Notice: Function WP_Scripts::localize was called incorrectly. The $l10n parameter must be an array. To pass arbitrary data to scripts, use the wp_add_inline_script() function instead. براہ مہربانی، مزید معلومات کے لیے WordPress میں ڈی بگنگ پڑھیے۔ (یہ پیغام ورژن 5.7.0 میں شامل کر دیا گیا۔) in /home/zhzs30majasl/public_html/wp-includes/functions.php on line 6078
حضرت غوث پاک کے اذکار، اوراد اور وظائف – روحانی ڈائجسٹـ
جمعہ , 13 ستمبر 2024

حضرت غوث پاک کے اذکار، اوراد اور وظائف

مسائل و مشکلات سے نجات کے لیے

حضرت غوث پاک کے اذکار، اوراد و وظائف

اولیاء کرام اور صوفیائے عظام سے کئی مجموعہ ہائے وظائف منسوب ہیں۔ صوفیاء کرام نے لوگوں کے جسمانی، ذہنی اور نفسیاتی مسائل کا روحانی علاج کیا۔

سلسلہ قادریہ کے روحانی بزرگ حضرت غوث الاعظم   شیخ عبدالقادر جیلانیؒ، کے تجویز کردہ   کئی روحانی وظائف اور علاج سے  آج بھی  ضرور ت مند بڑی تعداد میں استفادہ کررہے ہیں۔

ذیل میں حضرت غوث پاک ؒ کے تلقین کردہ اوراد و وظائف پیش  کیے جارہے ہیں۔

حضرت شیخ وجیہہ الدین یوسف بغدادی ؒ نے اپنی کتاب مناقب طیب میں لکھا ہے کہ میں نے شیخ عبدالقادر جیلانی ؒ سے اورادو  وظائف اور ان کی تاثیر کے بارے میں گفتگو کی تو آپ نے فرمایا کہ

‘‘اوراد و  وظائف کی تاثیرات برحق ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ پڑھنے والے کی قوتِ ایمانی اعلیٰ درجہ کی ہو۔ شرک سے مکمل طور پر اجتناب کیا جائے۔ تقدیر پر پختہ ایمان ہو۔ لطافت طبع اور رقت قلب کے ساتھ پنجگانہ نماز کی پابندی ہو، تہجد کی نماز کا بھی اہتمام کیا جائے۔ اکثر باوضو رہا جائے۔ عمل شروع کرنے سے پہلے صدقہ وخیرات کیا جائے۔ پڑھنے والے کے دل میں رسول اﷲﷺ  کے لیے بے پناہ ادب اور محبت ہو، آپ کی اطاعت کا جذبہ موج زن ہو۔ اگر پڑھنے والے میں مسکین نوازی، ایثار، صبروثبات ، صداقت اور دیانت موجود ہو تو وہ رحمتِ حق سے اور زیادہ قریب ہوگا۔ ’’

 

دعاکی قبولیت :
بعد نمازمغرب دو رکعت نمازنفل پڑھ کر حق تعالیٰ کی حمد و ثناء یعنی 33مرتبہ سبحان اﷲ 33مرتبہ الحمد اﷲ پڑھ کر گیارہ مرتبہ درود شریف پڑھ کر یہ سلام عرض کرے کہ :
اَلسَّلَامُ عَلَيْكَ يَا رَسُولَ اللّٰهِ
اَلسَّلَامُ عَلَيْكَ يَا خَيْرَ خَلْقِ اللّٰهِ،
اَلسَّلَامُ عَلَيْكَ يَا شَفيعَ الْمُذْنِبِينَ
اس کے بعد یہ دعا پڑھے

اللَّهُمَّ إِنِّي أَسْأَلُكَ الْعَافِيَةَ
فِي الدُّنْيَا وَالْآخِرَةِ يا واحِدُ يا ماجِدُ
لا تُزِلْ عنِّي نِعْمَةٍ أَنْعَمْتَ بِهَا

