آپ کی شخصیت کا رنگ کیا ہے….؟
آپ کی کامیابی کس رنگ سے وابستہ ہے….؟
کون سا رنگ آپ کے موڈ کو خوش گوار بناسکتا ہے….؟
آپ کے تعلقات کس رنگ کی وجہ سے بہتر یا خراب ہوسکتے ہیں ….؟
یہ اور اس موضوع پر بہت کچھ روحانی ڈائجسٹ میں نئے سلسلہ وار مضمون کلر سائیکلوجی میں زندگی پر رنگوں کے اثرات کے بارے میں جانیے اور صحت ، حسن ، خوشیوں اور کامیابیوں کی طرف قدم بڑھائیے
قسط 6
ناْرنجی …. زندگی سے بھرپور رنگ
نارنجی رنگ کی بات کی جائے تو عموما خوش رنگ کینو نظروں کے سامنے آجاتا ہے۔ اس تصور کے ساتھ ہی کٹھا میٹھا سا ذائقہ بھی منہ میں محسوس ہوتاہے۔
نارنجی رنگ جسے ہم انگریزی میں اورنج کہتے ہیں۔ زندگی سے بھرپور ایک انتہائی خوبصورت چلبلاتا سا رنگ ہے۔ اس میں ہر لمحہ حرکت ہے۔ بےچینی ہے۔ اس کی ویو لینتھ کلر وھیل اور اسپیکٹرم پر 590 سے 620 نینو میٹر کے درمیان ہوتی ہے۔ یعنی جب روشنی کی لہریں اپنی طولِ موج کے حساب سے سفر کرتی سرخ سے پیلے رنگ کی جانب بڑھتی ہیں۔ یا یوں کہیئے کہ ایک انرجی بٹن سے دوسرے انرجی بٹن کی جانب گامزن ہوتی ہیں ، تب سرخ اور پیلے کے درمیان ایک مقام جہاں دونوں رنگوں کا امتزاج نارنجی رنگ کی صورت میں ابھرتا ہے ۔
سرخ رنگ کی طاقت اور پیلے رنگ کی ذہنی صلاحیتیں مل کر ایک ایسا رنگ تخلیق کرتی ہیں جس میں معصوم بچوں کی سی چہل پہل ہوتی ہے۔ بذلہ سنجی ہوتی ہے۔ جہاں موج مستی ہے غل غپاڑہ ہے۔ یوں کہیے کہ جہاں میلہ ہے وہاں نارنجی رنگ ہے ۔
اگر ظاہر و باطن میں فرق کرنا ہوتو نارنجی رنگ خالصتا ً اظہار ہے۔ یہ ظاہر کا رنگ ہے ۔اس میں مادیت ہے ۔دنیاوی شعور ہے ۔
اگر تاریخی حوالوں سے دیکھیں تو سکھ ، ہندو اور بدھ مت میں اس رنگ کو مذہبی حیثیت حاصل ہے۔ یورپ اور امریکہ میں یہ رنگ خوشی رنگینی کی علامت ہے ۔
چینی تہذیب میں بھی اسے مذہبی تقدس حاصل رہا ہے ۔چینیوں کے مطابق یہ تبدیلی کا رنگ ہے۔ گرم سے ٹھنڈے موسم کی تبدیلی کا رنگ ہے۔ جب پتوں میں موجود سبز کلوروفل کی مقدار کم ہوتی جاتی ہے توپتوں میں بچ جانے والا پگمنٹ نارنجی رنگ میں نظر آتا ہے اور یوں خزاں میں پتے سبز سے بتدریج نارنجی ہوجاتے ہیں ۔
اثرات اور خواص کے حوالے سے نارنجی رنگ کا شمار گرم رنگوں میں کیا جاتاہے ۔
