Connect with:




یا پھر بذریعہ ای میل ایڈریس کیجیے


Arabic Arabic English English Hindi Hindi Russian Russian Thai Thai Turkish Turkish Urdu Urdu

کلر سائیکلوجی ۔ قسط 1

 اللہ تعالیٰ کی  بنائی ہوئی ہر شئے میں  کوئی نہ کوئی رنگ ہے ۔ کائنات کی ہر مخلوق رنگین ہے۔  خود کو ہی غور سے دیکھئے۔ آپ کا اپنا وجود لاتعداد رنگوں  کی ایک دنیا ہے۔ ایک عالمِ رنگ ۔ جلد کا رنگ  کہیں  گندمی  ہے تو کہیں   سفید چٹا کہیں  سانولا سلونا تو کہیں سیاہ۔

بالوں  کو دیکھیں  تو ہلکے بھورے سے لے کر سرخی مائل  ،  کہیں  سنہرے تو کہیں  سیاہ ، ناخن کسی کے سفید تو کسی کے گلابی۔

 چلیں  اب کچھ دیر کے لئے اپنے اندر جھانکتے ہیں۔ 

دانت موتی سے سفید  توزبان کا رنگ گلابی ، رگوں  کا رنگ کہیں  سبزی مائل تو کہیں  نیلاہٹ لیے ہوئے۔ دل کا لوتھڑا لال  تو پھیپھڑے گلابی ، خراب ہوجائیں  تو گہرے نیلے رنگ کے ہوجاتے ہیں ۔ جگر کا رنگ گہرا میروں ۔   دماغ بھی دو رنگوں  میں  تقسیم ہے ایک حصہ سفیدی مائل ہے تو دوسرے کو سرمئی یا اودا ہونے کی وجہ سے گرے میٹر کہا گیا۔الغرض کچھ بھی تو بے رنگ نہیں  اور جہاں  آپ کو لگتا ہے کوئی رنگ نہیں  تو وجہ صرف  اتنی سی ہے کہ وہ رنگ  دیکھنے کی صلاحیت ہماری  کی نگاہ میں نہیں۔

اللہ تعالی نے کائنات میں معین مقداروں  کے ساتھ، ایک تناسب مکمل توازن کے ساتھ  بڑی محبت سے رنگ بھرے ہیں۔ یہ انواع و اقسام کے  رنگ بھی کائنات میں   دور کرتی  قوت حیات کو توازن بخشتے ہیں۔ قوت حیات کے بہاؤ کو ہم آہنگی عطا کرتے ہیں ۔

 رنگوں  کایہی توازن باری تعالی  نے آپ کی سوچ اور شخصیت میں  بھی رکھا ہے۔ سب رنگ کچھ نہ کچھ بولتے ہیں ۔آپ کی اصل شخصیت کے بارے میں بتاتے ہیں۔ ہے ناں  حیرت کی بات…. مگر یہ بات نئی بالکل بھی نہیں  ہے۔

  قدیم چینی فلاسفی ہو یا قدیم ترین مصری تہذیب صدیوں پہلے بھی   رنگ کیامعنی رکھتے تھے اور ان کو کیا اہمیت حاصل تھی ا س کی کئی  شواہدہمارے سامنے موجود ہیں۔انسانی صحت کو بہتر بنانے کے ساتھ آس پاس کے ماحول کو  ہم آہنگ رکھنے اورتوانائی کے بہاؤ کو توازن میں   رکھنے کے لئے  ایک بنیادی  اور خاص جزو کی حیثیت حاصل رہی ہے۔

ستارہ شناسی کے علم میں  متعلقہ سیاروں  کے رنگ اپنی جگہ اہمیت کے حامل ہیں  تو علم الاعداد کے مطابق  بھی ہر عدد ایک مخصوص رنگ لئے ہوئے ہوتا ہے۔ مختلف رنگوں  کے پتھروں  کا پہننا بھی رنگوں کے اثرات کی اہمیت کا اظہار ہے۔یہاں  ایک اور اہم مثال جو ہم دینا چاہیں  گے وہ کلر تھراپی کی ہے۔ قدیم روایات کے ساتھ اب سائنسی تحقیقات بھی کلر تھراپی کے مفید اثرات کی تصدیق کررہی ہیں۔ پاکستان میں  یہ سہرا محترم خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب  کے سر ہے  جنہوں  نے  ہمارے ملک میں رنگ و روشنی سے علاج کو متعارف کروایا اور کتاب نظریہ رنگ و نور  میں  نا صرف تصوف کی روشنی میں  بلکہ سائنسی بنیادوں  پر بھی  کائناتی توانائی ،روشنی اور ان رنگوں  کی  حقیقت کو  واضح کیا ہے۔

تو جناب یہ تو ہوئی بات کہ رنگوں  کی انسانی زندگی میں  کیا اہمیت رہی ہے۔

آخر اس نئے سلسلے میں   ایسا  نیا کیا ہے ؟جو ہم آپ سے شئیر کرنے جارہے ہیں ….؟

جواب یہ ہے کہ ہم آپ کی شخصیت، آپ کی سوچ اور آپ کے موڈ کے حوالے سے رنگوں کی اہمیت بیان کرنے جارہے ہیں۔ ہم آپ سے یہ بات شیئر کرنا چاہ رہے ہیں کہ رنگ آپ کی سائیکلوجی، آپ کی نفسیات کا اظہار ہوتے ہیں۔ رنگوں کی اہمیت سمجھ کر اور انہیں مناسب طریقے سے استعمال کرکے آپ اپنی نفسیات اور اپنی شخصیت کو مثبت اور کامیاب بناسکتے ہیں۔  اس میں  ہمارا منشاء  ہے کہ  آپ کو نا صرف  رنگوں  کی ایک نئی  قوت ایک نئے فائدے سے روشناس کرایا جائے بلکہ آپ کو یہ بھی بتایا جائے کہ رنگ صرف آپ کی صحت پر ہی نہیں  بلکہ آپ کی شخصیت، آپ کی نفسیات اور آپ کے تعلقات پر بھی اپنا اثر گہرارکھتےہیں  ۔

آپ کے کمرے  کی دیواروں  کارنگ کیا ہے….؟، آپ کے بستر کا رنگ کیسا ہے۔  مزید دلچسپ یہ کہ استعمال ہونے والے  رنگ اگر آپ کے پیشے سے میچ نہیں  کرتے تو آپ کو اپنے ٹارگٹ حاصل کرنے میں  مشکلات کا سامنا بھی  ہوسکتاہے اور ناکامی بھی ۔ اگر آپ طالبِ علم ہیں  ، پڑھائی میں  دل نہیں  لگتا۔  گریڈذ اچھے نہیں  آتے یا آپ کی عمر شادی کی ہو چلی ہے مگر گھر والوں  کے لیے آپ ابھی بھی ایک کھلنڈرے کی حیثیت رکھتے ہیں   یا آپ کو لوگ ذمہ داریاں  دیتے ہوئے عدم اعتماد  کا اظہار کرتے ہیں ۔ ابو جھٹ سے کہتے ہیں کہ  رہنے دو تم سے نہیں  ہوگا یا پھر سوچ لو کر پاؤگے….؟ یہ جملے بڑے تکلیف دہ ہوتے ہیں ۔ ہوسکتا   ہے کہ آپ میں  ہزار صلاحیتیں  ہونے کے باوجود اس کے اظہار میں  کہیں  نہ کہیں  کوئی جھول آرہا ہو۔ کوئی کمی ہو جس سے آپ  انجان ہوں کہ صلاحیتیں  ہونے کے باوجود لوگ آپ پر اعتبار کرنے سے کتراتے ہیں ۔ یقین جانئے اس کی بھی اہم وجہ رنگ  ہی ہوتے ہیں ….

یہ آپ کے لئے جاننا انتہائی ضروری ہے کہ آپ اپنی انفرادی حیثیت کے اعتبار سے کس  طر ح کی شخصیت مالک ہیں ۔ آپ کو کس طرح کے رنگوں کی ضرورت ہے اور یہی نہیں  بلکہ یہ بھی کہ وہ رنگ جو آپ کے لئے زیادہ فائدہ مند ثابت نہیں  ہوتے ان کو آپ اپنے مقصد کے حصول کے لئے کس طرح  توازن میں  لاسکتے ہیں ۔ کیونکہ رنگوں  کا انتخاب زندگی بد ل دیتا ہے۔ اور یہی سب آپ جاننے والے ہیں  ہمارے اس نئے سلسلے میں ۔

یہاں  یقیناً ایک سوال یہ اٹھتا ہے کہ کیا واقعی  ایک رنگ اتنا طاقتور ہوسکتا ہے ….؟

اس کے لئے پہلے یہ جان لیجئے کہ رنگ ہوتے ہیں  کیا ہیں  اور کہاں  سے آتے ہیں  ….؟

اس کا  سادہ ساجواب  حضرت خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب کی کتاب  رنگ و روشنی سے علاج کے مطابق یہ ہے کہ رنگوں  کا اخراج دراصل روشنی سے ہوتا ہے۔