اس کے بعدحضور ﷺ کے وسیلے سے اللہ تعالیٰ کی جناب میں اپنی التجاپیش کرے۔

 سحر سے حفاظت :
حضرت یعقوب بن اسحاق بغدادی ؒ نے ‘‘انوار السالکین ’’ میں لکھا ہے کہ محبوب سبحانی سیدنا حضرت شیخ محی الدین عبدالقادر جیلانی کے اوراد و وظائف میں یہ عمل نہایت مجرب ہے۔ ادائی فرض ، وسعت رزق اور پرہیز گاری کے لیے، سحر کا اثر دور کرنے کے لیے ، طوفان سے محفوظ رہنے کے لیے ترقی علم اور دشمنوں کے شر سے محفوظ رہنے کے لیے نہایت مفید ہے۔
بعد نماز مغرب سنتیں پڑھ کر دو رکعت نفل پڑھے ہر رکعت میں الحمد کے بعد گیارہ مرتبہ سورہاخلاص پڑھیں اور سلام کے بعد گیارہ مرتبہ درود شریف پڑھ کر سر بسجود ہو جائے اور پھر یہ کلمات پڑھے۔
اگر کسی شخص کو شیطان بہت تنگ کرتا ہے یا وسواس ِ شیطانی بکثرت آتے ہوں تو اس کو چاہے کہ یہ کلمات تعویذبناکردائیں بازو پر باندھ لے۔انشاء اﷲ تعالیٰ ان کلمات  کی برکت سے شیطان دور ہو جائے گا۔ وہ کلمات یہ ہیں ۔
 اللّٰهُمَّ أَنْتَ رَبِّی وَأَنَا عَبْدُكَ يَا رَبِّی أَطْلُبَ رَحْمَتَك، وَأَلْتَمِسَ رِضْوَانَكَ ، اللَّهُمَّ نَجِّنِي مِنْ عَذَابَكَ وَاَفْتَحُ لَیْ اَبْوَابَ رَحْمَتِكَ، يا أرحَمَ الرَّاحمين 
اس کے بعد اللہ سے دعا کرے۔
حضرت یحییٰ بن معاذ بغدادی، شیخ وجیہہ الدین یوسف اور شیخ نجیب الدین عبدالقاہر ؒ نے اس عمل کی بہت تعریف بیان کی ہے۔ ‘‘بحر المعانی ’’ میں اس عمل کا نام ‘‘عملِ غوثیہ’’ لکھا ہے۔ یہ عمل قرض کی ادائی کے لیے بھی مفید ہے۔
 
رزق میں وسعت:
رزق کی زیادتی کے لیے آپ نے یہ دعا تلقین فرمائی ہے۔ فجر کی سنتیں ادا کرنے کے بعد اور فرض ادا کرنے سے پہلے اس دعا کا روزانہ سو مرتبہ ورد کرے۔:
 اللّٰهُمَّ أَعْطِنِي رِزْقًا كَثِيراً يَا مُجيبُ الدَّعَوات يا أرحَمَ الرَّاحمين
ان شاء اللہ، کثیر رزق ملے گا۔ 
 
 
 
وسعت علم و رزق:
نماز تہجد کے بعد دو رکعت نفل پڑھے اور پھر رسول اﷲﷺ پر گیارہ مرتبہ درود پڑھ کر یہ کلمات کہے جائیں۔ 
 اللّٰهُمَّ إِنِّي أَسْأَلُكَ عِلْمًا نَافِعًا وَرِزْقًا وَاسِعًا وَعَمَلا مُتَقَبَّلا وَشِفَاءً مِنْ كُلِّ دَاءٍ 
پڑھ کر سجدہ میں جا کر دعا کریں ۔ یہ عمل وسعت رزق، وسعت علم، دفع سحر، حفاظت حمل اور تزکیہ قلب کے لیے فائدہ بخش ہے۔ 
 
