پڑھائی میں دل نہ لگنا اور امتحان میں کامیابی
بچہ نئے اسکول میں کند ذہن ہوگیا ہے:
سوال:میرا بیٹا چھٹی کلاس تک ایک لائق اور اچھا پڑھنے والا طالب علم تھا۔ اُس کے شوق کو دیکھتے ہوئے ہم میاں بیوی نے اُس کا داخلہ شہر کے اچھے اسکول میں کروایا تاکہ اس کی تعلیمی قابلیت میں مزید نکھار پیدا ہو۔ جب سے اس کا داخلہ نئے اسکول میں ہوا ہے اس کی طبیعت پڑھائی کی طرف مائل نہیں ہورہی۔ ہمیں زیادہ فکر اُس وقت ہوئی جب اپنی کلاس میں فرسٹ آنے والا طالب علم بہت معمولی سے نمبر لے کر بمشکل پاس ہوسکا۔ نجانے کیا مسئلہ ہے کہ اُس نے کتابیں کھول کر دیکھنا بھی چھوڑ دیاہے۔
میں یا اُس کی ماں سختی کرتے ہیں تو رونے لگتا ہے۔ کہتا ہے کہ مجھے آگے پڑھائی نہیں کرنی ۔
میں ایک کم پڑھا لکھا اور غریب انسان ہوں میں چاہتا ہوں کہ میرا بیٹا پڑھ لکھ کر ایک اچھی زندگی گزارے۔ اُس کی یہ باتیں مجھے بہت تکلیف دیتی ہیں۔
جواب:رات سونے سے پہلے اکتالیس مرتبہ سورہ بنی اسرائیل (17) کی آیت 19
وَ مَنۡ اَرَادَ الۡاٰخِرَۃَ وَ سَعٰی لَہَا سَعۡیَہَا وَ ہُوَ مُؤۡمِنٌ فَاُولٰٓئِکَ کَانَ سَعۡیُہُمۡ مَّشۡکُوۡرًا O
گیارہ گیارہ مرتبہ درود شریف کے ساتھ پڑھ کر اپنے بیٹے کا تصور کرکے دم کردیں اور دعا کیجیے کہ اس کا دل پڑھائی میں لگے اور اسے تعلیمی میدان میں نمایاں کامیابیاں ملیں۔
یہ عمل کم از کم چالیس روز تک جاری رکھیں۔
بیٹی کا پڑھائی میں دھیان نہیں:
سوال: میرے چار بچے ہیں ۔ ماشاء اللہ سب ہی پڑھائی میں بہت اچھے ہیں۔ میرا سب سے بڑا بیٹا تعلیم کے لیے برطانیہ میں مقیم ہے۔ دوسرا بیٹا ملک میں ہی ایک بہت اچھے بزنس اسکول میں زیرِتعلیم ہے۔
پریشانی یہ ہے کہ میری سب سے چھوٹی بیٹی جس کی عمر 16 سال ہے وہ ابھی آٹھویں کلاس میں ہے۔ اُس کو صبح اسکول بھیجنا جوئے شیر لانے کے مترادف ہے۔ صبح اُٹھتے ہی باتھ روم میں خود کو بند کرلیتی ہے۔ شاید وہ چاہتی ہے کہ اسکول کا وقت نکل جائے۔ میں بہت مشکل سے اُسے اسکول چھوڑ کر آتی ہوں جہاں اُس کی ٹیچرز الگ اُس کی شکایتوں کے انبار لگا دیتی ہیں۔ میرے شوہر بھی بیٹی کے اس رویے کی ساری ذمہ داری مجھ پر ڈال دیتے ہیں۔ میں ان حالات سے سخت پریشان ہوں۔ میں چاہتی ہوں کہ میری بیٹی اپنے بہن بھائیوں کی طرح اچھی پوزیشن نہ لے تو کم از کم ہر سال مناسب نمبروں سے پاس ہی ہوجائے۔
جواب: صبح اور شام اکیس اکیس مرتبہ سورہ قمر (54) کی آیت 17
وَ لَقَدۡ یَسَّرۡنَا الۡقُرۡاٰنَ لِلذِّکۡرِ فَہَلۡ مِنۡ مُّدَّکِرٍ O
تین تین مرتبہ درود شریف کےساتھ کے پڑھ کر ایک ایک ٹیبل اسپون شہد پر دم کرکے بیٹی کو پلائیں۔ اس پر دم کردیں اور اس کے لیے دعا کریں۔ یہ عمل کم از کم چالیس روز تک جاری رکھیں۔
بیٹے کو سبق یاد نہیں ہوتا:
سوال: جب ہمیں اللہ تعالیٰ نے اولاد سے نوازا،تب ہی میں نے اور میرے شوہر نے یہ نیت کی تھی کہ ہم اپنے بیٹے کو حافظِ قرآن بنائیں گے۔ اس مقصد کے لیے ہم نے اپنے بیٹے کا داخلہ ایک بہت اچھے مدرسے میں کروایا۔ ہمارا بیٹا ویسے تو بہت ذہین ہے ہر چیز میں سب سے آگے رہتا ہے مگر اُس کے قاری صاحب کہتے ہیں کہ اسے سبق بہت مشکل سے یاد ہوتا ہے۔ ایک سبق کو تین تین چار چار دن ہوجاتے ہیں جب کہیں جاکر اگلا سبق مل پاتا ہے۔ جب اُس سے پچھلے یاد کیے ہوئے سبق سنے جائیں تو اُس میں بھی بہت غلطیاں نکلتی ہیں۔
ہم چاہتے ہیں کہ اس کا ذہن تیز ہوجائے اور ہمارا بیٹا جلد حافظِ قرآن ہوجائے۔
جواب:روزانہ شام کے وقت اپنے بیٹے کو قریب بٹھا کر سورہ یوسف پڑھ کر اس پر دم کردیں۔ یہ عمل کم از کم ایک ماہ تک جاری رکھیں۔
ذہین ہے مگر پرچے اچھے نہیں ہوئے:
سوال: میرا چھوٹا بیٹا بہت ذہین اور حاضر دماغ ہے۔ اس کا جنرل نالج دیکھ کر اکثر لوگ حیران رہ جاتے ہیں۔ ہوم ورک بھی اچھی طرح کرتا ہے۔ کلاس میں بھی سب تعریف کرتے ہیں مگر اس کا مسئلہ یہ ہے کہ امتحان میں کوئی خاص پوزیشن نہیں لاپاتا۔
کلاس کے وہ بچے جو اس کی کاپیاں لے کر اپنا ہوم ورک مکمل کرتے ہیں ، امتحان میں اس سے اچھی پوزیشن لے آتے ہیں۔ ہمیں لگتا تھا کہ اسکول انتظامیہ اس کی ذمہ دار ہے مگر جب ہم نے اس کی کاپیوں کی اسکروٹنی کروائی تو معلوم ہوا کہ اُس نے پرچے ہی کوئی خاص نہیں دیے تھے۔
جواب:
اپنے بیٹے سے کہیں کہ وہ صبح اور شام اکیس اکیس مرتبہ سورہ النور (24) کی آیت 41
اَلَمۡ تَرَ اَنَّ اللّٰہَ یُسَبِّحُ لَہٗ مَنۡ فِی السَّمٰوٰتِ وَ الۡاَرۡضِ وَ الطَّیۡرُ صٰٓفّٰتٍ ؕ کُلٌّ قَدۡ عَلِمَ صَلَاتَہٗ وَ تَسۡبِیۡحَہٗ ؕ وَ اللّٰہُ عَلِیۡمٌۢ بِمَا یَفۡعَلُوۡنَ
پانچ پانچ مرتبہ درود شریف کے ساتھ پڑھ کر ایک ایک ٹیبل اسپون شہد پر دم کرکے پیے اور اپنے اوپر بھی دم کرلے۔ اگر بیٹا نہ پڑھ سکے تو آپ پڑھ کر شہد پر دم کرکے بیٹے کو پلا دیں اور اس پر دم کردیں۔ یہ عمل کم از کم دو ماہ تک جاری رکھیں۔
پڑھائی میں دل نہیں لگ رہا:
سوال:میں نے گھریلو ذمہ داریوں کو دیکھتے ہوئے انٹر کے ایگزیمز سے فارغ ہونے کے بعد ایک دفتر میں جاب کرلی۔ میرا ارادہ تھا کہ میں اپنی جاب کے ساتھ ساتھ یونیورسٹی سے پرائیوٹ گریجویشن کرلوں گا۔ سو میں نے رجسٹریشن اور ایگزامنیشن فارمز جمع کروادیے مگر دفتر سے واپسی پر تھکان اور کچھ ذہنی دباؤ کی وجہ سے میں امتحانی تیاروں کو وقت نہیں دے پارہا۔ جیسے ہی پڑھنے کا سوچتا ہوں کوئی نہ کوئی گھریلو یا کام سے متعلق پریشانی سامنے آجاتی ہے اور ذہن پڑھائی سے اُچاٹ ہوجاتا ہے۔
میرے دوست مجھے کہتے ہیں کہ کام کے ساتھ پڑھائی نہیں ہوسکتی مگر میں انہیں غلط ثابت کرناچاہتا ہوں۔
پلیز ڈاکٹر صاحب….! مجھے کوئی ایسا عمل بتائیں جس سے میری ول پاور میں اضافہ ہو اور میں شدید مصروفیات میں بھی اپنی پڑھائی پر توجہ دےسکوں۔
جواب:
رات سونے سے پہلے اکتالیس مرتبہ سورہ الم نشرح (94) کی پانچویں اورچھٹی آیت:
فَاِنَّ مَعَ الۡعُسۡرِ یُسۡرًا ۙO اِنَّ مَعَ الۡعُسۡرِ یُسۡرًا ؕO
گیارہ گیارہ مرتبہ درود شریف کے ساتھ پڑھ کر اپنے اوپر دم کرلیں اور کامیابیوں کے لیے اللہ تعالیٰ کے حضور دعا کریں۔ یہ عمل کم از کم چالیس روز تک جاری رکھیں۔
دل پڑھائی سے اُچاٹ ہوگیا ہے:
سوال: ہماری بیٹی شروع سے ہی پڑھائی میں بہت اچھی رہی تھی۔ ابتدائی کلاسوں سے لے کر ہائر ایجوکیشن تک پوزیشن ہولڈر رہی ہے۔ پھر اچانک پتہ نہیں کیا ہوا کہ اُس نے کالج جانا بہت کم کردیا۔ میں نے اُس سے کئی بار بات کرنے کی کوشش کی مگر اُس نے یہ کہہ کر ٹال دیا کہ میرا دل نہیں چاہتا اب کالج جانے کا۔
میری ایک پڑوسن کی بیٹی اس کی دوست ہے ، میں نے اس سے دریافت کیا تو معلوم ہوا کہ کچھ عرصہ پہلے بیٹی کی دوستی کسی لڑکے سے ہوگئی تھی۔ وہ لڑکا اب اس کے بجائے کسی اور لڑکی سے بات کرتا ہے جس سے ہماری بیٹی ڈپریشن میں چلی گئی ہے۔ اس نے ڈپریشن کی وجہ سے کالج جانا بھی تقریباً ختم کردیا ہے۔
محترم وقار عظیمی صاحب! ہماری بیٹی ہماری زندگی ہے۔ ہم اس کی اداسی سے بہت پریشان ہیں۔ برائے مہربانی کوئی وظیفہ بتائیں جس کی برکت سے بیٹی کا دل ان فضول کاموں سےہٹ جائے اور پہلے کی طرح ایک قابل اور ذہین طالب علم بن جائے۔
جواب:
صبح اور شام اکیس اکیس مرتبہ سورہ آل عمران (3) کی دوسری آیت، تین تین مرتبہ درود شریف کے ساتھ پڑھ کر ایک ایک ٹیبل اسپون شہد پر دم کرکے اپنی بیٹی کو پلائیں اور اس پر بھی دم کردیں یا پھر پڑھ کر اس کا تصور کرکے دم کردیں۔ یہ عمل کم از کم اکیس روز تک جاریرکھیں۔
بیٹاپڑھائی چھوڑنا چاہتا ہے:
سوال:میرے بیٹے نے اچھے نمبروں سے انٹر کیا۔ میں چاہتا ہوں کہ میرا بیٹا اعلیٰ تعلیم حاصل کرے جبکہ بیٹا چاہتا ہے کہ وہ فیملی بزنس جوائن کرلے۔ میں خود اس دوراہے سے گزر چکا ہوں۔ اُس وقت ہمارے مالی حالات اتنے اچھے نہیں تھے اس لیے مجھے اپنی پڑھائی چھوڑ کر اپنے والد کی دکان پر اُن کا ہاتھ بٹانا پڑا، تعلیم چھوڑ دینے کا پچھتاوا مجھے آج تک محسوس ہوتا ہے۔
اب جبکہ ہمارے حالات اچھے ہیں تو میں چاہتا ہوں کہ میرا بیٹا اعلیٰ تعلیم حاصل کرے۔
ڈاکٹر صاحب کوئی ایسی دعا بتادیجیے کہ جس سے بیٹے کا دل پڑھائی کی جانب مائل ہوجائے اور وہ علم کی اہمیت اور افادیت کو سمجھنے لگے۔
جواب:
رات سونے سے پہلے اکتالیس مرتبہ سورہ الحشر (59) کی آخری تین آیات
ہُوَ اللّٰہُ الَّذِیۡ لَاۤ اِلٰہَ اِلَّا ہُوَ ۚ عٰلِمُ الۡغَیۡبِ وَ الشَّہَادَۃِ ۚ ہُوَ الرَّحۡمٰنُ الرَّحِیۡمُ O
ہُوَ اللّٰہُ الَّذِیۡ لَاۤ اِلٰہَ اِلَّا ہُوَ ۚ اَلۡمَلِکُ الۡقُدُّوۡسُ السَّلٰمُ الۡمُؤۡمِنُ الۡمُہَیۡمِنُ الۡعَزِیۡزُ الۡجَبَّارُ الۡمُتَکَبِّرُ ؕ سُبۡحٰنَ اللّٰہِ عَمَّا یُشۡرِکُوۡنَ O
ہُوَ اللّٰہُ الۡخَالِقُ الۡبَارِئُ الۡمُصَوِّرُ لَہُ الۡاَسۡمَآءُ الۡحُسۡنٰی ؕ یُسَبِّحُ لَہٗ مَا فِی السَّمٰوٰتِ وَ الۡاَرۡضِ ۚ وَ ہُوَ الۡعَزِیۡزُ الۡحَکِیۡمُ O
گیارہ گیارہ مرتبہ درود شریف کے ساتھ پڑھ کر اپنے بیٹے کا تصور کرکے دم کردیں اور اس کے لیے دعا کریں۔
یہ عمل کم از کم چالیس روز تک جاری رکھیں۔
اپریل 2021ء