سوال یہ پیدا ہوتا ہے  کہ یہ روشنی کیا ہے….؟

روشنی  دراصل توانائی یا قوت کی ایک شکل ہے۔ ایک لہر ہے۔ جب یہ لہر آنکھوں  سے ٹکراتی ہے تو دیکھنے کی حس پیداہوتی ہے۔  اس روشنی میں  موجود مختلف طولِ موج کی  لہریں  خود کو  مختلف رنگوں  کی صورت میں  ظاہر کرتی ہیں ۔  اب اسے یوں  سمجھیئے کہ سورج سے زمین تک منتقل ہونے والی روشنی کرنوں کی صورت میں  منتقل ہوتی ہے۔  سائنس ہمیں  بتاتی ہے کہ  ہر کرن مخصوص توانائی کی حامل ہوتی ہے اور اپنی ایک مخصوص حیثیت رکھتی ہے۔  یعنی پر ہر کرن ایک مخصوص طولِ موج یا ویولینتھ(Wave Length)  رکھتی ہے۔  مخصوص مقدار اور  طولِ موج   کی وجہ سے  ان کرنوں  سے مخصوص طاقت کی توانائی خارج ہوتی.ہے۔

کیا رنگ آپ کی شخصیت کے آئینہ دار ہوتےہیں  ….؟

جی ہاں بالکل۔ ان رنگوں  کی یہی توانائیاں  وہ قوت  ہے جو آپ کی اپنی  انفرادی حیثیت  اور انفرادی شخصیت کو جلا بخشتی ہے۔ یہ رنگ بتاتے ہیں  کہ آپ کی اپنی انفرادی شخصیت کیسی ہے۔ آپ زندگی کے بارے میں  کیا احساس رکھتے ہیں ۔ تعلقات کو کس طرح سنبھالتے ہیں ۔ زندگی کو کیا دے سکتے ہیں   اورزندگی سے کیا پاسکتے ہیں ۔  مثال کے طور پر سخاوت خان (ایک فرضی نام) نے کہیں  پڑھا کہ لال رنگ زندگی میں  جوش و خروش اور نئی امنگیں  پیدا کرتا ہے۔ انھوں  نے  اپنی سستی کو دور کرنے اور فیصلہ  کی صلاحیت کو بڑھانے کے لئے لال رنگ کی شرٹس  پہنناشروع کردیں۔ ساتھ ساتھ اپنا ہیلمٹ بھی لال رنگ کا خرید لیا۔اور گھر میں  بستر کی چادروں  پر بھی اکثر بحث رہتی کہ  لال یا میرون  رنگکی.بچھاؤ ۔

 اب ہوا یہ کہ کچھ ہی دنوں  میں  دوست و احباب سے ان کے تعلقات  حد درجہ کشیدہ رہنے لگے۔ گھروالوں  سے لڑائی ، اختلافِ رائے معمول بن گیا اور تو اور نوکری کے بھی  لالے پڑ گئے۔  وجہ اس کی یہ تھی کہ سخاوت خان جس پیشے سے وابستہ تھے۔اس کا اپنا ایک مخصوص رنگ تھا جو  سبزتھا اور ان کی اپنی شخصیت کا رنگ نیلا۔ تجزیہ  کے بعد یہ بات سامنے آئی کہ  ان کی شخصیت  اور پیشے کے اعتبار سے وہ اگر متعلقہ مقصد کے لئے لال کے بجائے پیلے رنگ کا استعمال کرتے تو ان کو مثبت نتائج حاصل ہوتے۔

 آپ کو شاید حیرت ہوئی ہو مگر یہ سچ ہے کہ باری تعالی نے آپ کو جن رنگوں  سے قدرتی طور پر نوازا ہے وہ آپ کی اپنی شخصیت کا آئینہ دار ہیں ۔ آپ کی شخصیت کیسی ہے….؟ آپ ایک صلح جو امن پسند انسان ہیں  ، یا آپ کو تیراکی اور مہم جوئی کا شوق ہے ، آپ خطروں  سے کھیلنا پسند کرتے ہیں  یا آپ  روحانی راہوں  کے مسافر ہیں  ۔ یہ سب چھپا ہے ان رنگوں  میں  جن کے اثرات آپ کی شخصیت پر پڑ رہے ہیں۔

 اور ہاں  یہ بھی کہ ہر پیشے سے وابستہ کچھ خاص رنگ ہوتے ہیں۔

مثال کے طور پر وکالت کا کوٹ ہمیشہ کالا ہوتا ہے، ڈاکٹر کا کوٹ ہمیشہ سفید۔ان کے کیا معنی ہیں  یہ رنگوں  کی کون سی دنیا ہے۔ انشا اللہء ان سب پر ہم تفصیل سے بات کریں  گے۔

