Connect with:




یا پھر بذریعہ ای میل ایڈریس کیجیے


Arabic Arabic English English Hindi Hindi Russian Russian Thai Thai Turkish Turkish Urdu Urdu

دعاؤں سے علاج – پڑوسیوں اور اقربا کے منفی رویے

Image Map

پڑوسیوں اور اقربا کے منفی رویے


***

قرآن کریم میں پڑوسیوں سے حسن سلوک کی ہدایت پر کئی آیات ہیں ۔
ارشاد باری تعالیٰ ہے
‘‘ اوراللہ کی عبادت کرو اوراس کے ساتھ کسی کو شریک نہ ٹھہراؤ اور حسن سلوک کرو ماں باپ کے ساتھ ،قرابت داروں کے ساتھ، یتیموں اور مسکینوں کے ساتھ اور رشتہ دار، ہمسایوں ،اجنبی ہمسایوں اور رفقائے پہلو کے ساتھ۔’’( سورہ نساء:36)
رسول اللہ ﷺ نے فرمایا
‘‘ اللہ کے نزدیک بہترین ہمسایہ وہ ہے جو اپنے ہمسائے کے لئے بہتر ہے۔’’ (ترمذیشریف)
اللہ کے رسولﷺ نے پڑوسیوں کے درمیان باہمی تعلقات کی بہتری پر بہت زور دیاہے۔ ایک موقع پر ارشاد فرمایا:
‘‘ پڑوسی کا تم پر یہ حق ہے کہ اگر وہ بیمار پڑجائے تو اس کی عیادت کرو۔ فوت ہوجائے تو جنازہ میں شریک ہو۔ اسے قرض کی ضرورت پڑجائے تو قرضہ دو۔ اسے کپڑے کی ضرورت ہو تو پہننے کو کپڑے دو۔ اگر اسے کوئی بھلائی پہنچے تو اسے مبارکباد دو۔ اگر اسے کوئی مصیبت پہنچے تو تعزیت کرو ۔
اپنے مکان کی دیواریں اس قدر بلند مت کرو کہ اس کی ہوا رُک جائے۔
اپنی ہانڈی کی بُو سے اسے اذیت نہ پہنچاؤ اِلّا یہ کہ اسے بھی اس میں سے کچھ بھیج دو۔’’ (بخاری)
ایک مرتبہ رسول کریمﷺ نے فرمایا‘‘ وہ شخص مومن نہیں جس کی ایذارسانی سے اس کا پڑوسی محفوظ نہیں۔’’(مسلم)
پڑوسیوں کا خیال رکھنا ،اللہ اور اللہ کے رسولﷺ کی خوشنودی کا ذریعہ بھی ہے۔
مومن بندہ دوسروں کے لیے ایذارسانی کا سبب نہیں بنتا بلکہ وہ لوگوں کے لئے ایک مفید انسان بننے کی کوشش کرتاہے ۔یقیناً یہ بندہ ٔ مومن کی شان نہیں کہ اس کی ذات سے کسی کو تکلیف پہنچے ۔
اچھے پڑوسی اورمخلص عزیز واقارب نعمت ہیں۔اگر پڑوسی یا قریبی رشتہ دار تنگ کرنے والے ہو ں تو یہ امربہت اذیت و تکلیف کا باعث بنتا ہے۔

گالم گلوچ کرنے والے پڑوسی :

سوال: ہم نے ایک جگہ نیا فلیٹ لیا ہے۔یہاں پڑوس سے لڑائی جھگڑے اورگندی گندی گالیوں کی آوازیں آتی ہیں جس کی وجہ سے ہم میاں بیوی بہتپریشان ہیں۔ میرے شوہر نے پڑوسی سے بات کی کہ دیکھیں اس طرح بچوں پر بُرا اثر پڑے گا توانہوں نے میرے شوہر کوبھی پہلے بُرا بھلا کہا اور پھر گالیاں دینا شروع کردیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم جو مرضی آئے کریں گے تمہیں جوکرناکرلو ۔
چند دنوں بعدانہوں نے ہمیں مختلف طریقوں سے تنگ کرنا شروع کردیا۔ کبھی کچرا ہمارے دروازے پر ڈال جاتے ہیں تو کبھی بلا وجہ اتناپانی بہاتے ہیں کہ سارا پانی ہمارے دروازے کے سامنے کھڑا ہوجاتاہے۔
پڑوس کےاس گھر کے بڑے تو ایک طرف ان کے بچے بھی بہت شرارتی ہیں۔ میرا چھوٹا بیٹا اسکول سے آتاہے تو اس کو طرح طرح سے تنگ کرتے ہیں،اگر میں کچھ کہوں تو ان بچوں کی ماں مجھ سے لڑنے دوڑتی ہے۔
ہم نے کمیٹی والوں سے شکایت کی ہے مگر وہ بھی اس سلسلے میں بےبس معلوم ہوتے ہیں۔

