Connect with:




یا پھر بذریعہ ای میل ایڈریس کیجیے


Arabic Arabic English English Hindi Hindi Russian Russian Thai Thai Turkish Turkish Urdu Urdu

دعاؤں سے علاج – جسمانی امراض اور تکالیف سے نجات

Image Map

جسمانی امراض اور تکالیف سے نجات


***

اس دنیا میں انسان کو میسر نعمتوں میں صحت بہت بڑی نعمت ہے۔ آدمی صحت مند رہے تو پیرانہ سالی میں چاق و چوبند رہتا ہے۔ صحت خراب ہوجائے تو نوجوانی میں بھی کمزوری محسوس ہوتی ہے۔
صحت کی خرابی آدمی کی کارکردگی ، قوت برداشت اور موڈ کو متاثر کرتی ہے۔
بیماری کی وجہ سے آدمی کے گھریلو، معاشی اور معاشرتی پروگرام متاثر ہوتے ہیں نتیجتاً وہ زندگی کی دوڑ میں پیچھے ہوسکتا ہے۔
انسانی صحت جن اسباب سے متاثر ہوتی ہے ان میں حفظانِ صحت کے اصولوں کی پابندی نہ کرنا، خاندانی یا مورثی اسباب ، شدید ذہنی دباؤ اور کئی مادی یا ظاہری اسباب شامل ہیں۔
کئی روحانی اسباب بھی صحت کی خرابی کا سبب ہوسکتے ہیں۔
عالمِ اسلام کے عظیم مفکر حضرت امام غزالیؒ نے روحانی اسباب اور کئی روحانی امراض کا ذکر اپنی کتاب ‘‘مجربات امام غزالی’’ میں کیا ہے۔
بعض امراضِ روحانی ایسے ہیں جن سے ان امراض میں مبتلا شخص کی ذاتی صحت متاثر ہوتی ہے جبکہ بعض روحانی امراض ایسے ہیں جو دوسروں کو بھی متاثر کرتے ہیں ۔
ان کی مثال اس طرح بھی دی جاسکتی ہے کہ بعض جسمانی امراض ایک سے دوسرے کو نہیں لگتے مثلاً ہائی بلڈ پریشر ، امراضِ قلب، ذیابیطس، کینسر، کولیسٹرول کی زیادتی، یورک ایسڈ کی زیادتی وغیرہ جبکہ بعض بیماریاں ایک شخص سے دوسرے کو لگ سکتی ہیں۔ مثلاً فلو، ملیریا، ٹی بی، ہیپاٹائٹس کی بعض اقسام وغیرہ۔
دوسروں کو متاثر کرنے والے روحانی امراض میں جو بیماری سر فہرست ہے اس کا نام حسد ہے۔ حسد کے ساتھ نظرِ بد اور سحر بھی کسی کی صحت کے لیے کم یا شدید خرابی کا سبب بن سکتے ہیں۔

بیماریوں نے گھر دیکھ لیا ہے:

سوال: ہم چھ بھائی ہیں۔ ہمارے والد انجینئر ہیں۔ وہ کئی سال ملک سے باہر بھی رہے ہیں ، گزشتہ دس سال سے پاکستان میں کام کررہے ہیں اور فیملی کے ساتھ رہتے ہیں ۔ ہمارے گھر کا ماحول ہمیشہ بہت اچھا رہا ہے۔ والد اور والدہ نے ہماری بہت اچھی تربیت کی ہے۔ ہم سب آپس میں محبت پیار کے ساتھ ہنسی خوشی رہتے ہیں۔
چار سال پہلے تک ہمیں صحت کے بھی کوئی خاص مسائل نہیں ہوئے۔ سب ہی ماشاء اللہ تندرست اور صحت مند رہے۔ پچھلے چار سال سے ہمارے گھر میں کوئی نہ کوئی کسی نہ کسی بیماری میں مبتلا ہوجاتا ہے۔ ایک کی طبیعت ٹھیک ہوتی ہے تو چند ہفتوں بعد دوسرا بستر سے جالگتا ہے۔
ہم سب بہن بھائیوں کی بچپن میں مکمل ویکسینیشن بھی ہوئی ہے ، اس کے باوجود جوان ہونے پر ہم بیمار پڑنے لگے ہیں۔
پہلے ایک بھائی کو نزلہ کھانسی کی شکایت ہوئی پھر اسے بخار رہنے لگا۔ دواؤں سے آرام نہ آیا تو ڈاکٹر نے مزید ٹیسٹ کروائے۔ معلوم ہوا کہ اسے ٹائیفائیڈ تھا۔
ایک بہن میٹرک کے امتحان کی تیاریاں کررہی تھی ، اسے کھانسی رہنے لگی۔ جیسے تیسے کرکے امتحانات دیے بعد میں معلوم ہوا کہ اسے تو ٹی بی ہے۔ ہمارے ایک بھائی نے انٹر میں بہت اچھے نمبر لیے اس کا ایڈمیشن آئی بی اے میں باآسانی ہوگیا، ایڈمیشن کے چند ماہ بعد اسے جسم میں درد رہنے لگا۔ ٹیسٹ کروانے سے پتہ چلا کہ اس کا یورک ایسڈ بہت بڑھا ہوا ہے۔
یہاں یہ بتاتا چلوں کہ ہماری فیملی میں کسی کو یورک ایسڈ کی زیادتی، ٹی بی، بلڈ پریشر یا شوگر کے امراض نہیں ہیں۔ چار سال پہلے تک ہمارے گھر میں سب لوگ صحت مند اور خوش باش تھے لیکن اب ایسا لگتا ہے کہ بیماریوں نے ہمارا گھر دیکھ لیا ہے۔ 

جواب: صبح اورشام اکیس اکیس مرتبہ سورہ بنی اسرائیل(17) کی آیت 82میں سے:

وننزل من القرآن ماھو شفاء ورحمۃ للمومنینO 

تین تین مرتبہ درود شریف کے ساتھ پڑھ کر ایک ایک چمچی شہد یاپانی پر دم کرکے پلائیں یا مریض خود پڑھ کر دم کرکے پی لیں۔
رات سونے سے پہلے پانچ مرتبہ سورہ فاتحہ، تین مرتبہ سورہ فلق اورتین مرتبہ سورہ الناس پڑھ کر پانی پر دم کرکے سب گھر والوں کو پلائیں۔
سب اہلِ خانہ وضو بے وضو کثرت سے یَاحَفِیْظُ یَا شَافِیُ یَاسَلَامْ کا ورد کرتے رہیں۔
گھر میں کم ازکم اکیس دن تک لوبان کی دھونی دی جائے۔سب گھر والوں کی طرف سے حسبِ استطاعت صدقہ کرتے رہیں۔

 


***

گردوں کے امراض سے شفاء:

سوال: ہمارا تعلق آزاد کشمیر سے ہے۔ ہمارے بڑے بھائی آٹھ سال ابو ظہبی کے ایک صحرائی علاقے میں رہے۔ وہاں موسم تو سخت گرم ہے ہی انہیں کام بھی بہت سخت ملا۔
گھر سے دوری اور شدید گرم موسم نے ان کی صحت پر بہت بُرا اثر ڈالا۔ انہیں ہائی بلڈ پریشر کی شکایت رہنے لگی۔ کمپنی ڈاکٹر نے ان کا بلڈ پریشر زیادہ دیکھ کر انہیں بلڈ پریشر کم کرنے کی دوائیں لکھ دیں۔ انہوں نے کوئی میڈیکل ٹیسٹ وغیرہ نہیں کروائے۔ بھائی کو دوا سے وقتی آرام آجاتا اور بلڈ پریشر بڑھتا تو ڈاکٹر یا تو دوا کی خوراک بڑھا دیتا یا کوئی اور دوا تجویز کردیتا۔ اسی طرح وقت گزرتا رہا۔
گزشتہ سال بھائی پاکستان آئے تو ہم نے انہیں راولپنڈی میں ایک اچھے ڈاکٹر کو دکھایا۔ یہاں بھائی کے کئی تشخیصی ٹیسٹ بھی ہوئے ۔ رپورٹس دیکھ کر ڈاکٹر صاحب نے بتایا کہ بلڈپریشر ہائی رہنے کی وجہ اُن کے گردوں کی خرابی ہے۔ انہوں نے ہمیں دوسرے ڈاکٹر کے پاس بھیجا۔ ان ڈاکٹر صاحب نے بتایا کہ بھائی کے گردے بہت زیادہ متاثر ہوچکے ہیں ۔ اگر دواؤں سے بہتری نہ ہوئی تو ڈائیلاسس پر جانا پڑے گا۔
ڈاکٹری علاج چل رہا ہے۔ دعا فرمائیں کہ ہمارے بھائی کو جلد شفا ہو اور انہیں ڈائیلاسس پر نہ جاناپڑے۔ ۔

جواب:اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ آپ کے بھائی کو جلد مکمل شفا ہو ۔ آمین۔
ڈاکٹری علاج کے ساتھ ساتھ صبح اور شام سورۂروم (30) کی آیات 18-19 :
گیارہ گیارہ مرتبہ درود شریف کے ساتھ پڑھ کر مریض پر دم کردیں اور ان کے لیے شفاء کی دعاکریں۔
مریض سے کہیں کہ وہ خود رات سونے سے پہلے اکیس مرتبہ ہلکی آواز سے سورۂ فاتحہ تین تین مرتبہ درود شریف کے ساتھ پڑھ کر اپنے اوپر دم کرلیں۔

 


***

معدے کی کمزوری…:

سوال: یری عمر پینتس سال ہے۔ گزشتہ پانچ سال سے میں معدہ کی کمزوری کی وجہ سے بہت پریشان ہوں۔ کھانا کھانے کے تھوڑی دیر بعد مجھے پیٹ میں گیس کا دباؤ اور اینٹھن محسوس ہوتی ہے۔ دن میں دو تین بار باتھ روم جانا پڑتا ہے۔
پہلے میری صحت بہت اچھی تھی۔ میں بہت خوبصورت اور خوش مزاج تھی لیکن صحت کی خرابی کی وجہ سے میرا وزن بہت کم ہوگیا ہے۔ چہرہ بےرونق رہتا ہے۔ میں بہت چڑچڑی بھی ہوگئی ہوں۔ بات بے بات شوہر اور بچوں پر غصہ ہوجاتی ہوں۔ پانچ سال سے مسلسل دوائیں کھا کھا کر بھی بیزار ہوگئی ہوں۔ نیند بھی ٹھیک طرح نہیں آتی۔

جواب: ڈاکٹری علاج اور مناسب پرہیز کے ساتھ صبح اور شام اکیس اکیس مرتبہ سورہ بنی اسرائیل(17) کی آیت 82میں سے:

وننزل من القرآن ماھو شفاء ورحمۃ للمومنینO 


سات سات مرتبہ درود شریف کے ساتھ پڑھ کر ایک ایک ٹیبل اسپون شہد پر دم کرکے پیئیں اور اپنے اوپر بھی دم کرلیں اور شفاء کے لیے دعا کریں۔

 


***

نیند میں جھٹکے….:

سوال: میرے بیٹے کی عمر اکیس سال ہے۔ اسے گزشتہ تین سال سے نیند میں جھٹکوں کی شکایت ہے۔ گہری نیند سوتے ہوئے اس کا جسم اچانک لرزنے لگتا ہے ۔ پھر ایک جھٹکے کے ساتھ اس کی آنکھ کھل جاتی ہے۔ نیند ٹوٹنے پر کچھ دیر تک سہمی سہمی نگاہوں سے چاروں طرف دیکھنے لگتا ہے۔ نیند سے بیدار ہونے کے بعد وہ ایک ڈیڑھ گھنٹے تک بہت گھبرایا ہوا سا رہتا ہے۔
ہم اس سے بات کرنا چاہتے ہیں ۔ اسے تسلی دیتے ہیں لیکن وہ گم سم رہتا ہے۔
ایک ڈیڑھ گھنٹہ بعد جب وہ گہری نیند سوجاتا ہے تو سات آٹھ گھنٹوں بعد بیدار ہوتا ہے۔
کئی ڈاکٹروں ، ہومیو پیتھ اور حکیموں کو دکھا چکے ہیں ۔ ڈاکٹر دماغی مرض، ہومیو پیتھ اور حکیم اعصابی و نفسیاتی مرض اور مولوی صاحبان اثرات بتاتے ہیں۔

جواب:

مذکورہ علامتوں سے اندازہ ہوتا ہے کہ آپ کے صاحبزادے ایک دماغی مرض غالباً مرگی میں مبتلا ہیں۔ تشخیص کے لیے انہیں نیوروفزیشن کو دکھائیے اور ان کے تجویز کردہ ٹیسٹ کروائیے۔
صبح اور شام اکیس اکیس مرتبہ سورۂ لقمان (31) کی پہلی تین آیات:

الم O تلک آیات الکتاب الحکیم ھدی ور حمۃ للمحسنین

تین تین مرتبہ درود شریف کے ساتھ پڑھ کر ایک ایک ٹیبل اسپون شہد یا سادہ پانی پر دم کرکے پلائیں اور دم کردیں یا وہ خود پڑھ کر دم کرکے پی لیں اور اپنے اوپر بھی دم کرلیں۔

 


***

آدھے سر کا درد:

سوال: میری عمر بیالیس سال ہے۔ چار بچے ہیں۔ چوتھے بچے کی پیدائش کے چند ماہ بعد مجھے سر میں درد کی شکایت ہوئی۔ میرے سر میں ایک طرف اتنا شدید درد ہوتا ہے جیسے کسی نے لوہے کا باٹ پوری شدت سے میرے سر میں دے مارا ہو۔ مجھے کنپٹی پر رگیں بھی پھڑکتی ہوئی محسوس ہوتی ہیں۔ اس وقت مجھے روشنی بری لگتی ہے۔ میرا جی چاہتا ہے کہ کمرے میں اندھیرا کرکے لیٹ جاؤں لیکن ظاہر ہے کہ گھر کے ضروری کام کاج بھی کرنے ہوتے ہیں۔ آدھے سر میں درد کبھی دو ڈھائی گھنٹہ اور کبھی پورا دن رہتا ہے۔ اس دوران جی بھی متلاتا رہتا ہے۔ اکثر ایک بڑی اُلٹی آتی ہے۔ اُلٹی آنے سے سر درد میں کچھ آرام مل جاتا ہے۔

جواب:

طبی علاج کے ساتھ ساتھ صبح اور شام اکیس اکیس مرتبہ سورۂ الصفٰت (37) کی ابتدائی سات آیات ، سات سات مرتبہ درود شریف کے ساتھ پڑھ کر پانی پر دم کرکے پیئیں اور اپنے اوپر بھی دم کرلیں۔

 

 

جوlلائی 2016ء

یہ بھی دیکھیں

دعاؤں سے علاج – دفتر اور مکان پر اثرات سے نجات

دفتر اور مکان پر اثرات سے نجات *** کنفرم آرڈر کینسل ہونے لگے: پانچ سال ...

دعاؤں سے علاج – خراب رویّے

خراب رویّے *** غرور….. میری چاربیٹیاں ہیں ۔بڑی بیٹی نے ایم کام کیا اور ایک ...

اترك تعليقاً

لن يتم نشر عنوان بريدك الإلكتروني. الحقول الإلزامية مشار إليها بـ *