 
ڈپریشن اور پریشانیوں سے نجات:
اگر پریشانیوں کا ہجوم ہو تو یہ طریق عمل اختیار کریں۔ پہلے سورہ فاتحہ سات مرتبہ، سورہ الم نشرح سات مرتبہ، پھرسورہ اخلاص سات مرتبہ، پھردرودشریف گیارہ مرتبہ پڑھ کر سر بسجدہ
یہ الفاظ کہے۔
يَا قَاضِيَ الْحَاجَاتِ وَ يَا كَافِيَ الْمُهِمَّاتِ وَ يَا دَافِعَ الْبَلِيَّاتِ وَ يَا حَلُّ المُشْكَلَاتِ وَ يَا رَافِعَ الدَّرَجَاتِ وَ يَا شَافِيَ الْأَمْرَاضِ وَ يَا مُجِيْبَ الدَّعَوَاتِ وَ يَا اَرْحَمَ الرَّاحِمِيْنَ
اس کے بعد یہ پڑھا جائے 
ياَعاَلِمَ ماَفىِ الصُّدُوْرِ
أَخْرِجْنِى مِنَ الظُّلُماَتِ إِلىَ النُّوْرِ
پھر حضور نبی کریم ﷺ کے وسیلے سے بارگاہِ الٰہی میں اپنی حاجت خشوع وخضوع کے ساتھ پیش کی جائے۔
حضرت یعقوب بن اسحاق بغدادی ؒ نے انوار السالکین میں لکھا ہے کہ ایک سائل کے جواب میں حضرت غوث پاک نے فرمایا کہ زندگی کے تفکرات سے نجات پانے کے لیے یہ عمل مفید ہے:
بعد نمازمغرب سنتین پڑھنے کے بعد دو رکعت نفل پڑھیں اسکے بعد گیارہ بار یہ پڑھے۔
لاَ إِلَهَ إِلاَّ اللَّهُ وَحْدَهُ لاَ شَرِيكَ لَهُ
لَهُ الْمُلْكُ وَلَهُ الْحَمْدُ يُحْيِي وَيُمِيتُ
وَهُوَ عَلَى كُلِّ شَيْءٍ قَدِيرٌ
پھر تین بار یہ پڑھے
 يُسَبِّحُ لَهُ مَا فِي السَّمَاوَاتِ وَالْأَرْضِ
وَهُوَ الْعَزِيزُ الْحَكِيمُ
پھر گیارہ باریہ پڑھے۔
اللَّهُمَّ افْتَحْ لِي أَبْوَابَ رَحْمَتِكَ
يا أرحَمَ الرَّاحمين اللَّهمَ استجِب
اس کے بعد حضور نبی کریم ﷺ کے وسیلے سے بارگاہِ الٰہی میں اپنی حاجت خشوع وخضوع کے ساتھ پیش کی جائے۔
شیخ وجیہہ لکھتے ہیں کہ رنج و اضطراب سے نجات کیلئے یہ عمل بہت مجرب ہے۔
 
خوشحال زندگی :
 ایک سائل کے دریافت کرنے پر آپؒ نے فرمایا اگر آسودہ زندگی چاہتے ہو تو فجرکے وقت سنت وفرض کے درمیان یہ کلمات روزانہ ایک سو مرتبہ پڑھو۔
سُبْحَانَ اللّٰهِ وَبِحَمْدِهِ، سُبْحَانَ اللّٰهِ الْعَلِيُّ الْعَظِيمُ وَبِحَمْدِہِ أَسْتَغْفِرُ اللهَ
 
 
ہر مقصد کے لیے مفید :
 شیخ عفیف الدین اپنی کتاب ‘‘کشف الاسرار’’میں تحریر فرماتے ہیں کہ میں نے سیدنا حضرت ابو محمد محی الدین عبدالقادر جیلانی ؒ سے درخواست کی کہ آپ مجھے کوئی ایسا عمل بتائیں جو ہر آرزو اور ہرمقصد کے لیے مفید ہو۔ آپ ؒ نے فرمایا نماز ِ مغرب کے بعد سنتیں پڑھ کر دو رکعت نماز نفل ادا کرو، ہر رکعت میں الحمد کے بعد گیارہ مرتبہ قل ہو اللہ پڑھو پھر سلام کے بعد ایک سو مرتبہ یہ کلمات کہو:
سُبْحَانَ اللّٰهِ وَبِحَمْدِهِ،
سُبْحَانَ اللّٰهِ الْعَظِيمُ
اس کے بعد حضور رسالت ماب ﷺ پر گیارہ مرتبہ درود شریف پڑھو پھر گیارہ مرتبہ یہ سلام پڑھاجائے۔
 السَّلامُ عَلَيْكَ أَيُّهَا النَّبِيُّ وَرَحْمَةُ اللَّهِ وَبَرَكَاتُهُ اَلسَّلَامُ عَلَيْكَ يَا رَسُولَ اللّٰهِ، اَلسَّلَامُ عَلَيْكَ يَا خَيْرَ خَلْقِ اللّٰهِ، اَلسَّلَامُ عَلَيْكَ يَا شَفيعَ الْمُذْنِبِينَ، اَلسَّلَامُ عَلَيْكَ وَ عَلٰی آلِك وَأَصْحَابِك أَجْمَعِینَ، 
 