جواب:رات سونے سے پہلے 101 مرتبہ سورہ ہود(11)کی آیت نمبر 52 کا ابتدائی حصہ :

وَيَا قَوْمِ اسْتَغْفِرُوا رَبَّكُمْ ثُمَّ تُوبُوا إِلَيْهِ 

گیارہ گیارہ مرتبہ دورد شریف کے ساتھ پڑھ کران لوگوں کو ہدایت ملنے اور انہیں پڑوسیوں کے ساتھ حسن سلوک سے رہنے کی توفیق ملنے کیدعاکریں ۔
یہ عمل کم ازکم ایک ماہ تک جاری رکھیں۔
چلتے پھرتے وضو بے وضو کثرت سے یَا مُوْمِن ُ یَاحَفِیْظُ یَا سَلَام کا ورد کیا کریں۔

 


***

پڑوس نے اے سی فین کارخ ہمارے کمرے کی طرف کیا ہواہے :

سوال: ہمارے مکان کے پیچھے والے پڑوسی جن کی دیوار ہمارے مکان سے ملی ہوئی ہے انہوں نے ہمیں بہت تنگ کیا ہواہے۔ انہوں نے اپنے اے۔ سی کے آؤٹر کا رخ ہماری طرف کیا ہواہے۔ اس کی وجہ سے گرم ہوا ہمارے کمرے میں آتی ہے۔ اگر ہم دروازہ بند کردیں تو حبس ہوجاتاہے۔ ہم نے انہیں کئی بار اپنی تکلیف بتائی مگر وہ وہاں سے اے سی آؤٹرہٹانے پر تیار نہیں ہورہے۔
میرے شوہر نے ایک بار غصہ میں سختی سے انہیں وارننگ دی مگر ان کی عورتیں میرے شوہر سے لڑنے پر آگئیں اور خوب ہنگامہ ہوا ۔
اب ان کی شرارتوں میں مزیداضافہ ہوگیاہے۔ کبھی اپنے چھت سے بدبودار سالن،بریانی ہماری چھت پر پھینک دیتے ہیں۔ کبھی بچوں کے ڈائپر ہمارے چھت پر ملتے ہیں۔

جواب:اللہ تعالیٰ آپ کے پڑوسی کو ہدایت اوردرست رویے رکھنے کی توفیق عطا فرمائے۔آمین
آپ صبح نہار منہ اکیس مرتبہ سورۃ الفرقان (25)کی آیت نمبر58 ،تین تین مرتبہ درود شریف کے ساتھ پڑھ کر پڑوسیوں کا تصورکرکے دم کردیں اور دعاکریں کہ اللہ تعالیٰ ان کو ہدایت اور دوسروں کے ساتھ اچھے سلوک کی توفیق عطا فرمائے۔ یہ عمل کم ازکم چالیس روزتک جاری رکھیں۔

 


***

پڑوسی لڑکے پریشان کرتے ہیں :

سوال: ہمارےپڑوس میں دو سال پہلے ایک فیملی آئی۔ ان کے چار لڑکے اور تین بیٹیاں ہیں۔ بچوں کے والدین تو اچھے ہیں لیکن بچے انتہائی خودسر، نافرمان اور شرارتی ہیں۔
بڑے بیٹے کی عمر بائیس سال ہے اس سے چھوٹا بیٹا اٹھارہ سال کا ہے۔ یہ دونوں مل کر ہمیں تنگ کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے۔
دروازے پر لگا بلب نکال کر لے جاتے ہیں، تو کبھی بلب ہی توڑدیتے ہیں۔ کبھی کچرا دروازے کے سامنے ڈال کرڈس بین غائب کردیتے ہیں ۔ہماری دیواروں پر مارکر سے تصوریں بنا دیتے ہیں۔ گھنٹی کا بٹن بھی توڑ دیاہے۔
ان کے گھر والے ہم سے شرمندہ ہیں اور وہ اپنے بچوں کو زیادہ کہیں تو وہ اپنے ماں باپ سے بھی بدتمیزی کرنے لگتے ہیں۔ ہم نے بہت پیار محبت سے سمجھایا مگر وہ نہیں ماننے والے ۔
آپ کوئی وظیفہ بتائیں کہ یہ لڑکے ہمیں تنگ کرنا چھوڑ دیں اورراہ راست پرآجائیں۔