کلر سائیکولوجی کے مطابق یہ رنگ شعور ی صحت مندی کو ظاہر کرتا ہے ۔اس رنگ کے اثرات زیادہ تر جسمانی ردعمل اور عمل یا حرکت کی صورت میں ظاہر ہوتے ہیں ۔یہ ایک محرک کا کام سرانجام دیتا ہے ۔طبی لحاظ سے جن افراد میں خون کی کمی ہوتی ہے ان میں نارنجی رنگ انتہائی ہلکا پایا گیا ہے۔گوشت سے دوری اور صرف سبزی کھانے والے Vegetarian افراد میں انیمیا کی شکایت زیادہ پائی جاتی ہے ۔اکثر یوگی گوشت سے دوری کی مشقوں کے دوران اس کمی کو پورا کرنے کے لئے نارنجی رنگ کی پٹی سر پر باندھتے ہیں ۔
انسانی نفسیات پر نارنجی رنگ کے اثرات ِ
اگر آپ کسی ایسی بے باک شخصیت کو جانتے ہیں۔ جس کے آنے سے محفل گل و گلزار ہوجاتی ہے۔ جن کے چٹکلے ،رنگیلے بھڑکیلے لباس سے کبھی کبھار آنکھیں چندھیا جاتی ہیں ۔ تو سمجھ لیجئے کہ اس شخصیت میں نارنجی رنگ غالب ہے۔ یہ خوش وخرم موج و مستی کا رنگ ہے۔ جذبات کے اظہار کا رنگ ہے ۔ایک ایسا رنگ جس کی حامل شخصیات بے باک،نڈر، چلبلی اور موج مستی کی دل دادہ ہوتی ہیں ۔
- ان کی حاضر جوابی محفل کو زعفران زار کردیتی ہے۔
- ایسے افراد کو اگر بے چین روح کہا جائے تو غلط نہ ہوگا۔ہر پل کچھ نیا چاہتے ہیں ۔اپنی زندگی کو بھرپور طریقے سے جینا چاہتے ہیں ۔
- ظاہری خوبصورتی انہیں با آسانی متاثر کرتی ہے۔ نا صرف خود کوسجاتے سنوارتے ہیں ۔بلکہ اپنے سے منسلک ہر انسان اور ہر شے کو خوبصورت دیکھنا چاہتےہیں ۔
- نارنجی رنگ کے حامل افراد آرائش و زیبائش کے دلداہ ہوتے ہیں اور نت نئے فیشن کے مطابق خود کوڈھا لتے رہتے ہیں ۔
- یہ بھی دلچسپ ہے کہ یہ خوبی مرد اور خواتین دونوں میں پائی جاتی ہے ۔نارنجی رنگ کی خواتین اگر اپنے میک اپ اور لباس سے حسن کو چار چاند لگاتی ہیں تو مرد حضرات بھی جینٹس سیلون میں خاصا وقت گزارتے نظر آتے ہیں ۔
- دعوتوں کے شوقین اور چٹ پٹے اور لذیذ کھانوں کے رسیا ہوتے ہیں ۔شہر میں کہاں کس قسم کا کھانا ملتاہےیہ ایک لمحے میں بتا دیں گے۔نفسیات کے مطابق یہی وہ افراد ہوتے ہیں جن کے دل کا راستہ پیٹ سے ہوکر جاتا ہے ۔
- اپنی تعریف سننا پسند کرتے ہیں ۔اسی لئے خوش آمدی افراد انھیں با آسانی قابو کرلیتے ہیں ۔
- یہ افراد روک ٹوک یا سوال جواب پر گھر والوں سے الجھتے ہیں ۔اپنی مرضی سے ہر کام کو کرنا پسند کرتے ہیں ۔اور تو اور ایسے بچے بھی روک ٹوک سے چڑتے ہیں ۔حد سے بڑھ جائیں تو پھر امی کی پٹائی بھی یہی بچے زیادہ کھاتے ہیں ۔