 استخارہ غوثیہ:
کتاب ‘‘مفتاح الکرامات’’ میں ‘‘استخارہ غوثیہ’’ کے نام سے ایک استخارہ درج ہے۔
حضرت سیدعبدالقادر جیلانیؒ نے استخارہ کا طریقہ یہ بیان کیا ہے کہ رات سونے سے پہلے دو رکعت نماز نفل ادا کریں۔ ہر رکعت میں الحمد کے بعد گیارہ گیارہ مرتبہ ’’قل ہو اللہ ‘‘ پڑھیں۔ پھر سلام کے بعد یہ دعا پڑھی جائے۔
اللَّهُمَّ إنِّي أَسْتَخِيرُكَ وَأَسْأَلُكَ مِنْ فَضْلِكَ الْعَظِيمِ فَإِنَّكَ تَقْدِرُ وَلا أَقْدِرُ, وَتَعْلَمُ وَلا أَعْلَمُ, وَأَنْتَ عَلامُ الْغُيُوبِ،
اللَّهُمَّ إنْ كُنْتَ تَعْلَمُ أَنَّ هَذَا الأَمْرَ خَيْرٌ لِي فَاقْدُرْهُ لِي وَيَسِّرْهُ لِي وَإِنْ كُنْتَ تَعْلَمُ أَنَّ هَذَا الأَمْرَ شَرٌّ لِي فَاصْرِفْهُ عَنِّي
يا أَرْحَمَ الرَّاحِمين
یہ دعا پڑھنے کے بعد سوجائیں ان شاء اللہ کام کا انجام معلوم ہوجائے گا۔
ان شاء اللہ خواب میں جواب مل جائے گا۔
 
 
شر اور خطرہ سے نجات:
 عزت وحیات کے لیے کوئی خطرہ محسوس ہو تو اس صورت میں غوث پاک نے ذیل کے کلمات سو مرتبہ پڑھنے کی ہدایت فرمائی ہے:
بِسْمِ اللَّهِ الَّذِي لَا يَضُرُّ مَعَ اسْمِهِ
شَيْءٌ فِي الْأَرْضِ وَلَا فِي السَّمَاءِ
وَهُوَ السَّمِيعُ الْعَلِيْمُ
 
مراقبہ:
سلسلہ قادریہ کے امام حضرت شیخ عبدالقادر جیلانی ؒ کے تلقین کردہ اذکار حضرت شاہ ولی اللہ دہلویؒ نے پیرانِ پیر دستگیرؒ کی کتابوں سے جمع کئے۔ اُن میں ذکر جہر، اسمِ ذات یک ضربی، ذکر جہر دو ضربی، ذکر جہر سہ ضربی، ذکر نفی و اثبات، ذکر اسمِ ذات، پاس انفاس کے علاوہ مراقبہ کی اقسام اور مراقبہ کا طریقہ بھی درج کیاہے۔
بڑے پیر صاحبؒ فرماتے ہیں کہ اللہ والوں نے مراقبہ کی بہت سی اقسام مقرر کی ہیں، مگر ان تمام اقسام کا جامع ایک امر ہے وہ یہ کہ کوئی کلمہ یا قرآنی آیت کا زبان سے ورد کیا جائے یا اس کے مفہوم کا تصور دل میں قائم کرے یا پھر اُس تصور کو دل میں قائم کیا جائے جس کا حکم شیخ طریقت یعنی روحانی اُستاد نے دیا ہو۔
پھر اس تصور کے سوا دل میں کوئی خیال نہ آئے۔ یہاں تک کہ اسی تصور میں محویت اور استغراق حاصل ہوجائے۔
پیرانِ پیر دستگیر فرماتے ہیں ‘‘مراقبہ کی اصل بنیاد رسول اللہﷺ کا یہ ارشاد اقدس ہے کہ ‘‘احسان یہ ہے کہ تُو اللہ عبادت اس طرح کرے کہ تُو اللہ کو دیکھ رہا ہے اگر استغراق اتنا گہرا نہ ہوسکے تو یہ تصور کرے کہ وہ تجھے دیکھ رہا ہے’’۔
 
