اعداد بولتے ہیں ۔ قسط 4
کسی بھی نام کا عدد معلوم کرنے کے لیے درج ذیل باکس میں نام لکھیے
ایک مرتبہ ہمارے ایک دوست اپنی کامیابیوں کے بارے میں بتارہے تھے۔ واقعی وہ ماشاء اﷲ اپنے شعبے میں بہت کامیاب بھی ہیں۔ انہوں نے اپنی کامیابی کی وجہ یہ بتائی کہ بچپن سے ان کی یہ عادت رہی ہے کہ اگر کوئی کہہ دے کہ تم یہ کام نہیں کرسکتے تو وہ اس کام کو اپنے لئے چیلنج بنالیتے ہیں اور مردانہ وار اس کی تکمیل میں لگ جاتے ہیں۔ اس لئے وہ اکثر ناممکن کو بھی ممکن بنادیتے ہیں۔ انہوں نے بچپن میں بہت نامساعد حالات کا سامنا کیا ہے لیکن ہر ناکامی کے بعد ان کے اندر نئی اسپرٹ پیدا ہوجاتی اور وہ اسے کامیابی میں بدل دیتے۔ ان کی داستانِ حیات سننے کے بعد ہم نے ان سے کہا
‘‘آپ کی عادات بتارہی ہیں کہ آپ کا عدد تین ہے۔ عدد تین کے حامل افراد میں یہی صلاحیتیں پائی جاتی ہیں’’۔
واقعی جب انہوں نے اپنے نام کے حروف کو ملایا تو ان کا عدد تین ہی نکلا۔
جن لوگوں کی پیدائش 21,12,3 یا 30 تاریخ کو ہوئی ہے یا ان کے نام کے حروف سے عدد تین نکل رہا ہے وہ عدد تین کے حامل فرد ہیں۔
3 عدد کے حامل لوگوں کی خصوصیات
ان اشخاص کی خصوصیات میں سب سے اہم حوصلہ مندی، اُولوالعزمی اور بلند خیالی ہے اور یہ لوگ ہمیشہ ترقی کی جانب متوجہ رہتے ہیں۔ ایسے لوگ زندگی کے کسی بھی راستے پر چلیں، کامیاب ہوتے ہیں۔علم الاعداد، پیش گوئیوں یا غیب کا علم نہیں ہے، یہ ہندسوں اور حساب کا علم ہے۔ یہ ایک طرح کی سائنس ہے جو دنیاوی اور روحانی دونوں علوم کا احاطہ کرتی ہے۔ حساب توازن کے ساتھ کائنات کے ہر نظام میں نظر آتا ہے۔ چاہے وہ وقت ہو یا رفتار ہو، فاصلہ ہو یا پیمائش ہو، وزن ہو یا تخمینہ ہو، یا پھر کنتی کے اعداد و شمار ہوں۔
اب تک ہم نے علم الاعداد کی تاریخ اور یونانی، کلدانی، عبرانی اور عربی علم الاعداد پر بات کی تھی اور بتایا تھا کہ عربی اور اردو زبان میں حساب جمل یعنی ابجدی علم سے نام کے اعداد نکالنے کا طریقہ کیاہے۔
جب بھی عدد تین کے حامل افراد کو کسی کام میں مشغول دیکھو تو یہ سمجھ لو کہ یہ پیچھے ہٹنے والے نہیں ہیں۔ ہر جگہ نمایاں اور اول رہنے کی کوشش کرتے ہیں۔
جب تک کوئی خاص درجہ نہ حاصل کرلیں ان کو خوشی ملتی ہے نہ سرور۔ جب دوسرے لوگوں کے دماغ تھک جائیں یا کسی کام سے عاجز آجائیں تو یہ اپنی محنت شاقہ سے اس کام کو مکمل کر لیتے ہیں اور ایک کامیاب کاریگر ثابت ہوتے ہیں۔ جب یہ لیڈ ر ہوں تو کامیاب رہنما ہوتے ہیں اور خطرات میں پڑنے سے نہیں چوکتے۔
عدد تین کے حامل افراد میں تخلیقی صلاحیتیں اپنے جوبن پر ہوتی ہیں۔ اس لئے ایسے شعبوں میں بآسانی سیٹ ہوجاتے ہیں جہاں ان صلاحیتوں کو اظہار کے بھرپور مواقع حاصل ہوں۔ انہیں سینما تھیٹر، ڈرامے، موسیقی اور ہنر سے لگاؤ ہوتا ہے۔ ایسے لوگ دوسروں کے مقابلے میں اچھے ڈیزائنر بن سکتے ہیں، کوئی بھی تعمیری اور تخلیقی کام چاہے وہ مستری، درزی کا کام ہو یا انجینئرنگ، بزنس، مصوری، آرکیٹکچر، کمپیوٹر پروگرامر اور ڈیزائنگ، شاعری، ادب وغیرہ یہ ان شعبوں میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔
خیال رہے منفی طرزوں میں یہی صلاحیتیں تخریب میں بھی پوری طرح کام آسکتی ہیں چنانچہ عدد تین کے حامل بچوں کو صحت مند ذہنی اور جسمانی ماحول مہیا کرنا بہت ضروری ہے تاکہ یہ صلاحیت مثبت طرزوں میں ہی استعمال ہو۔
یہ نمبر اعلیٰ سپرٹ، زندہ دلی، اور ظرافت کا مظہر ہے۔ جن لوگوں کے اعداد میں یہ غالب ہو ان میں اپنے خیالات کے اظہار کی زبردست خواہش ہوتی ہے۔ نمبر 3 والے یہ افراد بہت باتونی بھی واقع ہوتے ہیں۔ اس کا مثبت پہلو یہ ہے کہ بہت خوش اخلاق اور خوش طبع ہوتے ہیں۔ تعاون کرنے کا فن جانتے ہیں۔
نمبر 3 کے حامل افراد اپنے طرزِ کلام کی اثر انگیزی سے دوسروں کو فوراً اپنا بنالیتے ہیں۔ اس لئے یہ بحیثیت مہمان ہرجگہ مقبول ہوتے ہیں۔
یہ افراد لوگوں کو اپنی گفتگو کے سحر میں جکڑنے کے ہنر سے واقف ہوتے ہیں اس لئے اچھے مقرر، ٹیچر، مارکیٹنگ ایگزیکٹو یا مبلغ بن سکتے ہیں۔ عدد تین کے حامل افراد اپنی شعلہ بیانی سے دوسروں کے جذبات کو اپنے حسبِ منشاء بھی استعمال کرلیتے ہیں۔ ان کا ایک منفی پہلو یہ ہے کہ ایسے بعض افراد جھکّی ثابت ہوتے ہیں۔ بول بول کر مخاطب کا دماغ چاٹ لیتے ہیں اور لوگ ان سے جان چھڑانے کی کوشش کرنے لگتے ہیں۔
ایسے لوگ بڑے سمجھ دار اور صاحب الرائے ہوتے ہیں۔
نمبر 3 کے حامل افراد میں ناصرف انتظامی و اہتمامی قابلیت ہوتی ہے بلکہ اس کے حصول کے لئے وہ خاص حکمت عملی کو کام میں لاتے ہیں ۔ اپنے ماتحتوں کے لئے وہ نمایاں صفات کے حامل لوگ ہوتے ہیں۔ یعنی قابل بھی اور شریف بھی۔
اپنی عقل ودانش کی بناء پر ہر دلعزیز شخصیت سمجھے جاتے ہیں۔ ایسے لوگ خوددار، طبیعت ہوتے ہیں، لڑائی ہوجانے پر انتقام کا جذبہ نہیں رکھتے بلکہ خاموش ہوجانا پسند کرتے ہیں۔ ان لوگوں میں اشتعال اور غصے کی صفت کم ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ عجزو انکسار، معافی کا اقرار کرلینے اور معاف کردینے کے اعلیٰ جواہر بھی ان میں پائے جاتے ہیں۔
عدد تین کے حامل افراد مہمانی یا مہمان نوازی کیلئے ہمیشہ کمر بستہ رہتے ہیں۔ اپنی ذات کو پس پشت رکھ کر مہمان نوازی اختیار کرتے ہیں۔
کسی نظرئیے یا خیال کو جب قبول کرلیتے ہیں تو اس پر پورے اعتماد کے ساتھ قائم رہتے ہیں۔ اس یقین اور اعتماد کو توڑنا آسان کام نہیں۔ اپنے متعین کردہ کاموں کو بہتر سے بہتر انداز میں کرنے کے قائل ہوتے ہیں۔ یہی ان کی کامیابی کا راز بھی ہے۔
عدد تین سے تعلق رکھنے والے افراد علم دوست، اسکالر، عالم اور فلسفیانہ استدلال کے حامل ہوتے ہیں۔ رومان پرور اور آسائش پسند بھی واقع ہوئے ہیں۔ شیریں بیانی اور خوش کلامی ان کی خصوصیت ہے تو ان کی ایک اہم کمزوری دوسروں پر بھروسہ کرلینا بھی ہے۔ اس کمزوری کی وجہ سے بار ہا ان کے اعتماد کو ٹھیس پہنچتی ہے۔
اس نمبرکی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ اس نمبر کا حامل ہر چیز اور ہر کام کو خود کرتا ہے اور جرأت اور بیباکی سے کام لیتاہے۔ اس میں میدانِ جنگ میں کارہائے نمایاں دکھانے کا حوصلہ ہوتا ہے۔
ایسے لوگ نمائش کے دلدادہ ہوتے ہیں۔ بعض اوقات انہیں معلوم نہیں ہوتا کہ وہ اعتدال سے تجاوز کررہے ہیں۔ وہ روپیہ خرچ کرنے میں بھی اعتدال سے کام نہیں لیتے۔ دولت آسانی سے حاصل کرلیتے ہیں اور آسانی سے خرچ کردیتے ہیں۔
