پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد، صوبہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کے کئی شہروں اور آزاد کشمیر کے کئی شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔
امریکی زلزلہ پیما مرکز یونائیٹڈ سٹیٹس جیولاجیکل سروے اور پاکستان کے محکمہ موسمیات کے مطابق زلزلے کی شدت 5.8 تھی ۔ اس کا مرکز پنجاب کے شہر جہلم سے 5 کلومیٹر دور تھا۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق اس کی گہرائی 10 کلومیٹر تھی جبکہ زلزلے کی شدت پانچ اعشاریہ سات ریکارڈ کی گئی ہے۔
میرپور آزاد کشمیر میں زلزلے کے باعث عمارت زمین بوس ہونے سے کئی افراد کے جان بحق اور زخمی ہونے کی اطلاعات ملی ہیں۔
زلزلے کی شدت اتنی شدید تھی کہ اس کے باعث سڑکیں پھٹ گئیں جس کی وجہ سے متعدد گاڑیاں ان میں دھنس گئیں۔ مختلف حادثات کی اطلاعات ملتے ہی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور مقامی افراد کی مدد سے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا۔
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ ہر قسم کی آفت ارضی و سماوی سے ہماری حفاظت ہو۔
سب کی خیر ہو۔
حفاظتی اقدامات کے ساتھ ساتھ ایسے موقع پر کثرت سے اللہ تعالیٰ کے اسم ‘‘یا سلام’’ کا ورد کیا جائے۔