- یہ افراد بے لگام گھوڑے کی طرح سرپٹ دوڑنا یا پھر آوارہ پنچھی کی مانند ہواؤں میں اڑنا چاہتے ہیں ۔
- اپنے خیالات اور خوابوں کو حقیقت کا روپ دینے کے لئے کوئی بھی خطرہ مول لینے کو تیار ہوجاتے ہیں ۔
- ایسے افراد بلا وجہ پہاڑوں کی بلندی سرکرتے نظر آتے ہیں تو اپنی انا کی جنگ میں کسی چھوٹی سی بات پرمار پٹائی کرتے ہوئے بھی با آسانی مل جاتے ہیں ۔
- پڑھنے لکھنے سے دور بھاگتے ہیں ۔فلسفیانہ گفتگو اور ماحول سے شدید الرجک ہوتےہیں۔
- ان افراد کو اگر ڈھونڈنا ہو تو یہ آپ کو کسی بک اسٹال یا لائبریری کے آس پاس نہیں نہیں بلکہ سنیما میں ،شاپنگ مال میں ،اورسیلون میں مل جائیں گے ۔
- شوق کا کوئی مول نہیں ۔یہ بات انہی کے لیے کہی جاتی ہے ۔ اس لیے فضول خرچ بھی کہلاتے ہیں ۔
نارنجی رنگ کی کمی اور نفسیاتی کمزوریاں
اس رنگ کا عدم توازن اسی موج و مستی کو منفی رخ دے دیتا ہے ۔
- بہت زیادہ شو آف اور خود پسندی کی عادت انھیں مغرور اور خود غرض بنادیتی ہے۔
- من چاہی چیز کے حصول کے لئے جنونی ہوجاتےہیں ۔
- شدت پسندی انھیں جارحیت پر اکساتی ہے ۔
- ایسے لوگ محفل میں سب سے نمایا ں نظر آنا پسند کرتے ہیں ۔اور اگر یہ انرجی بٹن ڈسٹرب ہوجائے تو اپنے آگے کسی کو کچھ نہیں سمجھتے ۔
- اپنی بات منوانے کے لئے بغاوت پر اتر آتے ہیں ۔
- ان افراد کے لے بہترین پروفیشن کی بات کی جائے تو سماجی رابطے اور کاروباری تعلقات میں نارنجی رنگ ایک محرک کا کام کرتا ہے ۔ایسے افراد مارکیٹنگ میں انتہائی کامیاب ثابت ہوتے ہیں ۔
- خوبصورت اندازِ گفتگو اور بذلہ سنجی کے باعث کسی بھی پراڈکٹ کے لئے با آسانی خریدار پیدا کرلیتے ہیں ۔
- نت نئے آئیڈیاز اور کمیونیکیشن اسکلز ان کو کامیاب بزنس پرسن بنا سکتی ہیں ۔
- سماجی خدما ت میں پیش پیش رہتے ہیں
- ٹیم ورک میں بھی اپنی انفرادی حیثیت کو ہر صورت برقرا رکرکھتے ہیں ۔
- فیلڈ ورک بہت شوق اور لگن سے کرتے ہیں
- اچھے آگنائزر ہوتے ہیں ۔ایونٹ مینجمنٹ میں کامیاب رہتے ہیں ۔
- شوبز اور فیشن انڈسٹریز میں کامیاب اور نمایاں مقام حاصل کرتے ہیں ۔
- اچھے قصہ گو یا نیریٹر ہوتے ہیں عام سی بات میں بھی ڈرامائی انداز پیدا کر نے کی بھر پور صلاحیت رکھتے ہیں ۔اکثر رائی کا پہاڑ بھی بنادیتے ہیں ۔
- خوبصورتی ان کو سحر میں مبتلا کردیتی ہے اس لئے سیاحت کو بھی اگر بحیثیت پروفیشن اپنائیں تو کامیاب رہتے ہیں ۔
انرجی بٹن
گو کہ اس رنگ کا انرجی بٹن ریڑھ کی ہڈی مین سیکرل پلیکس sacral plexusہوتا ہے۔ انسانی ریڑھ کی ہڈی کے آخری دو مہروں اور کولہے کی ہڈی کے چار مہروں میں اعصاب کا جال ہے۔ میڈیکل سائنس ہو یا مائینڈ باڈی سول (Mind Body Soul)کی بات ہو سب جانتے اور مانتے ہیں کہ صحت مند نظامِ ہاضمہ کی توانائی ایک بھرپور صحتمند زندگی کی علامت ہے۔ نارنجی رنگ نظام ہضم کو بھی تقویت فراہم کرتا ہے۔وہ افراد جن میں نارنجی رنگ کی مقدار میں عدم توازن ہوجائے۔ ان میں ڈپریشن بڑھ جاتا ہے ۔وہ مختلف الرجیز کا شکار ہوجاتے ہیں۔
ان کا نظامِ ہاضمہ تندرست نہیں رہتا ۔ایک دلچسپ حقیقت یہ بھی ہے کہ اگر آپ خوف یا کسی بھی طرح کی جذباتی دبائو میں پیٹ میں ایک تتلی کی پھڑپھڑاہٹ جیسی حرکت کومحسوس کرتے ہیں ۔جسے بٹرفلائی مومینٹ کہا جاتا ے وہ بھی اسی نارنجی رنگ کی وجہ سے ہوتی ہے ۔ یہ بات بھی اہم ہے کہ بے جا اسٹریس اور حد سے زیادہ ڈپریشن بھی اس بٹن کے ڈسٹربنس کی وجہ بنتی ہے جس کی وجہ سے ایسے لوگوں میں معمولی سی بات پر یا کبھی کبھی بے وجہ ہی پیٹ میں ایسی کیفیت رہنے لگتی ہے۔ شاید ہی کوئی ہو جو اس کیفیت سے ناواقف ہو۔ یہ پیٹ میں پیداہونے والی وہی کیفیت اور حرکت ہے جو اکثر طالب علموں میں امتحان شروع ہونے سے پہلے یا نتیجہ سننے سے پہلےہوتی ہے ۔
آپ سوچیں گے کہ ہم نے اس رنگ کو کوئی نام نہیں دیاتو یقین کیجیئے نارنجی رنگ کا نام مسلسل حرکت ہے۔ ویسے مضمون پڑھ کر آپ کے ذہن میں کیا آیا ۔آپ اس رنگ کو کیا نام دیں گے ۔اس کے لئے ہمیں آپ کے جواب اور رائے کا انتظاررہے گا۔
اگلے باب میں ہم ایک نئے رنگ پر بات کریں گے۔ کلر سائیکالوجی کے سلسلۂ تحریر پر آپ کی آراء کا انتظار رہے گا۔
***
اگر آپ یہ جاننا چاہتے ہیں کہ
آپ کی شخصیت کا رنگ کیا ہے….؟
اگر آپ صحت کی بہتری کے لیے رنگوں کا مناسب استعمال جاننا چاہتے ہیں۔ یا اپنی صحت اور زندگی میں درپیش مسائل کے لیے کلر سائیکلوجی کے حوالے سے رہنمائی یا مدد چاہتے ہیں تو آپ اپنا مسئلہ )(اپنے نام اور تاریخِ پیدائش کے ساتھ)ہمیں لکھ بھیج سکتے ہیں۔
خط کے لیے ہمارا پتہ ہے۔
کلر سائیکلوجی۔ روحانی ڈائجسٹ۔ ناظم آباد کراچی۔
یا درج ذیل پتے پرای میل کر سکتے ہیں ۔
colourpsychology@gmail.com
مزید رابطے کےلیے ہمارا فیس بُک پیج ہے
facebook.com/colourpsychology
تحریر شاہینہ جمیل
(جاری ہے)