 مراقبۂ قرآنیہ:
اس مراقبہ میں مندرجہ ذیل قرآنی آیت کا متواتر ورد کیا جائے اور اس کے مفہوم پر غور کیاجائے
وَھُوَ مَعَکُمْ اَیْنَمَا کُنْتُمْ
وَاللّٰہُ بِمَا تَعْمَلُوْنَ بَصِیْرٌ 
یعنی تم جہاں کہیں بھی ہو اللہ تمہارے ساتھ ہے۔ (سورہ حدید؛4) اس تصور کو پہلے ایک خاص وقت تک آنکھیں بند کرکے قائم کیا جائے پھر اس تصور کو کہ اللہ تعالیٰ ہمہ وقت ہمارے ساتھ ہے۔چلتے پھرتے، اُٹھتے بیٹھتے تنہائی میں اور لوگوں کے ساتھ، مشغولی اور بیکاری۔ غرض ہر حالت میں اس تصور کو قائم رکھا جائے۔ حضرت غوث پاکؒ اس نوعیت کے مراقبہ کے لئے قرآن پاک کی یہ آیتیں بھی تجویز کرتے ہیں۔
*۔۔۔ تم جدھر متوجہ ہو وہاں اللہ کی ذات ہے۔[سورۂ البقرہ۔ 115] *۔۔۔انسان نہیں جانتا کہ اللہ اس کو دیکھتا ہے۔[سورۂ علق۔ 14] *۔۔۔ ہم انسان کی شہہ رگ سے زیادہ قریب ہیں۔[سورۂ ق۔ 16] *۔۔۔ اللہ نے ہر شئے کا احاطہ کیا ہوا ہے۔[سورۂ النساء۔ 126] پیرانِ پیر نے اس کے مفہوم کو اپنے قلب کے اندر یوں طاری کرنے پر زور دیا ہے کہ یہ تصور رگ و پے میں سما جائے۔
گیارہویں شریف:
برصغیر پاک و ہند اور دیگر خطوں میں جہاں سلسلہ قادریہ کے متعلقین و متوسلین کی تعداد زیادہ پائی جاتی ہے وہاں گیارہویں شریف کی محافل کا خاص اہتمام کیا جاتا ہے۔ اس موقع پر ذکر کی محفل منعقد ہوتی ہے ، کلام پاک کی تلاوت کی جاتی ہے ، حضرت شیخ عبدالقادر جیلانیؒ المعروف بڑے پیر صاحب کی کرامات و حالاتِ زندگی کا بیان اور منقبت پڑھی جاتی ہیں ۔ لوگوں میں شیرینی تقسیم کی جاتی ہے یا کھانا کھلایا جاتا ہے۔
برسوں سے بڑے پیر صاحبؒ کے عقیدت مند ہر قمری مہینے کی گیارہ تاریخ کو آپ کی فاتحہ دلاتے ہیں۔ ربیع الثانی کی گیارہ تاریخ کو خوب اہتمام کے ساتھ یہ عمل کیا جاتا ہے۔ اس کے بے پناہ فوائد بھی سامنے آتے ہیں۔ لوگ گیارہویں شریف کی منت بھی مانتے ہیں کہ اگر اُن کا فلاں مقصد پورا ہوگیا تو وہ پیرانِ پیر دستگیر کی گیارہویں شریف حسبِ استطاعت منائیں گے۔ جو لوگ ہر ماہ کی گیارہ تاریخ کو بڑے پیر صاحبؒ کی فاتحہ خوانی کرتے ہیں وہ کشائش رزق، بیماریوں سے حفاظت اور سب سے بڑھ کر اللہ کے دوستوں کی محبت و عقیدت کی نعمتِ قلبی سے فیض یاب ہوتے ہیں۔
عام طور پرلوگ یہ سمجھتے ہیں کہ گیارہویں شریف حضرت بڑے پیر صاحب ؒ کا یومِ عرس ہے۔ امام یافعی کے نزدیک گیارہویں شریف حضور سرورِ کائنات ﷺ کو ہدیۂ ثواب پیش کرنے کا ایک طریقہ ہے جو غوث پاکؒ اپنی ظاہری زندگی میں خود ادا فرماتے تھے۔
علامہ امام یافعی قادریؒ اپنی کتاب ‘‘قرۃالناظرہ خلاصۃ المفاخرہ’’ کے صفحہ نمبر 11 پر تحریر کرتے ہیں:
‘‘حضرت محبوب سبحانی شیخ سید عبدالقادر جیلانی ؒ ربیع الآخر کی گیارہ تاریخ کو حضور نبی کریم ﷺ کو ہدیہ ثواب پیش کرنے کا اہتمام کرتے تھے۔ یہ عمل لوگوں میں اس قدر مقبولیت حاصل کرگیا کہ پھر آپؓ نے ہر ماہ کی گیارہ تاریخ کو حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کی خدمت میں ہدیہ ثواب کا اہتمام شروع کردیا ۔ اس کے بعد دوسرے لوگ بھی آپؒ کی اتباع میں گیارہویں کے اجتماعات کا اہتمام کرنے لگے۔ رفتہ رفتہ یہی نیاز حضرت محبوب سبحانی ؒ کی گیارہویں مشہور ہوگئی۔ اب غوث پاکؒ کا عرس بھی گیارہ ربیع الثانی کو منایا جاتاہے، حالانکہ آپ کی تاریخِ وصال 17 ربیع الثانی ہے’’۔
حضرت بڑے پیر صاحب ؒ کےہاں گیارہویں شریف کی محفل کا احوال حضرت شاہ عبدالعزیز محدث دہلوی ؒ نے بھی بیان کیا ہے۔ ملفوظاتِ عزیزی صفحہ62 پر تحریر فرمایا ہے کہ
‘‘حضرت غوث اعظم ؒ کے روضہ مبارک پر گیارہویں تاریخ کو بادشاہ شہر کے اکابرین جمع ہوتے۔ نمازِ عصر کے بعد مغرب تک کلام اﷲ کی تلاوت کرتے اور حضرت غوث اعظم ؒ کی مدح میں قصائد اور منقبت پڑھتے۔ مغرب کے بعد سجادہ نشین درمیان میں تشریف فرما ہوتے اور ان کے ارد گرد مریدین اور دیگر حضرات حلقہ بگوش بیٹھ کر ذکرِ جہر کرتے۔ اسی حالت میں بعض پر وجدانی کیفیت طاری ہوجاتی۔ اس کے بعد طعام یا شیرینی جو نیاز تیار کی ہوتی، تقسیم کی جاتی اور نمازِ عشاء کے بعد لوگ رخصت ہوجاتے’’۔
ملا علی قاری ‘‘نزہۃ الخاطر الفاتر’’ کے صفحہ 21 پر رقم طراز ہیں ‘‘گیارہویں شریف چند اعمالِ خیر کے مجموعے کا نام ہے۔ تلاوتِ قرآن پاک، درود و سلام بر سیدنا حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام ، ورد کلمہ طیبّہ، اہتمامِ محفل میلاد، تقسیم طعام یا شیرینی اور ایصالِ ثواب برائے ارواحِ مسلمین بالخصوص محبوب سبحانی قطب ربانی حضرت غوث الاعظم محیالدین عبدالقادر جیلانیؒ….
گیارہ تاریخ کو ایصالِ ثواب کرنا نہ فرض ہے نہ واجب بلکہ ایک کارخیر ہے اور بزرگانِ دین کا معمول رہا۔ گیارہویں شریف میں کچھ دعائیں اور ذکر کئے جاتے ہیں ۔
ایک آسان طریقہ یہ ہے کہ گیارہ مرتبہ سورہ فاتحہ ، گیارہ مرتبہ سورہ اخلاص ، ایک ایک مرتبہ سورہ کافرون، سورہ فلق اور سورہ الناس پڑھیں ۔ اس کے بعد گیارہ مرتبہ درود شریف پڑھ کر اس کا ہدیہ ثواب حضورنبی کریمﷺ، صحابہ کرام ؓ ، ازواجِ مطہرات، حضرت بڑے پیر صاحب ؒ اور تمام اولیاءؒ کو پہنچائیں۔ اس موقع پر حسبِ استطاعت شیرینی یا کھانا لوگوں میں تقسیم کیا جائے یا غریبوں کو صدقہ کیا جائے ۔

یہ بھی دیکھیں

قلب کے اسرار و رموز

عرصہ دراز سے ہم یہ سنتے اور بولتے آرہے ہیں کہ انسانی جذبات و خیالات …

جنات، آسیب، شر، سحر،حسد، نظربد اور خوف سے نجات کے لیے دعائیں اور وظائف

جنات، آسیب، شر، سحر،حسد، نظربد اور خوف سے نجات کے لیے دعائیں اور وظائف جنات، …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے