہیں۔ مکان کی بنیادیں تو پڑ گئی ہیں لیکن اس کی دیواریں اور چھت نہیں ڈل سکیں۔وجہ یہ ہوئی کہ اکثر مکان کی دیوار ایک جھٹکے کے ساتھ گر جاتی۔ تعمیر کے دوران کئی مزدور زخمی ہوچکے ہیں۔ اس مکان میں کوئی ایسی بات ہے جو تعمیر نہیں ہوپارہا ہے۔سسر کے پاس جتنا پیسہ تھا وہ اس مکان کی تعمیر میں خرچ ہوچکا ہے۔ وہ اب بہت پریشان ہیں۔ کہتے ہیں کہ میں نے زمین بھی بیچ دی اور مکان بھی نہیں بن پایا۔
جیٹھ نے کچھ لوگوں کومکان دکھایا تو وہ کہتے ہیں کہ اس مکان میں سایہ ہے۔ وہ آپ کو گھر نہیں بنانے دےگا۔
سسر یہ زمین بیچنا چاہتے ہیں لیکن اب یہ بک بھی نہیں رہی۔

جواب:

اگر کسی زمین پر آسیب یا جنات کاشبہ ہو تووہاں تعمیر شروع کرنے سے پہلے یا تعمیراتی کاموں کے دوران مسلسل سات روزتک صبح سویرے جاکر فجر کی نماز اداکی جائے اورپو پھٹنے کے بعد قبلہ رُخ بیٹھ کر تین مرتبہ سورہ فاتحہ، پانچ مرتبہ آیت الکرسی اورگیارہ مرتبہ سورہ جن (72)کی ابتدائی پانچ آیات کی تلاوت کرکے تقریباً ایک بالٹی پانی پر دم کردیں۔
یہ دم کیا ہوا پانی کسی لوٹے یا ڈونگے سے اس جگہ کے چاروں طرف ڈالتے جائیں۔
پانی ڈالنا اس طرح شروع کیا جائے کہ جس جگہ آپ قبلہ رُخ بیٹھے ہوں، اس کے دائیں جانب یعنی شمال کی سمت والے کونے سے پانی ڈالنا شر وع کیا جائے۔ شمال کی سمت سے پانی ڈالتے ہوئے مشرق کی طرف آئیں، پھر یہاں سے دائیں ہاتھ مڑ جائیں، مشرقی کونے سے جنوب کی سمت جائیں۔ اب پھر دائیں طرف مُڑجائیں، جنوبی کونے سے مغرب کی طرف جائیں۔ اب پھر دائیں طرف مُڑجائیں اورمغربی کونے سے شمال کی طرف جائیں۔
پلاٹ کےچاروں طرف یہ دَم کیا ہوا پانی ڈالنے کے بعد پلاٹ کے درمیان میں یہ دَم کیا ہوا پانی ڈالتے ہوئے ایک کونے سے دوسرے کونے کی طرف جائیں۔ پہلے شمال مغربی کونے سے جنوب مشرقی کونے کی طرف پانی ڈالیں۔ اب مشرق سے مغرب کی طرف آئیں اور جنوب مغربی کونے سے پانی ڈالتے ہوئے شمال مشرقی کونے کی طرف آئیں۔


یہ طریقہ میری کتاب ‘‘نظر بد اور شر سے حفاظت ’’میں درج ہے ۔ دلچسپی رکھنے والے قارئین کے لیے اس کتاب کا مطالعہ بھی مفید رہےگا۔

 

[روحانی ڈائجسٹ : جون 2018ء ،۔ روحانی ڈاک سے اقتباس]