عدد 3 کے افراد انفرادیت پسند، حوصلہ مند اور پختہ ارادوں کے مالک تصور کئے جاتے ہیں۔ یہ لوگ اپنے ماتحتوں میں نمایاں اہمیت کے مالک ہوتے ہیں ہر کام میں باقاعدگی پسند اور احکامات کی بجا آوری میں بھی نسبتاََ بہتر ہوں گے ۔
ان افراد میں چند نقائص بھی ہیں جن کا محاسبہ ضروری ہے ۔ وہ آمرانہ یا تحکمانہ انداز کی طرف مائل اور اصولوں کی پرواہ کئے بغیر اپنے ذاتی خیالات یا نظریات کی تکمیل پر آمادہ ہو تے ہیں۔ اسی وجہ سے بہت سے دشمن بھی پیدا کر لیتے ہیں حالانکہ ان کے مزاج میں جھگڑالو پن نہیں ہوتا۔
وہ چند نام جن کے اعداد کا حاصل نمبر 3 ہے۔
امجد
اعظم
احسان
احتشام
افضال
الیاس
بشارت
بختاور
چمن
خرم
ذاکر
ریاض
رفیق
زید
زبیر
سراج
صالح
صلاح
طیب
طفیل
عاصم
عاشق
عقیل
عظیم
غفار
غوث
فقیر
فیصل
قیوم
لطیف
مستنصر
نزہت
نوبہار
وکیل
یوسف
واجب
ہادیا
زبیب
طالح
ہلال
دعا
اجمال
جمالی
آنچل
نجم
صبا
سجل
اسما
آقا
منزہ
منیب
انس
قطب
محاسب
صباحی
سنی
نمل
طفیل
مطیع
مونس
عمامہ
عمیمہ
صندل
قاسم
عاقل
عاصم
ماہر
مدبر
پارسا
منار
رُمان
منیر
مکرم
صراط
شہلا
عروس
مصور
شمائل
شفا
شمیم
مرسلین
جنت
شفق
فاتح
بشرہ
اعتماد
محدث
عافیت
شیریں
عشر
صوفیان
دلربا
شریک حیات اور دوست
عدد تین کے حامل افراد کی دوستی 6,3اور 9عدد کے حامل افراد سے کامیاب رہتی ہے شادی کے لئے ایک، پانچ اور آٹھ کے حامل شریکِ حیات سے اچھی گھریلو زندگی کی امید رکھی جاسکتی ہے۔
یہ لوگ چونکہ فطرتاً رومان پرور ہوتے ہیں اس لئے وفادار اور محبت کرنے والے شریکِ حیات ہوسکتے ہیں۔ عموماً ان کی ازدواجی زندگی خوشگوار گزرتی ہے کیونکہ یہ خود کو ایڈجسٹ کرنے کے فن سے بخوبی واقف ہوتے ہیں۔
علم الا عداد کے ذریعہ ورد کے لیے اسم کا انتخاب:
اللہ کے وہ اسماء جن کے اعداد کا حاصل 3آتا ہے یہ ہیں:
قابض ، مصور ،غفار، فتاح، لطیف ،
عظیم ، مجید ، وکیل ، قیوم،
ماجد، معطی، نافع، ثابت، اعلی، کافی
جن افراد کا مفرد عدد 3 ہے وہ اللہ کے ان اسماء کا ورد کریں یا پھر ان اسماء کی انگوٹھی بنواکر پہن لی جائے۔
موافق رنگ اور پتھر
ان افراد کے لئے نیلا، گلابی، گہرا سرخ، بنفشی رنگ موافق ہوسکتے ہیں خصوصاً یہ لوگ نیلے اور گلابی رنگ کے دلدادہ نظر آتے ہیں۔ اس لئے لباس، پردوں، بیڈ شیٹ، دیواروں، پینٹنگز اور مختلف ڈیکوریشن آئٹمز میں ان رنگوں کا امتزاج مفید رہتا ہے۔
عدد تین کے حامل افراد کے لئے یاقوت اور دودھیا مائل یاقوت اور سبزی مائل نیلم موافق پتھر ہیں مگر نیلم کے ممکنہ تیز اثرات کے پیشِ نظر ان کے لیے یاقوت ہی پہننا زیادہ اچھا ہے۔
اس پتھر کو انگوٹھی میں اس طرح پہننا چاہئے کہ انگلی سے مَس ہوتا رہے۔ علاوہ ازیں پکھراج، زمرد، زبرجد اور ایسا پتھر بھی مفید ہے جس میں ہلکا گلابی یا نیلا پن موجو د ہو۔
صحت اور غذائیت
جسمانی طور پر صحت مند دیکھے گئے ہیں تاہم زیادہ تر اعصابی تکالیف میں مبتلا دیکھے گئے ہیں مثلاً سر درد، مائیگرین، کمر درد اور پٹھوں کا کھنچاؤ۔ اس کے علاوہ انفیکشن کے خطرات بھی ان پر منڈلاتے دیکھے گئے ہیں انہیں الرجی، جلدی امراض بھی ہوسکتے ہیں۔
عدد تین کے حامل افراد کے لئے مفید غذاؤں میں شہد، انگور، انار، بادام، انجیر، سیب، گنا، چقندر، گاجر وغیرہ شامل ہیں۔
(جاری ہے)