جواب: آپ رات سونے سے پہلے ایک سوایک مرتبہ سورہ یونس (10) کی آیت نمبر25،گیارہ گیارہ مرتبہ درود شریف کے ساتھ پڑھ کر ان لڑکوں کی رویوں میں مثبت تبدیلی اور انہیں اپنے والدین کی فرمانبرداری کی توفیق ملنے کی دعاکریں۔
یہ عمل کم ازکم چالیس روزتک جاری رکھیں۔

 


***

شک پیدا کردیا :

سوال:ہمارے قریبی رشتہ دار میرے اورمیرے شوہر کے درمیان اختلافات اورلڑائی جھگڑا کرانے کی کوشش کررہے ہیں۔ میرے شوہر کی اچھی آمدنی ہے اورہم خوش وخرم زندگی بسر رہے ہیں جس کی وجہ سے وہ حسد کا شکار ہوگئے ہیں۔
اب خاندان کی دو عورتیں میرے بارے میں جھوٹی اورمن گھڑت باتیں پھیلا رہی ہیں۔وہ کہتی ہیں کہ میں اپنے شوہر کے پیسے چوری چھپے اپنے میکے والوں کودیتی ہوں۔
میرے شوہر میرے والدین کی بہت عزت کرتے ہیں ۔میرے میکے آنے پر بھی انہوں نے کبھی کچھ نہیں کہا لیکن ان دوعورتوں کی طرف سے بار بار اس بات کی تکرار سے شوہر بھی متاثر ہوئے اور انہوں نے مجھ سے کہا کہ اگر میکے میں کسی کو پیسے دینے ہوں تو میں نے منع کب کیاہے۔مجھ سے چھپانے کی کیا ضرورت ہے….؟
بتانے کا مطلب یہ ہے کہ مسلسل جھوٹ سن سن کر میرے شوہر کے دل میں بھی شاید میری طرف سے کوئی بدگمانی آگئی ہے اور شک پیدا ہوگیا ہے۔

جواب:

رات سونے سے پہلے 101مرتبہ سورہ یونس (10) کی آیت 35،گیارہ گیارہ مرتبہ درودشریف کے ساتھ پڑھ کرمذکورہ خواتین کو ہدایت ملنے اور اپنے اور اپنے شوہر کے لئے ہر طرح کے شر سے حفاظت کی دعاکریں۔ یہ عمل کو کم ازکم چالیس روزتک جاری رکھیں۔

 

 


***

بہتان لگاکر بدنام کردیا :

سوال: میرے والد صاحب کی اپنے ماموں سے کسی بات پر ان بن ہوگئی ۔اس کے بعد سے والدصاحب کی بات چیت ان سے بند ہوگئی مگر ان کے اہل خانہ ہم سے ملنے آتے اورہم بھی ان کے ہاں ملنے جاتے ۔مگر والد صاحب کے ماموں ہر تقریب میں، ہرملنے والوں سے ہمیشہ ہمارے والد صاحب کے بارے میں جھوٹی اورمن گھڑت باتیں کرنےلگےہیں۔
کبھی ابو کے کسی دوست سے کہتے ہیں کہ وہ تو تمہارے بارے میں فلاں غلط بات کررہاتھا،کبھی کسی رشتہ دار سے کہتے ہیں کہ ان میاں بیوی میں آج کل بہت ان بن چل رہی ہے،غرض کبھی کچھ تو کبھی کچھ ، فضول اورجھوٹی باتیں ابو کے بارے میں پھیلاتےرہتے ہیں۔
ان کے رشتہ داراور دوست احباب ماموں کی ان حرکتوں کو سمجھنے لگے ہیں لیکن بہرحال ان کی ان باتوں سے ہم اذیت میں رہنےلگےہیں۔

 

جواب:

رات سونے سے پہلے اکتالیس مرتبہ سورہ نور(24) کی آیت نمبر21،گیارہ گیارہ مرتبہ درود شریف کے ساتھ پڑھ کرمذکورہ فرد کو ہدایت ملنے اور ان کے شر سے حفاظت کی دعا کریں۔
یہ عمل کم ازکم چالیس روز تک جاری رکھیں۔

 

 

اگست 2016ء

یہ بھی دیکھیں

دعاؤں سے علاج – دفتر اور مکان پر اثرات سے نجات

دفتر اور مکان پر اثرات سے نجات *** کنفرم آرڈر کینسل ہونے لگے: پانچ سال ...

دعاؤں سے علاج – خراب رویّے

خراب رویّے *** غرور….. میری چاربیٹیاں ہیں ۔بڑی بیٹی نے ایم کام کیا اور ایک ...

اترك تعليقاً

لن يتم نشر عنوان بريدك الإلكتروني. الحقول الإلزامية مشار إليها بـ *