آپ کی شخصیت کے  اعتبار سے  آپ کے لئے کونسا پیشہ مناسب ہے اور حسب،منشا نتائج کے لئے کون سا رنگ آپ کا معاون ثابت ہوگا۔

یہی نہیں   ہم یہ بھی بات کریں گے کہ رنگوں  کا عدم  توازن  جس طرح صحت کے معاملات میں   اثر انداز ہوتا ہے اسی طرح رنگوں  کا یہ عدم توازن ہمارے تعلقات کو سنوار یا بگاڑ  دیتاہے ۔

 رنگوں  کے تناسب اور متوازن استعمال سے آپ اپنی شخصیت کو کس طرح مضبوط اور کامیاب بنا سکتے ہیں۔ کس طرح روٹھے ہوئے کو مناسکتے ہیں۔ کس طرح آپ کے رُکے ہوئے ادھورے کام مکمل ہوتے چلے جائیں  گیں ۔ یہ سب چھپا ہے رنگوں کی  اس طاقت میں ۔

یہاں  ایک واقعہ بھی بتاتے چلیں ۔ ابھی کچھ دنوں  پہلے ہی  ہمارے ایک دوست اپنے بھائی کے ساتھ جن کا کوئی کیس عدالت میں  پھنسا ہوا تھا۔پیشیوں  پے پیشیاں  بھگت لیں  تھیں۔ ملاقات کے لیے آئے۔ بات چیت کے دوران بر سبیلِ تذکرہ اس کیس کا ذکر بھی نکل آیا۔ انھوں  نے تفصیل بتائی اور ساتھ ساتھ بڑی ناامیدی کا اظہار بھی کرنے لگے۔ کہنے لگے  اب تو کیس ہار ہی جاؤں  گا۔ہمارا جواب تھا کہ جب سوچ ہی لیا ہے تو ہار ہی جائیں گے۔ وہ ہماری بات سن کر ناراض ہونے لگے۔  ہم نے وضاحت کی کہ پہلے تو آپ اچھا سوچیں  اور اللہ سے اچھی امید رکھیں اورپورے اعتماد کے ساتھ عدالت میں  حاضر ہو ں۔ ہم نے ان کے کیس کی نوعیت کے بارے میں  کچھ معلومات لیں  اور ان سے کہا کہ  نیلے رنگ کی شرٹ پہن کر جائیے گا۔ہماری بات پر انھوں نے گھورا،  وہ سمجھے کہ شاید حوصلہ دینے کے لئے ایسا کہاہے۔  لیکن ہم  جانتے تھے کہ اتنے اہم مسئلے پر مذاق کا جواز بنتانہیں۔ خیر اس وقت خاموشی سے چلے گئے مگر دوسرے دن شام میں  مٹھائی کا ڈبہ لیے حاضر تھے ۔ ایسا کس طرح ممکن ہوا یہ آپ جانیں گےآنے والی اقساط میں ۔ مگر یاد رہے کہ یہ نیلی شرٹ کا مشورہ  صرف  ان کے لیے ہی تھا۔ 🙂

تو پھر اپنی اگلی قسط سے ہم آغاز کریں  گے ہماری شخصیت کے سب سے پہلے روپ سے یعنی  آپ کی جلد کا رنگ کیا ہے اور اس رنگ میں  آپ کی شخصیت کے کونسے راز چھپے ہیں۔  یہ راز آپ کی شخصیت کے بارے میں  کیا بتاتا ہے اور آپ اس سے کیا فائدہ حاصل کرسکتےہیں ۔

ہم تھیوری  اور سائنسی توجہات کے ساتھ آپ کو  ایک ایسی گائیڈ لائین بھی فراہم کرنے کی کوشش کریں گے  جن پر آپ بآسانی عمل درآمد بھی کرسکیں۔ ہم آپ کی تاریخ پیدائش اور آپ کے برج (Zodiac Sign) کے حوالے سے بھی بات کریں گے۔ تو پھر انتظار کیجئے آنے والی قسط کا جس میں  ہم بات کریں  گے آپ کے رنگ پر۔

(جاری ہے)

 

یہ بھی دیکھیں

کلر سائیکلوجی ۔ قسط 10

  قسط 10 بھُورا ، براؤن یا کتھئی رنگ گو کہ یہ انسانی آنکھوں کے ...

ریفلیکسولوجی – 4

ستمبر 2019ء –  قسط نمبر 4 پچھلے باب میں ہم نے انسانی جسم کے برقی ...

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے